آپ کے فقہی مسائل

سوال:اللہ تعالیٰ‌ کے حکم اور رضا میں‌ کیا فرق ہے؟

جواب: اوامر کو بجا لانے اور نواہی کو ترک کرنے سے متعلق اللہ تعالیٰ نے جو کچھ صادر کیا ہے، وہ احکام (حکم کی جمع) ہیں۔ جیسے ارشاد ہے:

یٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کُلُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا رَزَقْنٰـکُمْ وَاشْکُرُوْا ِﷲِ اِنْ کُنْتُمْ اِیَّاہُ تَعْبُدُوْنَ

(البقرہ، 2: 172)

’’ اے ایمان والو! ان پاکیزہ چیزوں میں سے کھاؤ جو ہم نے تمہیں عطا کی ہیں اور اﷲ کا شکر ادا کرو اگر تم صرف اسی کی بندگی بجا لاتے ہو۔‘‘

یٰٓـاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْکُلُوا الرِّبٰٓوا اَضْعَافًا مُّضٰعَفَۃً وَاتَّقُوا ﷲَ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ

(آل عمران، 3: 130)

’’ اے ایمان والو! دو گنا اور چوگنا کر کے سود مت کھایا کرو، اور اللہ سے ڈرا کرو تاکہ تم فلاح پاؤ۔‘‘

قرآنِ مجید میں بےشمار مقامات پر اللہ تعالیٰ نے اپنے احکام، صریح اور واضح انداز میں بیان کر دیے ہیں اور انسان کو بتا دیا ہے کہ اوامر کو بجا لانے اور نواہی کو ترک کرنے سے میں راضی ہوتا ہوں، مگر انسان کو ان اوامر و نواہی کے بجالانے پر مجبور نہیں کیا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَقُلِ الْحَقُّ مِنْ رَّبِّکُمْ فَمَنْ شَآءَ فَلْیُؤْمِنْ وَّمَنْ شَآءَ فَلْیَکْفُرْ

(الکہف، 18: 29)

’’ اور فرما دیجیے کہ (یہ) حق تمہارے رب کی طرف سے ہے، پس جو چاہے ایمان لے آئے اور جو چاہے انکار کردے۔‘‘

اللہ تعالیٰ نے جن چیزوں پر انسان کو اختیار و ارادہ کی آزادی بخشی ہے، ان پر اسے اجر دینے اور مواخذہ کرنے کا وعدہ بھی فرما رکھا ہے۔ یہ اختیار و ارادہ انسان کا ذاتی نہیں ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ ہی کا عطاکردہ ہے اور اس کا استعمال اگر انسان، اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق کرے تو اس سے رضائے الٰہی عطا ہوتی ہے۔ رضا، اللہ تعالیٰ اور بندے دونوں کی جانب سے ہوتی ہے۔ قرآن کریم نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے رضوان کا لفظ مخصوص کیا ہے۔ بندے کے راضی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ حق تعالیٰ سے راضی ہو، دین مبین اسلام سے راضی ہو، اللہ کے اس رسول ﷺسے ر اضی ہو جنہوں نے یہ دین مبین ہم تک پہنچایا اور اللہ تعالیٰ کی تقدیر پر دل سے یقین رکھے اور اپنے اوپر آنے والی آزمائشوں اور مصیبتوں کو سکون اور اطمینان سے قبول کرے۔ پس جو شخص اللہ کی رضا کو حاصل کرنے کی کوشش کرے، اسے اپنا نصب العین بنائے اور اس کی خاطر پیہم کوشش کرے تو یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہے۔

سوال:کیا ایمان میں کمی بیشی ہوتی ہے؟

 جواب: ایمان تجزی یعنی جزئیات کو قبول نہیں کرتا، اس میں کمی بیشی نہیں ہوتی بلکہ اعمال صالحہ اور خیر و تقویٰ سے ایمان کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ اعمالِ بد اور شر و فساد سے ایمان ضعف یعنی کمزوری کا شکار ہو جاتا ہے۔ درج ذیل آیات سے واضح ہوتا ہے کہ مومنین کا ایمان اعمالِ صالحہ سے قوت پاتا ہے:

سورۃ آل عمران میں ارشاد ربانی ہے:

اَلَّذِیْنَ قَالَ لَھُمُ النَّاسُ اِنَّ النَّاسَ قَدْ جَمَعُوْا لَـکُمْ فَاخْشَوْھُمْ فَزَادَھُمْ اِیْمَانًا وَّقَالُوْا حَسْبُنَا اﷲُ وَنِعْمَ الْوَکِیْلُ

(آل عمران، 3: 173)

’’ (یہ) وہ لوگ (ہیں) جن سے لوگوں نے کہا کہ مخالف لوگ تمہارے مقابلے کے لیے (بڑی کثرت سے) جمع ہو چکے ہیں سو ان سے ڈرو تو (اس بات نے) ان کے ایمان کو اور بڑھا دیا اور وہ کہنے لگے: ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ کیا اچھا کارساز ہے۔‘‘

اسی طرح سورۃ الانفال میں ارشاد ہوتا ہے کہ:

اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ الَّذِیْنَ اِذَا ذُکِرَ ﷲُ وَجِلَتْ قُلُوْبُہُمْ وَاِذَا تُلِیَتْ عَلَیْہِمْ اٰیٰـتُہٗ زَادَتْہُمْ اِیْمَانًا وَّعَلٰی رَبِّہِمْ یَتَوَکَّلُوْنَ 

(الانفال، 8: 2)

’’ ایمان والے (تو) صرف وہی لوگ ہیں کہ جب (ان کے سامنے) اللہ کا ذکر کیا جاتا ہے (تو) ان کے دل (اس کی عظمت و جلال کے تصور سے) خوفزدہ ہو جاتے ہیں اور جب ان پر اس کی آیات تلاوت کی جاتی ہیں تو وہ (کلامِ محبوب کی لذت انگیز اور حلاوت آفریں باتیں) ان کے ایمان میں زیادتی کر دیتی ہیں اور وہ (ہر حال میں) اپنے رب پر توکل (قائم) رکھتے ہیں۔‘‘

حضرت انس رضی  اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرمﷺنے فرمایا:

جو شخص لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کرے اور اس کے دل میں جَو کے دانے کے برابر بھی ایمان ہو تو اسے دوزخ سے ضرور آزاد کیا جائے گا۔ اور جو شخص لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ کہے اور اس کے دل میں گندم کے دانے کے برابر (بھی) ایمان ہو تو اسے بھی دوزخ سے نکالا جائے گا۔ اور جس نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ پڑھ لیا اور اس کے دل میں ذرہ برابر بھی نیکی ہو تو اسے (بھی) دوزخ سے نکالا جائے گا، حتی کہ جس شخص نے زندگی میں صرف ایک مرتبہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہا ہو گا اسے بھی بالآخر جہنم سے نکال کر جنت میں داخل کر دیا جائے گا۔ (بخاري، الصحيح، زيادة الايمان و نقصانه، 1: 24، رقم: 44)

سوال: آدابِ ایمان کتنے اور کون کون سے ہیں؟

جواب: ایمان کے بنیادی آداب تین ہیں۔ جن کی بجا آوری مومن بننے کے لئے لازمی اور ضروری ہے۔

1۔ ایمان کا پہلا ادب یہ ہے کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد زندگی کو ایک مکمل اکائی اور ایسا کل سمجھا جائے جس کے اجزاء ایک دوسرے سے جدا نہیں بلکہ جڑے ہوئے ہیں۔اس ادب کا تقاضا یہ ہے اسلام میں داخل ہونے کے بعد انسان کبھی ایسا نہ ہونے دے کہ اس کا ایک حصہ ایمان اور دوسرا حصہ کفر سے عبارت ہو۔ یہ صورتحال ایمان اور کفر کامکسچر ہو گی جسے قرآن کی زبان میں منافقت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
2۔ ایمان کا دوسرا ادب یہ ہے کہ ہم نادانستہ طور پر بھی ان چیزوں کے قریب نہ پھٹکیں جن پر قرآن و حدیث نے حد مقرر کی ہے۔ یہ اس امر کا متقاضی ہے کہ حلال اور حرام کی تمیز زندگی میں اس طرح کار فرما ہو کہ کفر اور منافقت کا کوئی شائبہ تک باقی نہ رہے اور دنیوی زندگی کے تمام معاملات اس طرح اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھل جائیں کہ انسان کا ظاہر و باطن ہر قسم کے تضاد اور شک و شبہ سے یکسر پاک ہو جائے۔
3۔ ایمان کا تیسرا ادب اس اسلام کو شعار حیات بنانا ہے جسے پوری زندگی پر حاوی اور نافذ کرنے کا حکم قرآن نے دیا ہے۔ یہ ادب اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ  کی حیات طیبہ اور سیرت مبارکہ کے آئینے میں نظر آنے والا ہر حکم اور عمل بلا روک ٹوک بشرح صدر ایمان سمجھ کر تسلیم کر لیا جائے اور جو بات قرآن و سنت کے خلاف ہو، اسے کفر جان کر رد کر دیا جائے۔ کفر اور ایمان کے رد و قبول کے اس معیار کو عملی زندگی میں اپنا لینا ہی ایمان کی بنیادی شرط ہے۔

سوال: کون سے امور ضروریاتِ دین ہیں؟

جواب: ضروریات دین، دین کے ان بنیادی اعتقادات کو کہا جاتا ہے جن کا ثبوت قطعی، متواتر اور بدیہی طور پر ہو۔ ضروریات دین میں سے کسی ایک ضرورت دینی کا انکار کرنے والا بھی مسلمان نہیں ہے۔

ضروریاتِ دین کے بارے میں جاننے کیلئے کسی خاص اہتمام کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ عام طور پر یہ امور مسلمانوں کو وراثتاً معلوم ہوتے ہیں، مثلاً: توحید، رسالت، آخرت، ملائکہ، آسمانی کتابوں، جنت، دوزخ وغیرہ پر ایمان، نماز، روزہ، حج، زکوة کی فرضیت، زنا، قتل، چوری، شراب خوری وغیرہ کی حرمت وغیرہ ضروریات دین میں شامل ہیں۔ اسی طرح نبی کریم ﷺ کاخاتم الأنبیاء ہونا،حشرونشر، جزاء سزا، میزان وغیرہ جیسےتمام اموربھی قطعی الثبوت اورقطعی الدلالت ہیں۔

سوال:ضروریات دین کا اثبات کن دلائل سے ہوتا ہے؟

جواب: ہمارے نزدیک ضروریات دین ہی ضروریات اہلِ سنت بھی ہیں۔ نماز ‘روزہ ‘حج ‘زکوۃ کی فرضیت‘ زنا، قتل، چوری اور شراب خوری کی ممانعت‘ رسول اکرم ﷺکے خاتم الانبیاء ہونے کا اقرار وغیرہ جیسے احکام قطعیہ کو ضروریات دین کے نام سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ان میں سب سے اولین ضرورت یہ ہے:

تصديق ما جاءبه النبیﷺ

جو کچھ نبی علیہ السلام  لائے ہیں اس کی دل سے تصدیق کرنا۔

لہٰذا رسولِ خداﷺ اور آپ کی لائی ہوئی کتاب سمیت آپ کی عنائت کردہ تمام تعلیمات کو بلاشک و شبہ دل سے تصدیق کرنا اور یقین رکھنا ضروریاتِ دین میں سے ہے، اور یہی ضروریات اہلِ سنت ہیں۔ رسول اللہ ﷺ پر ایمان لانے کی حقیقت یہ ہے جو قرآن مجید نے بالفاظ ذیل بتلائی ہے:

فَـلَا وَرَبِّکَ لَا یُؤْمِنُوْنَ حَتّٰی یُحَکِّمُوْکَ فِیْمَا شَجَرَ بَیْنَھُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوْا فِیْٓ اَنْفُسِھِمْ حَرَجًا مِّمَّا قَضَیْتَ وَیُسَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا

(النساء، 4: 56)

’’ پس (اے حبیب!) آپ کے رب کی قسم یہ لوگ مسلمان نہیں ہوسکتے یہاں تک کہ وہ اپنے درمیان واقع ہونے والے ہر اختلاف میں آپ کو حاکم بنالیں پھر اس فیصلہ سے جو آپ صادر فرما دیں اپنے دلوں میں کوئی تنگی نہ پائیں اور (آپ کے حکم کو) بخوشی پوری فرمانبرداری کے ساتھ قبول کر لیں۔‘‘ 

تفسیر روح المعانی میں اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے امام شہاب الدین محمود آلوسی فرماتے ہیں:

فقد روی عن الصادق انه قال لو ان قوما عبدوالله تعالیٰ واقاموا الصلوٰة وآتوا الزکوة وصاموارمضان وحجوا البيت ثم قالوالشئی صنعه رسول اﷲ الاّصنع خلاف ماصنع او وجدوا فی انفسهم حرجاً لکانوا مشرکين

حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ اگر کوئی قوم اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے، نماز کی پابندی کرے، زکوٰۃ ادا کرے، رمضان کے روزے رکھے اور بیت اللہ شریف کا حج کرے مگر پھر کسی ایسے فعل کو جس کا ذکر حضور ﷺسے ثابت ہو یوں کہے کہ آپﷺ نے ایسا کیوں کیا؟ اس کے خلاف کیوں نہ کیا؟ اور اس کے ماننے سے اپنے دل میں تنگی محسوس کرے تو یہ قوم مشرکین میں سے ہے۔ (آلوسی، روح المعانی، 5: 65)

آیت مذکورہ اور اس کی تفسیر سے واضح ہوگیا کہ رسالت پر ایمان لانے کی حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہﷺکے تمام احکام کو دل و جان سے تسلیم کیا جائے۔

ثبوت کے اعتبار سے احکام اسلامیہ کی مختلف قسمیں ہیں  اور تمام اقسام کا حکم بھی مختلف ہے۔ کفر کا حکم صرف ان احکام کے انکار سے عائد ہوتا ہے جو قطعی الثبوت بھی ہوں اورقطعی الدلالت بھی۔ اگر کوئی شخص قطعی الثبوت اور قطعی الدلالہ احکام کو تسلیم کرنے سے انکار اور گردن کشی کرے اور ان کے واجب التعمیل ہونے کا عقیدہ نہ رکھے تو وہ ضروریات دین کا منکر ہونے کی وجہ سے اہلِ قبلہ میں شامل نہیں رہتا۔ لیکن اگر کوئی شخص حکم کو توواجب التعمیل سمجھتا ہے مگر غفلت کی وجہ سے اس پر عمل نہیں کرتا تو فاسق اور گمراہ، مگر اہلِ اسلام میں شامل ہے۔

احکام کے قطعی الثبوت ہونے کا مطلب تو یہ ہے کہ ان کا ثبوت قرآن مجید یا احادیثِ متواترہ سے ہو، اور قطعی الدلالۃ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جو عبارت قرآن مجید یا حدیث متواتر میں اس حکم کے متعلق وارد ہوئی ہے وہ اپنے مفہوم و مراد کو صاف صاف بیان کرتی ہو، اور اس میں کسی قسم کی تاویل کی گنجائش نہ ہو۔

واٹس ایپ