ماہنامہ دختران اسلام تحریک منہاج القرآن کے خواتین ونگ منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے خواتین کا نمائندہ شمارہ ہے۔ اس میگزین کا آغاز 1994ء میں ہوا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں اس شمارے کا مقصد ملک میں خواتین کے حقوق کی بحالی، انسانی حقوق کے تحفظ اور احیائے اسلام کی عالمگیر کاوش ہے۔ خواتین کے حقوق کا ترجمان یہ ماہنامہ محض مذہبی و تنظیمی میگزین نہیں بلکہ اجتماعی سطح پر عوامی اور بالخصوص خواتین کے شعور کو بیدار کرنا بھی اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔
وطن عزیز میں خواتین کی آبادی مردوں کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔ اس تناظر میں ملکی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہیمت اختیار کر گیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے خواتین کے حقوق کی بحالی اور اس کے ساتھ ملک میں صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے عورتوں کو ہمیشہ نمایاں مقام دیا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اس سلسلے کی عملی تصویر ہے جس کا وجود اندرون ملک کے علاوہ دنیا بھر میں پھیل چکا ہے۔ ماہنامہ دختران اسلام کے پلیٹ فارم سے ملک میں خواتین کے حقوق کی بحالی اور بالخصوص مجبور و محقور خواتین کی آواز کو بلند کرنا بھی تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے فرائض میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ مادیت پرستی کے اس دور میں، جہاں ہر طرف فتنہ و فساد منہ کھولے ہوئے ہے، عائلی سطح پر خواتین کی اسلامی تربیت اور ان میں شعور کی بیداری بھی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے تحریک منہاج القرآن ہر ماں، بہن اور بیٹی کو سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیھا کے عملی روپ میں دیکھنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ماہنامہ دختران اسلام اس پر فتن دور میں روشنی اور طلوع سحر نو کی ایک کرن اور امید ہے۔ اس لحاظ سے ماہنامہ دختران اسلام فقط ایک صحافتی میگزین نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے جو امت مسلمہ کی خواتین میں اسلام کی نشاط ثانیہ کی بحالی کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ اس کے مضامین کے انتخاب میں یہ پہلو خصوصی طور پر پیش نظر رکھا جاتا ہے کہ قارئین کو جدید دور میں درپیش فکری و فقہی اور سیاسی و سماجی مسائل کے ساتھ عالمی انسانی حقوق اور بالخصوص ملکی خواتین کے حقوق کی بھی بنیادی آگاہی مل سکے۔
خواتین کے حوالے سے پاکستان میں شائع ہونے والا یہ واحد اردو میگزین ہے جو کثیر الاشاعت ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پڑھا جاتا ہے۔