محفل میلاد کانبانوالہ (رپورٹ : بشریٰ قادری)
مورخہ 6 جون 2009ء منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل وزیر آباد کے زیر اہتمام کانبانوالہ میں عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں تقریباً 2 ہزار خواتین نے شرکت کی۔ اس روحانی بابرکت محفل کی صدارت محترمہ ام حبیبہ قادری صدر ویمن لیگ تحصیل وزیر آباد نے کی۔ محترمہ آسیہ منظور قادری نے انتہائی پُر مغز خطاب کیا جسے خواتین نے بہت سراہا محترمہ ہما اشرف قادری ناظمہ تنظیمات تحصیل وزیر آباد نے نہایت ہی احسن انداز سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعارف اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام دیا جس سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت و رکنیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
اس عظیم الشان محفل میں محترمہ باجی رفعت قادری، محترمہ منظور افضل قادری، محترمہ نازیہ اکرم قادری، محترمہ ذکیہ مہمان خصوصی تھیں۔ اس پورے پروگرام کی کامیابی کا سہرا مسز ڈاکٹر جہاں آراء کے سر ہے جنہوں نے پروگرام کے انتظام و انصرام میں انتھک محنت کی اور کانبانوالہ کی جملہ انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے پروگرام کی کامیابی میں حق ادا کیا۔
محفل میلاد نارووال (رپورٹ : سمیرا بٹ)
گذشتہ ماہ منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال نے بوائے ڈگری کالج کے ہال میں شاندار محفل کا انعقاد کیا جس میں تقریباً 3000 ہزار خواتین نے شرکت کی۔ تلاوت کی سعادت حافظہ آسیہ نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض محترمہ نعیمہ کوثر آف ڈھمالہ اور محترمہ حافظہ آسیہ نے ادا کئے۔ اس کے بعد لاہور سے آنے والی نعت کونسل نے ہدیہ نعت پیش کیا اور پورا ہال درود و سلام کی صدا سے گونج اٹھا۔ مسز کلثوم طارق نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر روشنی ڈالی اور مصطفوی مشن کی دعوت دی۔ خطاب کے بعد محترمہ غزالہ ذوالفقار اور محترمہ ڈاکٹر نصرت نے اپنی پوری ٹیم اور دور دراز سے آنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔
محفل نعت و خطاب (رپورٹ : عاصمہ رفیق)
مورخہ 15جون 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ ڈسکہ نے محفل نعت و خطاب منعقد کروائی جس میں محترمہ صائمہ فیاض مرکزی نائب ناظمہ اور مرکزی منہاج نعت کونسل لاہور نے خصوصی شرکت کی۔ اس محفل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تقریباً 700 خواتین نے شرکت کی۔ جن میں خصوصی مہمان مسز جمیل اشرف ایم پی اے، مسز جاوید حیدر ناظم گھوٹینکی اور ڈاکٹر سعدیہ اقبال موجود تھیں۔ تلاوت کا شرف محترمہ حافظہ نوشین نے حاصل کیا۔ نقابت کے فرائض محترمہ عظمیٰ صدر ڈسکہ اور محترمہ سدرہ نے ادا کئے، مرکزی منہاج نعت کونسل (لاہور) نے نہایت خوبصورت انداز میں دف کے ساتھ ثناء خوانی کی اور محفل میں روحانی ماحول پیدا کردیا۔
بعد ازاں محترمہ صائمہ فیاض نے شیخ الاسلام مدظلہ کی شخصیت اور تحریک منہاج القرآن کے مقاصد پر سیر حاصل گفتگو کی۔ آخر میں سلام اور دعا پر محفل کا اختتام ہوا۔
ایک روزہ تربیتی ورکشاپ برائے طالبات
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 2 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ MSM سسٹرز کے زیر اہتمام طالبات کی فکری و نظریاتی تربیت کے لئے ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں لاہور بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے 100 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔
تلاوت اور نعت کے بعد محترمہ ساجدہ صادق مرکزی نائب ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے ابتدائی بریفنگ دی اور طالبات کو اس ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور محترمہ فاطمہ مشہدی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے سورۃ الحجرات پر لیکچر دیا۔
انہوں نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دور فتن میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص اپنی اصلاح کا بیڑا اٹھالے جو انسان اپنی ذات سے اخلاق رذیلہ کو ختم کر دے وہی قوموں کی اصلاح کا باعث بنتا ہے۔
محترمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے طالبات کو ممبر شپ کی اہمیت پر ایک مدلل لیکچر دیا جسے تمام شرکاء نے بے حد سراہا۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وابستگی انسان کو احساس ذمہ داری دیتی ہے اور تحریک منہاج القرآن کی ممبر شپ بھی اپنے رفقاء کو کمٹمنٹ کا ایک احساس دیتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے ہر ممبر کی زندگی کا مقصد دنیا کو اسلام کی حقیقی تصویر دکھانا ہے۔
تربیتی و تنظیمی ورکشاپ (راولپنڈی، اسلام آباد) (رپورٹ : صدف اقبال)
مورخہ 18 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کے زیر اہتمام اور 19 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام تربیتی و تنظیمی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی اور اسلام آباد کی تحصیلی، PP، UCs کی تنظیمی ذمہ داران اور عہدیداران نے شرکت کی۔ مرکزی قیادت سے محترمہ سمیرا رفاقت (مرکزی ناظمہ)، محترمہ ساجدہ صادق (نائب ناظمہ) اور محترمہ شازیہ بشیر (ناظمہ تربیت) کی نمائندگی رہی۔ ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ محترمہ سمیرا رفاقت نے شرکاء ورکشاپ کو نئے سال کے Working Plan پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ورکشاپ کا اختتام درود و سلام اور دعا پر ہوا۔
ورکشاپ برائے طالبات عرفان القرآن کورس (مریدکے) (رپورٹ : صدف اقبال)
مورخہ 21 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ مریدکے کے زیر اہتمام عرفان القرآن کورس کی طالبات کے لئے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ مریدکے کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر 4 عرفان القرآن کورسز کامیابی سے چل رہے ہیں جہاں بیسیوں طالبات قرآنی علوم سے بہرہ یاب ہو رہی ہیں۔ اس ورکشاپ میں مرکز کی جانب سے محترمہ ساجدہ صادق مرکزی نائب ناظمہ ویمن لیگ اور راقمہ نے شرکت کی۔ نقابت کے فرائض محترمہ شہنیل مصطفوی ناظمہ ویمن لیگ مریدکے نے سرانجام دیئے۔ محترمہ شہنیل نے عرفان القرآن کورسز کی رپورٹ پیش کی۔ محترمہ ساجدہ صادق نے ’’معاشرہ میں طالبات کے کردار‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس کے بعد راقمہ نے شرکاء کورس کو دعوت کے اہداف و مقاصد اور دعوت کے اسلوب اور جہات پر لیکچر دیا اور نظامت دعوت کے پراجیکٹس پر تفصیلاً بریفنگ دی۔ ورکشاپ کا اختتام محترمہ شمائلہ عباس کی خصوصی دعا پر ہوا۔
عرفان القرآن کورس (پنڈی گھیپ) (رپورٹ : حمیدہ نوری)
تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ پنڈی گھیپ کے زیر اہتمام تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت محترمہ حمیدہ نوری نے کی۔ تلاوت قرآن مجید قاریہ آمنہ بی بی معلمہ مدرسہ منہاج المدینہ نوری ہاؤس نے فرمائی۔ ہدیہ عقیدت بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت الفریعہ نسیم صابری نے حاصل کی۔ امیر تحریک منہاج القرآن حاجی محمد جمیل یوسفی نے کلمات تشکر ادا کئے۔ معلم عرفان القرآن کورس قاضی حبیب الرحمن نے قرآن کی فضیلت و اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں صدر ویمن لیگ محترمہ حمیدہ نوری نے خطبہ صدارت میں تمام شرکاء کو عرفان القرآن کورس کی مبارکباد پیش کی اور خواتین کے جذبات کو سراہا۔ آخر میں تقسیم اسناد کا سلسلہ شروع ہوا۔ محترمہ شمیم افتخار نے طالبات عرفان القرآن کورس کو اسناد دیں۔
اسلامک لرننگ کورس 2009ء (تحصیل ڈگری) (رپورٹ : نورین ہارون الرشید)
منہاج القرآن ویمن لیگ ڈگری کے زیر اہتمام پہلی بار اسلامک لرننگ کورس کا اہتمام کیا گیا۔ ناظم دعوت سندھ علامہ اعجاز ملک نے خصوصی شرکت کی اور خواتین کے کردار اور دور حاضر میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے کردار پر تربیتی لیکچر دیا۔ لیکچرار میں مس فرزانہ نے تجوید، مس رضیہ علی ناظمہ نے تعمیر شخصیت، تصوف اور انیلا فتح کوآرڈینیٹر نے فقہ، عقائد اور افکار جدیدہ پر نہایت احسن طریقے سے لیکچرز دیئے۔ آخر میں انیلا فتح نے تحریک منہاج القرآن کا تعارف پیش کیا۔ لرننگ کیمپ کے اختتام پر تمام طالبات نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لرننگ کیمپ کو بہت پسند کیا۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ کیمپ کے آخر میں محفل پاک منعقد ہوئی اور اختتام مس رضیہ علی کی دعا کے ساتھ ہوا۔
MSM سسٹرز کی تنظیمی و تربیتی میٹنگ (اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی)
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 19 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر انتظام MSM سسٹرز اسلام آباد کی کنوینئرز اور کوآرڈینیٹرز سے ایک تنظیمی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ یہ میٹنگ اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ہاسٹل میں منعقد کی گئی۔ مرکزی نمائندگان میں محترمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ مرکزی ناظمہ، محترمہ ساجدہ صادق مرکزی نائب ناظمہ اور محترمہ شازیہ مرکزی ناظمہ تربیت شامل تھیں۔ محترمہ سمیرا رفاقت نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن خدمت دین، امن و رواداری، اتحاد و اتفاق، احترام انسانیت، مذہبی رواداری، فروغ علم و شعور اور اللہ کی بندگی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت دے رہی ہے۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ اگر وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی چاہتی ہیں تو انہیں شکوہ ظلمت شب کرنے کی بجائے اپنے حصہ کی شمع جلانے کا تہیہ کرنا ہوگا اس عظیم مشن کو پایہ تکمیل پہنچانے کے لئے انہیں شیخ الاسلام کا دست و بازو بننا ہوگا۔
محترمہ ساجدہ صادق نے طالبات کو MSM کے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ اس دور پرفتن میں مصطفوی انقلاب لانے کے لئے طلباء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ محترمہ شازیہ شبیر نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کے تمام مسائل کا واحد حل رجوع الی القرآن ہے۔ قرآن ہر انسان کے لئے راہ ہدایت ہے۔ اس میٹنگ کا اختتام سلام اور دعا پر ہوا۔
تنظیمی و تربیتی ورکشاپ اقبال ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن زیر اہتمام ویمن لیگ لاہور
رپورٹ : زریں لطیف
مورخہ 4 جولائی 2009ء کو اقبال ٹاؤن اور گلبرگ ٹاؤن کی ٹاؤن اور یونین کونسل لیول تک کی جملہ تنظیمات نے تنظیمی تربیتی ورکشاپ میں بھرپور شرکت کی۔ محترمہ طاہرہ فردوس ناظمہ ویمن لیگ لاہور نے ٹاؤن اور یونین کونسل کی تمام تنظیمات کی بھرپور شرکت پر ناظمہ اقبال ٹاؤن اور ناظمہ گلبرگ ٹاؤن کو مبارکباد دی۔ انہوں نے تمام عہدیداران سے فرداً فرداً تعارف لیا اور تنظیمات کو تنظیمی تربیتی ورکشاپ کے مقاصد کے متعلق خصوصی بریفنگ دی۔ مرکزی ناظمہ محترمہ سمیرا رفاقت نے تحریک منہاج القرآن کے مقاصد، اہداف اور ورکنگ پلان 2009ء تا 2010ء اور شیخ الاسلام مدظلہ کی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2009ء تنظیمی اور دعوتی نیٹ ورک میں توسیع اور استحکام کا سال ہے۔ اس کے لئے ہمیں بھرپور محنت کرنی ہے کوئی بھی فرد خواہ کسی بھی ذمہ داری پر ہو اپنے کام کو منظم کرے۔
محترمہ فریدہ سجاد ریسرچ سکالر نے ’’ٹیم ورک کیوں اور کیسے‘‘؟ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ محترمہ عائشہ شبیر صدر ویمن لیگ لاہور نے تنظیم کی اہمیت و افادیت اور تنظیمی سٹرکچر پر خصوصی بریفنگ دی۔ آخر میں محترمہ عائشہ شبیر نے مرکزی ناظمہ ویمن لیگ کا شکریہ ادا کیا اور تمام تنظیمات کو ورکشاپ میں شرکت پر مبارکباد دی۔
اقبال ٹاؤن میں پندرہ روزہ نعت و دف کورس (رپورٹ : زریں لطیف)
مورخہ 18 جون 2009ء کو ویمن لیگ لاہور کے زیر اہتمام اقبال ٹاؤن یو سی 112، سبزہ زار H بلاک میں پندرہ روزہ نعت و دف ٹریننگ کورس کا آغاز کیا گیا جس میں شرکاء کی تعداد 50 تھی۔ محترمہ ڈمینہ قادری ناظمہ UC-112 نے نعت سکھانے کے فرائض سرانجام دیئے۔ محترمہ ثمینہ سلیم ناظمہ دعوت لاہور نے دف کی ٹریننگ دی اور شرکاء کیمپ کو قائد تحریک کا تعارف کروایا جس کے نتیجے میں 32 طالبات نے منہاج القرآن کی رفاقت لی۔ کیمپ کی فائنل تقریب میں محترمہ طاہرہ فردوس ناظمہ لاہور، محترمہ زریں لطیف نائب ناظمہ لاہور اور محترمہ عائشہ شفیق آرگنائزر حلقہ درود نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی محترمہ طاہرہ فردوس نے نعت کی فضیلت و ادب پر خصوصی گفتگو کی اور منہاج القرآن کی رفاقت لینے والی خواتین کو خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے آرگنائزر نعت و دف کیمپ محترمہ مریم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیمپ کے انعقاد، انتظام و انصرام میں خصوصی معاونت کی۔ راقمہ کی دعا سے تقریب کا اختتام ہوا۔
نعت و خطاب کورس (واہگہ ٹاؤن) (رپورٹ : سعدیہ اسلم)
مورخہ 20-6-2009 سے منہاج القرآن ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن محترمہ راحیلہ شاہد کے زیر نگرانی 2 شارٹ کورسز کا اہتمام کیا گیا جس میں طالبات کو فن خطاب اور نعت گوئی کی تربیت دی گئی خطاب کے لئے محترم قمر جاوید ملک کی خدمات حاصل کی گئیں۔ خطاب کورس میں 60 بچیوں نے شرکت کی اور نعت کیمپ میں 130 طالبات نے شرکت کی۔ نعت سکھانے کے فرائض محترم امجد علی بلالی اور عرفان القرآن اسلامک سنٹر کی سینئر معلمہ محترمہ روبی بابر نے سرانجام دیئے۔ کورس کے اختتام پر مقابلہ جات ہوئے اور پوزیشن لینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ مہمان خصوصی میں محترمہ سدرہ کرامت ناظمہ دعوت واہگہ ٹاؤن، محترمہ زیب النساء سابقہ ناظمہ تربیت، محترمہ عائشہ صدیق ناظمہ یوسی 40، محترمہ ثمینہ سلیم ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور، جیوری میں محترم تابش مصطفوی اور محترم امجد علی بلالی شامل تھے۔ کمپیئرنگ کے فرائض محترمہ قرۃ العین اسلم نے سرانجام دیئے۔ آخر میں محترم تابش مصطفوی نے نعت سننا او رپڑھنا ایمان کا باعث ہے کہ موضوع پر اظہار خیال کیا۔ محترمہ ثمینہ سلیم نے شاندار کیمپ کروانے پر مسرت اور خوشی کا اظہار کیا اور محترمہ راحیلہ شاہد اور محترمہ سعدیہ اسلم ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن کو خصوصی مبارکباد دی۔ تقریب کا اختتام محترمہ ثمینہ سلیم کی دعا سے ہوا۔
سمن آباد ٹاؤن میں پندرہ روزہ نعت و دف کیمپ زیر اہتمام ویمن لیگ لاہور
رپورٹ : آصفہ عظیم۔ ناظمہ تربیت لاہور
مورخہ 4 جولائی 2009ء کو ویمن لیگ لاہور کے زیر اہتمام سمن آباد ٹاؤن (کمبوہ ہال) میں پندرہ روزہ نعت و دف کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں دور و نزدیک سے 50 شوقین نعت و دف نے شرکت کی۔ فن نعت کی تدریس کے فرائض منہاج القرآن کے نعت خواں محترم محمد تابش جواد نے سرانجام دیئے۔ اس کیمپ میں نعت کے ساتھ ساتھ دف سکھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ دف کے فن کو سکھانے کے لئے محترمہ زریں لطیف (نائب ناظمہ ویمن لیگ لاہور) کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ کیمپ کی اختتامی تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی ناظمہ محترمہ طاہرہ فردوس، نائب ناظمہ محترمہ زریں لطیف، آرگنائزر حلقہ درود عائشہ شفیق، ناظمہ دعوت محترمہ ثمینہ سلیم قادری اور ناظمہ سمن آباد ٹاؤن محترمہ نورین اویس نے شرکت کی۔ اس تقریب میں نعت و دف کے مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام شرکاء کو اسناد بھی دی گئیں اور کیمپ کے اساتذہ کرام کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے حسن کارکردگی کی شیلڈز دی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر کیمپ کے اساتذہ محترم تابش جواد اور محترمہ زریں لطیف نے فن نعت و دف پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء کو نعت کی فضیلت و برکات اور اہمیت سے آگاہ کیا۔ کمبوہ ہال کی آرگنائزر عظمیٰ نعیم صاحبہ نے بھرپور مالی و اخلاقی تعاون فراہم کیا۔
عرفان القرآن کورس برائے معلمات (رپورٹ : صدف اقبال)
تحریک منہاج القرآن نظامت دعوت کے زیر اہتمام مورخہ 6 جولائی 2009ء تا 16 جولائی 2009ء معلمین اور معلمات کے لئے 10 روزہ کیمپ انعقاد پذیر ہوا جس میں ملک بھر سے 75 معلمات نے شرکت کی۔ یہ کورس معلمات کے لئے ایک ریفریشر کورس تھا جس میں داخلہ کے لئے FA، شریعہ کورس یا MA عربی یا اسلامیات کی شرائط رکھی گئی تھیں۔ اس کورس میں تجوید، عقائد، گرائمر کے ابتدائی قواعد، سورۃ البقرہ کے منتخب رکوعات کا ترجمہ و تفسیر اور طالبات سے Presentation لی گئیں۔ کورس کی مرکزی کمیٹی میں سربراہ محترمہ فاطمہ مشہدی نائب سربراہ محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی کمیٹی کے ممبران اور سیکرٹری محترمہ مریم حفیظ نے جبکہ دیگر کمیٹیز کی ممبران جن میں محترمہ ساجدہ صادق، محترمہ انیلا الیاس، محترمہ سدرہ ریاست، محترمہ سائرہ نواز، محترمہ شازیہ شبیر، محترمہ صائمہ صدیق، محترمہ سمیرا شاہین، محترمہ فضہ علی، محترمہ آسیہ، محترمہ شمائلہ عباس اور راقمہ شامل تھیں۔ اس کورس کا بنیادی مقصد طالبات میں قرآن کو احسن طریقے سے پڑھنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں حلقہ عرفان القرآن کا Network قائم کر کے اور دروس قرآن کے ذریعے عصر حاضر میں اسلام کی ترویج و اشاعت اور مصطفوی انقلاب کے لئے خواتین کی عملی و فکری تربیت کر سکیں۔
مورخہ 16 جولائی کو اس کورس کی پُروقار اختتامی تقریب انعقاد پذیر ہوئی جس میں مہمان خصوصی صاحبزادہ حسین محی الدین قادری تھے۔ اس پروقار تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ محترم علامہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی صاحب نے عرفان القرآن کورس کی تمام Details اور اغراض و مقاصد بتائے اس کے بعد محترم میاں عبدالقادر صاحب (مرکزی ناظم دعوت) نے طالبات کو حلقہ درود اور حلقہ عرفان القرآن کا Setup سمجھایا اور حلقہ جات کی افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس کے بعد سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم شیخ زاہد فیاض نے تمام شرکاء کورس کو اس کیمپ میں شرکت کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس دور کے تمام مسائل کا حل قرآن میں مضمر ہے اور حلقہ عرفان القرآن اس دور میں اس ضرورت کو پورا کر رہے ہیں۔ محترمہ فاطمہ مشہدی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے تمام ٹیم کو اس کامیاب کورس کے انعقاد کروانے پر مبارکباد پیش کی اور طالبات کو حلقہ درود اور حلقہ عرفان القرآن کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ جس پر تمام طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقہ جات میں جاکر دعوت الی القرآن کے عظیم مقصد کو پورا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہو جائیں گی۔ اس کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے پوزیشن حاصل کرنے والے Students کو اسناد دیں۔ انہوں نے عرفان القرآن کورس کے شرکاء سے خطاب فرمایا جو اسی شمارے میں الگ شائع کیا جا رہا ہے۔
اظہار تعزیت
گذشتہ ماہ محترمہ فریحہ خان مرکزی ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ کی خالہ جان قضائے الہٰی سے وصال فرما گئیں۔ محترمہ شمع عبدالحمید تاحیات رفیقہ (کمانوالہ۔ سیالکوٹ) کے چچا سسر انتقال فرما گئے۔ محترمہ آسیہ شفیق (سابقہ نائب ناظمہ راوی ٹاؤن لاہور) کے جواں سالہ بھائی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ محترمہ مریم بی بی دختر حاجی سلام دین طالبہ فرسٹ ایئر منہاج گرلز کالج بغداد ٹاؤن لاہور قضائے الہٰی سے وصال فرما گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین