ویمن مشاورتی کونسل
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 16 مئی 2009ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن کے کانفرنس ہال میں ویمن مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت محترمہ فاطمہ مشہدی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے کی۔ اجلاس میں محترمہ سمیرا رفاقت ناظمہ ویمن لیگ، محترمہ صائمہ فیاض نائب ناظمہ تنظیمات، محترمہ فریحہ خان ناظمہ دعوت، محترمہ ساجدہ صادق ناظمہ MSM، محترمہ صدف اقبال میڈیا سیکرٹری، محترمہ خدیجہ فاطمہ نائب ناظمہ دعوت، محترمہ مریم حفیظ نائب ناظمہ تربیت، محترمہ انیلہ الیاس کوآرڈینیٹر ایونٹ مینجمنٹ، محترمہ کشور شاہین کمپیوٹر آپریٹر، محترمہ کوثر رشید سینئر اسسٹنٹ ایڈیٹر ماہنامہ دختران اور محترمہ نازیہ عبدالستار اسسٹنٹ ایڈیٹر نے خصوصی شرکت کی۔ مرکزی ٹیم کے علاوہ ملک بھر سے 45 تنظیمات جن میں بھکر، سیالکوٹ، ڈسکہ، لاہور، وزیرآباد، گوجرہ، وہاڑی، علی پورچٹھہ، احمدپورسیال، لودھراں، مریدکے، راولپنڈی، لاہور، گوجرخان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، ہارون آباد، کامرہ، حویلی لکھا، کامونکی، پنڈی گھیب، جہلم ، دیپالپور، شیخو پورہ، سرگودھا شرقی، شورکوٹ شامل تھیں۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید، نعت رسو ل مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور درود و سلام سے ہوا۔ محترمہ فاطمہ مشہدی نے استقبالیہ کلمات ادا کئے اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ محترمہ سمیرا رفاقت نے پہلے ایجنڈا پوائنٹ پر بات کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادی کی ترجیحات کو تنظیمات کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ ہمارا سب سے بڑا Tool ہماری قیادت کا Image ہے ۔ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، عقائد کی اصلاح، فرقہ واریت کا خاتمہ، حلقہ عرفان القرآن، حلقات درود، دروس قرآن اور موثر افراد کی شمولیت سے ہمارے لئے منزل کا حصول زیادہ آسان ہو جائے گا۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری شخصیت اور کردار اتنا پُر اثر ہونا چاہئے کہ کوئی شخص ہماری دعوت کو ٹھکرا نہ سکے۔ محترمہ فاطمہ مشہدی نے ہاؤس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی منزل کے حصول کے لئے ہمیں لوگوں کو شیخ الاسلام مدظلہ کی ذات سے متعارف کروانا ہوگا۔ لوگوں کو مشن سے وابستہ کرنا ہمارا فرض عین ہے۔
محترمہ گلشن ارشاد ناظمہ علی پورچٹھہ نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں ہمیں شیخ الاسلام کی ہمہ جہت شخصیت کو متعارف کروانا ہو گا۔ ہر کارکن کو اپنے قائد کی Outstanding achievements اور ان کو دیئے جانے والے قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز کے بارے میں علم ہونا چاہئے تاکہ ہم پڑھے لکھے طبقے میں فخر سے اپنی قیادت کو متعارف کروا سکیں۔ بعد ازاں محترمہ سمیرا رفاقت اور محترمہ فاطمہ مشہدی نے تنظیمات کو ان کے علاقوں کے مطابق ٹارگٹس بتائے اور اگلے سال کو تنظیمی استحکام کا سال قرار دیا۔ اجلاس کا اختتام محترمہ فاطمہ مشہدی کی خصوصی دعا پرہوا۔
محفل میلاد (دیپالپور)
رپورٹ : صدف اقبال
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل دیپالپور کے زیر اہتمام 18 اپریل 2009ء کو ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کروایا گیا جس میں زندگی کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والی کم و بیش 2500 خواتین نے شرکت کی۔ مرکزی نمائندہ محترمہ کلثوم اختر ناظمہ ویمن لیگ فیصل آباد نے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت و ضرورت پر پُرمغز خطاب کیا جسے خواتین نے بے حد سراہا۔ محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔
محافل میلاد و تنظیمی دورہ جات زیر اہتمام منہاج القرآن ویمن لیگ (لاہور)
رپورٹ : زریں لطیف
منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیر اہتمام لاہور بھر میں ربیع الاول کے مہینے میں تقریباً 5000 محافل ہوئیں جس میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور کے تمام ٹاؤنز کی تنظیمات کی بھرپور محنت سے 25000 خواتین نے شرکت کی۔ ربیع الاول میں اقبال ٹاؤن، راوی ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن اور نشتر ٹاؤن میں منعقد کردہ دس بڑے پروگرامز میں 30,000 خواتین نے شرکت کی۔ جن میں محترمہ عائشہ شبیر صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور، محترمہ طاہرہ فردوس ناظمہ ویمن لیگ لاہور اور محترمہ زریں لطیف نائب ناظمہ ویمن لیگ لاہور نے خطابات کئے۔
٭ ماہ اپریل میں مانگا منڈی میں ویمن لیگ کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں 500 خواتین نے شرکت کی اور محترمہ طاہرہ فردوس ایڈووکیٹ ناظمہ ویمن لیگ لاہور نے خصوصی خطاب کیا۔ منہاج نعت کونسل نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض محترمہ انجم قادری ناظمہ نشر و اشاعت اقبال ٹاؤن نے سرانجام دیئے۔ محفل میں شیخ الاسلام کی کتب، سی ڈیز اور حجاب ہاؤس کا سٹال لگایا گیا۔ ناظمہ ویمن لیگ لاہور نے انعام یافتہ بندوں کے احوال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کامیابی اور فلاح اسی میں ہے کہ ہم ان راستوں پر چلیں جن سے اللہ کی رضا اور نسبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ملتی ہے۔ بعد میں انہوں نے خواتین کو تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔ محفل کے اختتام پر محترمہ زریں لطیف نے خصوصی دعا کروائی۔
٭ ماہ مئی میں منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور نے اقبال ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں تنظیمی دور کیا اور تمام تنظیمات کو ٹارگٹ دیئے اور ریکارڈ کیپنگ اور حلقہ درود کی رجسٹریشن کے لئے خصوصی بریفنگ دی۔ اس ماہ ویمن لیگ لاہور نے مختلف ٹاؤنز میں یوسیز کی تنظیم سازی مکمل کی۔
سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کانفرنس
رپورٹ : صائمہ صدیق
مورخہ 10 اپریل 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم کے زیر اہتمام بمقام بگا جہلم کینٹ میں ایک عظیم الشان غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوگوں کو سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کی تعلیمات و شان اور سلسلہ قادریہ سے روشناس کرانا تھا۔ تقریباً 1500 خواتین نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں 82 لاکھ 45 ہزار دو سو چھیاسی مرتبہ درود و سلام کا تحفہ پیش کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر یونین کونسل (نارہ) کے علاقے جنگوکی خواتین نے اپنے آپ کو تنظیمی خدمات کے لئے پیش کیا۔ خواتین سے رفاقت سازی پر گفتگو کی گئی اور شیخ الاسلام کی شخصیت کا تعارف پیش کیا گیا۔ رفاقت لینے والوں کو دختران اسلام کے ساتھ ساتھ منہاج العمل اور درود و سلام کے خوبصورت کارڈز تحفۃً دیئے گئے۔ کانفرنس کا آغاز عرفان القرآن نعت کونسل جہلم کے حلقہ درود و سلام سے ہوا۔ اس کے بعد کانفرنس کا سب سے اہم ترین مرحلہ شیخ الاسلام مدظلہ کا خطاب جو بلاشبہ ہر محفل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے خواتین کو سنایا گیا۔ کانفرنس میں کتب و سی ڈیز کا سٹال بھی موجود تھا جہاں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ کانفرنس میں ہمیشہ کی طرح رفاقت سینٹر بھی موجود تھا جہاں سے اس کانفرنس میں آنے والی 40 نئی خواتین نے رفاقت فارم پُر کئے اور اس مصطفوی قافلے کے ساتھ جڑنے کی سعادت حاصل کی۔ سلام و دعا سے محفل غوث الاعظم رضی اللہ عنہ اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
محفل میلاد (کراچی)
رپورٹ : نسبت النساء
گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی کراچی میں ماہ ربیع الاول بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں شہر کے بارہ ٹاؤن میں 150 سے زائد میلاد کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خصوصی خطاب منہاج القرآن ویمن لیگ سندھ کی صدر مسز امتیاز جاوید خاکوی اور ناظمہ کراچی محترمہ فوزیہ شوکت اور دیگر خواتین نے کئے۔ جس میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں کراچی کا لیاری ٹاؤن سرفہرست رہا جس میں سالانہ محفل میلاد کانفرنس منعقد کروائی اور 1800 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ وہاں کی مخیر خواتین کونسلر، ڈاکٹرز مہمان خصوصی تھی۔ دوسرے نمبر پر شاہ فیصل ٹاؤن رہا جہاں بارہ ربیع الاول کی رات کو بڑی شان و شوکت سے منایا گیاجس میں تقریباً 1200 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ اسی سلسلے میں تیسرے نمبر پر بلدیہ ٹاؤن رہا جہاں شرکاء کی تعداد 1000 سے زائد تھی جس کی مہمان خصوصی ڈاکٹر شاہانہ ضمیر تھیں۔ اس کے علاوہ بابا جزیرہ، بن قاسم ٹاؤن، سائٹ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، صدر ٹاؤن، کیماڑی ٹاؤن، لانڈھی ٹاؤن، جمشید ٹاؤن، لیاقت آباد اور دیگر ٹاؤنز میں محافل منعقد کی گئیں جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی ڈویژن اور دیگر لوگ شریک تھے۔
محفل میلاد (شاہ فیصل ٹاؤن)
رپورٹ : الماس زہرہ
منہاج القرآن اسلامک سینٹر سلمان فارسی شاہ فیصل ٹاؤن ملیر کراچی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسب سے مورخہ 12 - 11 ربیع الاول کی درمیانی شب ایک عظیم الشان میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی صدارت اور خصوصی خطاب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سندھ مسز امتیاز جاوید نے کیا۔ مسز ریحانہ شاہد، محترمہ نایاب وردہ جاوید، راقمہ نے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ اس محفل میں 1000 سے زائد خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں مورخہ 21 مارچ 2009ء منہاج القرآن اسلامک سنٹر شعبہ تحفیظ القرآن طالبات کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت ادارہ ہذا کے اساتذہ کرام نے فرمائی۔ خصوصی خطاب معلمہ حافظہ ام کلثوم نے کیا۔ طالبات نے اپنے پر سرور انداز میں آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ شاہ فیصل ٹاؤن کے زیر اہتمام 8 مختلف مقامات پر محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزارہا خواتین نے شرکت کی۔
تربیتی تنظیمی ورکشاپ (نشتر ٹاؤن لاہور)
رپورٹ : نبیلہ ظہیر نقشبندی
مورخہ یکم مئی نشتر ٹاؤن کے زیر اہتمام تنظیمی و تربیتی ورکشاپ ہوئی جس میں مندرجہ ذیل بہنوں نے شرکت کی۔ محترمہ روبینہ تنویر نائب ناظمہ دعوت، محترمہ ارشاد بیگم نائب ناظمہ دعوت، محترمہ عابدہ لیاقت نائب ناظمہ مالیات، محترمہ شمیم اختر ناظمہ کیر کلاں، محترمہ شمشاد بیگم ناظمہ گرین ٹاؤن، محترمہ ارشاد باجی، محترمہ حفیظہ بیگم ناظمہ کاہنہ نو، محترمہ شاہدہ پروین چونگی امرسدھو (Superior Social Health Worker)، ناظمہ دعوت دھلوکے کے ساتھ نعت کونسل کاہنہ نو اور راقمہ کے علاوہ کچھ رفقاء نے شرکت کی۔
محترم تنویر سندھو، محترم قمر جاوید ملک، محترم عبدالقدیر نے Lead کیا اور مندرجہ ذیل موضوعات پر لیکچرز دیئے۔
1۔ تنظیمی Behaviour اور آپس کے تعلقات
2۔ رفیق سے کارکن اور کارکن سے عہدیداران کیسے بنیں؟
3۔ حلقہ درود کیسے کھولا جائے اور کیسے منظم کیا جائے۔
4۔ تمام عہدیداران کی ذمہ داریاں کونسی ہیں؟
5۔ دفتر کا قیام کیوں ضروری ہے اور کون کون سا ریکارڈ ہونا چاہئے؟
محفل میلاد (پنڈدادنخان)
رپورٹ : ثمینہ کشور
مورخہ 2 ربیع الاول منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ہوا اور تحصیل پنڈدادنخان میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت 3 بڑے پروگرامز منعقد ہوئے جس میں شہر کی بہت سی نعت خواں لڑکیوں اور خواتین نے شرکت کی۔ دوسری محفل پنن وال تحصیل پنڈدادنخان میں ہوئی جس میں ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی نے شرکت کی اور محفل میلاد کا تیسرا بڑا اجتماع ٹوبہ تحصیل پنڈدادنخان میں ہوا جس میں اساتذہ کرام کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ اس میں ناظمہ دعوت و تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم اور انکی ساتھی نعت خوانوں نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ پنڈدادنخان شہر میں تقریب 12 محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت ہوا اور شیخ الاسلام مدظلہ کا پیغام خواتین تک پہنچایا گیا۔
محفل میلاد (کروڑ شہر)
رپورٹ : نسیم عمر خان سہڑ
تحریک منہاج القرآن کی 28 سالہ تاریخ میں تحریک کے پلیٹ فارم سے خواتین کا پہلا پروگرام میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جو کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔ MYL اور موومنٹ کی غیرمعمولی کاوشوں سے کروڑ شہر میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام تھا۔ پروگرام میں منہاج نعت کونسل بھکر نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محترمہ فوزیہ گلزار ناظمہ ویمن لیگ بھکر نے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کیا۔ پروگرام میں خصوصی شرکت مسز ڈاکٹر محمودالحسن مصطفائی صدر تحریک، مسز حاجی نیاز احمد جکھڑ، سسٹرز مہر عرفان صدر موومنٹ نے کی اور پروگرام میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔
محفل میلاد منہاج کالج برائے خواتین (ٹاؤن شپ لاہور)
رپورٹ : ثمینہ لیاقت
مورخہ 3 مارچ 2009ء کو منہاج گرلز کالج کے زیر اہتمام سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ محفل میلاد کے سلسلے میں سٹیج پروگرام کی کوارڈینیٹر مسز کلثوم طارق تھیں جبکہ مس عابدہ نسیم، مس عطیہ بتول اور مس رابعہ رمضان ان کی معاونات تھیں۔ طالبات نے اساتذہ کے تعاون سے محفل کو کامیاب بنایا۔
محفل کا آغاز سال چہارم کی طالبہ حافظہ سمیرا شاہین کی تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ کالج کی نعت خواں طالبات نے اپنے مخصوص انداز میں حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی جن میں، مصطفوی گروپ، میمونہ گروپ اور حبیبہ گروپ کے علاوہ دیگر طالبات نے انفرادی طور پر نعت خوانی کی سعادت حاصل کی۔
دختر قائد محترم قرۃ العین فاطمہ نے محفل میں خصوصی شرکت فرمائی اسکے علاوہ مرکزی ویمن لیگ محترمہ فاطمہ مشہدی، مسز ہما رحیق عباسی، محترمہ فریدہ سجاد، محترمہ رافعہ علی، محترمہ مسرت بشیر، محترمہ بشریٰ ریاض، منہاج یونیورسٹی کا Female Staff، رحمت سکول کی پرنسپل و سٹاف اور دیگر مہمانان گرامی کے علاوہ طالبات کے گھر سے بھی خواتین نے شرکت کی۔ نعت خوانی کے بعد گلپاشی و سلام بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔ محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے محفل کے اختتام پر دعا فرمائی۔ اس کے علاوہ تمام مہمانان گرامی اور طالبات کے لئے ضیافت کا بھی انتظام کیا گیا۔
سالانہ تقریب تقسیم انعامات منہاج کالج برائے خواتین (ٹاؤن شپ لاہور)
منہاج گرلز کالج سیشن 09-2008 میں نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کو انعامات دینے کے لئے سالانہ تقریب تقسیم انعامات مورخہ 7 مارچ 2009ء کو منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شیخ الاسلام کی بڑی بہو محترمہ غزالہ حسن قادری کے علاوہ محترمہ خدیجہ ایٹکنسن نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض میں محترمہ شازیہ بٹ نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے پہلے حصے میں نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ دوسرے حصے میں ہم نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو انعامات اور سرٹیفکیٹس دیئے گئے مختلف مضامین میں %80 سے زائد نمبر حاصل کرنے والی %100 حاضری برقرار رکھنے والی طالبات کو خصوصی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ بزم منہاج سیشن 08-2007 اور اس کی ذیلی سوسائٹیز کی انچارجز کے علاوہ بزم منہاج کی باقی تمام عہدیداران، کلاس ہیڈز، سوسائٹیز کی عہدیداران کو بھی انعامات و سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے تمام اساتذہ کو بھی خصوصی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ انعامات کی تقسیم کے بعد مہمان خصوصی مسز غزالہ حسن قادری نے طالبات اور اساتذہ کرام سے گفتگو فرمائی، پرنسپل منہاج گرلز کالج محترمہ انیسہ خالد طور نے اظہار تشکر فرماتے ہوئے مہمان خصوصی کو تحائف پیش کئے۔
تربیتی ورکشاپ (بھکر)
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 10 مئی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ بھکر کے زیر اہتمام ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی ناظمہ ویمن لیگ، محترمہ صائمہ فیاض نائب ناظمہ ویمن لیگ اور محترمہ مریم حفیظ نائب ناظمہ تربیت نے خصوصی شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی ناظمہ نے تحریک منہاج القرآن کے مقاصد، ٹارگٹس اور اہداف کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے خصوصی بریفنگ دی۔ محترمہ صائمہ فیاض نے تنظیمی ڈھانچے پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ورکشاپ کا اختتام محترمہ سمیرا رفاقت کی خصوصی دعا سے ہوا۔ اس ورکشاپ میں ضلع بھکر کی تمام تنظیمات کے علاوہ فتح پور اور چوبارہ کی تنظیم نے بھی خصوصی شرکت کی۔
میلاد کانفرنس (اسلام آباد)
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 27 فروری 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد نے میلاد کانفرنس منعقد کروائی جس میں محترمہ فاطمہ مشہدی مرکزی صدر ویمن لیگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تقریباً 2000 خواتین نے شرکت کی جن میں اکثریت کالجز اور یونیورسٹیز کی لیکچرارز تھیں۔ محترمہ فاطمہ مشہدی نے اپنے خطاب میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج امت اس لئے زوال کا شکار ہے کہ اس نے اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ترک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت، تنگ نظری اور باہمی تصادم کی اس فضا کو ختم کرنے کے لئے ایسی محافل کا انعقاد کرکے لوگوں کے دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جذبات پیدا کرنا عصر حاضر کی ضرورت ہے۔ محترمہ مدینہ خان نے کانفرنس کے اختتام پر کلمات تشکر ادا کئے اور خصوصی دعا محترمہ فاطمہ مشہدی نے کروائی۔ منہاج القرآن ویمن اسلام آباد نے مجموعی طور پر 78 محافل میلاد منعقد کروائیں۔
محافل میلاد (گوجرانوالہ)
رپورٹ : صدف اقبال
ماہ ربیع الاول میں منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ضلعی سطح پر 350 جبکہ تحصیلی سطح پر 63 محافل میلاد منعقد ہوئیں۔ ان محافل میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کرکے اپنے قلوب و اذہان کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منور کیا۔ ان محافل میں PP-92، PP-97 اور PP-94 کی ناظمات نے تحصیلی جبکہ محترمہ فریحہ سراج، محترمہ فرزانہ اظہر، محترمہ حریرہ بابر، محترمہ شاہ بانو اور محترمہ عطیہ حیدر نے ضلعی سطح پر عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوعات پر پُرمغز خطابات کئے۔
تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مجلس شوریٰ کا اجلاس (مئی 2009ء)
تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس مورخہ 17 مئی 2009ء کو مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوا۔ مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اجلاس کی صدارت کی۔ ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہدفیاض اور دیگر مرکزی قائدین، عہدیداران اور مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ کے علاوہ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے سینکڑوں عہدیداران نے شرکت کی۔ مختلف تحصیلوں اور اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداران نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں امدادی کاموں کے حوالے سے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اجلاس کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے سوات اور مالا کنڈ سے تقسیم ہند کے بعد تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی قومی المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مہاجرین بھائیوں کی خدمت کر کے تمام مسلمان ایثار مدینہ کی عملی مثال زندہ کر سکتے ہیں۔ شیخ الاسلام مدظلہ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن متاثرین کی بحالی کے لئے جھولی پھیلاؤ مہم میں بھرپور حصہ لے۔ رضا کاران گھر گھر پہنچیں اور متاثرین سوات کی بحالی کے لئے امداد اکٹھی کریں تاکہ جلد از جلد متاثرین خاندانوں تک سامان پہنچایا جا سکے۔ شیخ الاسلام مدظلہ کی خصوصی بریفنگ کے اگلے روز ہی متاثرین سوات کے لئے امدادی کیمپس لگا دیئے گئے۔ محترم ناظم اعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں 500 سے زائد امدادی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں۔ منہاج القرآن ویلفیئر کے رضا کار گھر گھر جا کر فنڈ اکٹھا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت لانگ ٹرم پالیسی بنائے۔