غزل
(پروین شاکر)
اک لمحہ تو پتھر بھی خوں رو جائے
جب خوابوں کا سونا مٹی ہوجائے
اک ایسی بارش ہو میرے شہر پہ جو
سارے دل اور سارے دریچے دھو جائے
پہرہ دیتے رہتے ہیں جب تک خدشے
کیسے رات کے ساتھ کوئی پھر سوجائے
بارش اور نمو تو اس کے ہاتھ میں ہیں
مٹی میں ہر بیج کوئی بوجائے
تین رتوں تک ماں جس کا رستہ دیکھے
وہ بچہ چوتھے موسم میں کھو جائے
اقوال زریں
- مصیبت کی جڑ انسان کی بات چیت ہے۔ (حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ)
- جو آدمی خود کو عالم ظاہر کرے وہ جاہل ہے۔ (حضرت عمر رضی اللہ عنہ)
- انسان میں بے شمار عیب ہوتے ہیں لیکن ایک خوبی سب پر پردہ ڈال دیتی ہے اور وہ عظیم خوبی حسن اخلاق ہے۔ (حضرت عثمان رضی اللہ عنہ)
- لوگوں کو اسی طرح معاف کرو جیسے تم خدا سے امید رکھتے ہو کہ وہ تمہیں معاف کرے گا۔ (حضرت علی علیہ السلام)
- اعلیٰ درجے کا معاف کرنے والا وہ ہے جو انتقام پر قدرت رکھتے ہوئے عفو درگزر سے کام لے۔ (حضرت امام حسین علیہ السلام)
- موتی اگر کیچڑ میں گر جائے تو بھی قیمتی ہے اور گرد اگر آسمان پر چڑھ جائے تو بے قیمت ہے۔ (شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ)
سبز قہوہ سے وزن گھٹایئے
سافٹ ڈرنگ اور جتنے بھی مشروبات ہوتے ہیں ان کی ریگولر بوتل میں 18-20 چمچ چینی کے ہوتے ہیں اور سوڈا کولا کی یہ بوتلیں آپ کے وزن میں بے تحاشہ اضافہ کا باعث بنتی ہیں جبکہ سبز قہوہ کا استعمال آپ کے وزن میں بتدریج کمی لانے کا سبب بنتا ہے کیونکہ اس میں کوئی مرارے یا کیلوریز شامل نہیں ہوتے بشرطیکہ آپ اس میں چینی کا استعمال نہ کریں۔ مزید برآں یہ کہ اس میں چکنائی کو جلانے والی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں۔ چنانچہ دن میں 2سے 3کپ بغیر چینی سبز قہوہ کے پینے سے آپ کے بڑھتے ہوئے وزن میں خاطر خواہ کمی واقع ہوتی ہے اور ساتھ ہی یہ چہرے کے نکھار میں بھی کافی معاون ثابت ہوتا ہے۔
چکن ڈرم سٹک
- چکن ڈرم سٹک (بغیر کھال کے)۔۔ 15 عدد
- زیرہ (بھنا ہوا)۔۔ 5گرام 1 چائے کا چمچ
- لہسن کا پیسٹ۔۔ 20 گرام 4 چائے کے چمچ
- نمک حسب ذائقہ
- دہی۔۔۔۔ 200 گرام ایک کپ
- لیموں کا رس۔۔۔۔ 25 ملی میٹر 5 چائے کے چمچ
- گرم مصالحہ۔۔۔ 10 گرام 2 چائے کا چمچ
- ادرک کا پیسٹ۔۔20 گرام 4 چائے کا چمچ
- سرخ مرچ کا سفوف۔۔ 7 گرام 1/2 چائے کا چمچ
- علاوہ ازیں۔۔ مکھن اور تیل
ترکیب
ہر ڈرم پر دو شگاف لگائیں اور اس پر لیموں کا رس اچھی طرح ملیں اور 20 منٹ کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ مکھن/ تیل کے علاوہ تمام اجزاء کو دہی میں ملادیں اور اچھی طرح یکجا کرلیں۔ اب اس آمیزے میں چکن کے ٹکڑے ڈال دیں تاکہ آمیزہ ان پر اچھی طرح لیپ ہوجائے اور اسے 2 سے 3 گھنٹے کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ تندور کا درجہ حرارت (175F-350F) اب ان ڈرم سٹکوں کو دو دو سینٹی میٹر کے فاصلے پر سیخ میں اوپر 10 سے 12 منٹ تک اوون/ تندور میں روسٹ کرلیں۔ اس دوران اسے پگھلے ہوئے مکھن سے چکنا کرلیں اور اتنا بروسٹ کریں کہ سنہری رنگ ہوجائے۔ اب اسے کٹی ہوئی گوبھی کی بچھی ہوئی تہہ پر نکال لیں اور پیاز، ٹماٹر اور لیموں کے ٹکڑوں سے سجا کر پیش کریں۔
صحت کے مسائل
(ڈاکٹر مصباح کنول۔ نشتر میڈیکل)
آنکھوں کے کھینچاؤ کو دور کرنے کیلئے ٹھنڈے دودھ کا استعمال
ٹھنڈا دودھ بھی گھریلو استعمال کے لئے زبردست جزو ہے اور یہ آنکھوں کے درد اور تھکان کے لئے بھی مفید ہے جسم کے جلے ہوئے حصے کو ٹھیک کرنے کے لئے یا آنکھوں کی جلن کو دور کرنے کے لئے دودھ کی تھوڑی سی مقدار کو ایک الگ برتن میں ڈال لیں پھر اس میں کپاس کے دو ٹکڑوں کو بھگو کر ہلکا سا نچوڑ لیں۔ اس کے بعد آنکھیں بند کرکے ان پر دودھ میں ڈبوتے ہوئے کپاس کے ٹکڑے رکھیں اور کچھ منٹوں کے لئے یہ عمل دہراتے رہیں اس سے آپ کی آنکھوں کی بے آرامی فوراً دور ہوجائے گی۔
پانی کا زیادہ استعمال
دن میں پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں اور 8 سے 10 گلاس پانی پینے سے نہ صرف آپ کی آنکھیں چمکدار رہیں گی بلکہ آپ تندرست و توانا زندگی کے ضامن بھی ہوں گے۔
مناسب نیند
آنکھوں کی تھکاوٹ مناسب نیند نہ ہونے کے باعث ہوتی ہے جس سے آنکھوں کے گرد سیاہ دائرے جنہیں حلقے کہتے ہیں پڑ جاتے ہیں اور یہ انسان کی شخصیت پر برے اثرات مرتب کرتے ہیں اور اس سے جسمانی کمزوریاں پیدا ہونے لگتی ہیں لہذا کام کے ساتھ ساتھ آرام و نیندکا خیال رکھنا بھی بے حد ضروری ہے۔
گرما کے فوائد
موسم گرما کے پھلوں میں ایک پھل گرما ہے جو کہ عوام الناس میں نہایت مقبول عام ہے۔ گرما ایک خوش ذائقہ، صحت بخش اور سردے سے قدرے شیریں پھل ہے اور معتدل امراض کا قدرتی علاج بھی ہے یہ کمزور اصحاب کے لئے ایک عمدہ قسم کی غذا ہے۔ غذائیت کا قدرتی خانہ ہے صالح خون پیدا کرتا ہے۔ یہ کمزور لوگوں کے لئے جسم فربے کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
گرمیوں میں عموماً پیشاب کی رنگت زرد یا سرخ ہوجاتی ہے اور پیشاب کے رکنے کی وجہ سے گردوں میں پتھری بھی پیدا ہوجاتی ہے لیکن گرما کے استعمال سے پیشاب کی رنگت درست ہوجاتی ہے اور گردے کی پتھری ٹوٹ کر خارج ہوجاتی ہے۔ آج کل بلڈ پریشر کا مرض عام ہوتا جارہا ہے۔ بچہ، بوڑھے، جوان سب میں بلڈ پریشر کی بیماری پائی جاتی ہے۔ اس کے علاج کے طور پر بھی اس کا استعمال قدرے اچھے نتائج دیتا ہے۔ اس سے نظام ہضم درست ہوجاتا ہے جسم میں گلوکوز کی کمی پورا کرنے میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔ بدن میں عضلات کے سکیڑ اور نچوڑ کو طبعی کرتا ہے اس کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ صفرا معدل ہے ایسے تمام امراض جن کا سبب صفرا ہے گرما سے فائدہ ہوتا ہے گرما جہاں ایک خوش ذائقہ و صحت بخش پھل ہے وہاں ایک اکیسری دوا بھی ہے جن لوگوں کے ہاتھ پائوں جلتے ہوں جیسے آگ نکلتی ہے۔ بعض لوگ تو سردیوں میں بھی لحاف میں پائوں نہیں رکھ سکتے ایسے لوگ گرما کا استعمال رکھیں تو چند یوم میں نتائج سامنے آئیں گے۔
متفرق
ایک جو کرنے لوگوں کو ایک جوک سنایا
لوگ بہت زیادہ ہنسے
اس نے وہ جوک پھر سنایا تو کم لوگ ہنسے
اس نے وہی جوک پھر سنایا تو کوئی بھی نہ ہنسا
تو پھر اس نے ایک بہت خوبصورت بات کہی
اگر تم ایک خوشی کو لے کے بار بار خوش نہیں ہوسکتے تو پھر
ایک غم کو لے کر بار بار کیوں روتے ہو
لہذا ہمیشہ خوش رہئے۔