منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام خیبر پختونخواہ کے متاثرین سیلاب میں
مکانات کی چابیاں اور چیکس کی تقسیم کی تقریب
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام خیبر پختونخواہ کے متاثرین سیلاب کو مکانات کی چابیاں اور چیکس دینے کی ایک پروقار تقریب راولپنڈی پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی، امیر خیبر پختونخواہ مشتاق سہروردی، رانا فیاض احمد خان، میاں افتخار احمد، شمیم احمد نمبردار اور دیگر ضلعی قائدین نے خصوصی شرکت کی۔
متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی کے سلسلے میں MWF کے زیر اہتمام سندھ، بلوچستان، اور پنجاب میں بالترتیب 37، 55 اور 184مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 508 مکانات کی مرمت کرائی گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 784 مکانات کی تعمیر و مرمت کا کام کیا گیا ہے۔ دس شہروں میں سکولز اور مساجد بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
اس پُروقار تقریب میں مرکزی قائدین نے 110مکانات کی چابیاں اور چیکس متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔
سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم شیخ زاہد فیاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے ریلیف سرگرمیوں کا آغاز 26 جولائی 2010ء سے کیا اور نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں خیمہ بستیاں قائم کی گئیں۔ پہلے مرحلے میں ریسکیو سروس کے ذریعے متاثرین کو نکالا گیا۔ دوسرے مرحلے میں ان کو عارضی ٹھکانے مہیا کیے گئے اور پورے ملک میں 21 خیمہ بستیاں اور 28 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے، جن میں 11825 افراد کو ٹھہرایا گیا۔ 339 ٹرکوں پر مشتمل راشن و دیگر ضروری سامانِ خوردو نوش مہیا کیا گیا۔ پورے ملک سے 13350 کارکنان و رضا کاران نے متاثرین کی بحالی کیلئے کام کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین کی بحالی کیلئے 20 سال سے جاری اعتکاف کی منسوخی کا اعلان بھی کیا۔ اور کارکنان کو عید کے تینوں دن بھی متاثرین کی مدد کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ 125 میڈیکل ریلیف کیمپوں میں 70 ہزار افراد کو میڈیکل ریلیف دیا گیا اور 10 شہروں میں ایمبولینس سروس مہیا کی گئی۔ ڈاکٹرز پیرامیڈیکل سٹاف اور 500 رضا کاران نے طبی امداد کی ان سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محترم افتخار شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3700 خاندانوں کو 4 ماہ تک راشن فراہم کیا گیا۔ منہاج القرآن کے کارکنوں نے عیدالاضحی کو موقع پر 29 سیلاب زدہ شہروں میں اجتماعی قربانی کر کے گوشت متاثرین میں تقسیم کیا۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں متاثرین کی مستقل بحالی کا کام جاری ہے۔ نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں منہاج خیمہ بستیوں کے مکینوں کو مکانات کی مرمت کیلئے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے کی نقد رقوم فراہم کی گئیں۔ جبکہ نوشہرہ میں 85 مکانات کی تعمیر و مرمت پر ایک کروڑ 27 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ یہ کام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مل کر رضاکاران نے کیا۔ شاہ جمال مظفر گڑھ میں 25 گھروں کی تعمیر پر 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ 10 شہروں میں سکولز اور مساجد تعمیر کی جا رہی ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں 45 بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریبات بھی منعقد ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 ہینڈ پمپس بھی متاثرہ علاقوں میں لگائے گئے ہیں۔ اس طرح اب تک متاثرین کی بحالی پر 32 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جا چکی ہے۔