فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کا باقاعدہ قیام 7 دسمبر 1987ء کو عمل میں لایا گیا۔ اِسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ شعبہ براہِ راست مجددِ رواں صدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی زیرسرپرستی اور تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر نگرانی فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ FMRi کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے اِس عظیم علمی و تحقیقی مرکز کا مختصر تعارف اور خدمات نذرِ قارئین ہیں۔
FMRi کے بارے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا اِظہارِ خیال
اِسلام کے تصورِ اِعتدال و توازن، تحمل و برداشت، اَمن و محبت اور بین المسالک ہم
آہنگی و بین المذاہب رواداری کے متنوع موضوعات پر جتنا کام ہورہا ہے، اس سارے کام میں
کلیدی کردار تحریک منہاج القران کے مرکز پر قائم فریدِ ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi)
کا ہے۔ اِن تعلیمات کے فروغ میں اِس مرکزِ تحقیق کی خدمات کا الفاظ میں اِحاطہ الفاظ
کرنا بڑا مشکل ہے۔ FMRi میں تقریباً پچاس کے قریب ریسرچ آفیسرز، ریسرچ اسکالرز، ریسرچ
اسسٹنٹس ہیں اور تحقیقی پراجیکٹس کی علمی و تکنیکی ضروریات کے لیے کمپوزرز اور لائبریرینز
ہیں۔ اس کی وسیع لائبریری ہے جسے آپ پاکستان کی قومی سطح کی عظیم لائبریریز میں سے
ایک شمار کر سکتے ہیں۔ الحمد ﷲ! اب تک میں نے ایک ہزار کے قریب کتب پر تصنیف و تالیف
کا کام مکمل کیا ہے، جن میں سے پانچ سو سے زائد کتب چھپ گئی ہیں۔ میری طرف سے کام مکمل
ہونے کے بعد چھپنے سے پہلے تک کے تمام درمیانی مراحل اِس رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں مکمل
ہوتے ہیں۔ یہاں کتب کی کمپوزنگ، پروف ریڈنگ، تخریج، تحقیق اور آخر میں ریویو ہوتا ہے۔
عربی و انگلش کا جتنا کام ہوتا ہے، اس کا دوسری زبانوں میں ترجمہ بھی ہوتا ہے۔
یہاں عصری و فکری تقاضوں کے پیش نظر ہر قسم کے موضوعات پر کام ہورہا ہے، یعنی بین المذاہب
ہم آہنگی، نوجوان نسل کی فکری و نظریاتی رہنمائی اور لوگوں کی اعتقادی اصلاح کے لیے
بھی بنیادی مواد اور پورا خزانۂ علم تیار ہوتا ہے۔ حتی کہ لوگوں کے اخلاق درست کرکے
انہیں ایک اچھا مسلمان بلکہ خوبصورت انسان بنانے کے لیے تگ و دو کی جاتی ہے تاکہ وہ
سوسائٹی میں بھرپور contribute کر سکیں، انسانیت کے ساتھ محبت کو فروغ دے سکیں، ضرورت
مندوں کے ساتھ پیار کرنے کو عبادت کا تصور دے سکیں اور قدم قدم پر نوجوان نسل اور رہنمائی
کے طالب لوگوں کو رہنمائی کر کے منزل مقصود کا شعور بھی دیں، اسے راہ پر بھی چلائیں
اور منزل تک بھی پہنچائیں۔ علمی و فکری، اعتقادی و نظریاتی او رتحقیقی و روحانی اعتبار
سے بھی اِصلاح کریں۔ جتنا کام ان جہات پر ہو رہا ہے، اس سارے کام کا مرکز و محور تحریک
منہاج القرآن کا یہ فریدِ ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی نے جب اَسّی کی دہائی کے آغاز میں اِصلاحِ اَحوال، اِحیاے اِسلام اور تجدیدِ دین کی عظیم علمی و فکری تحریک منہاج القرآن کا آغاز کیا تو ساتھ ہی مخلوقِ خدا کی رُشد و ہدایت کے لیے بالعموم اور اُمتِ مسلمہ کی رہنمائی کے لیے بالخصوص عصری تقاضوں کے مطابق علمی و تحقیقی کام بھی شروع کر دیا۔ یوں تحریک منہاج القرآن کا یہ طرۂ اِمتیاز ہے کہ یہ اپنے آغاز سے ہی تحریر و تقریر دونوں ذرائع کو بروئے کار لا کر تبلیغِ دین کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ حضرت شیخ الاسلام نے سب سے پہلے جس موضوع پر قلم اٹھایا وہ ’نظامِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک اِنقلاب آفریں پیغام‘ کتاب تھی۔ رفتہ رفتہ تحریک کا کام بڑھتا گیا۔ آپ نے شادمان لاہور کی رحمانیہ مسجد میں دروسِ قرآن سے دعوت کے فروغ کا سلسلہ شروع کیا۔ آغاز میں یہ دروسِ قرآن علیحدہ علیحدہ چھپتے رہے، تاہم جامع کتب کی ترتیب و تدوین کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
1981ء میں آپ کا پہلا اور باقاعدہ علمی و تحقیقی شاہکار ’تسمیۃ القرآن‘ منظر عام پر آیا۔ 1982ء میں ’سورۂ فاتحہ اور تعمیرِ شخصیت‘ کے علاوہ آپ کی فکر انگیز کتاب ’اسلامی فلسفہ زندگی‘ یکے بعد دیگرے شائع ہوئیں جنہوں نے اَہلِ علم و فکر کے وسیع حلقے کو متاثر کیا۔
1985ء سے 1987ء تک آپ کی کتب ’اَرکانِ ایمان‘، ’فرقہ پرستی کا خاتمہ کیونکر ممکن ہے؟‘، ’ایمان اور اسلام‘ اور متعدد انگریزی کتابچے زیورِ طبع سے آراستہ ہوئے۔ اِس دوران میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے خطبات، دروس اور لیکچرز کا سلسلہ بھی کافی وسیع ہوچکا تھا۔ اِس تمام علمی و تحقیقی اور فکری مواد کی اِشاعت کے لیے بانیِ تحریک کی زیرِ نگرانی مؤرّخہ 7 دسمبر 1987ء کو منہاج القرآن رائٹرز پینل کی بنیاد رکھی گئی۔ اس علمی و تحقیقی مرکز کو بانی تحریک کے والدِ گرامی حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رَحِمَہُ اﷲ سے موسوم کیا گیا۔
اس وقت یہ شعبہ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی نگرانی میں انتہائی مستعدی سے اپنے اَہداف کے حصول کی جانب گامزن ہے۔
مقاصدِ قیام
فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کے قیام کے درج ذیل مقاصد ہیں، جو اِس پلیٹ فارم کی بلند سوچ اور وسعتِ ظرف کے عکاس ہیں:
- اَمن و اِعتدال اور جدتِ فکر پر مبنی اِسلام کے حقیقی پیغام کی تبلیغ و اِشاعت
- تحریکِ منہاجُ القرآن کی فکر کی ترویج
- نئی نسل کو بے یقینی، اَخلاقی زوال اور اَغیار کی ذہنی غلامی سے نجات دلانے کے لیے اِسلامی تعلیمات کی جدید ضروریات کے مطابق اِشاعت
- مذہبی اَذہان کو علم کے میدان میں ہونے والی جدید تحقیقات سے روشناس کرانا
- راہِ حق سے بھٹکے ہوئے مسلمانوں کو اپنا صحیح ملی تشخص باوَر کرانا
- مسلم اُمّہ کو درپیش مسائل کا مناسب حل تلاش کرنا
- نوجوان نسل کو دین کی طرف راغب کرنا
- تحریکِ منہاجُ القرآن سے وابستہ اَفراد کی علمی و فکری تربیت کا نظام وضع کرنا اور تربیتی نصاب مدوّن کرنا
- تحریکِ منہاجُ القرآن سے وابستہ اَہلِ قلم کو مجتمع کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو تحریک کے پلیٹ فارم پر جہاد بالقلم کے لیے بروئے کار لانا
- ملکی و بین الاقوامی سطح پر اَہلِ قلم تک تحریک کی دعوت بذریعہ قلم پہنچانا اور اُنہیں مصطفوی مشن کے اِس پلیٹ فارم پر جمع کرنا
- اَساسی و فکری نوعیت کے موضوعات پر مضامین اور تحقیقی مقالات تیار کرنا اور ذرائع اَبلاغ کے ذریعے انہیں شائع کروانا
- علمی و فکری موضوعات پر کتب تصنیف کرتے ہوئے علمی و تحقیقی اور روحانی و تربیتی ضروریات کو پورا کرنا
- قائد تحریک کے مختلف دینی، سماجی، اقتصادی، سیاسی و سائنسی، اور اخلاقی و روحانی موضوعات پر فکر انگیز اور اِیمان اَفروز خطابات کو کتابی صورت میں مرتب کروانا
- رِیسرچ اسکالرز سے اہم موضوعات پر تحقیقی مواد تیار کروانا اور اسے شائع کروانا
- جدید اُسلوبِ تحقیق اور عصری تقاضوں کے مطابق اسلامی ورثہ کو نسلِ نو کی طرف منتقل کرنا
شعبہ جاتی اِرتقاء اور کارکردگی
ابتداً جب شعبہ تحقیق و تدوین قائم ہوا تو اس میں کچھ عرصہ کے لیے جامعہ اِسلامیہ منہاج القرآن (شریعہ کالج) کے اساتذہ کرام نے جز وقتی خدمات سرانجام دیں۔ بعدازاں جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فضلاء میں سے اَعلیٰ صلاحیتوں کے حامل اَفراد کی باقاعدہ تقرری عمل میں لائی گئی۔
1988ء کا سال تحریک منہاج القرآن کی ملک گیر شہرت اور بیرون ملک سرگرمیوں میں اِنقلابی پیش رفت کا سال تھا۔ چنانچہ اِسی سال فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے درج ذیل شعبہ جات بھی قائم ہوئے:
- لائبریری
- شعبہ نقل نویسی
- شعبہ تحقیق و تدوین
- شعبہ تراجم
- شعبہ کتابت و ڈیزائننگ
2000ء میں فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کو مزید وسعت دی گئی اور اسے لائبریری سمیت مرکزی سیکرٹریٹ کی مرکزی عمارت سے باہر جامع مسجد منہاج القرآن کی بیسمنٹ یعنی صفہ بلاک میں منتقل کر دیا گیا جہاں ایک شاندار لائبریری ہال اور درج ذیل شعبہ جات کا اضافہ ہوا:
- شعبہ کمپوزنگ
- شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی
- شعبہ ادبیات
- شعبہ ترتیب و تدوین
اِنسٹی ٹیوٹ کی یہاں منتقلی کے بعد حسب گنجائش مختلف شعبوں میں مزید افراد کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔
عصرِ حاضر کے ماحولیاتی اور تکنیکی تقاضوں کے پیشِ نظر فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کی عمارت کو بھی جدید اُصولوں کے مطابق renovate کیا گیا ہے۔ 2016ء اور 2017ء میں بانیِ تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری صاحب کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کے مطابق FMRi کے تحقیقی یونٹ اور لائبریری کو state of the art خطوط پر استوار کرتے ہوئے purpose-built campus بنایا گیا۔ اس سارے کام کا سہرا تحریک منہاج القرآن کے ناظم اَعلیٰ محترم خرم نواز گنڈاپور کے سرجاتا ہے، جنہوں نے ایک ایک گوشے اور کونے پر بھی توجہ مرکوز رکھی اور اِس طرح فنِ تعمیر کا انتہائی شاندار اور اچھوتا شاہ کار پایہ تکمیل کو پہنچا۔
فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کو یہ اِعزاز حاصل ہے کہ اِس میں تمام مراحلِ تحقیق و تدوین، تیاریِ مواد، کمپوزنگ، پروف ریڈنگ، حوالہ جات کی تخریج، لے آؤٹ ڈیزائننگ، ٹائپ سیٹنگ، ٹائٹل وغیرہ ایک ہی چھت تلے مکمل کیے جاتے ہیں۔
اِس عظیم علمی و تحقیقی مرکز کے ذیلی شعبہ جات کا مختصر تعارف درج ذیل ہے:
1۔ شعبہ تحقیق و تدوین
1988ء میں قائم ہونے والے شعبہ جات میں یہ شعبہ سرفہرست تھا۔ FMRi کے زیرِ اِہتمام شائع ہونے والی کتب میں تحقیق و تخریج کا معیار ملک بھر کے کسی بھی تحقیقی اِدارے کے مقابلے میں معیاری، وقیع اور مستند ہوتا ہے۔ اِس شعبہ کی اَعلیٰ کارکردگی کی بدولت تحریکِ منہاجُ القرآن کی علمی خدمات کو ملک کے علمی حلقوں میں اِنتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
اِس شعبہ میں زیادہ تر منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک اسٹڈیز (COSIS) کے فضلاء علوم اسلامیہ میں تخصص کی بناء پر کل وقتی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج برائے خواتین کی فاضلات اور دیگر محققات بھی دینی جذبے اور پوری لگن سے اس شعبے میں شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔
شعبہ تحقیق و تدوین کا خواتین و حضرات پر مشتمل مستعد رِیسرچ اسٹاف حضرت شیخ الاسلام مدظلہ العالی کا عظیم اِنقلابی پیغام اعلیٰ معیاری مطبوعات اور انٹرنیٹ کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے شب و روز پوری دِل جمعی اور تن دہی سے مصروفِ عمل ہے۔
اِس شعبے میں فاصلاتی اسکالرز - جو اپنی مصروفیات کے باعث باقاعدگی سے اِنسٹی ٹیوٹ میں نہیں آسکتے - بھی اپنی تحقیقی خدمات کے ذریعے اِس عظیم کام میں شرکت کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ ملک پاکستان سے باہر قیام پذیر اَفراد بھی اِعزازی طور پر تحقیقی خدمات سرانجام دیتے رہتے ہیں۔ نیز منہاج یونی ورسٹی کے کالج آف شریعہ کے اساتذہ کرام بھی اس شعبہ کے مختلف تحقیقی امور میں خدمات سرانجام دیتے رہتے ہیں۔
یہ اَمر قابلِ ذکر ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے ہمراہ کینیڈا میں بھی FMRi کے اسکالرز موجود ہیں جو براہِ راست معاونت کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔
2۔ رِیسرچ رِیویو کمیٹی
حضرت شیخ الاسلام کی پاکستان میں عدم موجودگی کے دوران میں تحقیقی امور کی نگرانی کے لیے 2006ء میں شعبہ کے سینئر افراد پر مشتمل ریسرچ ریویو کمیٹی (RRC) کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس کمیٹی کے ذمہ تمام اسکالرز سے ریسرچ پراجیکٹس کی رپورٹس لینا، انہیں ہدایات دینا اور ان کا فالو اپ کرنا ہوتا ہے۔ کمیٹی کی پندرہ روزہ میٹنگ منعقد ہوتی ہے، جس میں پراجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ بعد ازاں کمیٹی کی سفارشات حضرت شیخ الاسلام کو پیش کی جاتی ہیں اور ان کی توثیق کے بعد نافذ کی جاتی ہیں۔
3۔ لائبریری
فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) میں رِیسرچ اسکالرز کے استفادہ کے لیے ایک بہت شاندار اور وسیع لائبریری موجود ہے جس کا شمار ملک پاکستان کی قومی سطح کی عظیم لائبریریز میں ہوتا ہے۔ اس میں قریباً 35 ہزار کتب کا نادر و نایاب ذخیرہ موجود ہے۔ اِس حوالہ جاتی اور تحقیقی مواد پر مشتمل کتب خانہ میں MPhil اور PhD کی سطح کی تحقیق کرنے والے طلباء کے لیے مفید علمی مصادر و مآخذ دستیاب ہیں۔ عالم عرب اور دنیائے مغرب میں اِسلام پر شائع ہونے والی تصانیف اور تحقیقی مواد کو اس لائبریری کے لیے حاصل کرنے کی سعی کی جاتی ہے۔ اِنسٹی ٹیوٹ میں ہونے والے فکری و سنجیدہ تحقیقی کام کی وجہ سے یہ حوالہ جاتی لائبریری نہ صرف شہر لاہور میں منفرد علمی و تحقیقی مقام کی حامل بن چکی ہے بلکہ اِس کا شمار قومی سطح کے چند فعال تحقیقی اداروں میں کیا جا سکتا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے زیر مطالعہ رہنے والی تمام ذاتی کتب اِس لائبریری میں مکتبہ فریدیہ قادریہ کے نام سے الگ سیکشن میں موجود ہیں۔ مکتبہ فریدیہ قادریہ کی 1,600 کتب کا یہ نایاب ذخیرہ لائبریری ہذا کے قیام کی بنیاد ہے۔ ان کتب کی اہمیت و ندرت کے پیش نظر اس مکتبہ کو archive کا درجہ حاصل ہے۔ مذکورہ مکتبہ میں قرآن و حدیث، سیرتِ طیبہ، فقہ و اُصولِ فقہ، تصوف، طب اور میڈیکل سائنس جیسے کئی موضوعات پر نادِر کتب دستیاب ہیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی عرب و عجم کے کسی بھی ملک جاتے ہیں، تو وہاں کے بڑے بڑے کتب خانوں سے بیش قیمت و نایاب کتب اس لائبریری کے لیے خرید کر لاتے ہیں۔ اس وقت لائبریری میں علم التفسیر و علوم القرآن، علم الحدیث و اصول الحدیث، علم الفقہ واصولہ، سیرتِ طیبہ، تصوف، لغت و ادب، تاریخ، سوانح و اِقبالیات اور دیگر موضوعات پر کتب کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ لائبریری میں جدید علوم پر بھی کتب کا گراں قدر ذخیرہ موجود ہے جن میں سیکڑوں مضامین پر مختلف النوع کتب پائی جاتی ہیں۔
لائبریری میں ذخیرہ کتب کی تعداد کا پنج سالہ ریکارڈ کچھ یوں ہے:
مدت |
تعداد کتب |
کل کتب |
آغاز | 1600 | 1600 |
اضافہ 1990 | 1,375 | 2,975 |
اضافہ 1995 | 8,325 | 11,300 |
اضافہ 2000 | 5,900 | 17,200 |
اضافہ 2005 | 7,300 | 24,500 |
اضافہ 2010 | 5,500 | 30,000 |
اضافہ 2015 | 3,400 | 33,400 |
اضافہ 2017 | 1,600 | 35,000 |
FMRi کی لائبریری کو یہ اِعزاز بھی حاصل ہے کہ مغربی ممالک کی لائبریریوں کی طرح یہ صبح نو بجے سے رات گیارہ بجے تک کھلی رہتی ہے۔ لائبریری میں کتب کی درجہ بندی جدید طریقے سے کی گئی ہے۔ آج کل لائبریری آٹو میشن کے آخری مراحل میں ہے۔
جدید عصری ضروریات کی تکمیل کے لیے FMRi میں ڈیجیٹل لائبریری کا قیام بھی عمل میں لایا جاچکا ہے، جس میں ہزارہا کتب موجود ہیں۔
4۔ شعبہ ترجمہ
اِس شعبہ کے ذِمّہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصنیفات کو اردو سے انگریزی اور عربی میں یا اس کے برعکس منتقل کرنا ہے۔ اِس شعبہ میں فاصلاتی اور بیرون ملک مقیم مترجمین بھی اپنی اپنی اِستعداد کے مطابق خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
حضرت شیخ الاسلام کی تصانیف کا عربی اور انگریزی زبانوں میں تراجم کے علاوہ دیگر علاقائی اور بین الاقوامی زبانوں میں ترجمہ کا کام بھی جاری ہے۔ آپ کی تصانیف کا ہندی، سندھی اور پشتو کے ساتھ ساتھ جرمن (German)، فرانسیسی (French)، نارویجن (Norwegian)، ہسپانوی (Spanish)، ڈینش (Danish)، ملایالم (Malayalam)، انڈونیشین (Bahasa Indonesia)، ہندی، بنگالی، فارسی اور ترکی زبانوں میں بھی ترجمہ ہو رہا ہے۔
حضرت شیخ الاسلام کا ترجمہ قرآن ’عرفان القرآن‘ کا دنیا کی دس زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ تفسیری شان کا حامل یہ جدید ترین ترجمہ قرآن دنیا کی سات زبانوں یعنی اردو، انگریزی، یونانی (Greek)، فنش (Finland)، نارویجن (Norwegian)، ہندی اور سندھی میں طبع ہوچکا ہے، جب کہ تین زبانوں - فرانسیسی (French)، ڈینش (Danish) اور بنگالی - میں تکمیلی مراحل میں ہے۔
اسی طرح عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا مختصر مجموعہ احادیث - المنہاج السوی من الحدیث النبوی - چار زبانوں یعنی اردو، انگریزی، ہندی اور سندھی میں طبع ہوچکا ہے۔
دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے خلاف آپ کا مبسوط تاریخی فتویٰ کا ترجمہ بھی تیرہ زبانوں میں ہو چکا ہے۔ ان میں سے آٹھ زبانوں میں چھپ چکا ہے جب کہ پانچ زبانوں میں زیر طبع ہے۔ (تفصیل آگے آرہی ہے۔)
علاوہ ازیں 35 کتب کا بنگالی زبان میں جب کہ درجنوں کتب کا بھارت کی علاقائی زبانوں میں ترجمہ چھپ چکا ہے۔
دنیا بھر میں جہاں جہاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کے تراجم کا کام ہورہا ہے، یہ شعبہ وہاں اپنی خدمات اور تکنیکی معاونت بھی فراہم کرتا ہے۔
5۔ شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی
فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں تمام اسکالرز جدید ترین تحقیقی ذرائع و وسائل کو بروئے کار لا کر اپنے تحقیقی اُمور تیزی سے مکمل کرتے ہیں۔ اِنسٹی ٹیوٹ کے ریفرنس سیکشن میں موجود ہزاروں ڈیجیٹل عربی کتب پر مشتمل ذخیرہ کے حوالے سے جہاں متعدد رِیسرچ اسکالرز شب و روز کی محنتِ شاقہ سے تحقیق کا معیار بلند کرتے ہیں وہاں اِنفارمیشن ٹیکنالوجی کے اِس اِستعمال کی بدولت تحقیق و جستجو کو سرعتِ رفتار بھی ملتی ہے۔ علاوہ ازیں تحقیقی مقاصد کے لیے ڈیجیٹل اِنسائیکلوپیڈیاز اور لغات بھی موجود ہیں جن سے استفادہ کی بدولت جدید تحقیقی اُسلوب سے کما حقہٗ آگہی حاصل ہوتی ہے۔ عالم مغرب کی آن لائن لائبریریوں کی باقاعدہ رُکنیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اِنٹرنیٹ کی سہولت دن رات مہیا کی گئی ہے۔
یہ شعبہ منہاج انٹرنیٹ بیورو (MIB) کے تعاون سے حضرت شیخ الاسلام کی اُردو، عربی اور انگریزی تصانیف مختلف صورتوں (تصویری روپ، یونی کوڈ، پی۔ ڈی۔ ایف) میں آن لائن مطالعہ کے لیے MinhajBooks.com پر شائع کرتا ہے۔
حضرت شیخ الاسلام کی پاکستان میں عدم موجودگی کے دوران میں یہ شعبہ انہیں تحقیقی کام کے بارے میں اپ ڈیٹ رکھتا ہے اور ان کی طرف سے موصول ہونے والے مواد اور ہدایات کو ریسرچ اسکالرز تک پہنچاتا ہے۔ گویا یہ شعبہ حضرت شیخ الاسلام اور ریسرچ اسکالرز کے مابین ایک پل کا کام بھی سرانجام دیتا ہے۔
6۔ شعبہ کمپوزنگ
FMRi کا اپنا کمپوزنگ سیکشن ہے۔ اِس کا بنیادی مقصد رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے پراجیکٹس کو بیک وقت تینوں زبانوں (اُردو، عربی، اَنگریزی) میں کمپوز کر کے کتابی شکل میں قابلِ اِشاعت بنانا ہے۔ یہاں موجود کمپیوٹر نیٹ وَرک کی مدد سے تحقیق و تخریج سے لے کر کمپوزِنگ تک کے تمام مراحل ایک ہی چھت تلے مکمل کیے جاتے ہیں۔ اس شعبہ میں مسودات کی کمپوزنگ اور فارمیٹ کی تیاری برائے طباعت کی جاتی ہے۔ کام کو معیاری سطح پر سرانجام دینے کے لیے ڈیسک ٹاپ پبلشنگ کی خاطر اردو، انگریزی اور عربی کمپوزنگ پیٹرن (composing pattern) بھی وضع کیے گئے ہیں۔
7۔ شعبہ نقل نویسی
حضرت شیخ الاسلام کے کم و بیش چھ ہزار خطابات اور لیکچرز و دروس اسلام کے ہر موضوع جیسے قرآن و حدیث، سیرۃ الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، فقہ و اُصولِ فقہ، روحانیات، تصوف، عقائد، اخلاقیات، فلسفہ، فکریات، اِلٰہیات، سیاست (قومی و بین الاقوامی)، عمرانیات، معاشیات، ثقافت، سائنس، میڈیکل سائنس، حیاتیات، فلکیات، اِمبریالوجی اور پیراسائیکالوجی وغیرہ پر موجود ہیں، جوکہ ملک پاکستان اور بیرونی دنیا میں وقتاً فوقتاً دیے جاتے ہیں۔ یہ لیکچرز آن لائن مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر دستیاب ہیں۔ اس شعبہ میں اس سمعی و بصری مواد کو سن کر من و عن کمپوز کر لیا جاتا ہے۔ فوری حوالہ کے لیے لیکچرز کے اہم نکات و اقتباسات اخذ کیے جاتے ہیں۔ یہ شعبہ لیکچرز کو ترتیب و تدوین کے لیے تیار کرتا ہے، بعد ازاں شعبہ تحقیق و تدوین اپنے موضوعات کی تیاری میں ان نقل شدہ خطابات کو استعمال میں لاتا ہے۔
8۔ شعبہ خطاطی
موجودہ شعبہ کمپوزنگ کے فعال ہونے سے قبل جملہ کتب کی کتابت ہاتھ سے ہی کی جاتی تھی، ادارے نے کئی خوش نویس ماہرین کی کل وقتی اور جز وقتی خدمات حاصل کر رکھی تھیں۔
اب اس شعبہ کے ذِمّہ حضرت شیخ الاسلام کی کتب کے ٹائٹل لکھنا اور دیگر ضروری مواد کی کتابت کرنا ہے۔ علاوہ ازیں یہ شعبہ تحریکِ منہاجُ القرآن کی طرف سے جاری کردہ کتبہ جات / اشتہارات کی لکھائی اور تنظیماتی ڈھانچے کی جدول سازی بھی کرتا ہے۔ تحریکِ منہاجُ القرآن، COSIS، منہاج کالج برائے خواتین اور دیگر ادارہ جات کی جانب سے جاری ہونے والی اَسناد (certificates) اور دستاویزات کی لکھائی بھی اِسی شعبہ کے ذِمّہ ہے۔
9۔ شعبہ مسودات
یہ شعبہ اِنسٹی ٹیوٹ کے ریکارڈ کا انتظام و اِنصرام کرنے پر مامور ہے۔ یہاں حضرت شیخ الاسلام کی مطبوعہ و غیر مطبوعہ کتب، حضرت شیخ الاسلام کے قلمی مسودات و نقل شدہ خطابات اور رِیسرچ اسکالرز کے لکھے ہوئے مسودات کا ریکارڈ تیار کیا جاتا ہے۔
10۔ شعبہ ادبیات
یہ شعبہ اِنسٹی ٹیوٹ میں ہونے والے تحقیقی کام کی ادبی حوالے سے نوک پلک درست کرتا ہے۔ اِنسٹی ٹیوٹ کے زیر اِہتمام شائع ہونے والی کتب کی عبارت آرائی اور لغوی درستگی اِسی شعبہ کی ذِمّہ داری ہے۔
11۔ شعبہ ترتیب و تدوین
حضرت شیخ الاسلام کے تمام خطابات کی ترتیب و تدوین اور انہیں کتابی شکل میں قابل اشاعت بنانے کے لیے اس شعبہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
12۔ دار الافتاء
عامۃ الناس کو دین کے بارے میں بنیادی معلومات اور روز مرہ زندگی میں پیش آمدہ مسائل کا عصری تقاضوں کے مطابق حل قرآن و سنت کی روشنی میں فراہم کرنے کے لیے دارُ الافتاء کا اہم شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے سربراہ صدر دار الافتاء محترم مفتی عبد القیوم خان ہزاروی ہیں۔ مفتی صاحب کے فتاویٰ کو بعد ازاں کتابی شکل دی جاتی ہے اور منہاج الفتاویٰ کے نام سے پانچ ضخیم جلدوں میں چھپ چکا ہے۔ یہ فتاویٰ حسبِ ضرورت و اہمیت ماہنامہ منہاج القرآن میں بھی شامل اشاعت کیے جاتے ہیں۔ شعبہ ہٰذا میں اندرون و بیرون ملک سے سائلین خطوط، ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے مسائل کا حل معلوم کرتے ہیں۔
یہ شعبہ آن لائن فتویٰ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ www.thefatwa.com نامی ویب سائٹ پر لوگ اپنے سوالات رجسٹر کراتے ہیں، جن کا جواب باری آنے پر ویب سائٹ پر نشر کیا جاتا اور سائل کو بذریعہ ای میل مطلع کر دیا جاتا ہے۔
13۔ شعبہ تحقیقی تربیت
فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں جدید اُسلوبِ تحقیق اور عصری تقاضوں کے مطابق اسلامی ورثہ کو نسلِ نو کی طرف منتقل کرنے کے لیے سنجیدہ طبع اور تحقیق کے شائق افراد کی تربیت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
شعبہ تحقیق و تدوین میں تحقیقی تربیت حاصل کرنے کے لیے بھی متلاشیانِ علم آتے ہیں۔ اس شعبہ میں زیادہ تر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک اسٹڈیز کی منتہی کلاسوں کے طلبائ، ایم فل اور ڈاکٹریٹ کے سکالرز آتے ہیں، جنہیں جدید خطوط پر تحقیق و تدوین کی تربیت دی جاتی ہے۔ بعد ازاں یہ زیر تربیت اسکالرز فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں ہی مستقل بنیادوں پر خدمات سرانجام دیتے ہیں یا حسب توفیق کسی اور مقام پر خدمت دین میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ یہاں اندرون و بیرون ملک سے MPhil اور PhD کے طلباء بھی اپنے موضوعات سے متعلق رہنمائی اور تحقیقی مواد کے حصول کے لیے آتے رہتے ہیں۔
مطبوعاتِ FMRi
بحمدہ تعالیٰ تمام شعبہ جات کے باہمی اِشتراک اور تعاون سے اِس وقت تک FMRi کے زیراہتمام قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مختلف موضوعات پر پانچ سو تیس سے زائد کتب تحقیق و تدوین کے مراحل سے گزر کر اُردو، عربی اور اَنگریزی زبان میں منظر عام پر آچکی ہیں۔ چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی پانچ اور صدر تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی انیس کتب بھی چھپ چکی ہیں۔ اُردو کتب کے عربی، اَنگریزی و دیگر زبانوں میں تراجم کا کام بھی اس کے ساتھ ساتھ جاری ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں پھیلے ہوئے تحریکی نیٹ وَرک سے وابستہ کارکنان اپنی مقامی زبانوں میں بھی یہ کتب شائع کرانے میں مصروف ہیں اور انہیں بھی FMRi تکنیکی و تحقیقی معاونت فراہم کرتا ہے۔
اب تک اس اِنسٹی ٹیوٹ میں جن موضوعات پر تحقیقی کام ہوا ان کی وضاحت اس گوشوارے سے بخوبی ہوتی ہے:
نمبر شمار | موضوعات | تعداد کتب |
1 | القرآن و علوم القرآن | 27 |
2 | الحدیث | 131 |
3 | ایمانیات عبادات | 22 |
4 | اِعتقادیات (اُصول و فروع) | 34 |
5 | سیرت و فضائلِ نبوی | 52 |
6 | ختم نبوت و تقابلِ اَدیان | 7 |
7 | فقہیات | 15 |
8 | اَخلاق و تصوف | 23 |
9 |
اَوراد و وظائف | 15 |
10 | اِقتصادیات | 10 |
11 | فکریات | 46 |
12 | دستوریات و قانونیات | 11 |
13 | شخصیات | 27 |
14 | اِسلام اور سائنس | 5 |
15 | اَمن و محبت اور ردّ تشدد و اِرباب | 18 |
16 | حقوقِ انسانی اور عصریات | 7 |
17 | سلسلہ تعلیماتِ اِسلام | 11 |
18 | English Books | 69 |
کل تعداد | 530 |
ذیل میں تاحال شائع ہونے والی کتب کی پیش رفت اِس طرح درج کی جاتی ہے کہ ہر پانچ سال بعد کتنی کتب زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئیں:
عرصہ | تعداد مطبوعات |
1981ء-1985ء | 31 |
1986ء-1990ء | 87 |
1991ء-1995ء | 64 |
1996ء-2000ء | 36 |
2001ء-2005ء | 63 |
2006ء-2010ء | 119 |
2011ء-2015ء | 94 |
2016ء-2017ء | 36 |
کل تعداد | 530 |
حضرت شیخ الاسلام کا سارا تحقیقی اور فکری و اعتقادی کام ان سے مکمل ہو جانے کے بعد اس کی کمپوزنگ، پروف ریڈنگ، فٹ نوٹ اور حوالہ جات کی تخریج، عربی کام کا ترجمہ الغرض طباعت تک کے تمام مراحل اِس رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں ہی مکمل ہوتے ہیں۔
فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب
آج تحریکِ منہاجُ القرآن دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اِسلام کا آفاقی پیغامِ اَمن و سلامتی عام کرنے لیے مصروفِ عمل ہے۔ بانی تحریک حضرت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کو عالمی سطح پر اَمن کے سفیر کے طور پر پہچانا جاتا ہے؛ جب کہ بہبودِ اِنسانی کے لیے آپ کی علمی و فکری اور سماجی و فلاحی خدمات کا بین الاقوامی سطح پر اِعتراف بھی کیا گیا ہے۔
دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے خلاف آپ کا مبسوط تاریخی فتویٰ دنیا بھر میں قبولِ عام حاصل کر چکا ہے جسے دنیا بھر کے محققین نے سراہا ہے۔ عالم اسلام کے سب سے بڑے تحقیقی ادارے مجمع البحوث الاسلامیۃ (قاہرہ، مصر) نے بھی اس کے مشتملات کی تائید کی ہے اور اس پر مفصل تقریظ لکھی ہے۔ آپ کا یہ تاریخی فتویٰ اِس وقت تک اردو، عربی، انگریزی، نارویجن (Norwegian)، فرانسیسی (French)، انڈونیشین (Bahasa Indonesia)، ہندی، اور سندھی زبانوں میں چھپ چکا ہے، جب کہ ڈینش (Danish)، ہسپانوی (Spanish)، ملایالم (Malayalam)، فارسی اور ترکی زبانوں میں بھی جلد شائع ہوگا۔
حضرت شیخ الاسلام نے اسلام کا امن، اعتدال، توازن، رواداری، برداشت، محبت اور بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کا چہرہ پوری دنیا میں متعارف کروایا۔ اس سلسلے میں آپ نے فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کے لیے اِسلامی نصاب (Islamic Curriculum on Peace and Counter-Terrorism) مرتب کیا۔ اس سارے کام کی تکمیل میں فریدِ ملّت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اِس نصاب میں
اردو، انگریزی اور عربی میں کل 10 کتب بطور متن ہیں، جب کہ 36 کتب اِس نصاب کے فہم اور واضحیت کے لیے تفصیلی و تائیدی مواد کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اِن جملہ 46 کتب میں سے 24 کتب اُردو میں، 19 کتب انگریزی میں اور 3 کتب عربی زبان میں ہیں۔
ان کتب کی جامع فہرست برائے اِفادہ عام درج ذیل ہے:
1۔ اُردو کتب
- فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب: ریاستی سکیورٹی اِداروں کے افسروں اور جوانوں کے لیے
- فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب: اَئمہ، خطباء اور علماء کرام کے لیے
- فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب: اَساتذہ، وکلاء اور دیگر دانشور طبقات کے لیے
- فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب: طلبہ و طالبات کے لیے
- فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب: سول سوسائٹی کے جملہ طبقات کے لیے
- دہشت گردی اور فتنہ خوارج (مبسوط تاریخی فتویٰ)
- اِسلام دینِ اَمن و رحمت ہے
- مسلمانوں اور غیر مسلموں کے باہمی تعلقات
- اِسلام اور اَہلِ کتاب (تعلیماتِ قرآن و سُنّت اور تصریحاتِ اَئمہ دین)
- الجہاد الاکبر
- اِسلام میں محبت اور عدمِ تشدّد
- اِسلام: دینِ اَمن یا دینِ فساد؟
- خونِ مسلم کی حرمت
- اِسلامی ریاست میں غیر مسلم کے جان و مال کا تحفظ
- فتنۂ خوارج {تاریخی، نفسیاتی، علمی اور شرعی جائزہ}
- اِسلام اور خدمتِ اِنسانیت {اَلأَحْکَامُ الشَّرْعِیَّة فِي کَوْنِ الْإِسْلَامِ دِیْنًا لِخِدْمَةِ الْإِنْسَانِیَّة}
- رحمتِ اِلٰہی پر اِیمان اَفروز آیات و اَحادیث {اَلْبَیَان فِي رَحْمَةِ الْمَنَّان}
- جمیع خلق پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت و شفقت {اَلْوَفَا فِي رَحْمَةِ النَّبِيِّ الْمُصْطَفٰی صلی الله علیه وآله وسلم}
- اَربعین: رحمتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم {اَلْعَطَاءُ الْعَمِیْم فِي رَحْمَةِ النَّبِيِّ الْعَظِیْمِ صلی الله علیه وآله وسلم}
- اِسلام میں اِنسانی حقوق
- اَلإِنْتِبَاہُ لِلْخَوَارِجِ وَالْحَرُوْرَاءِ
- لَا إِکْرَاہَ فِي الدِّیْنِ کا قرآنی فلسفه
- تحریک منہاج القرآن کا تصورِ دین
- فرقہ پرستی کا خاتمہ کیونکر ممکن ہے؟
2. English Books
-
Islamic Curriculum on Peace & Counter-Terrorism: For Clerics, Imams and Teachers
-
Islamic Curriculum on Peace & Counter-Terrorism: For Young People and Students
-
Islamic Curriculum on Peace & Counter-Terrorism: Further Essential Reading
-
Fatwa on Terrorism and Suicide Bombings
-
Islam on Mercy and Compassion
-
Muhammad a: The Merciful
-
Muhammad a: The Peacemaker [underprint]
-
Relations of Muslims and non-Muslims
-
Islam on Serving Humanity
-
Islam on Love & non-Violence
-
The Supreme Jihad
-
Islamic Means of Peace [underprint]
-
Peace, Integration and Human Rights
-
Islamic Spirituality & Modern Science (The Scientific Bases of Sufism)
-
ISIS Exposed through Prophetic Traditions [underprint]
-
ISLAM: The Religion of Peace or Terror?
-
Teachings of Islam Series: Peace and Submission
-
Teachings of Islam Series: Faith
-
Teachings of Islam Series: Spiritual & Moral Excellence
3۔ عربی کتب
- الإرہاب وفتنة الخوارج (فتوٰی)
- المنهج الإسلامي لتعزیر السلام ومکافحة الإرہاب: للأئمة والعلماء والأساتذة الکرام
- المنهج الإسلامي لتعزیر السلام ومکافحة الإرهاب: للشّباب والطلبة
مجددِ رواں صدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں کام کرنے والے اس مرکز تحقیق کی اسلام کی تعلیمات کے فروغ میں خدمات کا احاطہ الفاظ میں کرنا بڑا مشکل ہے۔ تحریکِ منہاجُ القرآن علمی و فکری، اعتقادی، نظریاتی، تحقیقی اور روحانی جہتوں پر جتنا بھی کام ہو رہا ہے اس سارے کام کا مرکز و محور یہ فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ ہے۔