منہاج یونیورسٹی لاہور کا کانووکیشن 10 دسمبر 2016ء کو رال پام کنٹری کلب لاہور میں ہوا، جس میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہالت لاعلمی سے بدتر ہے۔ حقائق سے ناواقفیت لاعلمی ہے۔ حقیقت تک یقین کے ساتھ رسائی علم ہے۔ نوجوان بامقصد تعلیم حاصل کریں۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں علم و آگاہی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور عالمی سطح پر اس کے علمی، تحقیقی کردار کو سراہا جارہا ہے۔ علم نافع کی پہچان یہ ہے کہ اس سے تنگ نظری، نفرت اور کدورتیں کم ہوتی ہیں۔ دل، دماغ میں کشادگی آتی ہے، انسانیت سے پیار بڑھتا ہے۔ اگر علم کے حصول کے بعد تنگ نظری کم ہونے کے بجائے بڑھ جائے، محبت کی جگہ نفرت لینے لگے تو پھر یہ سمجھ لو کہ یہ علم نہیں کچھ اور ہے۔ دعا ہے کہ فارغ التحصیل طلباء و طالبات عملی زندگی میں اپنے لیے، اپنے ملک کیلئے، اپنے اہل خانہ کیلئے راحت اور سکون کا باعث بنیں۔ میں پی ایچ ڈی، ایم فل، اسلامک سٹڈیز، کمپیوٹر سائنس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد اور ڈھیروں دعائیں دیتا ہوں۔
اس موقع پر ایم یو ایل کے وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز محترم ڈاکٹر حسین محی الدین، چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین، وائس چانسلر محترم ڈاکٹر محمد اسلم غوری، ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈاپور، ایف سی یونیورسٹی کے رجسٹرار محترم حامد سعید اختر، پروفیسر محترم ڈاکٹر رانا یونس، محترم کرنل (ر) محمد احمد، محترم ڈاکٹر جمال عباسی، محترم ڈاکٹر سی ایم محمد حنیف اور محترم احمد مصطفی العربی نے کانووکیشن سے خطاب کیا۔ محترم ڈاکٹر اسلم غوری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین محترم ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا یہ امتیاز ہے کہ یہاں مقابلتاً بہت کم فیس لے کر عالمی معیار کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ایم یو ایل کے گریجوایٹ طلبہ و طالبات زندگی کے مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں اور ملک و قوم کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ طلبہ علم برائے عہدہ یا ڈگری کی بجائے علم برائے خدمت و اصلاح کیلئے حاصل کریں۔ علم کی شمعیں روشن کرنے سے ہی جہالت کے اندھیرے ختم ہونگے۔
Annual Assembly 2016 منہاج ایجوکیشن سوسائٹی
رپورٹ: وحید اختر (ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ)
29 نومبر 2016ء منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم nnual صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ssembly 2016 اور فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ کا انعقاد الحمراء ہال لاہور میں کیا گیا۔ جس میں ملک بھر سے منہاج گروپ آف سکولز کے150 سے زائد سکولز نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت چیئرمین ایم ای ایس محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ دیگر مہمانوں میں محترم جناب برگیڈئیر(ر) محمد اقبال ، محترم جناب میاں اللہ بخش CEOحافظ برادرز ایڈورٹائزمنٹ کمپنی، محترم سرفراز احمد صدیقی ڈائریکٹر راوی گروپ آف کمپنیز، محترم غلام محی الدین CEOدیوان گروپ آف کمپنیز، محترم مرزا محمد حنیفCEOصابری گروپ آف کمپنیز، محترم میاں عبد الوحید CEO سراج فلور ملز، محترم عدنان مظور CEOگرین کیبلز ، محترم انیس الرحمان CEO القدر گلوبل شامل ہیں۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم علی وقار قادری ، محترم محمد فاروق اعوان اور محترمہ ثمینہ نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے تحفیظ القرآن کے محترم عبید اللہ نے کیا۔ نعت پاک بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محترم اسامہ مجید اور ان کے ساتھیوں نے پیش کی۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمیں اورمختلف ٹیبلوز بھی پیش کئے۔
منیجنگ ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی محترم راشد حمید کلیامی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے اور منہاج گروپ آف سکولز اور MESکے ڈیپارٹمنس کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ کریکلم ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام 72 سے زائد نصابی کتب، ٹیچر ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے جدید ترین تدریسی تصورات پر گذشتہ چار ماہ میں 70 سکولوں کے 700 سے زائد اساتذہ اور 150 سربراہان کی ٹریننگ کا اہتمام، منہاج ایجوکیشن بور ڈ منہا ج سکول کے 650کیمپسز کے 100,000سے بیشتر طلبہ و طالبات کے لیے سال میں مرکزی سطح پر معمول کے 3امتحانات، چاروں صوبوں میں طلبہ و طالبات کے لیے مقابلے کا امتحان، اس امتحان میں میرٹ پر آنے والے 150محنتی طلبہ و طالبات کے لئے ہر سال کیش ایوارڈ کی صورت میں ڈاکٹر فریدالدین سکالر شپ کا دیا جانا منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کو ایک واضح امتیاز عطا کرتا ہے۔ ایم ای ایس کے تمام سکول غیر تجارتی اور رفاہی بنیادوں پر چلائے جا رہے ہیں ۔ جس میں تربیتی اور تعلیمی نظام کی مکمل نگرانی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے پروفیشنلز موجود ہیں۔ سکولز کی ترقی و استحکام اور معاشرے میں فعال کردار کو یقینی بنانے کے لیے MES کے تمام شعبہ جات احسن طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
- اس تقریب میں ملک بھر سے 150طلبہ و طالبات نے فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ وصول کیے۔
- ملک بھر سے 6سکولز کو بیسٹ ایوارڈ کے لیے منتخب کیاگیا جس میں منہاج ماڈل سکول (گرلز)گلفشاں کالونی فیصل آباد، چک بھون چکوال، چک پیرانہ گجرات، باہتر اٹک، عبد الحکیم خانیوال، قلعہ احمد آباد ناروال شامل تھے۔
- بیسٹ پرنسپلز کو بھی ایوارڈدیئے گئے ۔یہ ایوارڈز شہزاد سلیم منہاج ماڈل سکول طاہرہ آباد ننکانہ صاحب، محمد آصف منہاج ماڈل سکول لیانی سرگودھا، فاروق الحسن منہاج ماڈل سکول کالا گجراں جہلم، عاشق حسین منہاج ماڈل سکول عباس پور آزادکشمیر، میاں منظور احمد ساہو منہاج ماڈل سکول تلنمبہ خانیوال اور منہاج ماڈل سکول نشاط کالونی کی شہلا رضا اعوان کو دیئے گئے ۔ اس کے علاوہ اسپیشل ایوارڈ محمد حنیف انجم (مرحوم)منہاج ماڈل سکول پچند ضلع چکوال کے نام کیا گیا۔
- تقریب میں ملک بھر کے منہاج ماڈل سکولز کے بیسٹ ٹیچرز کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
- بیسٹ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا ایوارڈ محترم خادم حسین طاہر کو دیا گیا۔اسنادِ حسن کارکردگی محترم اسسٹنٹ ڈائریکٹر صاحبان جناب خادم حسین بخاری، محترم فاروق علی شاہ، محترم عابد بشیر،محترم عارف شہزاد،محترم فرید حسن خان کو پیش کی گئیں۔
اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی سالانہ اسمبلی میں شریک زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مہمانوں، تحریک منہاج القرآن کے جملہ قائد ین اور منہاج سکول سسٹم کے تمام پرنسپلزاور نمائندگان کا ملک کے طول و عرض سے تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔ آپ نے منہاج ایجو کیشن سوسائٹی کے جملہ سٹاف کو کامیاب پروگرام کے انعقاد اور طلبہ و طالبات کو امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے اور سکالر شپ اور شیلڈز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ملک پاکستان کے طول و عرض میں تعلیم کے فروغ کے لیے منہاج ایجو کیشن سوسائٹی کی 22سالہ خدمات کو سراہا۔
تحفیظ القرآن کے زیراہتمام حفاظ بچوں کو اسناد دینے کی تقریب
تحریک منہاج القرآن کے شعبہ تحفیظ القرآن کے زیر اہتمام قرآن کریم حفظ کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسناد دینے کی پروقار تقریب 23 نومبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی، جس میں سیشن 2012 تا 2016ء کے 200 بچوں اور 43 بچیوں کو اسناد دی گئیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین نے تقریب کی صدارت کی جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ فیض الرحمان درانی، نائب صدر محترم بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈ اپور، پرنسپل تحفیظ القرآن محترم میاں محمد عباس نقشبندی، پرنسپل منہاج گرلز کالج محترمہ ڈاکٹر ثمر فاطمہ، MD منہاج ایجوکیشن سوسائٹی محترم راشد کلیامی، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس محترم ڈاکٹر نعیم مشتاق، جملہ مرکزی تعلیمی ادارہ جات کے سربراہان و سٹاف ممبران، مرکزی قائدین، علماء و مشائخ، طلبہ و طالبات، حفاظ و حافظات اور بچوں کے والدین نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ حفاظ طلبہ نے نہایت خوبصورت لحن میں تلاوت قرآن مجید، قصیدہ بردہ شریف اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ معزز مہمانوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی حوالے سے شیخ الاسلام نے ماڈرن سائنسز کیساتھ قدیم علوم کو بھی بنیادی حیثیت دی۔ شعبہ تحفیظ القرآن اس کی ایک مثال ہے۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے اور ان کے والدین عظیم ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو کلام اللہ کی حفاظت کے لیے وقف کیا۔ قرآنی علوم سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے۔ اس دینی تقاضے کو پورا کر نے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تحفیظ القرآن کے عظیم انسٹی ٹیوشن کی بنیاد رکھی۔ الحمد للہ یہ ادارہ سینکڑوں حفاظ تیار کرچکا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے یہ موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ میں بچوں کو قرآنی علوم سے بہرہ مند کرنے کے حوالے سے اپنا عظیم الشان کردار ادا کرنے پر تحفیظ القرآن کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پرنسپل تحفیظ القرآن محترم میاں محمد عباس نقشبندی نے کہا کہ تحفیظ القرآن میں بچوں کو قرآن مجید پڑھنے، سمجھنے اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہونے کی خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ کہنہ مشق اساتذہ طلبہ کو فنی اسلوب کے اعتبار سے مزین کرتے ہیں۔ اب تک 15 سو سے زائد طلباء و طالبات تحفیظ القرآن سے حفظ مکمل کرکے فراغت حاصل کر چکے ہیں۔
تقریب کے آخر میں حفاظ طلبہ و طالبات کو اسناد، شیلڈز اور میڈلز بھی دیئے گئے۔ صرف 15 ماہ میں حفظ قرآن مکمل کرنے پر طالبہ کو گولڈ میڈل ملا جبکہ اعلی کارکردگی پر معزز اساتذہ کرام کو بھی تعریفی شیلڈز دی گئیں۔
ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ شریعہ کالج (منہاج یونیورسٹی) لاہور
تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 26 نومبر 2016ء کو کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں ای لرننگ پروجیکٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈاپور، محترم بریگیڈئیر (ر) محمد اقبال، پرنسپل کالج آف شریعہ محترم خان محمد، وائس پرنسپل محترم ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی اور ای لرننگ پروجیکٹ ڈائریکٹر محترم مقصود نوشاہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ای لرننگ کے اساتذہ اور انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر اسلامی علوم کو جدید انداز میں عام کیا جا رہا ہے۔ بالخصوص وہ لوگ جن کے پاس علوم اسلامیہ تک رسائی کے لیے اعلیٰ معیار کے اساتذہ کی سہولت موجود نہیں، وہ اس سہولت سے بہترین انداز میں فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں گھر کی دہلیز پر دینی علوم سکھانے کا یہ منفرد کام دینی خدمت کا قابل فخر منصوبہ اور تحریک منہاج القرآن کا اعزاز ہے۔ ای لرننگ پروجیکٹ کو مزید کامیابی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔ یہاں ٹیوٹرز کے لیے مہیا کی گئی سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر اپنی مثال آپ ہے۔
ای لرننگ پروجیکٹ ڈائریکٹر محترم مقصود نوشاہی نے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ شریعہ کالج کا ایک اہم ترین آن لائن تعلیمی منصوبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں موجود طلبہ و طالبات کو گھر بیٹھے علوم اسلامیہ کی تعلیمات مہیا کرنا ہے۔ منہاج القرآن کا ای لرننگ منصوبہ اس وقت دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ اس کے لیے 40 اساتذہ مختلف اوقات میں سینکڑوں طلبہ و طالبات کو 12 مختلف کورسز کروا رہے ہیں۔ ان کورسز میں ریڈنگ قرآن، اصول حدیث، حفظ قرآن، عقائد کورس، عرفان القرآن کورس، نعت کورس، فقہ کورس اور متن حدیث کورس شامل ہیں۔ ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ سے بین الاقوامی پروجیکٹ کے تحت عربی زبان اور عربی گرائمر کور س بھی کروائے جارہے ہیں، جس کے لیے ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ 24 گھنٹے کام کرتا ہے۔ مختصر عرصہ میں دنیا کے مختلف ممالک میں قیام پذیر1 ہزار بچوں کو دینی علوم کے کورس کرائے جا چکے ہیں۔ اس وقت 500 سے زائد طلبہ و طالبات یہ کورسز کر رہے ہیں۔