کرپٹ، ظالمانہ اور غریب دشمن نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ملک بھر میں احتجاجی ریلیز کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
جہلم: پاکستان عوامی تحریک جہلم کے زیراہتمام 7 اپریل کو کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کی جبکہ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القران شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی میں جہلم بھر سے ہزاروں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان، قوم کو تلاش کر رہا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان تو ہیں مگر پاکستانی نہیں رہے۔ آج گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہو گا۔ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہو سکتا، عوام کو انتخابی اصلاحات کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو کر تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی مسائل کا ذمہ دار یہ ظالمانہ نظام انتخاب ہے۔ ملک و عوام کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے سنجیدہ، موثر اور حقیقی جدوجہد کے لئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دینا ہوگا۔ موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے جس سے ملک و قوم کو شدید ترین خطرہ ہے اس لئے اسے مسمار کر کے اسکی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔ موجودہ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہو گا۔ اس جرم میں شامل ہونے کی بجائے عوام کو شعور و آگہی دینے کی چھتری تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو جمہوری شعور کا ثبوت دینا ہو گا۔
ایبٹ آباد: کرپٹ، ظالمانہ اور غریب دشمن نظام کے خلاف ایبٹ آباد میں شدید بارش کے باوجود میرپور کالا پل تا ایم سی بی چوک ایبٹ آباد تک 13 اپریل کو ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کی۔ ریلی میں مرکزی سیکرٹری جنرل یوتھ لیگ رفیق صدیقی کے علاوہ پاکستان عوامی تحریک خیبرپختونخواہ کے صدر خالد محمود درانی، جنرل سیکرٹری راجہ وقار احمد، امیر تحریک منہاج القرآن خیبرپختونخواہ مشتاق علی خان سہروردی، نگران ہزارہ ڈویژن محمد ارشد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کرپٹ اور غریب دشمن نظام کے خلاف نعرووں والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ احتجاجی ریلی میں کثیر تعداد میں طلبہ اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی سے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے الیکشن کمیشن کی ملی بھگت اور کرپٹ نظام کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا۔ ان کے علاوہ ہزارہ حریت محاذ کے مرکزی صدر نصیر خان جدون نے بھی ریلی سے خطاب میں کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ دھرنوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔
ریلی سے رفیق صدیقی، مشتاق علی خان سہروردی، مظہر خیال، خضر حیات اور جاوید قادری نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں ریلی کے شرکاء نے شہدائے ہزارہ کی شہادت گاہ پر پھول چڑھائے۔
سیالکوٹ: شہر اقبال سیالکوٹ میں کرپٹ انتحابی نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام تاریخی موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت مرکزی ناظم اعلٰی تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے کی۔ ہزاروں موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی کا آغاز 14 اپریل کو صاحب میرج ہال شہاباں پھاٹک سے ہوا۔ مختلف سیاسی اور سماجی کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے معزز مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا۔
ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ میں دبی ہوئی اس غریب پاکستانی قوم پر بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے عوام کو کرپٹ سسٹم کے اندر ہونے والے انتحابی ڈرامے کے بارے میں سوچنے کی حس مار ڈالی ہے۔ غریب عوام کو اس بات کا شعور نہیں کہ ان کے ساتھ الیکشن کے نام پر کتنے بڑے ظلم پر مبنی ڈرامہ ہونے جا رہا ہے۔ تبدیلی کا خواب لیکر آنے والے لوگ جو اس کرپٹ انتحابی نظام کا حصہ بن کر الیکشن لڑیں گے، یہ الیکشن ان کو سوائے مایوسی کے کچھ بھی نہیں دے گا۔ وہی بدعنوان عناصر دوبارہ منتخب ہوکر اسمبلیوں میں جعلی مینڈ یٹ لیکر آجائیں گے اور اس قوم پر عذاب کی طرح مسلط ہو جائیں گے۔ آرٹیکل 62 اور 63 کامذاق جس قدر اس اپاہج الیکشن کمیشن نے اڑایا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ کلمے اور جنازے سن کر ان لوگوں کی اربوں روپوں کی لوٹ مار پر پردہ ڈال کر اور 62 اور 63 کے نام پر ان کو بری کردینا قانون اور پاکستان کے ساتھ بہت بڑا مذاق ہے۔
اس موقع پر عفنان بابر (مرکزی نائب ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان)، صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی (کوآرڈینٹر پاکستان عوامی تحریک گوجرانوالہ ڈویڑن)، ملک باسط (نائب صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب)، محمد سلیم بٹ صاحب (ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ)، حاجی سرفراز احمد چوہدری (ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک سیالکوٹ)، میاں محمد رضا (صدر پاکستان عوامی تحریک تحصیل سیالکوٹ)، اور راشد محمود باجوہ (صدر تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ)نے اپنے اپنے خطاب میں کرپٹ انتحابی نظام کے بارے میں ہزاروں افراد پر مشتمل شرکاء ریلی کواس کی بوسیدگی کے بارے میں بتایا اور 11 مئی والے دن کشمیر روڑ سیالکوٹ میں دھرنے میں بھر پور شرکت کی دعوت دی۔
گجرات: کرپٹ انتحابی نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک گجرات کے زیراہتمام 14 اپریل 2013 ء کو ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن پاکستان عوامی تحریک ساجد محمود بھٹی اور مرکزی ناظم علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ساجد بھٹی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ 11 مئی کو ساری قوم اس فرسودہ اور ظالمانہ نظام انتخاب کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے پر امن دھرنوں میں شریک ہو کر حقیقی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل ہوں۔ اس سلسلہ میں صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہو نگے۔ بلوچستان کی صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں، عوام کو اپنی ترجیحات بدلنا ہو نگی۔ منشور کی سیاست کو موجودہ انتخابی نظام نے دفن کر دیا ہے۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کرادار ادا کرنا ہو گا۔
- کرپٹ نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام سرگودھا میں 14 اپریل 2013ء احتجاجی ریلی کو انعقاد کیا گیا۔
- احتجاجی ریلیوں کے اسی سلسلے میں لاہورمیں 21 اپریل 2013ء کو عظیم الشان احتجاجی ریلی منعقد ہوئی۔
- کرپٹ نظام کے خلاف گوجرانوالہ میں 26 اپریل 2013ء کو احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد نے خصوصی شرکت کی۔
- کراچی میں بھی ظالمانہ اور غریب دشمن نظام کے خلاف اہلیان کراچی نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 27 اپریل 2013ء کو احتجاجی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرکے اس نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
ممبر ہاؤس آف لارڈز برطانیہ محترم لارڈ نذیر احمد کی شیخ الاسلام سے ملاقات
برطانیہ میں ہاؤس آف لارڈ کے پاکستان نژاد ممبر لارڈ نذیر احمد نے گزشتہ ماہ لندن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی طویل ملاقات میں گذشتہ مہینوں میں بیداری ئِ شعور مہم کے ذریعے تحریک منہاج القرآن کے دھرنوں، سیاسی کرپٹ مافیا کے مک مکا، ملکی دولت لوٹنے کی مشترکہ سازشوں اور کرپٹ نظام کے نقصانات اور پاکستانی سیاسی و انتخابی نظام زیر بحث رہا۔
اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کے پاکستان کے سیاسی وانتخابی نظام پر تحفظات کے حوالے سے وہ مکمل متفق ہیں اور بااثر اداروں اور پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ مزید پانچ سال رگڑا کھانے اور پچھتانے سے بہتر ہے کہ وہ ابھی سے اپنے تاریک مستقبل کو روشن اور پر امید بنانے کی تگ و دو کریں۔ ورنہ کرپٹ مافیا اور قبضہ گروپ محض چہرے بدل کر ان پر مسلط کر دیا جائے گا۔ آئندہ انتخابی عمل میں کسی بھی فرد واحد کو آئین کی 62،63 شق کی چھلنی سے بچنے کا راستہ فراہم کرنا ملک سے غداری کے برابر ہے۔ گزشتہ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ کر ملک کو اندھیر نگری میں تبدیل کر دیا ہے۔ جمہوریت کا الاپ الاپنے والے ذاتی مفادات کی بجائے قومی اور عوامی اجتماعی مفادات کو مدِ نظر رکھ کے فیصلے کریں۔ دنیا بھر کے اوورسیز پاکستانی اس بات سے متفق ہیں کہ پاکستان کو کرپشن، بددیانت اور لوٹ کھسوٹ قیادت کی بجائے قابل، دیانت دار اور باغیرت قیادت کی ضرورت ہے جو اندرون و بیرون ممالک پاکستانیوں کے لیے نیک نامی کا باعث بنے۔ لارڈ نذیر احمد نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اقدامات کو پسے ہوئے طبقے کی آواز قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی تحریک کے باعث 62،63 شق کے حوالے سے بیداریء شعور کے نتائج آئندہ انتخابات میں سامنے آئیں گے اور اگر باثر اداروں نے اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی تو بدقسمتی سے ملک تباہی اور عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ اس موقعہ پر داؤد حسین مشہدی، ڈاکٹر زاہد اقبال اور بیرسٹر اسلام چوہدری بھی موجود تھے۔
محترم ڈاکٹر بشیر احمد صدیقی کا سانحہ ارتحال
مورخہ 16 اپریل بروز منگل ملک و ملت کے عظیم علمی سپوت اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے استاذی گرامی محترم پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد صدیقی طویل علالت کے بعد دارِ فنا سے دار بقا کی طرف رخصت ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی نماز جنازہ مفتی اعظم تحریک منہاج القرآن محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے پڑھائی جس میں منہاج یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی سمیت بہت سے تعلیمی اداروں کی علمی شخصیات اور دانشوروں و طلباء کی اکثریت نے شمولیت کی سعادت حاصل کی۔ منہاج یونیورسٹی میں محترم ڈاکٹر بشیر احمد صدیقی عرصہ دراز تک شیخ الجامعہ کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ان کی وفات پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ان کے صاحبزادوں سے اظہار تعزیت کیا اور اسے پاکستان سمیت عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ ان کی علمی اور دینی خدمات پر ان شاء اللہ آئندہ شمارے میں تفصیلی مضمون شامل اشاعت کیا جائے گا۔