سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ممبر اور منہاجین ڈاکٹر نعیم انور نعمانی کو 15 جنوری 2009ء کو کراچی یونیورسٹی نے Ph.D کی ڈگری کی منظوری دے دی ہے۔ ان کے مقالہ کا موضوع ’’علم حدیث کے تدریجی ارتقاء میں محدثین پنجاب کی خدمات کا تحقیقی مطالعہ‘‘ (1947ء تا 2002ء) تھا اور ان کے سپروائزر معروف علمی و ادبی شخصیت اور متعدد تحقیقی کتب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین احمد نوری البغدادی (ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹیڈیز کراچی یونیورسٹی) تھے۔ اس مقالے کا انفرادی پہلو یہ ہے کہ قائد محترم کا اب تک علم حدیث کے حوالے سے سارا کام اس مقالے میں جمع کر دیا گیا ہے اور یہی کام ہی اس مقالے کا اساسی مواد ہے۔ اس حوالے سے مقدمہ سیرۃ الرسول سے سنت کی تشریحی اور تشریعی حیثیت، اصول حدیث کی کتاب ’’الخطبۃ السدیدہ‘‘ آپ کی تمام تر اربعینات اور ان کی طرز پر لکھی گئی عربی کتب ’’المنہاج السوی‘‘، ’’جامع السنہ‘‘ اور Qtv پر نشر ہونے والے دورۂ صحیح بخاری، دورۂ صحیح مسلم، مقام رسالت اور حجیت سنت اور اس موضوع پر مجلہ ’’منہاج القرآن‘‘ میں چھپنے والا مواد، غرضیکہ علم حدیث کے حوالے سے قائد محترم کا علمی و تحقیقی مواد جس بھی صورت میں تھا وہ سارا کچھ اس مقالہ میں تحقیقی انداز میں جمع کر لیا گیا ہے اور یوں شیخ الاسلام مدظلہ کے علم حدیث پر یہ پہلی Ph.D کی ڈگری ہے جس کے جاری کرنے کا اعزاز پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی، کراچی یونیورسٹی کو حاصل ہوا ہے۔
اس اعلیٰ تعلیمی اعزاز پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ نے فون پر ڈاکٹر نعیم انور نعمانی کو بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف مبارکباد دی ہے بلکہ اس مقالے کو منہاج پبلی کیشنز کی طرف سے فوری پرنٹ کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
٭ گذشتہ ماہ منہاج یونیورسٹی کے اوّلین فارغ التحصیل طلباء میں سے محترم ظہور اللہ الازہری نے اللہ تعالی کے خصوصی فضل و کرم، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توجہات، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات و رہنمائی اور پنی شب و روز کی کاوشوں سے "بچوں کے حقوق (اسلامی اور مغربی قانون کا تقابلی جائزہ)" کے موضوع پر پنجاب یونورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کر لی ہے۔ انھوں نے اپنا مقالہ محترمہ پروفیسر ڈاکٹر ثمر فاطمہ (سابق ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی) کی زیر نگرانی مکمل کیا۔ محترم ڈاکٹر ظہوراللہ الازھری منہاج یونیورسٹی کے ہونہار فاضل ہیں اور آج کل منہاج یونیورسٹی میں لیکچرر شپ کے ساتھ ساتھ فریدملت ریسرچ انسٹیٹوٹ میں بھی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محترم ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری کو ڈاکٹریٹ کی تکمیل پر مبارکباد دی ہے۔
مرکزی قائدین تحریک، یونیورسٹی کے اساتذہ، ریسرچ اسکالرز، جملہ منہاجینز، ملک اور بیرون ملک سے رفقاو وابستگان اور عہدیداران تحریک نے ڈاکٹر نعیم انور نعمانی اور ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری کو اس کامیابی پر خصوصی مبارکباد پیش کی ہے اور ان میں سے ہر کوئی دعا گو ہے کہ باری تعالیٰ انہیں احیائے اسلام اور اقامت دین کے اس عالمگیر مشن میں اپنے عظیم قائد کا سچا اور پکا دست و باز بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم