تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پڑھنے کی سعادت محترمہ صائمہ فیاض نے حاصل کی۔ محترمہ فاطمہ مشہدی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے یوم تاسیس کے حوالے سے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کو خراج تحسین پیش کیا۔ پروگرام کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ دیگر مہمانان خصوصی میں محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی (امیر تحریک منہاج القرآن)، محترم احمد نواز انجم (امیر پنجاب)، محترم جی ایم ملک (ناظم امور خارجہ)، محترم تنویر اعظم سندھو (ناظم تربیت) اور دیگر قائدین تحریک منہاج القرآن کے علاوہ ویمن لیگ کی معزز بہنوں میں محترمہ فریدہ سجاد، محترمہ رافعہ علی، محترمہ ڈاکٹر نوشابہ حمید، محترمہ غلام زہرہ اور ملک کے طول و عرض سے جملہ کارکنان، وابستگان اور رفقاء نے شرکت کی۔
اس عظیم موقع پر سرپرست منہاج القرآن ویمن لیگ مادر تحریک محترمہ رفعت جبیں قادری کے بلند پایہ حوصلہ اور ہمت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی ان تھک محنتوں سے آج ہم 20 سال کا سفر طے کرتے ہوئے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی باقاعدہ تنظیم سازی کر چکے ہیں۔ محترمہ فریدہ سجاد اور محترمہ رافعہ علی قادری نے ویمن لیگ کی 20 سالہ جدوجہد کے حوالے سے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا۔ محترمہ فاطمہ مشہدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 20 ویں یوم تاسیس کے اس تاریخی موقع پر ہمیں اپنے کردار کو خاتون کربلا کے کردار میں ڈھالنے کا عہد کرنا ہوگا اور ہمیں اپنی زندگیاں دین مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے وقف کرنی ہونگی اورجب کبھی دین نے ہمیں پکارا ہم اپنے خون کا آخری قطرہ بہانے سے بھی گریز نہیں کریں گی۔ یہی وہ منہاج ہے جس پر چل کر ہم قرآن، صاحب قرآن اور اہل بیت کی بارگاہ میں سرخرو ہو سکتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ سمیرا رفاقت ناظمہ ویمن لیگ نے اسرائیل کے غزہ پر حملے اور اسرائیلی جارحیت و ظلم و تشدد کی مذمت پر مشتمل قرار داد پیش کی۔ جس پر سب نے کھڑے ہوکر قرار داد کو منظور کیا۔