رپورٹ : صاحبزادہ محمد حسین آزاد (مرکزی ناظم رابطہ علماء ومشائخ)
مورخہ 23 جون 2009ء بروز منگل 11 بجے دن مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن کے کانفرنس ہال میں منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام شہید پاکستان، اسیرِ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محترم ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد یا گیا جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے فرمائی اور جانشین شہید پاکستان علامہ پروفیسر راغب حسین نعیمی (ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ) مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم شیخ زاہد فیاض کی زیر نگرانی یہ تقریب منعقد ہوئی۔ مشائخ عظام کی نمائندگی سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف، چیئرمین حضرت محمد یار فریدی رحمۃ اللہ علیہ ٹرسٹ اور پاکستان مشائخ کونسل کے روح رواں پیر طریقت حضرت خواجہ غلام قطب الدین فریدی اور زیب سجادہ آستانہ عالیہ چشتیہ آباد شریف حضرت پیر سید محمد خلیل الرحمن چشتی (مرکزی نائب امیر تحریک منہاج القرآن) نے فرمائی۔ دیگر مہمانان گرامی میں درج ذیل شخصیات شامل تھیں۔ خطیب پاکستان حضرت علامہ حافظ خان محمد قادری، جمعیت علماء پاکستان کے چیف آرگنائزر علامہ مفتی صفدر علی قادری، پاکستان شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے صدر محترم پیر سید نو بہار شاہ اور داعیِ اتحاد بین المسلمین حضرت علامہ سید علی غضنفر کراروی (مرکزی نائب امیر تحریک منہاج القرآن)، مفتی اعظم تحریک منہاج القرآن حضرت علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محترم ڈاکٹر علی اکبر الازہری، شیخ لغۃ الادب دی منہاج یونیورسٹی محترم علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر اور ڈائریکٹر فرید ملت لائبریری محترم پروفیسر نصراللہ معینی موجود تھے۔ مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ صاحب نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ راقم الحروف نقیب محفل تھے۔
اس موقع پر خطابات کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر علی اکبر الازہری نے شہید پاکستان کی یاد میں اپنے تعزیتی اشعار شرکاء محفل کو سنا کر اشکبار کیا، محترم علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے سیکورٹی کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا۔ محترم علامہ حافظ خان محمد قادری نے کہا کہ شہید پاکستان نے بڑی جرات و بیباکی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ محترم پیر سید محمد خلیل الرحمن چشتی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی رحمۃ اللہ علیہ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان کا ساتھ دے کر اور اپنی شہادت کا جام نوش کرکے تاریخ رقم کر دی ہے۔ محترم مفتی صفدر علی قادری نے کہا کہ شہید پاکستان عاجزی اور انکساری کا پیکر تھے ان کی زندگی آئندہ نسلوں کے لئے بھی مشعل راہ ہوگی۔ محترم پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی رحمۃ اللہ علیہ بڑے صلح جو اور ملنسار تھے اور اتحاد امت کے داعی اور راہ عزیمت کے راہی تھے۔ قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن شہید پاکستان ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی رحمۃ اللہ علیہ کے عظیم مشن کو جاری رکھے گی۔ مہمان خصوصی محترم علامہ پروفیسر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ میرے والد نے اسلام اور وطن کے لئے جان قربان کی جب تک وہ زندہ رہے اسلام مخالف قوتوں کے خلاف برسرِ پیکار رہے۔ ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی بلکہ دہشت گردی اور خودکش حملوں کے خلاف ان کا مشن جاری رہے گا۔ آخر میں صدر مجلس محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اپنے اختتامی کلمات میں فرمایا کہ شہید پاکستان نے باطل قوتوں کے خلاف حق کا پرچم بلند کیا اور سچے مسلمان اور محب وطن ہونے کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید پاکستان اور ہمارا مشن ایک ہے لہذا شہید کے مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ آخر میں انہوں نے مرحوم و مغفور اور ملکی سلامتی و تحفظ کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔