متاثرین سوات کی بحالی کے لئے مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام امدادی کارواں
رپورٹ : انیلہ الیاس ڈوگر
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پوری دنیا میں خدمت انسانیت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ اسی جذبے کے تحت متاثرین سوات و مالا کنڈ کی بحالی کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام امدادی کارواں محترمہ فاطمہ مشہدی کی سربراہی میں مورخہ 26 مئی 2009ء کو مردان کے لئے روانہ ہوا۔ اس قافلے کے دیگر اراکین میں محترمہ سمیرا رفاقت، محترمہ صائمہ فیاض، محترمہ فریحہ خان، محترمہ ساجدہ صادق، محترمہ خدیجہ فاطمہ، محترمہ مریم حفیظ، محترمہ کشور شاہین اور راقمہ شامل تھیں۔ متاثرین سوات و مالا کنڈ کی بحالی کے لئے شیخ الاسلام مدظلہ نے خصوصی ہدایات دیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اپنے ساتھ آٹھ ٹن کے قریب امدادی سامان لے کر گئی جس میں خصوصی طور پر خواتین اور بچوں کے لئے سامان تھا۔ اس سامان میں بچوں کے لئے فیڈر، دودھ، جوس، بسکٹ، ادویات، ڈیٹول، پاؤڈر، کپڑے، جوتے، کنگھے، سوئی دھاگہ وغیرہ تک شامل تھا۔ راستے میں اسلام آباد کی تنظیم کی بسیں بھی اس امداد کارواں میں شامل ہوئیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا یہ قافلہ جب منہاج خیمہ بستی مردان پہنچا تو ٹرک سے سامان اتروانے سے لے کر ایک ایک خیمہ تک پہنچانے کا کام انہوں نے خود سرانجام دیا۔ باقاعدہ کیمپس میں جا کر ان خواتین کے مسائل کو سنا مگر یہ دیکھ کر دلی اطمینان ہوا کہ منہاج خیمہ بستی میں لوگ تمام بنیادی سہولیات کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین اور بچیوں کو اکٹھا کرکے وہاں حلقہ درود قائم کیا۔ اور اس کو مستقل بنیادوں پر قائم کرنے کی تلقین کی۔ وہاں پر موجود خواتین سے اظہار خیال کرتے ہوئے محترمہ فاطمہ مشہدی نے کہا کہ آج اسلام کا چہرہ مسخ کیا جا رہا ہے اور اس پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کا لیبل لگا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ مٹھی بھر انتہا پسند نام نہاد مسلمانوں نے اسلام کی حقیقی روح کو داغدار کر دیا ہے۔ اسلام تو امن اور بھائی چارے کا دین ہے۔ خاص طورپر خواتین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سے چودہ سو سال پہلے اسلام نے عورت کو مساوی حقوق دیئے۔ اسے حق رائے دہی دیا۔ اسلام نے عورت کو انفرادی و اجتماعی حقوق دیئے۔ اسے ازدواجی و معاشی و سیاسی و قانونی حقوق دیئے۔
اس موقع پر سمیرا رفاقت نے کہا کہ اس وقت پاکستان پر جو مشکل آن پڑی اس کا ہمیں اپنے تمام مفادات پس پشت ڈالتے ہوئے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے منہاج القرآن کی تمام تنظیمات کو Mobilize کر دیا ہے جس کی وجہ سے مختلف تنظیمات کے زیر تحت ابھی تک سامان کی جمع کرنے کی کاوش جاری ہے۔ آخر میں محترمہ فاطمہ مشہدی نے متاثرین کی بحالی کے لئے خصوصی دعا فرمائی اور دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمارے ملک کو امن و سلامتی عطا فرمائے اور ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد اد اکرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
MSM سسٹرز کے زیر اہتمام سہ روزہ تربیتی ورکشاپ
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 28 تا 30 جون 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ MSM کے زیر اہتمام طالبات کی روحانی و اخلاقی اور فکری و نظریاتی تربیت کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ کانفرنس ہال مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی اور اس میں منہاج کالج برائے خواتین لاہور سے طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کے پہلے دن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ ابتدائی بریفنگ محترمہ مریم حفیظ مرکزی نائب ناظمہ تربیت نے دی جس میں انہوں نے طالبات کو ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ محترمہ خدیجہ فاطمہ مرکزی نائب ناظمہ دعوت نے ’’دعوت کیا ہے اور دعوت کیوں اور کیسے دی جائے؟‘‘ کے موضوع پر طالبات سے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے طالبات کو دعوت کے مقاصد اور اہداف بھی بتائے۔ بعد ازاں محترمہ فاطمہ مشہدی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے اخلاق حسنہ پر ایک پرمغز لیکچر دیا۔ جسے طالبات نے بہت پسند کیا۔ انہوں نے تنظیمی و تحریکی ضابطہ اخلاق اور تعمیر شخصیت پر بھی گفتگو کی۔
ورکشاپ کے دوسرے روز محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی ناظمہ ویمن لیگ نے طالبات کو تحریک منہاج القرآن کے مقاصد اور اہداف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے طالبات سے تحریکی فکر سے متعلق سوالات پوچھے اور طالبات کی جانب سے کئے جانے والے سوالات کے مدلل جوابات دیئے۔ اپنے لیکچر میں انہوں نے طالبات کو قائد تحریک کی فکر سے آگاہ کیا اور کہا کہ عصر حاضر میں مصطفوی منزل کے حصول کے لئے انہیں اپنی کاوشیں تیز کرنا ہوں گی۔ طالبات نے اپنا کردار دین اسلام کے لئے موثر طریقے سے ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ محترمہ فریحہ خان نے حلقہ عرفان القرآن کی نتیجہ خیزی پر گفتگو کی۔ ورکشاپ کے دوسرے روز کا اختتام سوال وجواب کی نشست پر ہوا جس میں محترمہ مریم حفیظ، محترمہ خدیجہ فاطمہ اور محترمہ ساجدہ صادق نے طالبات کے تمام سوالات کے جواب دیئے۔
تیسرے روز محترمہ ساجدہ صادق نے مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے اہداف، مقاصد اور ورکنگ پلان پر سیر حاصل گفتگو کی۔ محترمہ مریم حفیظ نے تربیت اور نظامت تربیت کے پراجیکٹس پر طالبات کو خصوصی بریفنگ دی۔ انہوں نے CD ایکسچینج کھولنے کا طریقہ کار اور اس کی افادیت سے طالبات کو آگاہ کیا۔ سوال و جواب کی نشست کے بعد ورکشاپ کا اختتام محترمہ ساجدہ صادق کی خصوصی دعا سے ہوا۔
متاثرین سوات و مالا کنڈ کے لئے امدادی کیمپ
(منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیر اہتمام )
رپورٹ : زریں لطیف
گذشتہ روز منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور نے متاثرین سوات و مالا کنڈ کی امداد کے لئے مال روڈ مسجد شہداء کے قریب امدادی کیمپ لگایا۔ یہ کیمپ 8 دن جاری رہا۔ ویمن لیگ شدید گرمی میں صبح 10 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک کیمپ میں موجود رہی اور بھرپور محنت کی۔ ویمن لیگ لاہور نے متاثرین سوات و مالاکنڈ کے لئے 3 لاکھ روپے کا سامان جمع کیا۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض اور مینجنگ ایڈیٹر ماہنامہ دختران اسلام محترم صاحبزادہ محمد حسین آزاد نے دیگر قائدین کے ساتھ کیمپ کا وزٹ کیا اور کامیاب ترین کیمپ کے انعقاد پر ویمن لیگ لاہور کو مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب جناب سلمان تاثیر صاحب نے کیمپ کا وزٹ کیا اور ویمن لیگ لاہور کی اس کاوش کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے حکومت پنجاب کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مصیبت کے اس موقع پر متاثرین سوات کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ مرکزی صدر محترمہ فاطمہ مشہدی نے کیمپ کا وزٹ کیا اور کیمپ کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہدایات دیں۔ محترم امان اللہ کامیڈین آرٹسٹ نے ویمن لیگ کے کیمپ کا وزٹ کیا اور تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کی ذات کے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک نے ہمیشہ ہر مشکل مرحلے میں ملک و قوم کا ساتھ دیا جس پر ہمیں فخر ہے۔ ویمن لیگ لاہور کے مرکزی کیمپ کے علاوہ تمام ٹاؤنز کی تنظیمات نے بھی مختلف مقامات پر امدادی کیمپ لگائے اور گھر گھر، گلی گلی کیمپین بھی کی۔ ان میں واہگہ ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور سمن آباد ٹاؤن قابل ذکر ہیں۔
ایک روزہ تربیتی ورکشاپ برائے طالبات
رپورٹ : صدف اقبال
مورخہ 6 مئی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ سیالکوٹ کے زیر اہتمام MSM کی طالبات کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ مرکز کی جانب سے محترمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ مرکزی ناظمہ، محترمہ ساجدہ صادق ناظمہ MSM اور محترمہ مریم حفیظ نائب ناظمہ تربیت نے خصوصی شرکت کی۔ محترمہ ساجدہ صادق نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ MSM کا مقصد طالبات کو اللہ رب العزت اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و اطاعت کی ایسی تعلیم دینا ہے جو ان کو مصطفوی کردار کا حامل بنائے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات میں تزکیہ نفس، تصفیہ باطن، ذوق عبادت اور تقوی کے فرغ کے لئے MSM کوآرڈینیٹرز کو جدوجہد کرنا ہوگی۔ محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی ناظمہ نے طالبات کو MSM کے مقاصد و اہداف پر خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی شرح خواندگی میں غیر معمولی اضافے اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے نہ صرف عملی جدوجہد درکار ہے بلکہ اس مقصد عظیم کے حصول کی خاطر طلباء کو ان قوتوں کی بھرپور تائید و معاونت کرنا ہوگی جو اسی مقصد کے حصول کے لئے سرگرم عمل ہیں، طلباء کا کردار ہی ملک میں تعلیمی و سماجی تبدیلی کی راہ ہموار کرے گا۔ ورکشاپ کا اختتام محترمہ مریم حفیظ کی دعا سے ہوا۔
محفل میلاد نارووال
رپورٹ : غزالہ ضیاء
منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ نقابت کے فرائض محترہ غزالہ ضیاء، ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال نے سرانجام دیئے جبکہ خصوصی خطاب محترمہ کلثوم طارق نمائندہ مرکزی ویمن لیگ نے کیا۔ ’’عشق اور ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے محترمہ کلثوم طارق نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے بغیر کوئی عبادت قبول نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جو بدبخت آقا علیہ السلام کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے جملہ اعمال صالحہ کو ضائع کردیتا ہے اور ان سے اس کا شعور تک چھین لیتا ہے۔ محفل کا اختتام محترمہ غزالہ ضیاء کی خصوصی دعا سے ہوا جس کے بعد خواتین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
محفل میلاد کوٹ مومن
رپورٹ : صدف اقبال
گذشتہ ماہ منہاج القرآن گرلز ہائی سکول کوٹ مومن میں ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ فریحہ خان ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اسلام میں علم کی اہمیت کے موضوع پر نہایت پُرمغز خطاب کیا۔ شرکاء سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا آقا علیہ السلام پر نازل ہونے والی پہلی وحی بھی علم سے متعلق ہی تھی۔ آج امت مسلمہ کے زوال پذیر ہونے کا سبب علم سے دوری ہے۔ اگر ہم اپنے حال کو دوبارہ ماضی جیسا تابناک دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں علم حاصل کرنا ہوگا۔ اختتامی دعا کے بعد ایک میٹنگ کی گئی جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی ورکنگ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔