منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

معلمات ورکشاپ 2009ء

رپورٹ : شازیہ شاہین

معلمات کی تربیت، تحریکی، دعوتی اور تنظیمی موثریت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ایک اچھا معلم نہ صرف تعمیر شخصیت بلکہ تعمیر معاشرہ میں بھی اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ معلمات کی بہتر تربیت اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق انہیں ڈھالنے کے لئے ویمن لیگ نظامت تربیت کے پلیٹ فارم سے مورخہ 24 جنوری 2009ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے 60 معلمات نے شرکت کی۔ محترمہ عفت وحید نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد اور اس کی دیگر تفصیلات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عملی زندگی میں سنت کی اہمیت و فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے ایک ایسا نمونہ ہے۔ جس پر اگر ہم عمل کریں تو ہمارا ہر کام اللہ کو محبوب ہوگا۔ بعد ازاں مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے معلمات کے لئے قائد محترم کی طرف سے دیا گیا خصوصی ہدایات کا چارٹر بیان کرتے ہوئے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق معلمات کو اپنا کردار ادا کرنے کے متعلق ہدایات دیں۔مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان نے ’’دعوت کیا ہے اور کیوں ضروری ہے‘‘؟ پر گفتگو کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے حلقہ درود، حلقہ عرفان القرآن کو نئے سسٹم کے مطابق رجسٹر کروانے کا طریقہ بتایا۔ آخر میں مرکزی صدر ویمن لیگ محترمہ فاطمہ مشہدی نے ’’حلقہ عرفان القرآن سے نتیجہ خیزی کیسے‘‘؟ موضوع پر گفتگو کی اور حلقہ عرفان القرآن کو مختلف حوالوں سے نتیجہ خیز بنانے کے لئے معلمات کو رہنمائی فراہم کی۔آپ نے دوران درس، معلمات کو قرآن حکیم کے الفاظ کو سمجھنے اور ہر لفظ کو الگ الگ کر کے ان کے معانی و مفہوم سمجھانے پر زور دیا۔ آپ نے بطور نمونہ سورۃ فاتحہ کی آیات مبارکہ پڑھ کر تجوید کے ساتھ ہر ہر لفظ کے معنی و مفہوم کو واضح کیا، ظاہری و باطنی مطالب پر غور و فکر کرنے اور قرآن کے الفاظ کے ساتھ حبی و قلبی تعلق پیدا کرنے کے بہت ہی خوبصورت اور احسن انداز بتائے۔

خاتون کربلا سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (لاہور)

رپورٹ : عائشہ ارشاد۔ نائب ناظمہ لاہور

مورخہ 3 جنوری 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ راوی ٹاؤن کے زیر اہتمام عظیم الشان سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہورنے خواتین کو یہ پیغام دیا کہ ’’سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کا کردار ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم سیرت و عمل میں زہد و تقویٰ ہمت، صبر اور جذبہ قربانی پیدا کرکے اپنی نسلوں کو در حسین رضی اللہ عنہ کا غلام بنائیں‘‘ محترمہ فاطمہ مشہدی نے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار کے حوالے سے خواتین کے ساتھ تربیتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’خواتین اپنے اعمال، افعال اور اقوال میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی زندگی کا عملی نمونہ نظر آئیں، خود کو بدلنے اور اپنے کردار کو خاتون کربلا کے کردار میں ڈھالنے کا عہد کریں۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (خانقاہ ڈوگراں)

رپورٹ : شازیہ طارق عاجز

مورخہ 2 جنوری 2009ء کو خانقاہ ڈوگراں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیدہ زینب کانفرنس گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول میں منعقد ہوئی جس میں شہر بھر کے علاوہ سانگلہ ہل، صفدر آباد، سکھیکی منڈی، بورے والا، فاروق آباد، سرکاری، ڈیرہ ملا سنگھ، گجیانہ سے خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت شہر کی اہم سماجی و مذہبی شخصیت محترمہ ریحانہ اکرم نے کی جبکہ مرکزی ویمن لیگ کی نمائندگی محترمہ صائمہ فیاض اور محترمہ فریحہ خان نے کی۔ مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان، محترمہ سمیرا اور محترمہ ریحانہ اکرم نے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی حیا ت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (راولپنڈی)

رپورٹ : رابعہ افضل

محرم الحرام میں ویمن لیگ ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام تین تحصیلات میں حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جن میںPP-14، PP-13، PP-9  شامل تھیں۔ کانفرنسز میں علاقہ کی معروف سماجی اور تعلیم یافتہ خواتین شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔جنہوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس مادیت پرستی کے دور میں حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے کردار، اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے محبت اور ان کی قربانیوں کو زندہ رکھنے کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (فیصل آباد)

رپورٹ : سمیرا خاکی۔ ناظمہ دعوت

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیر اہتمام سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس 25 جنوری2009ء کو منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت مسز حاجی محمد امین نے کی۔ مہمان خصوصی محترمہ ریحانہ لیکچرر زرعی یونیورسٹی، محترمہ مسز اختر کلثوم لیکچرر، محترمہ نوشابہ ضیاء لیکچرر، محترمہ مسز روبینہ خاکی پرنسپل، محترمہ مسز تسلیم افضال ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ، محترمہ شاہدہ انجم لیکچرر، محترمہ شازیہ رشید پرنسپل کے علاوہ دیگر ٹیچرز و طالبات سمیت کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ پیغام کربلا کے موضوع پر مسز روبینہ خاکی نے، سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار پر محترمہ مسز اختر کلثوم، منہاج العمل اور اس کی اہمیت پر محترمہ تسنیم افضال نے گفتگو کی۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (ملتان)

رپورٹ : ثمینہ شفقت

مورخہ 11 جنوری 2009ء سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا انعقاد بمقام آرٹس کونسل ملتان میں ہوا۔ اس پروگرام میں مقررات، پروفیسر نجمہ قریشی، پروفیسر یاسمین چاندنی، پنجاب کالج فارویمن، محترمہ نسیم اختر سعیدی اور محترمہ فاطمہ مشہدی شامل تھیں۔ پروگرام کے اختتام پر محترمہ ہما اسماعیل نے ویمن لیگ کی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس پروگرام میں 1100 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (حافظ آباد)

رپورٹ : سائرہ بتول نشر و اشاعت

مورخہ 25 جنوری 2009ء کو مقامی شاہین میرج ہال حافظ آباد میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ایم این اے محترمہ حافظہ سائرہ افضل تارڑ مہمان خصوصی تھیں۔ اس کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان نے خصوصی خطاب کیا۔ جبکہ محترمہ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کا سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایسی عظیم الشان کانفرنس کا اہتمام کرنا نہایت مستحسن اقدام ہے۔ صدر ویمن لیگ محترمہ خالدہ بشیر نے ویمن لیگ اور یوتھ لیگ کے بے حد تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ جس میں 800 سے زیادہ خواتین نے شرکت کی۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس۔ (سیالکوٹ)

رپورٹ : رخشندہ جبیں

24 جنوری 2009کو سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا انعقاد صاحب میرج ہال سیالکوٹمیں کیا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترمہ ذکیہ بانو اور محترمہ شمع اشرف نے بخوبی سرانجام دیئے۔ محترمہ صائمہ زیدی نے اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کی زندگیوں کے ایسے پہلوؤں کو اجاگر کیا جس میں امت مسلمہ کے لئے بہترین مثال موجود ہے۔ مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان نے اپنی مدلل گفتگو میں حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے بامثال کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خواتین کو دعوت فکر دی کہ وہ آج کے یزیدی دور میں حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے کردار کو اپنائیں۔ پروگرام کے اختتام پر محترمہ رخشندہ جبیں (منہاجین) نے دعائے خیر کروائی۔

سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (تحصیل سرگودھا سٹی)

رپورٹ : مسز نورالنساء قادری

مورخہ 11 جنوری 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل سرگودھا سٹی کے زیر اہتمام ’’سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس‘‘ منعقد کی گئی جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ جس میں محترمہ قمر ندیم اور محترمہ پروین اختر بھٹہ نے خطاب کیا۔ آخر میں راقمہ نے شرکاء کانفرنس کا شکریہ ادا کیا اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج خون حسین رضی اللہ عنہ کا قرض چکانے کی ایک ہی صورت ہے کہ ہم شعور کربلا کو ہر سطح پر زندہ کریں۔

تنظیمی و تربیتی ورکشاپس

رپورٹ : شازیہ شاہین

دیپالپور،ہارون آباد، گجرات

کارکنان و وابستگان کی اخلاقی، روحانی، تحریکی اور تنظیمی تربیت کے لئے ہر سال ورکنگ پلان کے مطابق فیلڈ کی ورکشاپ کا اہتمام کیا جاتا ہے اسی سلسلہ میں مورخہ 5 اور 6 فروری کو بالترتیب دیپالپور اورہارون آباد میں تنظیمی و تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا جس میں دو علاقہ جات سے ذمہ داران و کارکنان منہاج القرآن ویمن لیگ نے شرکت کی۔ مرکزی نمائندگان میں سے محترمہ ساجدہ صادق، محترمہ صدف اقبال، محترمہ صائمہ فیاض اور زیر دستخطی نے شرکت کی۔ ان ورکشاپس کا مقصد کارکنان و وابستگان کو تحریک اور قائد تحریک سے قلبی و حبی وابستگی پیدا کرنا تھا۔ ورکشاپ میں تنظیمی ذمہ داران کو ورکنگ پلان کی افادیت، مراحل خمسہ دعوت، تنظیم، تربیت، تحریک، انقلاب اور MSM سسٹرز کے تحت طالبات کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ آخر میں سوالات و جوابات کی نشست بھی ہوئی۔ علاوہ ازیں مورخہ 11 فروری 2009ء منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے نظامت تربیت نے گجرات میں تنظیمی وتربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ مرکز سے محترمہ عفت وحید، محترمہ فریحہ خان اور محترمہ صائمہ فیاض نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ میں ناصرف گجرات بلکہ کوٹلہ کی تنظیم بھی موجود تھی۔ ناظمہ تربیت نے تحریک منہاج القرآن کی فکر، مقاصد اور مراحل خمسہ کی تفصیل بتاتے ہوئے ’’نتیجہ خیزی منزل کا حصول کیسے؟‘‘ موضوع پر پرمغز گفتگو کی۔ انہوں نے تربیت کی ضرورت و اہمیت، زادسفر، سی ڈی ایکسچینج اور ہر فرد ایک داعی سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔ ناظمہ دعوت نے منہاج القرآن کی دعوت کے اہداف سبعہ بیان کئے اور موثر دعوت کے Tools نیز حلقہ درود، حلقہ عرفان القرآن کو فعال بنانے کے لئے پروجیکٹس کی بریفنگ دی۔ میلاد مہم کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔ نائب ناظمہ تنظیمات نے بڑے موثر طریقے سے چارٹس کے ساتھ تنظیم کے سیٹ اپ کو سمجھایا۔ مزید ذمہ داریوں کی تقسیم، تنظیمی چینل اور عہدے کی اہمیت واحساس ذمہ داری سے متعلق مدلل گفتگو کی۔

لاہور

رپورٹ : زریں لطیف۔ ناظمہ نشرو اشاعت

مورخہ 8 فروری 2009ء کو لاہور تنظیم کے زیر اہتمام تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں لاہور کے تمام ٹاؤنز اور یو سی لیول کی تنظیمات نے شرکت کی۔ محترمہ طاہرہ فردوس ناظمہ ویمن لیگ لاہورنے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔ محترمہ عائشہ شبیر صدر ویمن لیگ لاہور نے تنظیمات کو ورکشاپ کے شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے تنظیم کی اہمیت اور تنظیمی طریقہ کار کے بابت بریفنگ دی۔ محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی ناظمہ ویمن لیگ نے تنظیمی امور پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم میں شمولیت جواب دہی کی بنیاد پر ہوتی ہے اور تحریکی زندگی میں کامیابی کی بنیادی اکائی رابطہ ہوتا ہے اس لئے تمام تنظیمات آپس کی کوآرڈینیشن کو مضبوط بنائیں۔ اس کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مقاصد، تنظیم کے اجزاء، تنظیم سازی کے مقاصد، کارکن کے اوصاف اور تنظیمی ذمہ داریوں کو بہت مفصل انداز میں بیان کیا۔محترمہ فریحہ خان نے دعوت کی اہمیت اور دعوتی طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے حلقہ درود اور حلقہ عرفان القرآن کے قیام اور ان سے خاطر خواہ نتائج کے حصول پر خصوصی بریفنگ دی۔ محترمہ عفت وحید نے تحریک منہاج القرآن کے مراحل خمسہ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مرحلہ وار تربیت کرنا اللہ تعالیٰ کی سنت ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر محترمہ عائشہ شبیر نے تنظیمات کی طرف سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔

تنظیمی دورہ جات

رپورٹ : صائمہ فیاض

مانسہرہ : مورخہ 10 جنوری 2009 مانسہرہ میں تنظیمی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مانسہرہ اور اوگی کی خواتین نے شرکت کی۔ مرکزی ویمن لیگ سے ناظمہ تنظیمات راضیہ شاہین، نائب ناظمہ تربیت شازیہ شاہین، ناظمہ MSM ساجدہ صادق نے نمائندگی کی۔ محترمہ راضیہ شاہین نے تنظیم کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ محترمہ ساجدہ صادق نے خدمت دین میں طالبات کے کردار پر روشنی ڈالی، محترمہ شازیہ شاہین نے دعوتی پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ میٹنگ کے آخر میں تحصیل مانسہرہ کی تنظیم تشکیل دی گئی۔ ڈاکٹر الماس صاحبہ کو ناظمہ کی ذمہ داری دے کر ٹیم مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیاگیا جبکہ تحصیل اوگی میں ڈاکٹر فرحت اشرف کو صدر کی ذمہ داری دے کر ٹیم مکمل کرنے اور تحصیل میں کام کی بہتری کا ہدف دیاگیا۔

ہری پور، حویلیاں، ایبٹ آباد : 12 جنوری2009 کو حویلیاں، ہری پور اور ایبٹ آباد کی نئی تنظیمات نے تنظیمی میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں مرکزی ناظمہ تنظیمات، محترمہ راضیہ شاہین نے ورکنگ پلان کی ضرورت و اہمیت پر بریفنگ دی۔ محترمہ ساجدہ صادق نے ’’خدمت دین میں طالبات کے کردار‘‘ پر روشنی ڈالی۔ محترمہ شازیہ شاہین نے تربیتی مراحل، سی ڈی ایکسچینج، حلقہ درود، حلقہ عرفان القرآن پر بریفنگ دی۔

واہ کینٹ، فتح جنگ، حسن ابدال : 11 جنوری 2009 کو واہ کینٹ، فتح جنگ اور حسن ابدال کی تحصیلات کے لئے تنظیمی میٹنگ منعقد ہوئی۔ صدر ویمن لیگ واہ کینٹ ڈاکٹر فرحت حسین نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ بعدازاں محترمہ راضیہ شاہین نے تنظیمی رویوں اور ورکنگ پلان کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ محترمہ شازیہ شاہین نے نظامت دعوت اور نظامت تربیت کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ محترمہ ساجدہ صادق نے تعلیمی اداروں میں دعوت پر گفتگو کی۔

نارووال : 13 جنوری 2009ء کو نارووال میں تنظیمی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین نے ورکنگ پلان پر عملدرآمد اور دعوت دین میں طالبات کے کردار پر گفتگو کی۔ جبکہ ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان نے دعوتی و تربیتی پراجیکٹس پر روشنی ڈالی۔

جڑانوالہ : 15 جنوری 2009ء کو جڑانوالہ میں تنظیمی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تحصیلی تنظیم کے ساتھ ساتھ UCs کی تنظیمات نے بھی شرکت کی۔ محترمہ راضیہ شاہین نے ورکنگ پلان اور نظامت MSM کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ محترمہ شازیہ شاہین نے نظامت دعوت اور نظامت تربیت کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔

سانگلہ ہل : 22 جنوری 2009ء کو سانگلہ ہل میں تنظیمی میٹنگ منعقد ہوئی۔ صدر ویمن لیگ سانگلہ محترمہ ثوبیہ ناہید نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ بعداز اں محترمہ راضیہ شاہین نے ورکنگ پلان، ٹیم ورک اور طالبات کو دعوت دین کے موضوعات پر بریفنگ دی جبکہ محترمہ شازیہ شاہین نے نظامت دعوت اور نظامت تربیت کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔

میر پور آزاد کشمیر : 25 جنوری 2009ء کو میر پور آزاد کشمیر میں تنظیمی میٹنگ ہوئی جس میں مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے ویمن لیگ کے تنظیمی ڈھانچے کی اہمیت اور ذمہ داری کے تقاضوں کی تفصیلات سے خواتین کو آگاہ کیا اور منہاج القرآن کے قیام کے اہم مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مادیت پرستی اور فتنہ پروری کے اس دور میں اگر آپ سکون قلب کی متلاشی ہیں اور مکین گنبد خضریٰ سے تعلق غلامی استوار کرنے کی خواہاں ہیں تو آپ کو اس عظیم مشن کی حقیقی کارکن بننا ہوگا۔ مرکزی ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین نے ورکنگ پلان کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ورکنگ پلان پر صحیح معنوں میں عمل کرتے ہوئے مصطفوی مشن کو امت مسلمہ کی ہر خاتون تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ محترمہ فریحہ خان مرکزی ناظمہ دعوت نے حلقہ درود پاک اور حلقہ عرفان القرآن کی فضیلت و اہمیت بیان کی۔ محترمہ صائمہ فیاض مرکزی نائب ناظمہ تنظیمات نے سی ڈی ایکسچینج کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پیغام عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو گھر گھر پہنچانے کے لئے سی ڈی ایکسچینجز کے مضبوط نیٹ ورک کا قیام ناگزیر ہے۔ اجلاس میں کثیر تعداد میں ویمن لیگ کی عہدہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔