مونگ کی دال کے کباب
اجزاء:
دال مونگ ایک کپ، چکن کا قیمہ ایک کپ، پیاز کٹی ہوئی ایک کپ، ہری مرچ 5 عدد، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا ایک گڈی، سیاہ مرچ حسب ضرورت، نمک حسب ضرورت، تیل فرائی کے لئے اور ایک کپ بیسن۔
ترکیب:
مونگ کی دال کے کباب بنانے کے لئے پتیلی میں پانی لے کر اس میں مونگ کی دال، چکن کا قیمہ اور پیاز ڈال کر دھیمی آنچ پر چڑھائیں جب یہ اچھی طرح گل جائیں اور پانی خشک ہوجائے تو اتار کر پیس لیں پھر اس میں آدھا کپ بیسن، پسی کالی مرچ، ثابت دھنیا اور ہرا دھنیا ہری مرچیں اجوائن انار دانہ اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور اس میں ایک کھانے کا چمچ تیل بھی ملائیں پھر اچھی طرح میش کرلیں۔ اب اس آمیزے کے کباب بنالیں اور ایک کرے میں بیسن کی تہہ بچھا کر اس پر رکھ دیں پھر فرائنگ پین یا توے پر تیل ڈال کر اچھی طرح فرائی کرلیں۔
رائس بالز
اجزاء:
چاول ایک کپ (ابلے ہوئے) چکن ایک کپ (ابلی ہوئی)، نمک (حسب ذائقہ) کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ (پسی ہوئی)، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا حسب ضرورت ہری مرچ 2 سے 3 عدد چکن پائوڈر (ایک چائے کا چمچہ) زیرہ ایک چائے کا چمچہ بھنا اور پسا ہوا بند گوبھی (ایک کپ باریک کٹی ہوئی) چیڈر چیز 2 سو گرام (کیوبز میں کٹی ہوئی) میدہ (آدھا کپ) نمک (آدھا چائے کا چمچ) کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ انڈے 3 عدد اور بریڈ کرمیز ایک پیالی۔
ترکیب:
سب سے پہلے چاول اور چوکن کو چوپر میں اچھی طرح چوپ کرلیں پھر اس میں ایک عدد انڈا، نمک، کالی مرچ، ہرا دھنیا، ہری مرچ، چکن پائوڈر اور زیرہ ڈال کر اچھی طرح پیس لیں اب اس مکسچر کو پیالے میں نکال لیں اور اس میں بند گوبھی شامل کرکے مکس کریں پھر اس مکسچر کو ہاتھوں کی مدد سے پھیلا کر اس میں چیز کا کیوب رکھ کر گول بنالیں۔ اب ایک پیالے میں میدہ ڈال کر اس میں کالی مرچ اور نمک ڈال کر مکس کرلیں اور بالز کو میدہ میں کوٹ کرکے پھینٹتے ہوئے انڈے میں ڈیپ فرائی کرلیں اور سنہری کرکے نکال لیں کیچپ یا املی پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
انار کے فوائد
اناروں کا موسم ہے۔ قدیم یونان اور مصر میں لوگ اسے نسلی زرخیزی اور لافانی زندگی کی علامت سمجھتے تھے۔ لیکن اب نئی ریسرچ بھی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ اناروں میں حیران کن طبی فوائد موجود ہیں۔ اس خوش ذائقہ پھل کے استعمال سے آپ کئی فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔
وزن کم کرنے کیلئے: 100گرام انار میں صرف 83 کیلوریز ہوتی ہیں جس کی وجہ سے آپ کو دن بھر الرٹ اور ایکٹو رہنے کے لئے توانائی ملتی ہے۔ اگر آپ ڈائٹ پر ہیں تو انار ضرور کھائیں کیونکہ اس میں زیادہ مقدار میں فائبر ہوتے ہیں۔ جس سے آپ کو بھوک کم لگے گی اور آپ کا ہاضمہ بھی تیز ہوگا اس سے بھی بہتر بات یہ کہ اناروں میں سیچوریٹڈ چکنائی موجود نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ڈائٹنگ کرنے والوں کے لئے ایک بہترین غذا کا کام دیتے ہیں۔
قوت مدافعت میں اضافہ، مہاسوں اور بال گرنے میں کمی
قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے وٹامن سی سب سے بہترین جزو ہے اور انار میں یہ وٹامن سیب سے چار گنا زیادہ مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ اگر آپ روزانہ آٹھ اونس انار کا جوس پئیں تو آپ کی جلد دانوں سے پاک، جوان اور چمکدار نظر آئیں گے۔ پیونک ایسڈ کی وجہ سے انار کا جوس آپ کی جلد کو سردیوں میں خشکی اور کھردرے پن سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ ایسڈ بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے جس کی وجہ سے بالوں کے گرنے میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے اب زیادہ سے زیادہ لوگ انار سے حاصل کردہ تیل کو جلد اور بالوں پر استعمال کررہے ہیں۔
بیماریوں کو دور کرے اور روکے
انار میں سبز چائے سے زیادہ اینٹی آکسیڈینٹس موجود ہوتے ہیں اگر اس کے استعمال کو معمول بنالیا جائے تو یہ بڑی آنت، مثانے اور چھاتی کے کینسر سے بھی مدافعت فراہم کرتا ہے۔ اس کے چھلکے میں الیجک ایسڈ موجود ہوتا ہے۔ جو جلد کے کینسر کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ اسی لئے آنکولوجی یعنی رسولیوں کے ماہرین اپنے مریضوں کو کوٹا ہوا انار باقاعدگی سے کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اناروں میں آئرن، پوٹاشیم اور مینگنیسز کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ انسانی صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ دوران حمل انار کا باقاعدگی سے استعمال انیمیا اور اکڑن سے محفوظ رکھتا ہے۔
دل کا معاملہ بھی ہے
انار میں موجود فائٹو کیمیکلز کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرتے ہیں جبکہ روزانہ انار کا ایک اونس تازہ جوس پینے سے آپ کی کیروٹڈ آرٹری میں موجود رکاوٹیں دور ہوتی ہیں جوکہ اسٹروک اور دل کی دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔