لیاری۔ کراچی
تحریک منہاج القرآن لیاری کے زیر اہتمام ’’جامعۃ المنہاج لیاری‘‘ نہایت کامیابی کے ساتھ ملک و قوم کے نونہالان کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جامعۃ المنہاج لیاری کی سالانہ کارکردگی پر مشتمل جامعۃ المنہاج لیاری سوینیئر 2011ء کی خوبصورت اشاعت کا اہتمام کیا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمت میں جب یہ سوینیئر پیش کیا گیا تو آپ نے اس پر بہت زیادہ مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا :
’’میں نے جامعۃ المنہاج لیاری سوینیئر 2011ء ’’تقدیر لیاری‘‘ دیکھا ہے، بہت خوبصورت شائع ہوا ہے، اس سوینیئر میں بچوں کے مقابلہ جات، نماز باجماعت، محافل شبینہ، سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور مختلف کھیلوں کے مناظر دیکھ رہا ہوں، آپ نے میرا دل خوش کر دیا ہے اس پر آپ تمام کو اور کراچی کی تنظیم کے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مرکز پر ہائی اسکولز اور تحفیظ القرآن نے بھی آج تک اتنی اچھی presentation نہیں دی جو جامعۃالمنہاج لیاری نے دی ہے۔ یہ مجلّہ اپنی presentation کے اعتبار سے نمبر ون ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف، ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، زاہد لطیف، مسعود عثمانی، علامہ ارشاد حسین سعیدی، زاہد علی راجپوت، علامہ اشتیاق علوی، عبدالقادر لوہار واڈھا، ماسٹر حسن علی لوہارواڈھا، شیخ غلام شبیر، محمد ابراہیم سنگھار، عبدالعزیز قادری، کلیم احمد قادری، سیف الرحمٰن صاحب وغیرہ سب کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ بچوں کے والدین کے تاثرات شائع کر کے آپ نے ایک اچھوتا اور شاندار کام کیا ہے۔ میں آپ تمام احباب کو بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپکی مدد فرمائے اور آپ کو تعلیم و تربیت کے اس عظیم مرکز کو وسعت دینے کے لئے مزید زمین عطا فرما ئے۔ اس کا مقام نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان میں دوبالا ہو اور یہ بہت عظیم انسٹیٹیوٹ بنے۔ اللہ تعالیٰ جامعۃالمنہاج کے بچوں کو کامیابی عطا فرمائے، ان کا مستقبل روشن کرے اور تمام رفقاء تعاون کرنے والوں، سرپرستی کرنے والوں اور اس عمل میں حصہ لینے والوں کو اللہ تعالیٰ برکتیں عطا فرمائے‘‘۔
پنجاب(رپورٹ : سید توقیر الحسن گیلانی ناظم TMQپنجاب)
تحریک منہاج القرآن (پنجاب) کی ایگزیکٹو کونسل کا ماہانہ اجلاس گذشتہ ماہ محترم احمد نواز انجم امیر پنجاب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام صوبائی عہدیداران نے اپنی زیر نگرانی تحصیلات کی ماہانہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
ماہ اپریل 2012ء کی موصولہ رپورٹس کے مطابق محترم سردار جمعہ خان صوبائی نائب ناظم (پنجاب) نے صوبائی تنظیم میں کارکردگی کے لحاظ سے ایک مرتبہ پھر اول پوزیشن حاصل کی اور MAN OF THE MONTH کا اعزاز حاصل کیا۔ یاد رہے کہ محترم سردار جمعہ خان گزشتہ ماہ بھی صوبائی تنظیم میں کارکردگی کے لحاظ سے اول پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔
اجلاس میں تحصیلی تنظیمات کی ماہانہ کارکردگی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ جس کے مطابق تحصیل مریدکے کی تنظیم نے صوبہ پنجاب میں ماہ اپریل 2012ء میں تنظیمی کار کردگی لے لحاظ سے اول پوزیشن حاصل کی اور TEHSIL OF THE MONTH کا اعزاز حاصل کیا۔
جملہ صوبائی عہدیداران نے محترم سردار جمعہ خان کو MAN OF THE MONTH اور تحصیل مریدکے کو TEHSIL OF THE MONTH کا اعزاز حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
خیبر پختونخواہ
صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی مجلس مشاورت کا اجلاس محترم مشتاق علی خان سہروردی (امیر تحریک خیبر پختونخواہ) کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں محترم ساجد محمود بھٹی (ناظم تنظیمات) نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی ایگزیکٹو کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، پہاڑ پور، پروآ، کوہاٹ چارسدہ، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، تخت بھائی، سوات، کالام، بحرین، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اوگی اور حویلیاں کی تنظیمات نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابقہ 9 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد تمام نظامتوں کو محترک کرنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں زکوٰۃ مہم، اعتکاف اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔
بعد ازاں جملہ ممبران نے باہمی مشاورت سے تمام تنظیمات کو ممبر سازی، یونین کونسل، یونٹ سطح کی تنظیم سازی اور حلقات درود کے قیام کے اہداف دیئے۔ اس کے علاوہ بیداری شعور کے حوالے سے شیخ الاسلام کا پیغام عوام الناس تک پہنچانے کا بھی ہدف دیا گیا۔ تنظیمی عہداروں کے لیے تربیتی کیمپس کا شیڈول تیار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے تنظیمی احباب کا ایک اجتماعی اور مشترکہ تربیتی کیمپ ماہ جون میں کالام میں کیا جائے گا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے محترم ساجد محمود بھٹی نے کہا کہ قوم اس وقت بہت سی مشکلات میں گھری ہوئی ہے اور ہمیں اس قوم کو پریشانیوں سے نجات کے لیے منظم کاوش کرنا ہے، ہمیں اپنی کوتاہیوں کو دور کر کے عمل اور کردار میں مثبت تبدیلی لانا ہو گی۔
سوئی، ضلع ڈیرہ بگٹی۔ بلوچستان (رپورٹ : حاجی عبدالحفیظ)
تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی (ضلع ڈیرہ بگٹی) کے عہدیداران کا مشترکہ اجلاس محترم حاجی محمد عارف (صدر تحریک منہاج القرآن سوئی) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں محترم حاجی فیض محمد حسینی (امیر تحریک سوئی)، محترم مولانا نسیم احمد حسینی(ناظم تحریک)، محترم حافظ عبدالجبار (سینئر نائب صدر)، محترم جمیل اسلم صدیقی (ناظم مالیات)، محترم گل گوہر بگٹی (صدر یوتھ لیگ)، محترم خالد محمود سومرو (سیکرٹری جنرل یوتھ لیگ)، محترم عطاء محمد بگٹی (سینئر نائب صدر یوتھ لیگ)، محترم محمد عاشق حسین (ناظم مالیات یوتھ لیگ)، محترم محمد عثمان (سیکرٹری اطلاعات یوتھ لیگ)، محترم نذر حسین بگٹی (یونٹ صدر یوتھ لیگ بگٹی کالونی) اور راقم الحروف نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرکز کی طرف سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں اصلاح احوال امت اور فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے سرگرمیوں کو مزید منظم کرنے کے حوالے سے فیصلہ جات کئے گئے۔
ان فیصلہ جات کی روشنی میں سوئی فیلڈ ایریا کی چار مساجد۔۔۔ واچن وارڑ ایریا کی نورانی مسجد۔۔۔ بیلا مسجد لیبر کالونی۔۔۔ مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ۔۔۔ اور کلریکل ایریا کی المدینہ مسجد میں سہ روزہ محافل کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگرامز میں علامہ حافظ محمد اکبر القادری اور جناب علامہ منظور احمد عباسی نے خصوصی خطابات فرمائے۔ ضلع ڈیر بگٹی کی تاریخ میں تین روزہ محافل کے ذریعہ مسلسل محافل عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا یہ منفرد انداز بالکل نیا تھا۔ جس کی عوامی حلقوں میں بے انتہا پذیرائی دیکھنے میں آئی۔
بعد ازاں سوئی فینس ایریا میں واقع شہر کی سب سے بڑی مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ اور فینس ایریا سے باہر پرانی شیخ کالونی کی البلال مسجد میں مرکزی لیول کی دو عظیم محافل منعقد ہوئیں۔ ان محافل میں محترم علامہ مولانا ممتاز احمد صدیقی (ناظم منہاج القرآن علماء کونسل لاہور) اور ثناء خوانی کے لئے مشہور و معروف نعت خواں محترم شکیل احمد طاہر خصوصی طور پر لاہور سے تشریف لائے۔ علاوہ ازیں منہاج القرآن یوتھ لیگ اور تحریک منہاج القرآن کی مقامی تنظیمات کی خصوصی دعوت پر مرکزی قائدین محترم ساجد محمود بھٹی (مرکزی ناظم تنظیمات) اور محترم طیب ضیاء (مرکزی سیکرٹری دعوت منہاج القرآن یوتھ لیگ) نے بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔
٭ مرکزی جامع مسجد گلزار مدینہ میں منعقدہ پہلی محفل میں محترم دین محمد سیفی نے تلاوت قرآن جبکہ محترم غلام اکبر عطاری، محترم فیض محمد حسینی اور لاہور سے تشریف لائے ہوئے معروف نعت خواں محترم شکیل احمد طاہر نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ محترم ساجد محمود بھٹی نے اپنے خطاب میں تحریک منہاج القرآن کا تعارف پیش فرماتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد اور فریم ورک کے بارے میں تفصیلی اظہار خیال فرمایا۔ آخر میں محترم مولانا ممتاز احمد صدیقی (ناظم منہاج القرآن علماء کونسل لاہور) نے خصوصی خطاب فرمایا۔ جلسے کے انعقاد کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی کے ناظم مالیات محترم عاشق حسین نے معزز مہمانان گرامی کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ دیا۔
٭ دوسری عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد سوئی کے محلہ پرانی شیخ کالونی کی البلال مسجد میں کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت محترم قاری حبیب اللہ نے حاصل کی اور محترم شکیل احمد طاہر نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور فرمائے۔ نقابت کا فریضہ محترم حافظ عبدالخالق نے انجام دیا۔ اس جلسے میں بھی محترم علامہ ممتاز احمد صدیقی نے خصوصی خطاب فرمایا۔ جس میں انہوں نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق درود کے حوالے سے انتہائی پر اثر گفتگو فرمائی۔
٭ صدر تحریک جناب حاجی محمد عارف نے جملہ پروگرامز میں اہم کردار ادا کرنے پر گل گوہر بگٹی (صدر یوتھ)، خالد محمود سومرو (سیکرٹری جنرل یوتھ)، تمام مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے عہدیداران، احتشام الدین، عطاء محمد حسینی، مولانا نیاز احمد حبیبانی، بگو خان سیفی، جناب دلوش عطاری، سید وقار عالم شاہ، شہزاد احمد، جناب حاجی دین محمد، حاجی محمد بخش دیناری، جناب عبدالخالق، جناب امیر حمزہ، ظفراللہ بگٹی، شیر علی حبیبانی، قیصر خان، اللہ بخش، ندیم احمد، محمد حنیف بگٹی، یحییٰ خان حبیبانی، اللہ داد حبیبانی، عبدالطیف اور جملہ احباب کو مبارکباد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
محترم چوہدری محمد اسماعیل سندھو مرحوم کی تحریکی خدمات
’’الوداع الوداع میرے بھائی محمد اسماعیل الوداع‘‘۔۔۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے یہ وہ الفاظ تھے جو 19 مارچ بروز سوموار 2012ء کو دوپہر 3 بجے سرگودھا کی سرزمین پر المنہاج ٹاؤن کے ایک گراؤنڈ میں اپنے ایک جانثار اور مجاہد چوھدری محمد اسماعیل سندھو کی جدائی میں ہزاروں افراد نے سنے۔ جب شیخ الاسلام نے افسردہ لہجے میں کہا تو منہاج القرآن کے ہزاروں رفقاء اور کارکنان کی آہوں اور سسکیوں سے ماحول گونج اٹھا۔
محترم چوھدری محمد اسماعیل سندھو (مرحوم) کی تحریکی خدمات اور ان کا مجاہدانہ کردار تحریکی ساتھیوں کے لئے ہمیشہ ایک روشن مینار کی صورت میں تابندہ رہے گا۔ ان کی زندگی کے اوراق پلٹیں تو یہ حقیقت نمایاں نظر آتی ہے کہ انہیں شروع ہی سے کسی مخلص اور دیانتدار قیادت کی تلاش تھی۔ 1989ء میں بزرگ تحریکی رہنما حاجی محمد شریف (المنہاج جنرل سٹور) کے توسط سے تحریک سے آگہی ہوئی اور شیخ الاسلام کے سامنے رفاقت فارم فل کر کے خود ان کو پیش کیا۔ یہ اسی رفاقت کا نتیجہ تھا کہ تادم آخر اس رفاقت کو بڑے اچھے طریقے سے نبھایا۔ انہیں دن رات مشن کے کام کا جنون تھا۔
سرگودھا کے گرد ونواح میں تحریک کا تعارف کرانے والے وہ پہلے شخص تھے۔ آپ نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ علاقے کے بڑے بڑے جاگیردار، سرمایہ دار، عدلیہ، انتظامیہ اور افسران کو تحریک کا تاحیات رفیق بنایا۔ ان کی خداداد صلاحیتوں کے پیش نظر ان کو مرکز پر کام کرنے کی دعوت دی گئی، جسے آپ نے قبول کیا۔ آپ نے مرکز پر مختلف حیثیتوں سے خدمات سرانجام دیں حتی کہ آپ کو ناظم اعلیٰ بھی منتخب کیا گیا۔ نائب امیر پنجاب کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دی اور آخری سال ضلعی امیر سرگودھا منتخب ہوئے۔
مرکز پر گوشہ درود کے قیام سے لے کر اپنی زندگی کے آخری دن تک اپنی طاقت سے بڑھ کر اس حوالے سے ایثار و قربانی کا مظاہرہ کیا۔ سرگودھا میں سب سے پہلے حلقہ درود شریف قائم کیا اور گردو نواح میں گوشہ درود کا تعارف وسیع پیمانے پر کرایا۔ مسجد، مدرسہ کی خدمت اور علاقے کی ہر سوشل سرگرمی میں بھرپور حصہ لیتے۔ میلاد پر اور اعتکاف پر بہت بڑی رقم خرچ کرتے تھے۔ مشن کے فروغ کے لئے کل وقتی کئی آدمی رکھے اور خرچہ خود برداشت کیا۔ منہاج ٹائون کے نام سے ہاؤسنگ سکیم قائم کی تاکہ تمام تحریکی ساتھی اکٹھے رہ کر مشن کو فروغ دے سکیں۔
ہمہ وقت مشن کے متعلق سوچنے اور کام کو آگے بڑھانے کے بارے فکر مند رہتے تھے حتی کہ آخری وقت میں جب ہسپتال میں تھے تو اس وقت بھی عیادت کے لئے آنے والوں سے شیخ الاسلام کے دورہ بھارت کے متعلق دریافت کرتے۔ ان کی زندگی مشن کے لئے وقف تھی۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرماتے ہوئے اُن کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا میں مصطفوی مشن کے لئے اُن کی بے لوث خدمات بلاشبہ اُن کی اگلی منزلیں آسان کرنے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت کا موجب بنیں گی۔
٭٭٭٭٭
گلوبل مشن اوئیرنس اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ’’پر امن سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں گلوبل مشن اوئیرنس کے صدر ریورنڈ ڈاکٹر لیف ہیتھ لینڈ، ریورنڈ جان پولی مس، ریورنڈ باب فلپس، ریورنڈ بلی برٹن، جاوید اختر بھٹی اور مرقس فدا نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی قائدین میں سے محترم امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، محترم جی ایم ملک اور ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر لیف ہیتھ لینڈ نے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محبت کی زبان ایک ہوتی ہے اور محبت خوف کو ختم کر دیتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے روشنی کی مقدار چاہے بہت ہی کم ہو مگر وہ اندھیرے کو ختم کر دیتی ہے۔ پاکستان محبت کرنے والوں کی سرزمین ہے، ایک دوسرے کو عزت دینے سے محبت بڑھتی ہے اور نفرت کا خاتمہ ہوتا ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب انسان سے نفرت کی بات نہیں کرتا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مذاہب کے درمیان مکالمے کا عمل شروع کر کے انسانیت کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ان کے فتویٰ نے پوری دنیا کو فکری و عملی رہنمائی دی ہے۔ شیخ الاسلام کی امن کے قیام کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔
محترم امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن خان درانی نے کہا کہ منہاج القرآن پوری دنیا میں انسانیت کو امن دینے کیلئے مؤثر کام کر رہا ہے اور شیخ الاسلام کے شب و روز امن و سلامتی کی فکر کو عام کرنے کیلئے وقف ہیں۔ پاکستان اور پوری دنیا میں انہوں نے مذاہب کے درمیان مکالمے کے عمل کو جس مثبت انداز میں شروع کیا اسکے نتائج 6 براعظموں میں نظر آ رہے ہیں۔ وہ سینوں کو سلامتی بانٹنے کے عظیم مشن پر کام کر رہے ہیں اور فرد کی باطنی سلامتی ہی معاشروں کو امن کا گہوارہ بناتی ہے۔
محترم ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مناظرے کی بجائے مشترکات پر اکٹھا کر کے شیخ الاسلام نے بین المذاہب رواداری کا عظیم کام کیا، اب پوری دنیا میں اس کی تقلید ہو رہی ہے۔ کوئی مذہب انسانیت سے نفرت کی بات نہیں کرتا۔ شیخ الاسلام نے ویمبلے ایرینا میں دنیا کے چھ مذاہب کے رہنماؤں اور پیروکاروں کو اکٹھا کر کے پوری دنیا کے امن پسندوں کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحرک ہونے کا جو عظیم پیغام دیا وہ وقت کی ضرورت تھا۔ تحریک منہاج القرآن محبت، سلامتی اور امن کی عالمگیر تحریک ہے جس کے مؤثر کام کے اثرات پوری دنیا میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسلام کی حقیقی تعلیمات دنیا کے کروڑوں انسانوں تک پہنچا کر شیخ الاسلام نے غلط فہمیوں کے خاتمے کا جو آغاز کیا ہے وہ آنے والے سالوں میں انسانیت کیلئے بہت ہی زیادہ منافع بخش ہو گا۔
محترم ڈاکٹر مرقس فدا نے کہا کہ منہاج القرآن آ کر ہمیشہ محبت اور سلامتی کی خوشبو ملتی ہے اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کاوشوں سے پاکستان کے اندر خصوصاً غیرمسلموں کو بہت زیادہ تحفظ حاصل ہوا ہے، وہ حقیقی معنوں میں سفیر امن و انسانیت ہیں۔
نائب ناظم اعلیٰ محترم جی ایم ملک نے کہا کہ امن کے یک نکاتی ایجنڈے پر بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب کام کرنا ہو گا اور اسکا آغاز شیخ الاسلام نے بہت سال پہلے کر دیا تھا، ان کی سوچ اور فکر آج پوری دنیا میں نہ صرف امن و سلامتی کا معتبر ترین حوالہ ہے بلکہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کی عملی حکمت دے کر شیخ الاسلام نے بہت بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔