جملہ رُفقاء کرام! تحریکِ منہاجُ القرآن السلام علیکم ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ!
آج سے بتیس سال قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدّ ظلّہم العالی نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی۔ مصطفوی مشن کی اِس عالم گیر تحریک پر اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اتنے اِحسانات اور اِنعامات و فیوضات ہیں کہ حیطہ اِدراک سے بھی باہر ہیں۔ یہ تحریک گنبدِ خضریٰ کے فیضان کی اَمین ہے اور رواں صدی کی اِس مجددانہ تحریک کا مرکز تاجدارِ کائنات اَحمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مہمان خانہ ہے۔ اِس تحریک کو ہمہ وقت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اَولیاء کرام و صلحاء عظام کی توجہات نصیب ہوتی ہیں، جو اِس کی حقانیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
اﷲ تبارک و تعالیٰ اور اس کے حبیبِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نوازشات آج بھی بحر بے کراں کی طرح تحریک اور اِس کے رفقاء پر موج زن ہیں۔ اِسی سلسلے میں آج میں حضور شیخ الاسلام مدّ ظلّہم العالی کی طرف سے عطاء ہونے والی تازہ ترین مبارک باد آپ تک پہنچانے کی سعادت حاصل کرنا چاہتا ہوں تاکہ مشن کے جملہ رفقاء بھی اِس سعادت میں نہ صرف شریک ہوں بلکہ اُنہیں اِیقان و اِعتماد کی دولت اور مزید پختگی بھی نصیب ہو۔ حضور شیخ الاسلام مدّ ظلّہم العالی نے فرمایا ہے :
’’ایسے تمام رُفقاء جو تحریک کے ساتھ پختہ وابستگی رکھتے ہیں اور صدق و اِخلاص اور اِستقامت کے ساتھ اﷲ تعالیٰ اور اُس کے رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کے حصول کے لیے شب و روز مشن کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں عبادات و معاملات اور اَخلاقیات میں اﷲ تعالیٰ اور اُس کے حبیبِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا رہتے ہیں، اور میری طرف سے دیے گئے ’منہاج العمل‘ پر کاربند رہتے ہیں فکری و نظریاتی، علمی و عملی بلکہ ہر سطح پر مشن کے فروغ کے لیے اِخلاص و للٰہیت کے ساتھ کوشاں رہتے ہیں اور اپنی محبت و عقیدت اور وفاداری و اِستقامت کو ہمیشہ برقرار رکھتے ہیں اور اِس پر قائم و دائم ہیں؛ ایسے تمام رُفقاء و وابستگان کو بہت بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘
حضور شیخ الاسلام مدّ ظلّہم العالی نے اِس مبارک باد کی تفصیلات کو حکمتاً بیان نہیں فرمایا بلکہ آپ نے تمام رُفقاء کو تاکیدی ہدایت فرمائی ہے کہ کوئی اِس مبارک باد کو اَز خود معنی و تعبیر نہ پہنائے، نہ ہی اس کی جزئیات کی توضیح و تشریح کرنے کی کوشش کرے اور نہ ہی اِس مبارک باد کو زیر بحث لایا جائے۔
حضور شیخ الاسلام مدّ ظلّہم العالی نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اِس عظیم نوازش و عطاء کے شکرانے کے طور پر ہر رفیق بارگاہِ اِلٰہ میں ایک ایک سو نوافل ادا کرے اور ان کا ثواب تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ اَقدس میں ہدیتاً پیش کرے۔ کوشش کریں کہ یہ 100 نوافل اپنی سہولت کے مطابق روزانہ کی بنیادوں پر مختلف اَیام میں تقسیم کر کے جتنی جلد ممکن ہو، ادا کر لیں۔
اﷲ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو اور حضور شیخ الاسلام مدّ ظلّہم العالی کی زِیرِ سرپرستی صدق و خلوص کے ساتھ مصطفوی مشن کی خدمت بجا لانے اور آپ کی ہدایات کے مطابق قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور یہ سنگت و رفاقت ہمیشہ برقرار رہے۔
(آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)
ڈاکٹر رحیق اَحمد عباسی (ناظمِ اَعلیٰ)