جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے علماء کرام کا مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ

خصوصی رپورٹ

گذشتہ ماہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے معزز علماء کرام کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے امیر جمعیت علمائے اسلام (س) محترم مولانا عبد الحق ثانی کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا۔ اس وفد میں؛ محترم مولانا حافظ لقمان الحق حقانی، محترم مولانا اسامہ سمیع، محترم مولانا محمد احمد، محترم مولانا اعظم حسین، محترم مولانا رحمت اللہ لاشاری، محترم مولانا تنویر، محترم مفتی اویس، محترم مولانا مامون الرحمن حقانی شامل تھے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، انجینئر محمد رفیق نجم (نائب ناظمِ اعلیٰ)، نوراللہ صدیقی (نائب ناظم اعلیٰ)، چوہدری عرفان یوسف (نائب ناظمِ اعلیٰ خیبر پختونخوا)، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات (نائب ناظم اعلیٰ) اور دیگر سینئر ذمہ داران نے وفد کا استقبال کیا۔

مرکزی سیکرٹریٹ گوشۂ درود میں مولانا حامد الحق حقانی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ بعد ازاں وفد نے نظام المدارس، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، کالج آف شریعہ اور مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں ان شعبہ جات کی کارکردگی اور خدمات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔

وفد نے منہاج یونیورسٹی لاہور کا خصوصی دورہ کیا اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد اور یونیورسٹی انتظامیہ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر محترم مولانا عبد الحق ثانی نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے جدید و قدیم تعلیمی نظام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور علمی معیار نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ یہ دینی و دنیاوی تعلیم کے درمیان ایک بہترین توازن قائم کرتے ہوئے جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات کا احیاء بھی کر رہی ہے۔ یہ یونیورسٹی طلبہ کو نہ صرف علمی میدان میں کامیاب بنانے میں مصروفِ عمل ہے بلکہ انہیں روحانیت اور اخلاقی ترقی کی راہ پر بھی گامزن کررہی ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا مستقبل علم و تحقیق اور علمی مکالمے کے ساتھ وابستہ ہے، کیونکہ یہی چیزیں اسلامی اخوت، محبت اور بھائی چارے کو بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ پاکستان کو آج کے دور میں برادرانہ تعلقات اور خیر سگالی کی فضا کی سخت ضرورت ہے تاکہ ہم معاشرتی ہم آہنگی اور امن کو فروغ دے سکیں۔

اس موقع پر وفد نے منہاج یونیورسٹی میں قائم شیخ الاسلام انسٹی ٹیوٹ آف اسپریچوئل اسٹڈیز، پاکستان کی پہلی روبوٹک لائبریری اور جدید ایڈمیشن بلاک کا معائنہ کیا اور ادارے کی دینی و عصری تعلیم میں خدمات کو سراہا۔