منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیرانتظام منہاج کالج مانچسٹر کی افتتاحی تقریب 10 جنوری 2017ء کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے قائدین و کارکنان اور مانچسٹر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی علوم کا ماخذ قرآن پاک ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دین اور جدید سائنسی علوم ساتھ ساتھ پڑھائے جاتے ہیں۔ ماڈرن سائنسی علوم کی عصری ضرورت کو ہم نے اپنی تعلیمی حکمت عملی میں فوقیت دی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی عمر بھر کی تحقیق اور تجربہ کا یہ نچوڑ ہے کہ ماڈرن سائنسی علوم کی تحصیل کے بغیر دین اسلام کے فروغ کی کوئی کاوش ثمربار نہیں ہو سکتی۔
منہاج القرآن علم، امن اور تحقیق کی ایک عالمگیر اسلامی تحریک ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ایسے تعلیمی ادارے قائم کررہی ہے جس سے یورپی معاشرے میں پروان چڑھنے والے باصلاحیت بچے اپنی اصل سے علمی و تحقیقی رشتہ استواررکھ سکیں۔ ہماری جدوجہد علم برائے منافع کے لیے نہیں بلکہ علم برائے انسانیت کے لیے ہے۔ منہاج القرآن کے فلاحی پراجیکٹس بغیر نفع و نقصان کی بنیاد پر چلائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کی 36 سالہ جدوجہد میں علم اور خدمت کا یہ سفر ایک لمحہ کے لیے بھی نہیں رکا‘ اور اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے صدقے بے پایاں برکتیں عطا کیں اور ہم پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اس خدمت کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر پروگرام کے شرکاء میں سے مانچسٹر میں رہائش پذیر مسلم فیملیز بالخصوص پاکستانی خاندانوں نے منہاج مانچسٹر کالج کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے قیام سے دیار غیر میں بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کی بہت بڑی پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔ اس پر ہم شیخ الاسلام کے انتہائی مشکور ہیں۔
- منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام منہاج کالج مانچسٹر کے زیر اہتمام میلاد کانفرنس 8 جنوری 2017ء کو مانچسٹر کی مرکزی مسجد میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ کانفرنس کے میزبان شیخ عدنان سہیل، منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے ڈائریکٹر علامہ ذیشان قادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کی سنٹرل ایگزیکٹیو کے صدر سید علی عباس بخاری تھے۔ پروگرام کا آغاز صحیفہ انقلاب کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد شہباز حسن قادری اور دیگر نعت خوان حضرات نے ثناء خوانی کی۔
منہاج کالج مانچسٹر کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محترم ڈاکٹر زاہد اقبال نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ منہاج کالج مانچسٹر میں اسلامک سائنسز کے فیکلٹی ہیڈ مفتی سہیل احمد صدیقی اور نوجوان اسکالر صاحبزادہ حافظ فضل محمد نے برطانیہ میں مسلم کمیونٹی اور تعلیمی اداروں کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا میں والدین اپنے بچوں کی اسلامی تربیت کے بارے فکر مند رہتے ہیں اور انہیں ایک ایسے تعلیمی ادارے کی تلاش رہتی ہے، جہاں ان کے بچے تعلیم کے ساتھ تربیت بھی حاصل کر سکیں۔ اس حوالے سے منہاج کالج مانچسٹر کا قیام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے عظیم تعلیمی وژن کی اعلیٰ مثال ہے۔
برطانیہ میں مرکزی جماعت اہلسنت کے صدر محترم علامہ نثار احمد بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ آنے والے تقریبا اکثر علماء دین اور اسکالرز کا مقصد یہاں سے فنڈز اکٹھا کرنا ہوتا ہے، جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ادارے حقیقی معنوں میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ کا باعث ہیں اور اس سوسائٹی میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں۔ اب آپ نے منہاج کالج مانچسٹر قائم کر کے برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کی حقیقی ضرورت کو پورا کیا ہے۔ علماء میں سے نام نہاد طبقہ شیخ الاسلام سے حسد، بغض اور محض ذاتی عناد کی وجہ سے مخالفت رکھتا ہے، جنہوں نے امت اور قوم کے لیے ایک تعلیمی ادارہ تک قائم نہیں کیا، ہمیں ان لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنا صدارتی خطبہ ’’ آقا علیہ السلام کی رضا، منشاء الہی ہوتی ہے‘‘ کے موضوع پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں اکثر مقامات پر اللہ تعالیٰ نے اس بات کی گواہی پیش کی کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی مرضی سے بولتے بھی نہیں۔ اللہ تعالیٰ کی رضا ہی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تشریحی و تشریعی دونوں طرح کے اختیارات عطا کیے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جو فرما دیتے وہ شریعت بن جاتی اور جس سے آپ منع فرماتے وہ امر بھی شریعت بن جاتا۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے زمانہ میں ہی اس امر سے اگاہ کر دیا تھا کہ مستقبل میں منکرین حدیث کا فتنہ پیدا ہوگا، جو صرف قرآن کو حجت ماننے کی بات کریں گے، ایسے لوگ اپنے ایمان کو ضائع کر رہے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے خود قرآن میں صرف قرآن کو ماننے کا ایک دفعہ بھی حکم نہیں دیا۔ آج ہمیں اپنے اسلامی علم کی بنیاد میں عقیدہ صحیحہ کو مضبوط بنانا ہوگا۔
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں نے آپ کے متعدد انٹرویوز بھی کیے جن میں آپ نے اسلام، پاکستان اور عالمی حالات پر سوالات کے جامع جوابات دیئے۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا دورہ اٹلی
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اپنے دورہ یورپ کے دوران 9 جنوری 2017ء کو اٹلی میں ویٹی کن سٹی پہنچے۔ پاپائے روم کی کیتھولک بین المذاہب کونسل کے نائب صدر فادر مارکس سولو کی خصوصی دعوت پر آپ نے وفد کے ہمراہ ویٹی کن سٹی کا تفصیلی وزٹ کیا۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشز کے ڈائریکٹر محترم سہیل احمد رضا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے مرکزی قائدین بھی آپ کے ساتھ تھے۔ کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ کے وائس پریذیڈنٹ فادر مارکس سولو، سیکرٹری میڈم آئیزہ بیل نے معزز مہمانوں کو ویٹی کن سٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر تعارفی نشست ہوئی، جس میں انہوں نے محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو ویٹی کن سٹی کی قدیم ترین تاریخ کے حوالے سے بتایا۔ چرچ کی روایات کے مطابق میزبانوں نے آفیشل پروٹو دیتے ہوئے آپ کو ویٹی کن سٹی کا تفصیلی وزٹ کرایا۔
وزٹ کے بعد محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے فادر مارکس سولو کو شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کا انگریزی زبان میں مترجم تاریخی فتویٰ پیش کیا۔ اس موقع پر محترم سہیل احمد رضا نے بھی فادر مارکس سولو اور سیکرٹری میڈم آئیزہ بیل کو محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔ محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا یہ وزٹ انتہائی کامیاب رہا، جس میں اسلام اور مسیحیت کی بین المذاہب ہم اہنگی کے جذبے کو فروغ ملے گا۔
- منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اپنے دورہ یورپ میں 11 جنوری 2017ء کو اٹلی پہنچے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی مرکز آمد پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا شاندار استقبال کیا گیا۔ کارپی کے مقامی ہال میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ تلاوت و نعت کے بعد ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اٹلی تنظیمات کے کارگردگی سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنان سے میں کارکنان اٹلی کی اعلیٰ کارگردگی کو سراہا اور مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔ صدر ساوتھ اٹلی مختار احمد قادری نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تنظیمی عہدیداران سے ملاقات کی۔