تحریک منہاج القرآن کا 40 واں یوم تاسیس 17 اکتوبر 2020ء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شان و شوکت کیساتھ منایا گیا، یوم تاسیس کی تقریب میں ملک کی نامور، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ شیخ اسلام دامت برکاتہم العالیہ بھی ویڈیو لنک پر تقریب میں شریک رہے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں مہمان مقررین نے تحریک منہاج القرآن کی علم، امن، اصلاح، تربیت کے ضمن میں قومی و بین الاقوامی سطح پر بروئے کارآنے والی مساعی کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا جس کی تفصیلی رپورٹ ان شاء اللہ آئندہ شمارہ میں پیش کی جائے۔
تحریک منہاج القرآن کے مقاصد واہداف میں دعوت و تبلیغ حق، اصلاحِ احوال امت، تجدید و احیائے دین، ترویج واقامتِ اسلام سرفہرست ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تحریک قومی و عالمی سطح پر علمی، فکری،اخلاقی،روحانی،تعلیمی،شعوری،سماجی و ثقافتی انقلاب کے لئے متحرک ہے۔
اللہ رب العزت کے فضل و کرم، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر قیادت علم و عمل اور تعلیم و تربیت کے اس مصطفوی مشن نے 4 دہائیوں کے مختصر عرصہ میں احیائے اسلام، فکری و روحانی تربیت، اتحادِ امت، فلاحِ انسانیت اور قیام امن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں جن سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے تعلیم و تربیت اور خدمت انسانیت کے لیے ایسے مثالی ادارے قائم کئے گئے ہیں جو ہر عمر کے افراد کو راہنمائی مہیاکر رہے ہیں۔ یہ عظیم ادارے ان شاء اللہ آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت اور فکری آبیاری کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔
منہاج القرآن نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ، نوجوانوں کے دلوں میں عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمعوں کو روشن کرنے اور ان کی دینی، فکری و روحانی تربیت کے لیے عالمی میلاد کانفرنسز کا آغاز کیا۔ الحمدللہ ہر سال ان عالمی میلاد کانفرنسز میں شرق و غرب اور عالم عرب کی ممتاز علمی، روحانی شخصیات سمیت ملک کے طول عرض سے لاکھوں کی تعداد میں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جوق در جوق شریک ہوتے اور آقائے دوجہاں کی ولادت باسعادت کا جشن مناتے ہیں۔ منہاج القرآن کی یہ شہرہ آفاق عالمی میلاد کانفرنس فروغ عشق مصطفی کے ساتھ ساتھ اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کا استعارہ بن چکی ہے۔ ان شاء اللہ اس سال بھی عالمی میلاد کانفرنس 11اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں منعقد ہوگی۔
تحریک منہاج القرآن کی تعلیمی و دعوتی سرگرمیوں کا مرکزو محور نوجوان نسل ہے۔ شیخ الاسلام نوجوانوں کی تربیت کے لئے فقط پندو نصائح اور خطابات تک محدود نہیں رہے بلکہ انھوں نے منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز،منہاج ویمن کالج، اور بامقصد ابتدائی تعلیم کے لئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت ملک بھر میں سینکڑوں سکول قائم کئے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور پرائیویٹ سیکٹر کی وہ واحد یونیورسٹی ہے جس میں انتہا پسندی کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے سکول آف پیس، کاونٹر ٹیررازم، اور تصوف کے ڈیپارٹمنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ یہ ڈگری پروگرامز نوجوانوں اور مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے پروفیشنلز میں بڑی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اللہ نے تحریر و تقریر، زبان و بیان پر ملکہ عطا کرنے کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف کی توفیق اور نعمت سے بھی نوازا ہے۔ انھوں نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے سینکڑوں موضوعات پر 1 ہزار سے زائد کتب تصنیف کی ہیں جن میں سے 600 کتب شائع ہو چکی ہیں اور اندرون بیرون ملک لاکھوں کروڑوں افراد ان تصنیفات اور تالیفات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
تحریک منہاج القرآن نے اپنی دعوتی، فلاحی و اصلاحی سرگرمیوں میں پوری انسانیت کو پیش نظر رکھا ہے۔ مذہب، رنگ، نسل اور وطن سے بالا تر ہو کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔ منہاج القرآن نے خدمتِ خلق کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قائم کی جو مشکل کی ہر گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت اور مدد کے لئے پیش پیش ہوتی ہے۔ زلزلے ہوں، سیلاب ہوں یا کووڈ 19 جیسی وبائیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دینی و انسانی جذبہ کے ساتھ اپنا، قومی، انسانی کردار ادا کرتی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے اندر اور باہر تعلیم، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ جات پر کام کررہی ہے، اس کے علاوہ فلسطین، شام، لبنان افریقی ممالک میں متاثرہ عوام کو خوراک اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آرفن کیئر ہومز بھی چلا رہی ہے جہاں یتیم بچوں کی کفالت سمیت انھیں عصری معیاری تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے۔ آرفن کیئر ہومز کا دائرہ پاکستان بھر کے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک تک بڑھایا گیا ہے۔
تحریک منہاج القرآن نے قیام امن کے لئے فکری، تحریری اور تقریری سطح پر بے مثال خدمت انجام دی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی تصنیفات کے ذریعہ دنیا کو باور کروایا کہ اسلام انتہاپسندی کا نہیں بلکہ امن، محبت، اعتدال اور رواداری کا دین ہے۔ خدمت انسانیت کے اس باب میں 6 سو صفحات پر مشتمل انسداد دہشت گردی کا فتویٰ ایک ایسی علمی فکری کاوش ہے جسے اپنوں اور غیروں سبھی نے سراہا ہے۔ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے امن نصاب مرتب کیا گیا جس کا برملا اعتراف عالم اسلام کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم او آئی سی کی طرف سے بھی کیا گیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ان فروغِ امن کاوشوں کے نتیجے میں مغربی دنیا نے اسلام کے امن بیانیہ کو پذیرائی دی اور امریکہ میں شیخ الاسلام کے امن بیانیے کو نصاب میں شامل کیاگیا ہے۔ یہ کسی ایک فرد، ادارے کی نہیں بلکہ پورے عالمِ اسلام کی کامیابی ہے۔
تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں، طلبہ و طالبات کی کردار سازی اور تعلیم و تربیت کے لئے لاتعداد پروگرامز مرتب کئے جو کامیابی کے ساتھ جاری و ساری ہیں۔ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف روحانی، اخلاقی تربیت کی ایک عظیم درسگاہ کا درجہ حاصل کر چکا ہے جہاں ہر سال اندرون بیرون ملک سے ہزاروں تشنگان علم و عرفان شریک ہوتے ہیں اور تزکیہ نفس، تصفیہ قلب اور اصلاح احوال کی منازل طے کرتے ہیں۔منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں بچے،جوان،بوڑھے، خواتین سبھی اپنی باطنی دنیا کو بدلنے اور اللہ کو راضی کرنے کیلئے 10 دن کیلئے معتکف ہوتے ہیں۔تعلیم و تربیت کا ایک ذریعہ ای لرننگ پراجیکٹ کے تحت چل رہا ہے اور اس پراجیکٹ کے تحت اس وقت دنیا کے 40 ممالک میں مقیم مسلم خاندانوں کے بچے اور بچیاں قرآن لرننگ سمیت مختلف اسلامک کورسز سے آن لائن استفادہ کررہے ہیں۔
تحریک منہاج القرآن ایک ایسی عالمگیر مذہبی، اصلاحی تحریک ہے جس نے دنیا بھر میں اسلامک سنٹرز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ حقیقی معنوں میں ویمن امپاورمنٹ کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کئے ہیں۔منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام اس وقت الہدایہ،ایگرز،وائس جیسے پراجیکٹس کے تحت لاکھوں خواتین کو تعلیم و تربیت مہیا کی جا رہی ہے۔ اسی طرح نوجوانوں اور طلبہ کی تعلیم و تربیت کیلئے منہاج یوتھ لیگ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اپنا شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج علماء کونسل اسلام کے علم، امن، اعتدال اور اخوت کی تعلیمات کو عام کرنے میں پیش پیش ہے۔