منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے زیر اہتمام 04 اگست 2019ء کو مانچسٹر میں قرآنی انسائیکلو پیڈیا(انگریزی ورژن) کی عظیم الشان تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب رونمائی میں برطانیہ، یورپ اور نارتھ امریکہ سے 1 ہزار سے زائد نوجوان خواتین و حضرات شریک ہوئے۔ تقریب کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی۔ تقریب میں سیاسی، صحافتی، سماجی، مذہبی شخصیات کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
تقریب رونمائی سے لارڈ میئر مانچسٹر عابد لطیف چوہان، افضل خان (ایم پی)، بین الاقوامی شہرت یافتہ سینئر صحافی کارل آرنڈل، علامہ طاہر محمود کیانی، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، ڈاکٹر مصطفیٰ بیگ قادری، شیخ سید زاہد حسین شاہ، امام قاری عاصم (سینئر امام مکہ مسجد)، ڈاکٹر جولین ہرگرویز (ریسرچ فیلو یونیورسٹی آف کیمبرج)، کونسلر یاسمین ڈار (ممبر آف لیبر پارٹی یو کے)، سوامی وشوا آنند نے خطاب کیا۔ قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ظہور احمد قادری نیازی، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، جی ایم ملک، مفتی حسن رضا، شیخ حماد مصطفی، شیخ احمد مصطفی العربی، سید علی عباس بخاری، تحسین خالد، فیصل خان نے خصوصی شرکت کی۔
قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی کی روداد پر برطانیہ کے ممتاز اخبار ’’دی ٹائمز‘‘ نے خصوصی رپورٹ شائع کی اور قرآنک انسائیکلو پیڈیا کے علمی کام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ دی ٹائمز کے مذہبی افیئرز کے کارسپانڈنٹ ’’مسٹر کایا برجس‘‘نے لکھا کہ:
’قرآنک انسائیکلو پیڈیا انگریزی ورژن کے ذریعے اس امر پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی کہ اسلام کن بنیادوں پر ایک پر امن مذہب بیان کیا جاتا ہے۔ قرآن پاک کی 114 سورتیں اور 6 ہزار سے زائد آیات محض اظہار بیان نہیں ہیں ۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اسلام نان مسلم اور خواتین کے حقوق کا علمبردار ہے، قرآن امن اور مفاہمت کا داعی ہے۔ اسلام لاقانونیت، انارکی اور جارحیت کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے تصور جہاد پر دی ٹائمز کے رپورٹرز نے ہیڈ لائن میں لکھا کہ قرآنی آیات میں بیان کیا گیا ہے کہ جب جنگ مسلط کر دی جائے تو وہ اس وقت ردعمل دے سکتا ہے اور ردعمل دیتے ہوئے بھی وہ بیان کی گئی حدود عبور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں مزید لکھا کہ اگر دشمن امن چاہے تو اس سے لڑنے کی ممانعت ہے۔‘
انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی کی رپورٹ میں ’’دی ٹائمز‘‘ نے یہ بھی لکھا کہ خواتین کے حقوق پر باب شامل ہے کہ خواتین کو معاشی سرگرمیوں کا حصہ بننے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن کی یوکے میں فروغ امن کیلئے خدمات کا بھی ذکر کیا کہ منہاج القرآن ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو انتہا پسندی کے خلاف اپنی تربیتی خدمات انجام دے رہی ہے۔ رپورٹر نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسائیکلو پیڈیا 7 ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔ قرآن پاک کی آیات کو ہزاروں موضوعات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ امن کے موضوع پر رقم باب کی آیات میں عدم تشدد، محبت، رواداری، مسلمانوں کے غیر مسلموں کے ساتھ تعلقات، انسانی عظمت اور قتل سے منع کیا گیا ہے۔ انہوں نے قرآن میںخواتین کے مساوی حقوق کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ انکا موقف ہے کہ نفرت کا پرچار کرنیوالے سیاق و سباق سے ہٹ کر آیات کے مفاہیم پیش کرتے ہیں جن کا حقیقی آیات سے تعلق نہیں ہے اور یہ کہ دہشتگردی کو اسلام سے جوڑنے والے کم عمر بچوں کو برین واش کر کے انتہا پسندی اور دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
برطانیہ میں قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی کا انعقاد بلا شبہ قرآن کی ایک عظیم خدمت ہے اس پر منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے بجا طور پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ تقریب کی کامیابی میں مثالی انتظامات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ منہاج ٹی وی اور سوشل میڈیا ٹیم نے اس کامیاب تقریب کو دنیا بھر کے منہاج القرآن کے وابستگان تک پہنچایا، اس پر وہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی، انکاجوش و جذبہ اور ولولہ بتا رہا تھا کہ انہیں قرآن سے محبت ہے اور وہ منہاج القرآن کے توسط سے قرآن و سنت کی تعلیمات سے جڑے ہوئے ہیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے مفصل خطاب میں قرآنک انسائیکلو پیڈیا کے امتیازات اور خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا خوشحال مستقبل قرآنی احکامات پر عملدرآمد سے جڑا ہے ۔ قرآن مجید میں نباتات، حیوانات، فلکیات، جمادات اور انسانیت سے متعلق رہنمائی اور ہر سوال کا جواب موجود ہے ۔ اسلام امن، محبت اور رواداری کی بات کرتا ہے اسلام غیر مسلموں، خواتین اور سوسائٹی کے کمزور طبقات کے حقوق کا محافظ ہے۔ اسلام کو جنگ و جدل اور اپنے مخصوص مادی یا نظریاتی گمراہی کیلئے استعمال کرنیوالے اسلام کی حقیقی تعلیمات سے بہت دور ہیں۔
قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی بے مثال پذیرائی سے یہ حوصلہ اور دل کو اطمینان ملا ہے کہ الحمدللہ نوجوان نسل قرآن سے جڑی ہوئی ہے اور نئی نسل تکفیری نظریہ سے نہ صرف آگاہ ہو چکی ہے بلکہ اس کے خلاف ایک ڈھال بن چکی ہے۔ اردو میں تالیف کیے گئے انسائیکلو پیڈیا کی بے پناہ پذیرائی کے بعد انگریزی زبان میں ترجمہ کی ڈیمانڈ کی گئی تھی، الحمدللہ اس عظیم کاوش میں بھی اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا۔ قرانک انسائیکلوپیڈیا کی انفرادیت یہ ہے کہ قرآن مجید میں زیر بحث آنے والے تمام احکامات ربانی کی ایک فہرست مرتب کر دی گئی ہے، جس کی مدد سے عام پڑھا لکھا مسلمان متعلقہ موضوع تک آسان رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
اردو زبان میں تالیف کیے گئے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے ہزاروں والیمز خریدے گئے، یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں اس کی تقریبات رونمائی منعقد ہوئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی خریداری کی بکس کی تعداد ایک لاکھ سے بھی زائد ہے ۔ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ جس نے خدمت قرآن کی توفیق بخشی۔
منہاج القرآن امت مسلمہ کی فکری، نظریاتی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تعصب، نفرت سے بالا ہو کر انسانیت کے تحفظ اور بقا کیلئے بین المذاہب رواداری کو فروغ دیا جائے، ایک دوسرے کو سنا اور سمجھا جائے۔ قرآن مجید نے ایک پر امن بین الاقوامی معاشرہ کی تشکیل کیلئے اخلاقی، سماجی، معاشرتی رہنما اصول اور بنیادیں مہیا کی ہیں۔ اسلام انسانیت کی بقا، فلاح وبہبود اور ارتقاء کے زریں اصولوں کا امین ہے۔ حق کی پاسداری انسانی معاشرہ میں باہمی حقوق کا احترام اور اعلیٰ اقدار کا قیام و فروغ اسلامی تعلیمات کی بنیادی روح ہے۔ آج انسانی تہذیب کی جانچ کا پیمانہ انسانی حقوق کو قرار دیا جا چکاہے جس سے کسی بھی ملک و قوم کے اعلیٰ قومی و تہذیبی معیار کا تعین کیا جاتا ہے، تاہم اسلام دنیا کی وہ واحد تہذیب ہے جس کیلئے انسانی حقوق ہر گز کوئی نیا تصور نہیں۔
- قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ میئر آف مانچسٹر عابد لطیف چوہان نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی تالیف کا کام شاندار ہے ۔ یہ انسائیکلو پیڈیا قرآن کی ان حقیقی تعلیمات کو اجاگر کرے گا جو مختلف طبقات کے درمیان امن، محبت، رواداری اور اعتدال اختیار کرنے کا درس دیتی ہیں۔ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا جیسی عظیم خدمت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیت ہی انجام دے سکتی ہے۔ شیخ الاسلام قرآن مجید کی ہر آیت، ہر لفظ، ہر سورۃ کے باطنی و ظاہری معانی و مفہوم سے آگاہی رکھتے ہیں، شیخ الاسلام دنیا بھر میں کروڑوں مسلمانوں کیلئے علم اور روشنی کا مینار ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں توفیق بخشی کہ ہم ہر روز آپ کی صحبت میں بیٹھ کر علم و حکمت کے موتی چنتے ہیں۔ آپ کا سارا وقت تعلیم و تربیت اور لوگوں کو ایک اچھا انسان بنانے کیلئے وقف ہے۔ میں منہاج القرآن سے وابستہ تمام ممبران اور تقریب میں شریک معزز مہمانوں کی طرف سے آپ کو قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی عظیم تالیف، علمی و تحقیقی کام پر سیلوٹ کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اس خدمت قرآن و دین کو قبولیت بخشے۔
- علامہ طاہر محمود کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے درمیان شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی شخصیت موجود ہے جنہوں نے بطور خاص دین اور دنیا کو ملا کر آگے بڑھنے کی ترغیب دی اور ہمیں ایسا ہی کرنا چاہیے، اسی راستے پر چل کر ہم اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں۔
- اسلامک چینل کے سینئر اینکر پرسن کارل آرنڈل نے کہا کہ میں اپنے اسلامک چینل پر پوری دنیا کے سیکڑوںوزراء، وزرائے اعظم، اسلامک سکالرز کے انٹرویوز کر چکا ہوں اور میں کہنا چاہتا ہوں کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت اور انکا پیغام سب سے الگ اور جدت سے بھر پور ہے۔ جو پروفائل ان کا ہے، کسی کا نہیں۔
- افضل خان (ایم پی یوکے) نے تقریب رونمائی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ میں بیان نہیں کر سکتا کہ میں شیخ الاسلام کو یہاں مانچسٹر میں اپنے سامنے دیکھ کر کتنا خوش ہوں۔ یہ ہماری خوش قسمی ہے کہ آج ڈاکٹر طاہرالقادری ہمارے درمیان موجود ہیں۔ میں ہمیشہ یاد رکھوں گا کہ ڈاکٹر طاہر القاری صاحب نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا(انگلش ورژن) کی لانچنگ کیلئے مانچسٹر کا انتخاب کیا۔ ان کا علمی تحقیقی کام انسانیت کی فلاح کیلئے ہوتا ہے۔
- ڈاکٹر مصطفی بیگ قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ترجمہ اور تفسیر مستحکم علمی بنیادوں پر استوار ہے، ان کا علمی، تحقیقی کام عقلی معیارات کے مطابق بھی ہے۔ میں اس انسائیکلو پیڈیا کی پذیرائی میں اضافہ کیلئے دعا گو ہوں۔ یہ ایک عظیم علمی کام ہے۔
- شیخ سید زاہد حسین شاہ (چیئرمین مرکزی جماعت اہلسنت یوکے) نے خطاب کرتے ہوئے کہا قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف کی صورت میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمارے لئے اور انسانیت کیلئے عظیم کام انجام دیا ہے۔ یہ وہ عظیم کام ہے جو اس سے پہلے نہیں ہوا۔ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا گو ہوں۔ وہ عالم اسلام کا سرمایہ ہیں۔ میں دعا گو ہوں کہ انہوں نے خدمت قرآن و حدیث کا جو رستہ اپنے لئے منتخب کیا ہے وہ اس پر رواں دواں رہیں، میں اس بات پر بے حد خوش ہوں کہ آپ نے اپنے لئے جو راستہ منتخب کیا ہے اس میں آپ اکیلے نہیں ہیں آپ نے اپنے بچوں کو بھی اس راستہ کا مسافر بنایا ہے اور وہ آج اس تقریب میں آپ کے ساتھ شریک ہیں۔ میرا ایمان ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے خدمت دین کے عظیم کام کے باعث قیامت کے دن کامیاب لوگوں کی صف میں کھڑے ہونگے۔
- سوامی وشوا آنند نے کہا کہ خدا کی رضا سے میں یہاں ڈاکٹر طاہرالقادری کے پاس آیا ہوں، ہم مل کر دنیا کو جنگ سے بچانا، امن کا گہوارہ بنانااور پوری دنیا میں محبت بانٹنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی شخصیات کی موجود گی سے ہی دنیا اور زیادہ خوبصورت اور پر سکون بن سکتی ہے۔
شرکائے تقریب نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کو امت کی ضرورت قرار دیا اور اسے تالیف کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔