محترم بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان (نائب صدر MQI)
میری ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کم و بیش 16 سال کی رفاقت ہے۔ میں نے تحریک منہاج القرآن کو بطور ایڈمنسٹریٹر جوائن کیا۔ افواج پاکستان میں 33 سالہ سروس کے دوران لیڈر شپ کو پرکھنے کے جو معیار میں نے اپنائے ان پیمانوں پر میں محترم ڈاکٹر صاحب کو مختلف اوقات میں پرکھتا رہا۔ میں نے مشاہدہ کیا کہ وہ ایک مافوق الفطرت انسان ہیں۔ ایسے لوگوں کو اللہ صدیوں میں پیدا کرتا ہے اور یہ لوگ سپر نیچرل Being ہوتے ہیں۔ میں قائداعظم محمد علی جناح کوجن قد آور شخصیات میں دیکھتا ہوں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مجھے اسی صفت میں نظر آتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کو دل اور دماغ کی تمام صلاحیتیں کاملتاً ودیعت کی گئی ہیں ان کی لیڈر شپ کوالٹیز، قادرالکلامی، فکرو نظریہ، انداز تفکر و تدبر اور سب سے بڑھ کر غیر معمولی یاداشت اس قدر بے مثل ہیں کہ کوئی بھی شخص ان میں سے کسی ایک صلاحیت پر بھی بمشکل عبور پاتا ہے۔ وہ ایک لمحے میں کسی ایک لفظ کے 7 سے 8 مفاہیم بآسانی بیان کرسکتے ہیں۔ کسی ورکر سے دس سال قبل ہوئی ملاقات کا بھرپور حوالہ بمع وقت و جگہ بیان فرمادیتے ہیں۔ کسی بھی کتاب کا مطالعہ چند لمحوں میں کرلیتے ہیں گویا کتاب پڑھ نہیں رہے بلکہ کتابوں کو Scan کررہے ہیں اور جلد ہی اس کتاب کے ماحاصل کو مجتمع کردیتے ہیں۔
ڈاکٹر صاحب کے ذاتی اوصاف میں عفو و درگزر، دلیری، ایثار وقربانی اور عشق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تمام عناصر کوٹ کوٹ کر بھرے ہیں۔ میں نے آج تک نہیں دیکھا کہ ان کے پاس کوئی سوال لے کر گیا ہو اور اسے اس سوال سے بڑھ کر عطا نہ کیا گیا ہو۔ اپنے ساتھیوں، ہمعصروں اور ورکرز کے ساتھ ان کا رویہ انتہائی فراخدالانہ اور ہمدردانہ ہوتا ہے۔ بالخصوص خواتین جو کہ معاشرے کا ایک نمایاں حصہ ہیں ان کی تعلیم و تربیت اور معاشرے میں ان کے کردار کو مضبوط اور بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے مضبوط فورم کا آغاز کیا اور ان کی رہنمائی سرپرستی میں آج ان کی بیٹیاں ملک اور بیرون ملک مذہبی، سیاسی، سماجی و فلاحی ہر محاذ پر بھرپور طریقے سے اپنا کردار اداکررہی ہیں۔
محترم خرم نواز گنڈا پور (ناظم اعلیٰ MQI)
قائد انقلاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ پر ہم انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اللہ رب العزت سے دلی دعا ہے کہ وہ انہیں عمر خضر عطا کرے اور وہ صحت و تندرستی کے ساتھ ہمارے سروں پر سلامت رہیں۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ وہ ہمارے لیے ایمان اور دنیاوی امور میں دونوں حوالوں سے رہنمائی کا ذریعہ اور وسیلہ ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے قائد علم، عمل، زہد و تقویٰ، فہم و فراست، اسلام اور انسانی خدمت کے حوالے سے بے مثال، قابل رشک اور قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے اشاعت دین کا بیڑا اٹھایا تو شرق و غرب، عرب و عجم میں مجدد رواں صدی قرار پائے، اگر انسانی خدمت کا بیڑا اٹھایا تو منہاج ویلفیئر فائونڈیشن، آغوش، بیت الزہراہ، ایم ای ایس جیسے انسانی خدمت کے بے مثال ادارے قائم کرکے علم، امن، تحفظ اور تربیت کی روشنی کا ایسا بندوبست کیا جو رہتی دنیا تک جہالت کے اندھیرے سے دور کرتی رہے گی۔ اگر انہوں نے سیاست کے کارزار میں قدم رکھا تو اہل پاکستان کو سیاسی انتخابی نظام کی خرابیوں سے خبردار کیا اور بتایا کہ یہ نظام امیروں کو امیر تر اور غریبوں کو غریب تر کررہا ہے۔ بیداری شعور مہم کے ذریعے قوم کو آئینی الیکشن کمیشن، حقیقی جمہوریت اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں ایجوکیٹ کیا۔ اس جدوجہد میں سانحہ ماڈل ٹائون کے زخم بھی کھائے، یہاں بھی حصول انصاف کی جدوجہد میں استقامت اور جرات کی وہ مثال قائم کی کہ جس پر کارکن بھی قائد کی محبت اور وفا پر فخر کرتے رہیں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تین دہائیاں قبل نظام سیاست کو بدلنے کی جس انقلابی جدوجہد کی بنیاد رکھی تھی آج اسی نظام کو بدلنے کے نعرے ہر زبان پر ہیں بلکہ وہ عناصر بھی نظام بدلنے کی بات کررہے ہیں جو اس نظام کو قاتل اور کرپٹ بنانے کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمارے قائد کو سلامت رکھے اور وہ اسی آب و تاب اور قوت ایمانی کے ساتھ حق اور سچ کے علم کو بلند رکھیں اور امت مسلمہ کی رہنمائی کرتے ہیں۔
محترم رفیق نجم (نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن MQI)
عالم اسلام کی بالعموم اور وطن عزیز کی مایوس کن سیاسی، تباہ حال معاشی متصادم مذہبی صورتحال اور دہشت گردی کی فضا میں شیخ الاسلام نے سیاست محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیپ جلا کر بلاسود بینکاری کا اسلامی معاشی نظام فرقہ واریت کے خاتمہ کا قرآنی منہج اور اسلام کے پیغام امن کے ساتھ نصاب امن کا اجراء کرکے امت مسلمہ کی ہمہ گیر رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے۔ فکر اقبال کے امین اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر دیتے ہوئے عالم اسلام کے عظیم سپوت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ عوامی شعور کی بیداری اور مصطفویa انقلاب کے لیے پرامن جدوجہد کرنے والے، شرق سے غرب تک پھیلے ہوئے کارکنان اپنے عظیم قائد کی قیادت میں اسلام اور وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت یقین محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم کی عملی تصویر بن کریں گے۔
بے ہمتے نہیں جہڑے بہ کے شکوہ کرن مقدراں دا
اگن والے اگ پیندے نیں سینہ پاڑ کے پتھراں دا
منزل دے متھے دے اتے تختی لگدی اونہاں دی
جہڑے گھروں بناکے ٹردے نقشے اپنے سفراں دے