گلشن اقبال پاک کے زخمیوں کی عیادت
عوامی تحریک شعبہ خواتین کی رہنمائوں محترمہ فرح ناز، عائشہ مبشر، انیلہ الیاس ڈوگر، گلشن ارشاد اور زینب ارشد نے گزشتہ ماہ جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک بم دھماکہ کی زخمی خواتین اور بچوں کی عیادت کی اور انہیں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے صحت یابی اور دعائوں کا پیغام پہنچایا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شعبہ خواتین عائشہ مبشر نے ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے سفاکیت اور حکمرانوں نے نااہلی کا روایتی مظاہرہ کیا، موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگردی ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قیامت صغریٰ برپا ہوئی جس نے پاکستان کے ہر محب وطن شہری کو خون کے آنسو رلایا۔ انہوں نے کہا کہ بچے سکولوں میں محفوظ ہیں نہ پارکوں میں تو حکمران بتائیں وہ کہاں جائیں۔
سانحہ گلشن اقبال پارک کے خلاف مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک، آل پاکستان مینارٹیز الائنس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، شرکاء نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ، آل پاکستان مینارٹیز الائنس اور دیگر تنظیموں نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف مذمتی بیانات درج تھے۔
منہاج ویمن لیگ کی تین روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ
منہاج القرآن ویمن لیگ نے منہاج تربیت اکیڈمی میں 25 تا 27 مارچ 2016ء کو تین روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جس میں وسطی، جنوبی اور شمالی پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخواہ، گلگت اور بلوچستان کے اضلاع کی ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز کیمپ کی سربراہ تھیں، جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل افنان بابر نائب سربراہ، منہاج القرآن ویمن لیگ جنوبی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری سیکرٹری، منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلہ الیاس ہیڈ آرگنائزر، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کی صدر زینب ارشد ڈپٹی ہیڈ آرگنائزر، منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر کی سیکرٹری جنرل کلثوم قمر رجسٹریشن ہیڈ اور منہاج القرآن ویمن لیگ امن فورم کی کوآرڈینیٹر کلثوم طفیل پرنٹنگ اینڈ پبلشنگ ہیڈ کی ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں۔
25 مارچ کو تربیتی کیمپ کا آغاز تلاوت کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظہ ایمن یوسف نے حاصل کی، جبکہ ثانیہ اکبر نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل افنان بابر نے تعارفی سیشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران کا تعارف پیش کیا، جس کے بعد مختلف اضلاع سے شریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی صدور نے اپنی تنظیمات کا تعارف کروایا اور اپنے علاقہ میں تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ 2 گھنٹے پر محیط اس سیشن میں انقلاب مارچ اور دھرنے کے بعد پیش آنے والی تنظیمی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔
کیمپ کے دوسرے دن کا آغاز افنان بابر کے تربیتی لیکچر سے ہوا، جس میں انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی گذشتہ اور موجودہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا اور مستقبل کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو نئی زونل، ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل لیول کی تنظیم سازی سے متعارف کروایا۔ مرکزی صدر فرح ناز نے ’دورِ حاضر میں قیادت کا تصور‘ کے پر لیکچر دیا جس میں انہوں ملٹی میڈیا پر ڈاکومینٹری دکھا کر انقلابیوں کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ چائے کے وقفے کے بعد کلثوم طفیل نے ’ضربِ امن دستخطی مہم‘ سے متعلق بریفنگ دی۔ نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن تنویر احمد خان نے ’دعوتی تنظیمی منصوبہ‘ کے عنوان سے لیکچر دیا جس میں انہوں نے رفیق کو متحرک کارکن میں بدلنے کا طریقہ پیش کیا۔
کیمپ کے تیسرے اور آخری دن منہاج ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشر نے شرکاء کو ’تزکیہ نفس‘ پروگرام سے متعارف کروایا۔ مرکزی ناظمِ تربیت تحریک منہاج القرآن غلام مرتضیٰ علوی نے ’ردِ اعتراضات‘ کے عنوان سے لیکچر دیا جس میں انہوں نے فیلڈ میں کام کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ اختتام پر ذونل اور ضلعی عہدیداران نے تنظیمی اہداف کو پورا کرنے کا طریقہ کار طے کیا۔
کیمپ کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے شرکاء سے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ایمان داری سے مصطفوی مشن کی خدمت کرنے کا عہد لیا۔
منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب
منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی 12ویں سالانہ اجتماعی تقریب مورخہ 3 اپریل 2016ء کو منہاج پارک بالمقابل مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں 25 مسلم، مسیحی اور ہندو جوڑوں کی شادی ہوئی۔ ہر بچی کوڈیڑھ لاکھ روپے تک ضروریات زندگی پر مشتمل جہیز کا سامان دیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، جس کے بعد مسلم جوڑوں کا نکاح مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ محمد محسن، علامہ نواز ظفر، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے پڑھایا۔ ہندو جوڑے کی شادی کی رسم امرناتھ، پنڈت بھگت لعل اور ڈاکٹر منوہر چند نے ادا کی جبکہ مسیحی جوڑوں کا نکاح ڈاکٹر فادر جیمز چنن اورریورنڈ سیموئیل نواب نے پڑھایا۔
شادیوں کی اجتماعی تقریب کے مہمان خصوصی بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما انصار برنی تھے۔ مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، سینئر قانون دان ایس ایم ظفر، مسز ایس ایم ظفر، مسز انصار برنی، تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری، رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل، منہاج ویلفیئر ہالینڈ کے رہنما ڈاکٹر عابد عزیز، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین، میاں زاہد اسلام، ڈاکٹر ہرمن، منہاج انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا، معروف ڈریس ڈیزائنر بی جی، معروف سماجی رہنما ڈاکٹر ثروت شجاعت، بریگیڈیئر اقبال احمد خان، جی ایم ملک، حاجی خالد، ساجد بھٹی، راجہ زاہد، شہزاد رسول، طاہر امین، حافظ غلام فرید اور شعبہ خواتین کی رہنما عطیہ بنین نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ اور ان کی ٹیم نے ادا کیے۔
انسانی حقوق کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما انصار برنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں مسیحی اور مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی اور اسی شہر لاہور میں منہاج القرآن نے مسلمانوں، مسیحی اور ہندو جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کر کے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کی شناخت صرف پاکستان ہے اور ہم بلاتفریق رنگ و نسل مذہب اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بلا رنگ و نسل ایک پاکستانی کی حیثیت سے پاکستان کی خدمت کی جائے۔ اگر کسی کو اس مٹی سے پیار نہیں ہے تو اسے اس مٹی پر چلنے اور اٹھنے بیٹھنے کا بھی حق نہیں ہے۔ انہوں نے تمام جوڑوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ رشتے آسمانوں پر جوڑے جاتے ہیں اور جن رشتوں کو اللہ جوڑے ان میں دراڑ نہیں آنی چاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بے حد خوش ہوں کہ ادارہ منہاج القرآن تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو اکٹھا کررہا ہے اور پاکستانیت کو پروان چڑھارہا ہے اس پر ڈاکٹر طاہرالقادری بطور خاص مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ان کی تندرستی کیلئے دل و جان سے دعا گو ہیں کہ وہ اسی طرح امن اور محبت بانٹتے رہیں۔ یہی دین اسلام کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے اسی گراؤنڈ میں درجنوں کارکنوں کو بے رحمی سے قتل کیا گیا جسے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ میں آج خوش بھی ہوں اور غم زدہ بھی ہوں کہ جس گراؤنڈ میں شادی کا یہ جشن ہورہا ہے اسی گراؤنڈ میں لوگوں کو بے رحمی سے مارا گیا اور انہیں ابھی تک انصاف نہیں ملا۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور نے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اجتماعی شادیوں میں شریک جوڑوں کو منہاج القرآن کے بچے اور بچیاں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں ادارہ منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کیلئے بلا رنگ و نسل اور مذہب اپنا دینی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے انصار برنی، مسز انصار برنی، سینئر قانون دان ایس ایم ظفر اور مسز ایس ایم ظفر کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے میزبان منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے اجتماعی شادیوں کی تقاریب کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ہر سال مستحق جوڑوں کی شادی کروائی جاتی ہے اور جملہ اخراجات منہاج ویلفیئر برداشت کرتی ہے اور ہر مستحق بچی کوڈیڑھ لاکھ روپے تک ضروریات زندگی پر مشتمل جہیز دیا جاتا ہے۔
انصار برنی نے دولہوں کو اور مسز انصار برنی نے دلہنوں کو شادی کے تحائف دئیے۔ مرکزی امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے دعائے خیر کروائی۔ تقریب میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ تمام مہمانوں کی چکن قورمہ، چکن بریانی، زردہ اور کولڈ ڈرنک سے تواضع کی گئی۔
رپورٹ رحمۃ للعالمین کانفرنس۔ چیچہ وطنی کسووال
منہاج القرآن ویمن لیگ چیچہ وطنی کسووال کے زیر اہتمام عظیم الشان رحمۃ للعالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں خواتین اور طالبات نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد ازاں منہاج نعت کونسل لاہور کینٹ نے خوبصورت انداز میں تاجدار کائنات کی شان میں ثنا خوانی کی۔
صدر MWL کسووال نے استقبالیہ پیش کیا۔ مرکز سے خصوصی خطاب کے لئے مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ گلشن ارشاد نے شرکت کی اور انتہائی مدلل گفتگو فرمائی۔ آپ نے حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمۃ للعالمینی کا ذکر کرتے ہوئے کہا حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی تمام مخلوقات کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے۔ آپ کی رحمۃ اللعالمینی سے ہی عرب جیسا معاشرہ امن و آشتی، محبت و رواداری کا گہوارہ بن گیا۔ آج پاکستان کے حالات پھر تقاضا کرتے ہیں کہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امن و رحمت کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔
میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس۔ وزیرآباد (رپورٹ: فائزہ کنول)
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل وزیرآباد کے زیر اہتمام گذشتہ ماہ نویں سالانہ عظیم الشان میلاد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے انعقاد کے لئے ویمن لیگ تحصیل وزیرآباد کی ٹیم نے تقریباً ایک ماہ تک بھرپور تیاری کی۔ محفل کے انعقاد کے لئے حسب سابق اکھنور میرج ہال کا انتخاب کیا گیا تھا صبح 10 بجے ہی خواتین کی آمدو رفت شروع ہوگئی۔ استقبالیہ کیمپ نے اپنے فرائض سنبھال لئے سیکورٹی کمیٹی اور اسٹیج کنڈکٹ کمیٹی کی بہنیں بھی اپنی اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے بھی تیار تھی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔ یہ سعادت محترمہ حافظہ خضرہ نے حاصل کی۔ کمپئرنگ کے فرائض محترمہ اقراء مبین نے انجام دیئے۔ نعت شریف کے لئے سب سے پہلے منہاج نعت کونسل نے یہ سعادت حاصل کی۔ لاہور سے سیدہ زینب نعت کونسل نے آقا علیہ السلام کی ثناء خوانی کی۔ اس کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل وزیرآباد کی صدر محترمہ ام حبیبہ نے مہمان خواتین اور شرکاء کے لئے کلمات تشکر اور کلمات استقبالیہ پیش کئے۔ ساتھ ہی منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل وزیرآباد کی دینی خدمات پر روشنی ڈالی اور محبت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ میں اس نویں سالانہ کانفرنس کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے ذکر کی فضیلت پر ایک جامع اور پرمغز خطاب کیا۔ بعد ازاں خصوصی خطاب کے لئے محترمہ مسز کلثوم طارق تشریف لائیں تو ہال نعروں سے گونج اٹھا۔ انہوں نے آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں بہت پرتاثیر خطاب کیا اور تحریک اور قائد تحریک کا پیغام دیا۔ بعد ازاں شرکاء کے پرزور اصرار پر محترمہ ام حبیبہ قادری کو نعت کے لئے دعوت دی گئی جنہوں نے اپنے منفرد اور دل گداز انداز میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ پھر شرکاء کے مابین قرعہ اندازی کے ذریعے سے 15 عرفان القرآن اور 10ہدایۃ الامہ کے نسخے تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ شرکاء کے لئے کچھ زیارات کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منسوب دستار مبارک، لحد شریف کا غلاف مبارک، غلاف کعبہ شریف، حضرت بلال کے خاندان میں نسل درنسل منتقل ہونے والی کعبہ شریف کی چادریں شامل تھیں۔
اختتام پر صلوۃ و سلام کا نذرانہ پیش کرنے کے بعد کھڑی شریف سے تشریف لائی ہوئی محترمہ تنویر اختر نے بہت جامع اور رقت آمیز دعا کرائی تقریباً 2000 شرکاء کے لئے لنگر کا انتظام کیا گیا تھا نظم و ضبط کے ساتھ کھانا تقسیم کیا گیا۔ اس پروگرام کی کوریج بہت سے نیوز پیپرز نے دی جس میں انصاف، دنیا، وقت، افلاک، اوصاف، سحر اور نئی بات شامل ہیں۔
تنظیمی وزٹس (جنوبی پنجاب)
منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی سٹرکچر جنوبی پنجاب میں مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے زونل ناظمہ جنوبی پنجاب محترمہ عائشہ قادری نے وزٹ کیا۔
اس تنظیمی وزٹ میں لیہ، چوبارہ، کوٹ سلطان، چشتیاں، ہارون آباد، منچن آباد، لودھراں، مظفر گڑھ، رحیم یار خان کی تنظیم نو عمل میں آئی جبکہ کروڑ، بہاولنگر، بہاولپور میں MWL کی کوآرڈینیٹرز مقرر کی گئیں۔ محترمہ عائشہ قادری نے تنظیمات کو موٹیویشنل بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ MWL سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے مشن کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے اور دنیا بھر میں اصلاح معاشرہ فلاح انسانیت، فروغ شعور و آگہی، تعلیم و تدریس اور ایثار و قربانی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔