شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 10 اپریل 2019ء کے دن عالم اسلام کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم او آئی سی کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا، اوآئی سی نے انتہا پسندی کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ایک متفقہ بیانیہ تشکیل دینے کیلئے سعودی عرب کے شہر ریاض میں دو روزہ کانفرنس کا اہتمام کیا، اس کانفرنس میں قائد منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس کانفرنس میں شرکت کی ۔منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ہمراہ تھیں، یہ بات باعث اطمینان و مسرت ہے کہ کانفرنس کے منتظمین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے درخواست کی کہ وہ اپنے خطاب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی خدمات اور اس کی ذیلی باڈیز کے حوالے سے بھی شرکائے کانفرنس کو معلومات فراہم کریں، یہ امر بھی باعث مسرت ہے کہ او آئی سی نے اجلاس کے اختتام پر جو متفقہ قرارداد منظور کی اس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عالمگیر علمی، فلاحی کردار کو سراہا گیا اور قرارداد میں ایک پیراگراف شامل کیا گیا جو شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کی خدمات کے اعتراف پر مبنی تھا، ہمیں اس بات کی بھی بے حد خوشی ہے کہ پہلی بار عالم اسلام کے سب سے بڑے فورم او آئی سی میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے عالمگیر علمی، تربیتی، فلاحی کردار کے متعلق او آئی کے ممبر ممالک کو بریف کیا گیااور منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہر ممبر اور عہدیدار کیلئے یہ بات بہت بڑا اعزاز ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے عالمی کردار کے بارے میں بریف کرنے والی ذات شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تھی، یہاں اس امر کا ذکر بھی ازحد ضروری ہے کہ او آئی سی کی متفقہ قرارداد میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے 2010ء میں خودکش دھماکوں کے خلاف دئیے جانے والے فتویٰ اور 2015ء میں مرتب کیے جانے والے امن نصاب کی تعریف کی گئی اور قرارداد میں او آئی سی کے ممبر ممالک کی جامعات کو تجویز کیا گیا کہ وہ اس امن نصاب سے رہنمائی لیں اور اسے اپنی اپنی جامعات میں شامل نصاب کریں، یہ بہت بڑا اعزاز ہے جس پر جہاں ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں وہاں تحریک کے حصے میں آنے والی اس عظیم کامیابی پر تحریک سے وابستہ ہر کارکن کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے او آئی سی کے ممبر ممالک کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ ہر ایج گروپ کیلئے تعلیمی، تربیتی خدمات فراہم کرتی ہے، اس کے لیے الہدایہ، ایگرز اور سیکرز تنظیمیں قائم کی گئی ہیں ، ٹین ایجرز کیلئے الہدایہ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے جو یونیورسٹیز اور ان کے کیمپسز میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران خصوصی ورکشاپ اور کیمپس منعقد کرتا ہے، ان کیمپس میں پانچ سو سے دو ہزار تک شرکاء ہوتے ہیں، انہوں نے بتایا اب تک یہ کیمپ یو کے یورپ کے کئی شہروں سمیت کینیڈا میں انعقاد پذیر ہو چکے ہیں، گزشتہ دو سال سے یہ خصوصی کیمپ یو کے، ناروے، ڈنمارک اور ہالینڈ میں منعقد ہو رہے ہیں ، ان کیمپسز میں امن کے حوالے سے خصوصی ڈپلومہ بھی کروائے جاتے ہیں، یہ تربیتی کورسز تین دن، سات دن، پندرہ دن، تیس دن سے تین ماہ کے عرصہ پر محیط ہوتے ہیں، ان ٹریننگ کیمپس کیلئے منہاج القرآن ماسٹر ویمن لیگ ٹرینرز تیار کرتی ہے، خواتین کے الگ کیمپس بھی منعقد ہوتے ہیں اور جوائنٹ سیشن بھی منعقد ہوتے ہیں۔ الہدایہ پروگرام کے تحت خواتین میں قرآنی علوم کی تفہیم بھی شامل ہوتی ہے، عرفان الہدایہ کا اولین مقصد ایسی رہنمائی مہیا کرنا ہے کہ قارئین میں فہم قرآن کا اشتیاق اور تدبر و تفکر کا ذوق پیدا ہو اور قرآن کے انقلاب آفریں پیغام اور تعلیمات کو کما حقہ ہو سمجھ کر زندگی کا جزو لاینفک بنایا جا سکے، الہدایہ پروگرام کے تحت قرآن کے علمی، عملی اور روزمرہ کے معاملات سے منسلک پہلو اجاگر کیے جاتے ہیں، عرفان الہدایہ کا مقصد قرآن مجید کے مفاہیم کو انتہائی آسان، عام فہم اور پراثر انداز میں جدید سائنسی اور قابل عمل طریقوں سے متعارف کرانا ہے، شیخ الاسلام نے ویمن لیگ کے فورم Woice کا ذکر بھی کیا کہ سوسائٹی میں کسی بھی وجہ سے پیچھے رہ جانے والی خواتین کی معاشی بحالی کیلئے وائس اپنا انسانی ہمدردی پر مبنی کردار ادا کررہی ہے۔ جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری او آئی سی کانفرنس کے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کررہے تھے تو شرکاء خوشگوار حیرت میں مبتلا تھے کہ کوئی تنظیم ایسی بھی ہے جو اپنی مددآپ کے تحت انسانیت کیلئے اتنا عالمگیر کردار ادا کرسکتی ہے، ان کی یہ خوشی او آئی سی کی متفقہ قرارداد میں بھی نظر آتی ہے، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
19 اپریل 2019ء کو سنٹرل ورکنگ کونسل کا خصوصی اجلاس ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں سنٹرل ورکنگ کونسل کے ممبران کو او آئی سی کانفرنس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ یہ اجلاس او آئی سی کانفرنس میں شرکت کے بعد کانفرنس کے احوال بیان کیے جانے سے متعلق انعقاد پذیر ہوا تھا، اس اجلاس میں او آئی سی کانفرنس کی مختصر روداد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ علمائے عرب سے مسلسل روابط، نسبت تعلیم و تعلم، علمی مکالمہ، بین المذاہب و بین المسالک رواداری، اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور تجدیدی خدمات کے اعتراف میں عالم اسلام کے سب سے بڑے فورم او آئی سی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو انسداد دہشت گردی اور فروغ امن کے لیے منعقدہ خصوصی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی، انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ گزشتہ دہائی میں جب دہشت گردی اور فتنہ خوارج اپنے شر اور فساد کے عروج پر تھا، انسانیت کو خون میں نہلایا جارہا تھا، اسلام کو دہشت گردی سے جوڑ کر اس کی فکری بنیادوں کو کھوکھلا کیا جارہا تھا اور ہر طرف ایک خوف اور سراسیمگی کا عالم تھا اور عالم اسلام کے معتبر علمی، فکری، فقہی، شرعی مراکز دم بخود تھے، اس اثناء شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے جان ہتھیلی پر رکھ کر کلمہ حق بلند کرتے ہوئے فتنہ خوارج، خودکش دھماکوں اور دہشتگردی کے خلاف جامع فتویٰ دے کر خوف اور خاموشی کو توڑ دیا اور پھر اللہ کے کرم سے اس فتویٰ کو شرق و غرب، عرب و عجم میں زبردست پذیرائی ملی اور امت مسلمہ کو ایک ہزار سال کی تاریخ میں پہلا جامع مبسوط بیانیہ ملا، اس بیانیے کو اپنوں کے ساتھ ساتھ اغیار نے بھی قبول کیا، چیئرمین سپریم کونسل نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ سعودی عرب میں او آئی سی حکام اور اعلیٰ عہدیداران نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو کمال عزت و احترام سے نوازا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے وفد میں شامل تمام ممبران کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا، سرزمین حجاز پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن کی یہ پذیرائی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خاص کرم اور عنایت ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید نے بتایا کہ او آئی سی کی قرارداد میں قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو شیخ الاسلام کہہ کرمخاطب کیاگیا، او آئی سی اجلاس میں منظور کی جانے والی متفقہ قرارداد کے متن کو منظوری سے قبل جملہ شرکائے کانفرنس میں تقسیم کیا گیا اور تمام شرکاء کو ترمیم و اضافہ کا اختیار بھی دیا گیا، تمام ممبران اور شرکائے کانفرنس نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہے جانے پر مبنی الفاظ اور پیراگراف کی من و عن توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اور مشن کی اس عالمگیر پذیرائی پر تحریک سے وابستہ ہر عہدیدار اور کارکن مبارکباد کا مستحق ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی خدمات اور بین الاقوامی فورم پر ان کے تذکرے پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی تمام ذمہ داران کو بھی مبارکباد دی۔