اِنَّ هٰذَا الْقُرْاٰنَ یَهْدِیْ لِلَّتِیْ هِیَ اَقْوَمُ وَیُبَشِّرُ الْمُؤْمِنِیْنَ الَّذِیْنَ یَعْمَلُوْنَ الصّٰلِحٰتِ اَنَّ لَهُمْ اَجْرًا کَبِیْرًا.
’’بے شک یہ قرآن اس (منزل) کی طرف رہنمائی کرتا ہے جو سب سے درست ہے اور ان مومنوں کو جو نیک عمل کرتے ہیں اس بات کی خوشخبری سناتا ہے کہ ان کے لیے بڑا اجر ہے۔‘‘
(بنی اسرائیل، 17: 9)
عرفان الہدایہ ڈیپارٹمنٹ منہاج القرآن ویمن لیگ کا ایک ایسا ذیلی فورم ہے جو عصرِ حاضر میں امت مسلمہ میں رجوع الی القرآن کے لیے مصروف عمل ہے۔ اس فورم کا مقصد خواتین میں قرآن فہمی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں قرآنی تعلیمات کو عملاً اپنی زندگیوں میں شامل کرنے کے لیے ذہن سازی کرنا ہے تاکہ معاشرے میں موجود ناامیدی، مایوسی کو قرآنک کلچر کے ذریعے ختم کیا جاسکے، اسی مقصد کے پیش نظر عرفان الہدایہ کے زیر اہتمام درج ذیل پراجیکٹس پاکستان بھر میں لانچ کیے جا رہے ہیں:
- دورہ قرآن
- قرآن کلاسز
- عرفان الہدایہ ڈپلومہ
رمضان المبارک اور دورہ قرآن
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک میں بلا تعطل جبرئیل علیہ السلام کے ساتھ دورہ قرآن مجید فرمایا کرتے تھے۔ آپ کا یہ طرز عمل امت کے لیے پیغام تھا کہ کامیابی کا راز قرآن مجید کے ساتھ فکری اور عملی طور پر جڑے رہنے میں مضمر ہے۔
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہا روایت کرتے ہیں:
کان جبرئیل علیه السلام یلقاه فی کل لیلة من رمضان فیدارسه القرآن.
’’حضرت جبرئیل علیہ السلام ماہ رمضان المبارک کی ہر رات حاضر خدمت ہوتے رہتے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کے ساتھ قرآن کریم کا دورہ فرمایا۔‘‘
(صحیح بخاری)
رمضان المبارک اللہ رب العزت کا سب سے خاص مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی محبت و رحمت اور کرم نوازیاں اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔ یوں بندہ خطاکار کے لیے گناہوں اور معصیات کی کثافتوں سے نکل کر راہ حق پر گامزن ہونا آسان ہوجاتا ہے۔ اس مہینے کے فضائل اور اہمیت کے پیش نظر مسلمانوں کو اس مہینے میں عبادات کا خاص اہتمام کرنا چاہئے۔ شب و روز کے اوقات کو صالح اعمال کے ساتھ مزین معمور رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
لہذا انسان کے لیے یہ پیغام ہے کہ اگر سال بھر سستی ہو بھی جائے تو رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں اس کمی کو دور کرلینا چاہئے۔
اس مقصد کے حصول کے لیے عرفان الہدایہ پروجیکٹ کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں دورہ قرآن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ قرآن مجید کے ساتھ موثر رابطہ قائم رکھنے کے لیے اس کا فہم حاصل کرنا اور اس کے احکام پر تدبر و تفکر کرنا انتہائی ضروری ہے۔ فہم قرآن کی عظیم دولت کے حصول کے لیے قرآن مجید کے ساتھ تعلیم و تعلم قرآن کی اسی اہمیت کو واضح کرنے کے لیے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
خیرکم من تعلم القرآن وعلمه.
’’تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو خود قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔‘‘
(صحیح بخاری)
رمضان المبارک اور نزول قرآن مجید
قرآن مجید کا نزول ماہ رمضان کے بابرکت و باسعادت مہینے میں ہوا۔ قرآن مجید کا ایک نام فرقان بھی ہے چنانچہ یہ حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی الوہی ہدایت ہے۔ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جو ہمیں اپنے دلوں پر آئے زنگ کو دور کرنے اور قرآن مجید کے ساتھ ٹوٹا ہوا تعلق استوار کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ مہینہ انسان کو موقع دیتا ہے کہ قرآنی تعلیمات کے ذریعے وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنا کمزور تعلق مضبوط و مستحکم کرے۔
دورہ قرآن کے مقاصد
- قرآن مجید کے ساتھ حبی و قلبی تعلق استوار کرنا۔
- قرآن مجید کی درس و تدریس کو عام کرنا۔
- قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کا عزم کرنا۔
- آئندہ نسل میں قرآن مجید کی محبت پیدا کرکے اس سے ٹوٹا ہوا تعلق بحال کرنا۔
امتیازی خصوصیات
- اردو انگلش زبان میں لفظی و بامحاورہ ترجمہ
- رجوع الی اللہ بذریعہ قرآن
- روحانی بالیدگی کا سامان بہم پہنچانا
- تزکیہ نفس کی نشستیں
- جدید سائنسی طریقہ تدریس
دورہ قرآن کا نصاب
- مکمل تجوید و قرات
- لفظی و بامحاورہ ترجمہ قرآن
- تفسیر و بنیادی اصول تفسیر
- احادیث نبویہ
دورہ قرآن شیڈول
ہفتہ وار کلاسز - ریگولر کلاسز (30 روزہ)
قرآن کلاسز
اللہ رب العزت نے کائنات انسانی کی رہنمائی کے لیے اپنے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر دین و دنیا کی فلاح و سعادت اور رشد و ہدایت کا جامع اور کامل ترین دستور قرآن مجید کی شکل میں نازل فرمایا جس طرح خالق کائنات نے تمام انبیاء کرام کے جملہ کمالات و فضائل اور خواص کو محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پر ختم کرکے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خاتم النبیین کے درجے پر فائز کیا اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہونے والی کتاب کو علوم و معارف کا آخری ایڈیشن بنایا۔ قرآن مجید اللہ کا کلام ہے۔ قرآن مجید رب کی معرفت ہے اس معرفت الہیٰہ کو پاکر اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہئے اور قرآن مجید طاقت ہے اس طاقت سے اپنے کردار کو مضبوط بنانا چاہئے۔
مقاصد
- علم التجوید کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے قرآن پاک کی صحت لفظی کے ساتھ تلاوت کرنا۔
- قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ان کی ترغیب دینا۔
- عصری، سائنسی اور اعتقادی اعتبار سے قرآن فہمی کی صلاحیت پیدا کرنا۔
- معاشرتی مادیت پرستی کا قرآنی تعلیمات کے ذریعے قلع قمع کرنا۔
قرآن کلاسز کا شیڈول
ہفتہ وار کلاسز - ریگولر کلاسز
عرفان الہدایہ ڈپلومہ
قرآن مجید بلاشبہ اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو بھٹکی ہوئی انسانیت کے لیے چشمہ رشد و ہدایت ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اللہ رب العزت کی بندگی اور اتباع رسول میں بسر کرتے ہوئے اسی تعلیمات کو آئندہ نسلوں تک منتقل کریں۔ تحریک منہاج القرآن احیائے تجدید دین کی عالمگیر تحریک ہے جس کے اہداف سبعہ میں سے تیسرا ہدف رجوع الی القرآن ہے۔ جس کا مقصد امت مسلمہ کا قرآن کے ساتھ ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنا ہے جس کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر عرفان الہدایہ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ملکی سطح پر خواتین کے لیے قرآن لرننگ ڈپلومہ (قرآن کلاسز) کا آغاز کیا ہے۔ اس کلاسز میں قرآن کے آفاقی و انقلابی پیغام عام فہم، سلیس قواعد و تجوید گرائمر اور لفظی بامحاورہ ترجمے کو عوامی سطح تک پہنچانا ہے۔
مقاصد
- معاشرے میں قرآن کی فکر اور تعلیمات کو بطور کلچر فروغ دینا۔
- قرآن کریم کے ساتھ حبی و قلبی اور فکری و عملی تعلق کی استواری۔
- عصری سائنسی اور اعتقادی اعتبار سے قرآن فہمی کی صلاحیت پیدا کرنا۔
- علم التجوید کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے قرآن مجید کی صحت لفظی کے ساتھ تلاوت کرنا۔
جہات (قرآن لرننگ ڈپلومہ)
- قرآن مجید (آخری دس سورتیں+ سورۃ الحجرات+ پہلا پارہ)
- تجوید، گرائمر، لفظی بامحاورہ ترجمہ، اہم مضامین و تفسیری نکات
- انسائیکلو پیڈک سٹڈی آف قرآن اور اس کے اہم مضامین
- حدیث
- قرآن و حدیث کی روشنی میں فقہی مسائل اور ان کا حل
- اسلامی بنیادی عقائد و دعائیں
رجسٹریشن فیس
ڈپلومہ کی رجسٹریشن فیس مبلغ 2000 روپے ہوتی ہے جس میں سلیبس، لٹریچر، امتحانی فیس اور ڈپلومہ سرٹیفکیٹس شامل ہوں گے۔
ڈپلومہ سرٹیفیکیٹس کا طریقہ کار
عرفان الہدایہ ڈپلومہ مکمل کرنے کے چھ ماہ بعد سٹوڈنٹس کا باقاعدہ ٹیسٹ اور Assesment ہوگی۔
بعد ازاں Diploma کی تکمیل پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (COSIS) اور MWL کی Callaboration کے ساتھ سٹوڈنٹس کو سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے۔
Diploma Participation Certificates (on basis of attendence)
یہ سرٹیفیکیٹ ان سٹوڈنٹس کو دیا جائے گا جو 60% حاضری کو یقینی بنائیں گی۔
پیغام
انسانی زندگی عارضی اور فانی ہے۔ ہر گزرتے لمحہ ہماری حیات کا دورانیہ کم ہورہا ہے۔ ایسے میں اگر اپنی ذات کا احتساب نہ کیا تو ابدی خسارہ ہمارا مقدر بن جائے گا۔ (العیاذ باللہ)
اخروی نقصان سے بچنے کے لیے رمضان المبارک کی ان مبارک ساعتوں میں قرآن اور صاحب قرآن سے جڑ کر اللہ تعالیٰ سے اپنا رشتہ استوار کریں۔