تحریک منہاج القرآن کے زیرِ اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کی مناسبت سے دنیا بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات میں کارکنان نے دینِ اسلام کی سربلندی، اصلاحِ معاشرہ اور فروغِ علم کے لیے کی گئی شیخ الاسلام کی جملہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان تقریبات کا مقصد جہاں اللہ تعالیٰ کے حضور اظہارِ تشکر اور تجدیدِ عہد ہے وہاں تنظیمی سطح پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور درازی عمر کے لیے خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کرنا بھی ہوتا ہے۔ امسال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کارکنان، تنظیمات اور وابستگان نے ’’شیخ الاسلام: علم، تحقیق اور تجدید کا عہدِ بے مثال‘‘ کے عنوان سے پروقار تقریبات کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات میں ہر طبقہ فکر کی نمائندہ شخصیات نے شیخ الاسلام کی علمی، فکری اور تجدیدی کاوشوں اور خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ پر مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب و محفل سماع منعقد ہوئی، جس میں معروف قوال شیر علی و مہر علی اور ہمنوائوں نے پرفارم کیا۔ تقریب میں منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صوبائی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سعید الحسن شاہ، آستانہ عالیہ دربار بابا صاحب پاکپتن شریف سے دیوان احمد مسعود قادری، بیرسٹر عامر حسن، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود، خرم نواز گنڈاپور اور علماء و مشائخ نے بھی شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے تمام معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے استقبالیہ پیش کیا جبکہ ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد نے بھی اظہار خیال کیا۔
دعائیہ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی گفتگو کی۔ آپ نے کہا کہ ہر انسان زندگی کے جس عہدے اور ترقی پر بھی پہنچ جائے، درحقیقت وہ ایک کارکن ہوتا ہے۔ ہر کارکن جب تک اپنی زندگی کو محنت و مقصد سے گزاراتا ہے اور حوصلہ و صبر کیساتھ مصائب، پریشانیوں کو برداشت کرتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرتا ہے تو یہی اس کی کامیابی کی ضمانت بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کارکنوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ زندگی کے جس مقام پر بھی ہیں، محنت، حوصلہ اور ثابت قدمی کو نہ چھوڑیں۔ یہی کامیابی زندگی گزارنے کا راز ہے۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ آخر میں صاحبزادہ دیوان مسعود نے اختتامی دعا کرائی۔
- منہاج یونیورسٹی لاہور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش کیساتھ منائی گئی۔ اس سلسلہ میں مرکزی تقریب فاونڈرز ڈے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں خرم نواز گنڈا پور، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، معروف اینکر پرسن اجمل جامی، سابق منیجر پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر زیدی، سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، سید امجد علی شاہ، جی ایم ملک و دیگر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فاؤنڈرز ڈے تقریب میں مینجمنٹ سٹاف، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 19 طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے سے سکالر شپ ایوارڈ دئیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ رواں سال ذہین بچوں کو 26 لاکھ روپے کے سکالر شپ دئیے گئے اور سیکڑوں بچوں کو فیسوں میں جزوی رعایت دی گئی اور یہ رقم بھی کروڑوں میں ہے۔ منہاج القرآن کا تعلیمی ویژن ذہین مگر غریب بچوں کیلئے زیادہ سے زیادہ اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پختہ یقین اورمصمم ارادہ انسان کو منزل تک پہنچاتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ کہتے ہیں زندگی میں کامیابی یا ناکامی کی کوئی اہمیت نہیں ہونی چاہیے، اصل اہمیت مسلسل جدوجہد کی ہے، جو شخص بھی نیک نیتی کے ساتھ مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھتا ہے اسے 100 فیصد نتائج ملیں یا نہ ملیں وہ کامیاب و کامران شخص ہے، کامیابی کا لالچ اور ناکامی کا خوف انسان کو کمزور کر دیتا ہے۔
- اس موقع پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان ہی نہیں عالم اسلام کا سرمایہ ہیں، انہوں نے پاکستان اور پاکستان کے باہر فروغ تعلیم اور تفہیم دین کیلئے تقریری، تحریری سطح پر جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل رشک ہیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری منہاج یونیورسٹی لاہور کے بانی و سرپرست ہیں اور منہاج یونیورسٹی ایک نظریہ کے تحت کام کررہی ہے اور وہ نظریہ طلباء و طالبات کو ایک اچھا اور سچا انسان اور پروفیشنل بنانے کا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (بزم منہاج) کے زیراہتمام قائد ڈے تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، بیرسٹر عامر حسن، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، مفتی عبد القیوم ہزاروی، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، پروفیسر محمد الیاس اعظمی، ڈاکٹر مسعود مجاہد، ڈاکٹر شفاقت بغدادی، محب اللہ اظہر اور کالج کے اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب میں کثیر تعداد میں طلباء شریک تھے۔ مہمانوں نے پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور مہمانوں کو تحائف دیئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، انکی درازی عمر، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی گئی۔
- تحریک منہاج القرآن کے زیرانتظام دیگر مرکزی تعلیمی ادراہ جات منہاج گرلز کالج لاہور، منہاج ماڈل سکول لاہور اور تحفیظ القرآن لاہور کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی اپنے قائد سے تجدید وفا کرتے ہوئے اپنے اپنے ادارہ جات میں قائد ڈے تقاریب کا پروقار اہتمام کیا۔
- مصطفوی سوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کی مناسبت سے سٹوڈنٹ لیڈرز سمٹ کے عنوان سے تین روزہ تقریبات منعقد ہوئیں، تقریبات میں ملک بھر سے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ شریک ہوئے۔ تین روزہ تقریبات میں اساتذہ، طلباء رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اہم علمی، سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے طلباء کو اساتذہ کے احترام اور طلباء کی ذمہ داریوں کے موضوع پر لیکچر دیا، معروف موٹیویشنل سپیکر سلطان خان نے طلباء کو زندگی کی کامیابی کے موضوع پر لیکچر دیا، تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ٹریننگ غلام مرتضیٰ علوی نے امر بالمعروف و نہی المنکر اور طلبہ کی ذمہ داریوں کے موضوع پر لیکچر دیا، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چودھری عرفان یوسف نے ابتدائی کلمات میں مہمانان گرامی اور طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ علاوہ ازیں خرم نواز گنڈا پور، اورنگزیب سہروردی، محمد حنیف مصطفوی، تنویر احمد خان ، ملک سعید عالم، باسط ملک، دانیال صدیقی، قاسم علی شاہ اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر محفل سماع حیدریم اور محفل مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
- منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام اتحاد امت کانفرنس جامعہ اشرف الجمال لاہور میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ علما کرام اور مشائخ عظام منبر رسول سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں۔ امت مسلمہ کو متحد کرنا علماء کرام کا دینی فریضہ اور وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ اسلام رواداری، امن بقائے باہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ امت مسلمہ کو فرقہ واریت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اتحاد امت کیلئے علماء مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اتحاد امت کانفرنس سے مختلف مکاتب فکر کے اہم رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
جمیعت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مولانا عبد الستار نیازی، وحدت المسلمین کے صوبائی صدر علامہ حسن رضا نقوی، علامہ وسیم الحسن شاہ حافظ آبادی، جے یو پی نورانی کے رہنمامفتی محمد جاوید نوری، صدر سنی تحریک پنجاب مولانا مجاہد رسول، منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری، مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر، علامہ زوار حسین، چیئرمین کل مسالک علما بورڈ علامہ عاصم مخدوم، پیر سید منیر سیفی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، علامہ محمد اشرف سعیدی، علامہ حافظ طاہر ضیا، حافظ غلام فرید و دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وسیم الحسن شاہ نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اتحاد امت کے داعی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس وقت بھی جرأت و بہادری کے ساتھ اتحاد امت کی بات کی جب صرف ہاتھ ملانے پر کفر کے فتوے لگا دئیے جاتے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امت کو کتابیں نہیں لائبریریاں دی ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ حسن رضا نقوی نے کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تقاریر اور تصانیف میں اتحاد امت کا درس ملتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری امن، محبت اور اتحاد امت کی بات کرتے ہیں۔
علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر نے اپنے خطابات میں قرآنک انسائیکلوپیڈیا، احادیث مبارکہ کے انسائیکلوپیڈیا، علوم القرآن، علوم الحدیث اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ ملکی سلامتی، خوشحالی، اتحاد امت اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
- دنیا بھر میں موجود تحریک منہاج القرآن ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک کے جملہ فورمز نے ضلعی، صوبائی اور تحصیلی سطح پر قائد ڈے کی پروقار تقریبات کا اہتمام کیا۔ بیرون ملک منعقدہ متعدد تقریبات میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور شیخ الاسلام کی شخصیت کے مختلف گوشوں پر اظہار خیال کیا جبکہ اندرون ملک منعقدہ متعدد تقریبات میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطابات میں شیخ الاسلام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
علاوہ ازیں صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسلز کی سطح پر بھی سفیرِ امن سیمینارز اور دیگر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ جن میں ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظمین اعلیٰ محمد رفیق نجم، محمد شاکر مزاری، فیاض احمد وڑائچ، رانا محمد ادریس قادری، محترم احمد نواز انجم اور تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، یوتھ لیگ، منہاج علماء کونسل، MSM کے مرکزی و مقامی قائدین نے خطابات کیے۔
- اندرون و بیرون ملک ان تمام تقریبات کے احوال اور تصاویر جاننے کے لیے www.minhaj.org ملاحظہ فرمائیں۔