سفر حج اور عمل قربانی در اصل انا کی نفی سے بقا کی منزل تک کا سفرہے جو ایک مومن انسان کے باطن میں برپا ہونے والی ایک خاموش مگر انقلاب آفریں جدوجہد کا نام ہے۔ یہ وہ راہ ہے جہاں نفس کی سرکش لہریں تھمتی ہیں اور دل کا دریا سکونِ حق سے ہمکنار ہونے لگتا ہے۔ جب انسان اپنی انا کے بت کو اپنے ہی ہاتھوں پاش پاش کرتا ہے، اپنی خواہشات کے شور کو خاموشی کے مزار میں دفن کر دیتا ہے، تو اس کے اندر ایک نئی روشنی جنم لیتی ہے۔ ایسی روشنی جو اسے اپنی ذات کی تنگ و تاریک گلیوں سے نکال کر حقیقت کے وسیع و عریض افق تک لے جاتی ہے۔ یہی نفیِ انا دراصل وہ زینہ ہے جس پر قدم رکھ کر انسان بقا کی رفعتوں تک پہنچتا ہے، جہاں اس کی ہستی ذاتی حدود سے نکل کر الوہی قرب کے نور میں تحلیل ہو جاتی ہے۔ وہاں نہ "میں" باقی رہتا ہے نہ "میرا"، بلکہ ہر سمت "وہی" جلوہ گر ہوتا ہے، اور انسان فنا کے اس بحرِ بے کراں میں ڈوب کر بقا کی لافانی موجوں سے ہمکنار ہو جاتا ہے۔ فنا و بقا کے فلسفے کو ہم علامہ اقبال کے اس شعر سے بخوبی سمجھ سکتے ہیں:
فنا فی اللہ کی تہہ میں بقا کا راز مضمر ہے
جسے مرنا نہیں آتا اسے جینا نہیں آتا
حضرت علامہ محمد اقبال کے اس فکر انگیز شعر میں ایک ایسا آفاقی پیام مضمر ہے جو روحِ انسانی کو جھنجھوڑ کر اسے حقیقتِ حیات کے دروازے پر لا کھڑا کرتا ہے۔ یہ محض الفاظ کا سنگم نہیں بلکہ عرفان و آگہی کا وہ دریا ہے جس کی لہروں میں فنا اور بقاء کے اسرار موجزن ہیں۔ اقبال نے "فنا" کو موت کی تاریکی نہیں بلکہ ایک ایسی سحر انگیز شب سے تعبیر کیا ہے جس کے بطن سے بقاء کی تابندہ صبح جنم لیتی ہے۔
"جسے مرنا نہیں آتا"یہ محض جسمانی موت کا ذکر نہیں، بلکہ یہ انا کے بت کو پاش پاش کرنے کا استعارہ ہے۔ یہ نفسِ امارہ کے اس سرکش گھوڑے کو لگام دینے کی دعوت ہے جو انسان کو خود پسندی کے ریگزار میں بھٹکاتا رہتا ہے۔
"جینا" یہاں محض زندہ رہنے کا نام نہیں بلکہ یہ اس گلِ رعنا کی مانند ہے جو خزاں کے جھونکوں سے لڑ کر بہار کی آغوش میں کھلتا ہے۔ یہ اس پروانے کی مانند ہے جو شمع کی لو میں جل کر بھی ہمیشہ کے لیے امر ہو جاتا ہے۔ یہ وہی بقاء ہے جو فنا کے راستے سے گزر کر حاصل ہوتی ہے۔ ایک ایسی دائمی زندگی جس میں بندہ اپنی ذات کو مٹا کر ذاتِ حق میں سمٹ جاتا ہے۔
سفرِ حج و قربانی درحقیقت اسی نفیِ انا سے بقا کی منزل تک کے روحانی سفر کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ جب حاجی احرام کی سادہ چادر اوڑھ کر دنیاوی تفاخر کے تمام نقوش مٹا دیتا ہے تو گویا وہ اپنی "میں" کے بت کو پہلی ضرب لگا دیتا ہے۔ تلبیہ کی صداؤں میں اس کی انا تحلیل ہونے لگتی ہے اور وہ لبیک کہتے ہوئے اپنے وجود کو حکمِ الٰہی کے سپرد کر دیتا ہے۔ میدانِ عرفات میں کھڑے ہو کر وہ اپنی ہستی کی نفی کا اعلان کرتا ہے اور رمیِ جمرات کے ذریعے اپنے نفس کے شیطانی وسوسوں کو سنگسار کرتا ہے۔ پھر جب قربانی کا مرحلہ آتا ہے تو یہ محض ایک جانور کا ذبح نہیں رہتا بلکہ خواہشات، تمناؤں اور خود پسندی کی گردن پر چلتی ہوئی وہ تیز دھار چھری بن جاتا ہے جو انسان کو فنا کے مقام تک پہنچاتی ہے۔ اسی فنا کی راکھ سے بقا کی وہ روشن کرن پھوٹتی ہے جہاں بندہ اپنی محدود ذات سے نکل کر قربِ الٰہی کی لازوال وسعتوں میں داخل ہو جاتا ہےاوریوں حج اور قربانی کا ہر لمحہ اعلان کرتا ہے کہ جو اپنی انا کو ذبح کرنا سیکھ لے، وہی حیاتِ جاوداں کا امین بنتا ہے۔
سفرِ حج: آفاقی شناخت کا ذریعہ
قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَ اَذِّنْ فِی النَّاسِ بِالْحَجِّ یَاْ تُوْکَ رِجَالًا وَّعَلٰی کُلِّ ضَامِرٍ.
(الحج، 22: 27)
’’اور تم لوگوں میں حج کا بلند آواز سے اعلان کرو وہ تمہارے پاس پیدل اور تمام دبلے اونٹوں پر (سوار) حاضر ہو جائیں گے۔ ‘‘
یہ اعلان دراصل ایک ابدی دعوت ہے۔ ایک ایسا بلاوا جو انسان کو اس کی اصل کی طرف لوٹنے کی صدا دیتا ہے۔ یہ روح کی وہ صدا ہے جو انسان کے باطن سے اٹھ کر اسے اپنے خالق حقیقی کی طرف متوجہ کرتی ہے۔ یہ محض رسوم و ظواہر کا نام نہیں بلکہ دل کی گہرائیوں میں اتر کر ایک ایسی کیفیت پیدا کرتا ہے جس میں بندہ اپنے رب کی قربت کو اپنی سب سے بڑی متاع سمجھنے لگتا ہے۔ دین اسلام نے عبادات کو اسی روحانی ارتقا کا ذریعہ بنایا ہے؛ نماز کی خشوع بهری ساعتیں ہوں یا روزے کی صبر آزما گھڑیاں، زکوة کی ایثار انگیزی ہو یا حج کی روح پرور حاضری۔۔۔ یہ سب انسان کے اندر ایک نئی تطہیر ایک نئی بیداری پیدا کرتے ہیں۔ یوں یہ عبادت صرف بندگی کا اظہار نہیں رہتی بلکہ نفس کی اصلاح کردار کی تہذیب اور زندگی کے ہر گوشے کو رضائے الہی کے رنگ میں رنگ دینے کا وسیلہ بن جاتی ہے، یہاں تک کہ انسان کا جینا، اس کا بولنا، اس کا لین دین۔۔۔ سب کچھ ایک مقدس امانت کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔
حج اور قربانی دراصل انسان کے باطن میں برپا ہونے والے اس عظیم معرکہ کی علامت ہیں جسے جہاد بالنفس کہا جاتا ہے۔ یہ وه مقدس لمحات ہوتے ہیں جب بندہ اپنی خواہشات اپنی انا اور اپنے ذاتی مفادات کو پسِ پشت ڈال کر مکمل سپردگی کے ساتھ حکمِ خداوندی کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دیتا ہے۔ احرام کی سادگی میں لپٹا ہوا وجود گویا اپنی تمام شناختوں سے دستبردار ہو کر ایک نئی روحانی پہچان حاصل کرتا ہے اور قربانی کے وقت چهری فقط جانور کے گلے پر نہیں چلتی بلکہ نفسِ امارہ کی سرکشی پر وار کرتی ہے۔ اس عمل میں انسان اپنی ذات کی نفی کر کے ذات باری تعالی کی رضا میں فنا ہونے کا سلیقہ سیکھتا ہے اور یہی فنا دراصل بقائے دوام کی تمہید بن جاتی ہے۔ یوں بندہ ایک ایسے سفر پر گامزن ہو جاتا ہے جہاں اس کی ہر سانس اطاعت کا استعارہ اور ہر قدم قربِ الہی کی طرف ایک روشن پیش رفت بن جاتا ہے۔
حج کی عظیم عبادت محض ایک مذہبی رسم کی حیثیت نہیں رکھتی بلکہ دینِ اسلام کے ایک مکمل فکری، روحانی اور تہذیبی نظام کی نمائندگی کرتی ہے۔ حج ان عظیم عبادات میں سے ایک ہے، جو بیک وقت انسان کے ظاہر و باطن، فکر و عمل اور فرد و اجتماع کو ایک خاص سانچے میں ڈھال دیتی ہے۔ یہ سفر صرف مکانی نہیں بلکہ ایک باطنی ہجرت ہے۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں رہنے والا انسان مختلف حوالوں سے پہچانا جاتا ہے۔ وہ کسی ملک کا شہری ہوتا ہے، کوئی زبان بولنے والا، کسی خاندان کا فرد اور کسی پیشے سے وابستہ ہوتا ہے لیکن جب وہ حج کے لیے نکلتا ہے تو یہ تمام شناختیں ثانوی ہو جاتی ہیں۔ یوں اس روحانی سفر میں وہ اپنی محدود شناخت سے نکل کر ایک آفاقی شناخت اختیار کر لیتا ہے۔
یہ خود سے خدا تک۔۔۔ انا سے بقا تک اور محدود شناخت سے آفاقی شعور تک کا یہ سفر انسان کو اس کے اپنے وضع کرده مصنوعی دائروں اور حدود سے نکال کر اس کی اصل حقیقت سے روشناس کراتا ہے۔
چنانچہ انا وه داخلی احساس ہے جو انسان کو اپنی ذات، اپنی برتری اور اپنی خواہشات کے گرد قید رکھتا ہے۔ حج اس قید کو توڑنے کا نام ہے کیوں کہ جب ایک حاجی احرام باندھتا ہے تو وہ اپنے لباس مرتبہ، قومیت اور دنیاوی امتیازات کو ترک کر دیتا ہے۔ اسی طرح قربانی کا عمل اس باطنی تبدیلی کا عملی اظہار ہے، جس میں انسان اپنی خواہشات مفادات اور انا کو اللہ کی رضا کے لیے قربان کرتا ہے۔ یوں حج اور قربانی مل کر ایک ایسے فلسفہ کو جنم دیتے ہیں جو انسان کو فنا سے بقا کی طرف لے جاتا ہے۔
صوفیا کے نزدیک فنا کوئی منفی یا معدومیت کا تصور نہیں بلکہ ایک ایسی مثبت کیفیت ہے جس میں بندہ اپنی محدود ہستی کو اللہ کی لا محدود ہستی میں جذب کر دیتا ہے۔ جب یہ فنا کامل ہو جاتی ہے تو اسی کے بطن سے بقا جنم لیتی ہے۔ یعنی وہ زندگی جو اللہ کے ساتھ، اللہ کے لیے اور اللہ کی کامل اطاعت میں بسر ہو۔
احرام: انا کی پہلی نفی
حج کا آغاز احرام سے ہوتا ہے اور یہی وہ پہلا مرحلہ ہے جہاں انسان اپنی انا کے خول کو توڑنا شروع کرتا ہے۔ احرام کا سادہ لباس اس بات کا اعلان ہے کہ اب کوئی امتیاز باقی نہیں رہا۔ نہ امارت و غربت کا فرق، نہ رنگ و نسل کی تمیز اور نہ زبان و قوم کا تفاخر۔ یہ لباس دراصل کفن کی یاد دلاتا ہے، گویا انسان دنیا کی تمام ظاہری شناختوں کو اتار کر ایک نئی روحانی زندگی کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔
دورانِ حج احرام کی سادہ سی چادر اس بات کی علامت ہے کہ اب انسان اپنی دنیاوی حیثیتوں کو پسِ پشت ڈال چکا ہے۔ نہ کوئی امیر ہے نہ غریب، نہ کوئی بادشاہ ہے نہ فقیر۔ شاه و گدا، محمود و ایاز، بنده و بنده نواز سب ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔ مساوات کا یہ عملی مظاہره دراصل اس حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ اللہ کے نزدیک اصل قدر و قیمت تقوی اور اخلاص کی ہے۔ دنیاوی شعوب وقبائل، رنگ و نسل اور امتیازاتِ دنیوی کے سب پندار یہاں ٹوٹ جاتے ہیں۔
احرام باندھنے والا حاجی گویا یہ اعلان کرتا ہے کہ میں نے اپنی ذات کو محدود کر دیا ہے، اپنی خواہشات کو روک دیا ہے اور اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کر دیا ہے۔ حالت احرام میں لبیک اللہم لبیک کی صدائے دل نواز ایک داخلی انقلاب کا اعلان ہے کہ اب میں اپنی مرضی اپنی خواہش اور اپنی انا کو ترک کر کے صرف رب کی اطاعت میں داخل ہو چکا ہوں۔ احرام کی حالت میں کئی جائز چیزیں بھی حرام ہو جاتی ہیں، جیسے خوشبو لگانا، بال کاٹنا یا شکار کرنا، یہ پابندیاں انسان کو یہ سبق دیتی ہیں کہ اصل آزادی خواہشات کی پیروی میں نہیں بلکہ ان پر قابو پانے میں ہے۔ یہی وہ پہلا قدم ہے جس سے انا کی نفی شروع ہوتی ہے۔ انسان سیکھتا ہے کہ وہ اپنے نفس کا غلام نہیں بلکہ اللہ کا بندہ ہے۔
طواف: مرکزِ حقیقی کی تلاش
جب حاجی خانہ کعبہ کا طواف کرتا ہے تو وہ دراصل اپنی زندگی کے محور کو متعین کر رہا ہوتا ہے۔ دنیا میں انسان کے کئی مرکز ہوتے ہیں۔ مال و دولت، جاه ومنصب، شہرت و ناموری، انواع و اقسام کی خواہشات دنیوی اور طاقت و اقتدار لیکن طواف یہ سکھاتا ہے کہ انسان کا اصل مرکز و محور اور مقصود و مطلوب صرف اور صرف الله رب العزت کی ذات ہے۔ چنانچہ کعبہ کے گرد چکر لگانا اس بات کی علامت ہے کہ انسان اپنی زندگی کے تمام پہلوؤں کو اللہ کے گرد گھما دے۔ یہ ایک علامتی عہد و اعلان ہے کہ اب میری زندگی کا ہر عمل، میری ہر سوچ، میرا ہر فیصلہ اللہ کی رضا کے تابع ہے۔ لہذا طواف میں انا مزيد تحلیل ہوتی ہے اور انسان ایک عظیم کائنائی نظام کا حصہ بن جاتا ہے۔ جیسے سیارے سورج کے گرد گردش کرتے ہیں، ویسے ہی انسان اللہ کے گھر کے گرد طواف کرتا ہے۔ یہ عمل اس حقیقت کا اظہار ہے کہ کائنات کا ہر ذرہ ایک مرکز کے تابع ہے اور وہ مرکز اللہ کی ذات ہے۔
یوں طواف انسان کو یہ شعور دیتا ہے کہ اس کی زندگی کا مرکز بھی کوئی دنیاوی شے نہیں بلکہ صرف اللہ رب العزت کی ذات ہے۔ نتیجتاً انسان اپنی زندگی کا مرکز دنیا کو نہیں بناتا، نہ وہ کسی فکری انتشار کا شکار رہتا ہے بلکہ وہ اپنے فکر و شعور کو کاملاً الله کی طرف منتقل کرتا ہے اور اس کی زندگی میں توازن اور سکون پیدا ہو جاتا ہے۔
سعی: جستجو اور یقین کا استعاره
صفا اور مروہ کے درمیان سعی حضرت ہاجره عليها السلام کی اس عظیم جدوجہد کی یادگار ہے جو انھوں نے اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کی پیاس بجھانے کے لیے کی۔ یہ عمل ہمیں سکھاتا ہے کہ اللہ پر یقین کے ساتھ کی گئی کوشش کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ یہاں ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ حضرت ہاجرہ کی سعی بظاہر ایک بے نتیجہ دوڑ تھی لیکن در حقیقت وہی دوڑ آبِ زمزم کے ظہور کا سبب بنی۔ اسی طرح انسان کی زندگی میں بھی بہت سی کوششیں بظاہر بے سود محسوس ہوتی ہیں مگر وہی کوششیں کسی بڑے انعام کا پیش خیمہ ہوتی ہیں۔ یہاں بھی انا کی نفی کا پہلو نمایاں ہے۔ انسان اپنی کوشش پر مغرور نہیں ہوتا بلکہ اسے اللہ کی مدد کا محتاج سمجھتا ہے۔ بقول میر درد اسے یقین ہو جاتا ہے کہ:
ہووے نہ حول وقوت اگر تیری درمیاں
جو ہم سے ہو سکے بے سو ہم سے کبھو نہ ہو
وقوفِ عرفہ: خود احتسابی کا لمحہ
عرفات کا میدان حج کا نقطۂ عروج ہے۔ یہاں انسان اپنے ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان کھڑا ہو کر اپنے اعمال کا محاسبہ کرتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب بندہ اپنی تمام کمزوریوں، گناہوں اور کوتاہیوں کا اعتراف کر کے اللہ کی بارگاہ میں جھک جاتا ہے۔ یہاں انا کی دیوار مکمل طور پر ٹوٹ جاتی ہےاور انسان ایک عاجز بندے کی حیثیت سے اپنے رب کے سامنے کھڑا ہوتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سے فنا کا سفر مزید آگے بڑھتا ہے۔ اپنی ذات کی نفی اپنے غرور کا خاتمہ اور اپنی خود پسندی، خود نمائی، خود ستائی جیسے مذموم اظہار کو اللہ کے حضور مٹا دیتا ہے۔
قربانی: ترکِ نفس کی عملی تصویر
حج کے بعد قربانی کا مرحلہ آتا ہے، یعنی اگر حج انسان کو اپنی "انا" سے آزاد کرتا ہے تو قربانی اسے اس آزادی کا عملی ثبوت فراہم کرنے کا موقع دیتی ہے۔ قربانی کا لفظ اپنے اندر بندگی، محبت اور ایثار کی ایسی معطر کہکشاں سموئے ہوئے ہے جس کی ہر کرن انسان کو قربِ الٰہی کی طرف رہنمائی دیتی ہے۔ یہ محض ایک رسم یا ظاہری عمل کا نام نہیں بلکہ دل کے محراب میں جلنے والی وہ خاموش شمع ہے جو انسان کو اپنی ذات کے حصار سے نکال کر رضائے حق کی وسعتوں میں داخل کرتی ہے۔ دینی اعتبار سے قربانی، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنتِ وفا کی یادگار ہے۔ وہ لمحہ جب باپ نے بیٹے کو اور بیٹے نے اپنی جان کو حکمِ خداوندی کے حضور بے چون و چرا پیش کر دیا اور یوں اطاعت و تسلیم کی ایک لازوال مثال قائم ہو گئی۔ روحانی سطح پر یہی قربانی انسان کے اندر موجود خودی کے بت کو توڑنے، خواہشاتِ نفس کو ذبح کرنے اور انا کی گردن پر اخلاص کی چھری پھیرنے کا استعارہ بن جاتی ہے۔
قربانی دراصل دل کی زمین کو نرم کرنے کا وہ عمل ہے جس میں بخل کی سخت چٹانیں ریزہ ریزہ ہو جاتی ہیں اور ایثار و محبت کے چشمے پھوٹ نکلتے ہیں۔ یہ انسان کو سکھاتی ہے کہ اصل عطا مال کی نہیں بلکہ نیت کی ہے اور اصل ذبح جانور کا نہیں بلکہ نفس کی سرکشی کا ہے۔ جب بندہ اپنی پسندیدہ چیز کو اللہ کی راہ میں پیش کرتا ہے تو وہ دراصل اپنے دل کو دنیا کی گرفت سے آزاد کر کے رب کی قربت کا حقدار بناتا ہے۔ یوں قربانی ایک ایسا روح پرور سفر بن جاتی ہے جہاں انسان فنا کے مرحلے سے گزر کر بقا کی روشنیوں سے ہمکنار ہوتا ہے اور اس کے وجود میں اخلاص، محبت اور بندگی کی ایک نئی زندگی انگڑائی لینے لگتی ہے۔
دین اسلام میں قربانی محض ایک رسم نہیں، بلکہ یہ روح کی تطہیر، دل کی بیداری اور بندگی کی معراج کا ایک نورانی استعارہ ہے۔ یہ وہ عمل ہے جس میں انسان اپنے ظاہر کے ساتھ ساتھ اپنے باطن کو بھی خدا کی بارگاہ میں پیش کرتا ہے اور یوں اس کی زندگی کا ہر گوشہ اطاعت و وفا کی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے۔
قربانی دراصل اس عظیم روایت کی بازگشت ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بے مثال اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے نظیر تسلیم و رضا سے عبارت ہے۔ جب محبتِ الٰہی اپنے عروج کو پہنچی تو باپ نے بیٹے کو قربان کرنے کا عزم کیا، اور بیٹے نے بھی سرِ تسلیم خم کر دیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب انسانیت کو یہ سبق ملا کہ بندگی کا تقاضا اپنی سب سے عزیز شے کو بھی راہِ خدا میں نثار کر دینا ہے۔
قربانی ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ اصل ذبح جانور کا نہیں بلکہ نفسِ امّارہ کا ہے۔ انسان جب چھری اپنے ہاتھ میں لیتا ہے تو درحقیقت اسے اپنی انا، تکبر، حرص اور خود غرضی پر چلانا ہوتا ہے۔ اگر یہ باطنی قربانی نہ ہو تو ظاہری عمل محض ایک رسم بن کر رہ جاتا ہے، جس میں روح کی حرارت اور اخلاص کی روشنی مفقود ہو جاتی ہے۔ قربانی وہ نہیں جو چھری کے نیچے آئے؛ قربانی وہ ہے جو دل کے اندر اتر جائے۔ قرآن کریم کے مطابق ’’اللہ تک نہ قربانی کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون، بلکہ تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔ ‘‘ گویا یہ عمل دل کی کیفیت کا آئینہ دار ہے، جہاں اخلاص، محبت اور خوفِ خدا ایک ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں۔
مزید برآں، قربانی ایثار و ہمدردی کا ایک درخشاں باب بھی ہے۔ جب قربانی کا گوشت محتاجوں اور ناداروں میں تقسیم ہوتا ہے تو معاشرے میں محبت، مساوات اور اخوت کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔ یہ عمل انسان کو اس کے مال کی محبت سے آزاد کر کے اسے سخاوت اور فیاضی کے راستے پر گامزن کرتا ہے۔
نماز اور قربانی: لازم و ملزوم رشتہ
قربانی دراصل اس عہد کی تجدید ہے جو بندہ اپنے رب سے ازل میں باندھ چکا ہے۔ یہ عمل انسان کو یاد دلاتا ہے کہ اصل مطلوب خون اور گوشت نہیں بلکہ تقویٰ ہے۔ جب انسان اپنی محبوب ترین شے کو اللہ کی راہ میں قربان کرتا ہے تو وہ درحقیقت اپنی "میں" کو ذبح کرتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں بندہ اپنی ذات (انا)کی نفی کر کے عبدیت کی معراج کو چھوتا ہے۔
قرآنِ حکیم کی دلنشیں اور معنی آفرین آیت "فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ" اپنے دامن میں بندگی کا وہ جامع پیغام سموئے ہوئے ہے جو انسان کو ظاہر سے باطن اور عمل سے اخلاص کی معراج تک لے جاتا ہے۔ اس آیت میں نماز اور قربانی کا باہم ذکر محض ایک ظاہری ترتیب نہیں بلکہ ایک گہرا روحانی اور اخلاقی ربط ہے۔ ایسا ربط جس میں عبادت کی قبولیت کا راز مضمر ہے۔
یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ قربانی کا عمل، اگرچہ بظاہر ایک عظیم عبادت ہے، مگر اس کی روح نماز کی پابندی کے بغیر بے جان ہو جاتی ہے۔ نماز وہ اساس ہے جس پر تمام عبادات کی عمارت قائم ہے۔ اگر یہ بنیاد ہی کمزور ہو تو اعمال کی یہ بلند و بالا عمارت بھی منہدم ہو کر رہ جاتی ہے۔ چنانچہ قربانی، جو ایثار و فداکاری کی علامت ہے، اسی وقت بارگاہِ الٰہی میں مقبول ہوتی ہے جب وہ ایک ایسے دل سے صادر ہو جو نماز کے نور سے منور ہو اور جس کی پیشانی سجدوں کی لذت سے آشنا ہو۔
احادیثِ نبویہ اس حقیقت پر مہرِ تصدیق ثبت کرتی ہیں کہ قیامت کے دن سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا۔ اگر نماز درست ہوئی تو دیگر اعمال بھی قبولیت کے دروازے پا لیں گے اور اگر یہی مردود ٹھہری تو باقی نیکیوں کی حیثیت بھی گردِ راہ سے زیادہ نہ رہے گی۔ گویا: نماز میزانِ اعمال ہے اور قربانی اس میزان میں ڈالی جانے والی ایک قیمتی متاع۔
نماز بندے کا اپنے رب سے روحانی رابطہ ہے، جبکہ قربانی اس رابطے کا عملی اظہار۔۔۔ نماز میں بندہ جھکتا ہے، قربانی میں وہ کٹتا ہے۔۔۔ نماز میں زبان ذکر کرتی ہے، قربانی میں عمل بولتا ہے۔۔۔ نماز جذبۂ بندگی کو بیدار کرتی ہے اور قربانی اس جذبے کی تصدیق کرتی ہے۔۔۔ نماز روح کی تطہیر ہے تو قربانی نفس کی تطہیر ہے۔۔۔ نماز دل کی قربانی ہے تو قربانی نفس کی نماز۔۔۔ نماز انسان کے باطن کو نور سے منور کرتی ہے، جبکہ قربانی اس نور کو عمل کی دنیا میں جلوہ گر کرتی ہے۔
حقیقت میں قربانی کا اصل ہدف ’’انا‘‘ کی قربانی ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب انسان اپنی خودی، اپنی خواہشات، اپنی ترجیحات، حتیٰ کہ اپنی محبوب ترین چیزوں کو بھی اللہ کی رضا کے حضور نچھاور کر دیتا ہے۔ جب تک یہ باطنی قربانی نہیں ہوتی، ظاہری قربانی اپنی معنویت کھو دیتی ہے۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی قربانیوں کو محض ایک موسمی عبادت نہ بنائیں بلکہ اسے اپنی زندگی کے ہمہ گیر انقلاب کا نقطۂ آغاز بنائیں۔ جس طرح ہم اللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں، اسی طرح اپنی نافرمانیوں، غفلتوں اور باطل خواہشات کو بھی قربان کر دیں، اور نماز کو اپنی زندگی کا مرکز و محور بنا لیں۔ تب ہی ہماری قربانیاں قبولیت کا تاج پہنیں گی اور ہماری زندگیاں اس ابدی کامیابی سے ہمکنار ہوں گی جسے قرآن "فلاح" سے تعبیر کرتا ہے۔
آج کے اس پرآشوب زمانے میں قربانی کی روح کہیں رسم کی گرد میں دبتی محسوس ہوتی ہے۔ وہ عمل جو اخلاص، ایثار اور تقویٰ کی خوشبو سے مہکنا چاہیے تھا، بسا اوقات نمود و نمائش کے شور میں اپنی تاثیر کھو بیٹھتا ہے۔ جانور کی گردن پر چھری تو چلتی ہے مگر دل کے نہاں خانوں میں چھپی خود نمائی سلامت رہتی ہے۔۔۔ قربان گاہ میں خون بہتا ہے مگر نفس کی سرکشی جوں کی توں قائم رہتی ہے۔۔۔ گلیوں اور محلوں میں قربانی کا چرچا تو ہوتا ہے، مگر اس چرچے کے پس منظر میں اکثر دل کی خاموش نیت نہیں بلکہ زبان کی شہرت اور آنکھ کی تعریف کی خواہش کارفرما ہوتی ہے۔
بعد ازاں جب قربانی کے گوشت کی تقسیم کا مرحلہ آتا ہے تو وہی ہاتھ جو فیاضی کے لیے غریبوں اور حق داروں کی مدد کے لیے بڑھنے چاہییں، اپنی ہی ضرورتوں کے حصار میں سمٹ جاتے ہیں۔ فریج اور فریزر کی ٹھنڈک تو بھر جاتی ہے مگر دلوں کی حرارت سرد پڑ جاتی ہے؛ دسترخوان تو وسیع ہوتے ہیں مگر مستحق کے دروازے تک پہنچنے والی دستک ماند پڑ جاتی ہے۔ علامہ اقبال نے کس درد مندی سے فرمایا:
رگوں میں وہ لہو باقی نہیں ہے
وہ دل، وہ آرزو باقی نہیں ہے
نماز و روزہ و قربانی و حج
یہ سب باقی ہیں، تو باقی نہیں ہے
حالانکہ قربانی کا اصل پیغام تو یہی ہے کہ اپنی پسندیدہ شے کو راہِ خدا میں دے کر دل کو کشادہ کیا جائے، نہ کہ اسے ذخیرہ اندوزی کی زنجیروں میں جکڑ دیا جائے۔ قربانی کی سنت ابراہیمی ہم سے مخاظب ہے کہ اے خود نمائی کے اسیر انسان! ذرا ٹھہر کر اپنے باطن کی آواز سن! کیا تیری قربانی محض دکھاوے کی ایک تصویر تو نہیں۔۔۔ ؟ کیا تو نے واقعی کچھ قربان کیا، یا صرف ایک رسم ادا کی۔۔۔ ؟ یاد رکھ، قربانی کا گوشت نہیں بلکہ نیت بارگاہِ الٰہی میں قبول ہوتی ہے۔ اگر تیرے حصے کا گوشت کسی محروم کے چولہے تک نہ پہنچ سکا تو سمجھ لے کہ تیری قربانی ابھی ادھوری ہے۔ اپنے دل کے آئینے کو صاف کریں، ریاکاری کے دھبے مٹائیں اور اس عمل کو اس کی اصل روح کے ساتھ زندہ کریں کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ سب کچھ کر کے بھی کچھ نہ کر سکیں اور تیرے ہاتھ خالی ہی رہ جائیں۔
خلاصۂ کلام
حج بیت الله، قربانی کی سعادت اور روضہ رسول ﷺ کی حاضری؛ یہ محض اعمال نہیں، یہ روح کی بیداری کے دروازے ہیں۔ یہ نصیب کی وہ روشن ساعتیں ہیں جن کے لیے دل صدیوں تڑپتے ہیں، آنکھیں اشکبار ہوتی ہیں اور زندگیاں دعاؤں میں ڈھل جاتی ہیں۔ یہ وہ لمحات ہیں جب بندہ زمین سے اٹھ کر آسمان سے ہم کلام ہوتا ہے، جب انسان اپنی مٹی کی حقیقت سے نکل کر نور کی طلب میں آگے بڑھتا ہے۔ مگر اے اہلِ دل! ذرا رک کر خود سے سوال کیجیے کہ کیا واقعی ہم اس سفر سے لوٹ کر بدل جاتے ہیں۔۔۔ ؟ کیا ہمارے اندر وہ انقلاب آتا ہے جس کے لیے ہم لبیک کی صدا بلند کرتےہیں۔۔۔ ؟
یاد رکھیے: اگر حج کے بعد بھی دل دنیا کی حرص میں ڈوبا رہے۔۔۔ اگر قربانی کے بعد بھی نفس اپنی خواہشات کا غلام رہے۔۔۔ اگر روضہ رسول ﷺ کی حاضری کے بعد بھی کردار میں سنت کی خوشبو نہ آئے۔۔۔ تو پھر۔۔۔ یہ سفر محض جسم کا سفر ہے، روح کا نہیں۔۔۔ یہ محض سیاحت ہے، عبادت نہیں۔۔۔ یہ محض حاضری ہے، حضوری نہیں۔
حج ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنی انا کو اتار پھینکیں، جیسے احرام میں ہم لباس اتارتے ہیں۔۔۔ قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہم اپنی خواہشات کو ذبح کریں، جیسے ہم جانور کو ذبح کرتے ہیں۔۔۔ اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم اپنی زندگی کو سنت مصطفی ﷺ کے سانچے میں ڈھال دیں۔
یومِ عیدِ قرباں اہلِ ایمان کے لیے صرف خوشی اور جشن کا دن نہیں بلکہ ایک عہدِ نو اور ایک روحانی بیداری کا پیغام لے کر طلوع ہوتا ہے۔ یہ دن مسلمان سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے آئینے میں جھانک کر دیکھے کہ آیا اس کی عبادتیں صرف ظاہری رسوم تک محدود تو نہیں ہو گئیں، یا ان کے اندر وہ اخلاص اور ایثار کی روح بھی موجود ہے جو قربانی کے اصل مفہوم کو زندہ رکھتی ہے۔ عیدِ قرباں انسان کو یاد دلاتی ہے کہ اصل قربانی جانور کے خون میں نہیں بلکہ نفس کی خواہشات کے خون میں مضمر ہے۔ اصل ذبح غرور اور خود غرضی کا ہے اور اصل اطاعت اللہ کی رضا کے سامنے مکمل سپردگی کا نام ہے۔
یہ دن اہلِ ایمان سے یہ بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے دلوں کو وسعت دیں، اپنے دسترخوان کو صرف اپنے گھروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس میں محروموں، محتاجوں اور بے سہاروں کو بھی شریک کریں۔ عیدِ قرباں ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ایمان صرف نماز اور عبادت کا نام نہیں بلکہ ایک اجتماعی احساسِ ذمہ داری بھی ہے، جہاں خوشی تب مکمل ہوتی ہے جب اس کی خوشبو ہر گھر، ہر گلی اور ہر دل تک پہنچے۔
یوں یہ مبارک دن انسان کو ایک نئے عہد کی دعوت دیتا ہے۔ ایسا عہد جس میں انا کی جگہ ایثار، خود غرضی کی جگہ ہمدردی اور دکھاوے کی جگہ خالص نیت جنم لے۔ عیدِ قرباں دراصل ایک خاموش صدا ہے جو دلوں کو جھنجھوڑ کر یہ کہتی ہے کہ اگر تو نے واقعی قربانی کی روح کو پا لیا تو تیری زندگی بھی ایک مسلسل قربانی اور مسلسل بندگی میں ڈھل جائے گی اور یہی بندگی تیرے لیے حقیقی عید کا دروازہ کھول دے گی۔