تربیت ایک ایسا لائحہ عمل ہے جس کے ذریعے کم افرادی قوت سے محدود وسائل اورمختصر وقت میں غیر معمولی نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی علمی، فکری، روحانی اور تنظیمی تربیت سے اس دورِ فتن میں محدود وسائل کے ساتھ محض 38 سالوں میں دنیا بھر میں لاکھوں کارکنان پر مشتمل علم، امن اور محبت پھیلانے والی سب سے بڑی تحریک قائم کی۔ تحریک منہاج القرآن متعدد جہتوں پر اپنے کارکنان اور افرادِ معاشرہ کی تربیت کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ تحریک کے قیام کے ساتھ ہی نظامتِ تربیت کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ اس نظامت کا بنیادی مقصد وابستگان، رفقاء، کارکنان اور تنظیمی عہدیداران کے ساتھ ساتھ عوام الناس کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں تربیت کا سامان فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے نظامتِ تربیت حسبِ ذیل پہلوؤں پر اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے:
- اخلاقی و روحانی تربیت
- تنظیمی و انتظامی تربیت
- علمی و تعلیمی تربیت
- فکری و نظریاتی تربیت
- پیشہ وارانہ تربیت
- تربیتِ اطفا ل
- مرکزی تعلیمی اداروں میں تربیتی خدمات
- مرکزی شعبہ جات میں خدمات
1۔ اخلاقی و روحانی تربیت
اصلاح ِاحوالِ امت تحریک منہاج القرآن کے بنیادی مقاصد میں سے ہے۔ تحریک کی ابتدا ء دروسِ تصوف سے ہوئی اور کارکنان کی اخلاقی و روحانی تربیت کے لئے ماہانہ شب بیداری کو ذریعہ بنایا گیا۔ اُن شب بیداریوں کے اثرات آج بھی کارکنان کے کردار سے جھلکتے ہیں۔ اسی تربیت کا نتیجہ ہے کہ آج اگر ایک طرف پاکستان کا میڈیا، کارکنانِ تحریک کے کردار کی عظمت کا اعتراف کرتا ہے اور یہ اعلان کرتا ہے کہ اگر پُرامن احتجاج کا سلیقہ سیکھنا ہے تو منہاج القرآن کے کارکنان سے سیکھو تو دوسری طرف یورپ میں منہاج القرآن کے ممبران کے یورپی معاشرے میں پُر امن، ترقی پسند اور بین المذاہب رواداری کے کردار پر تحقیق کے بعد ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریز جاری کی جارہی ہیں۔
کارکنان کی اخلاقی روحانی تربیت کے لئے ملک بھر میں حلقات درود، سوشل میڈیا کے ذریعے شیخ الاسلام کے خطابات اور متعدد شہروں میں روحانی اجتماعات اور محافل ذکر جاری ہیں اخلاقی و روحانی تربیت کے لیے نظامتِ تربیت حسبِ ذیل خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہے:
- مرکز پر ماہانہ ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
- گوشہ درود میں گوشہ نشینان کو تربیتی لیکچرز
- انفرادی اصلاحِ احوال کے لئے منہاج العمل کا احیاء
- تحصیل، پی پی حلقہ جات کی سطح پر ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد
2۔ تنظیمی و انتظامی تربیت
تحریک کے عہدیداران اور قائدین کو فرائضِ منصبی بہتر طور پر ادا کرنے اور تحریک کی تمام سرگرمیوں سے مطلوبہ مقاصد کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے نظامت تربیت حسب ذیل سطحوں پر اپنی خدمات جاری رکھے ہو ئے ہے:
- مرکزی نظامتِ تربیت اور نظامتِ تنظیمات کے اشتراک سے ٹریننگ آف ٹرینرز TOT کا انعقادکیا جاتا ہے۔ اس کیمپ میں ضلعی سطح کے تنظیمی عہدیداران میں ایسے افرادکو مدعو کیا جاتا ہے جو بطور ٹرینرز مرکز سے ٹریننگ حاصل کر یں اور اپنے اپنے اضلاع میں عہدیداران کی تنظیمی تربیت کا فریضہ سرانجام دیں۔
- مرکزی نظامتِ تربیت کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ مرکزی کیمپ میں شرکت کرنے والے ٹرینرز کے ذریعے بھی الحمد للہ ملک بھر میں اضلاع اور صوبائی حلقہ جات میں تنظیمی تربیتی کیمپس منعقد ہوتے ہیں۔ ان کیمپس کے ذریعے سیکڑوں عہدیداران اور ذمہ داران فکری و نظریاتی اور تنظیمی و انتظامی تربیت حاصل کرتے ہیں۔
3۔ علمی و تعلیمی تربیت
علمی و تعلیمی تربیت کے حوالے سے نظامتِ تربیت حسب ذیل پہلوؤں پر کام کررہی ہے:
- منہاج ٹریننگ اکیڈمی، نظامتِ تربیت کے زیر اہتمام مرکزی سطح پر عرفان القرآن کورس کے لیے معلمین و معلمات کی ٹریننگ کے کیمپس منعقد کئے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف اضلاع میں بھی ان کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
- مرکزی سطح اور ضلعی سطح پر ہونے والے ٹریننگ کیمپس میں جن سکالرز نے عرفان القرآن کورس ٹریننگ مکمل کی ہے، انہوں نے بھی اپنے علاقوں میں کلاسز کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر کے مختلف مقامات پر یہ کلاسز کامیابی کے ساتھ جاری و ساری ہیں۔
- ملک بھر میں معلمین و معلمات کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرنے کے لئے ضلعی سطح پر 10 روزہ عرفان القرآن کورس کیمپ برائے قرآن سکالرز کے بعد ضلع بھر میں عرفان القران اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کے لئے مقامی ادارہ جات، منہاج القرآن ماڈل سکولز، مدارس کو عرفان القرآن اکیڈمی کا درجہ دے کر شام کے اوقات میں عرفان القرآن کورس و دیگر کورسز کی کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے۔
- تدریس میں ملٹی میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور بالخصوص Online تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے مرکزی نظامت تربیت نے اپنے تمام کورسز کی Multi Media Presentations بنا کر رکھی ہیں۔ الحمدللہ مختصرعرصہ میں پانچ کورسز کی Presentations کو مکمل کر لیا گیا ہے اور اس سے مدد لیتے ہوئے تدریس بھی جاری ہے۔
4۔ فکری و نظریاتی تربیت
فکری واضحیت رکھنے والے کارکنان کسی بھی تحریک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ مشن سے متعلق مخالفین کی طرف سے پیدا کئے گئے شکوک و شبہات کے ازالے اور کارکنان کی وفاداری و استقامت میں اضافے کے لئے ان کی فکری و نظریاتی تربیت اشدضروری ہے۔ کارکنان کی فکری و نظریاتی تربیت کے لیے شیخ الاسلام کی براہ ِراست رہنمائی میں نظامتِ تربیت کے تحت تربیتی کیمپس، ورکشاپس اورورکرز کنونشنزکا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان کیمپس میں فکری و نظریاتی تربیت کا بھرپور اہتمام کیا جاتا ہے۔
- فکری و نظریاتی تربیت کے تحت متعدد تربیتی کیمپس کروانے کے ساتھ ساتھ مرکزی نظامت تربیت اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی MES کے باہمی اشتراک سے MES کے تحت چلنے والے سکولز کے سٹاف کی ٹریننگ کے لئے مختلف شہروں میں قائم تعلیمی ادارہ جات میں بھی کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
5۔ پیشہ وارانہ تربیت
حال ہی میں نظامت ِتربیت تحریک منہاج القرآن نے پیشہ وارانہ تربیت کے اس نئے پہلو کاآغاز کیا ہے۔ مرکزی سٹاف اورمنہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت فیلڈ میں خدمات سر انجام دینے والے فلاحی اداروں کے سٹاف، انتظامی کمیٹیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کا انتظام اور متعلقہ شعبہ کی پیشہ وارانہ تربیت میں نظامتِ تربیت معاونت کرتی ہے۔
اس سلسلہ میں مرکزی سٹاف کی ٹریننگ کے لئے نظامتِ ایڈمن اور نظامتِ تربیت دونوں نظامتیں مل کر آفس سیکرٹریز، کمپیوٹر آپریٹرز، نائب ناظمین اور ناظمین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے خصوصی تربیتی کیمپس اور شارٹ کورسزکا اہتمام کرتی ہیں۔
ملک بھر میں قائم ویلفیئر اداروں کے استحکام اور ان کے قیام کے مقاصد کی تکمیل کے لئے ان اداروں کے سٹاف اور ان کی انتظامی کمیٹیوں کی ٹریننگ اشد ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں نظامت ِتربیت، تنظیمات اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن تینوں نظامتیں مل کر پیشہ وارانہ تربیتی کیمپس کا انعقاد کرتی ہیں۔
6۔ تربیتِ اطفال بذریعہ کِڈز فیسٹول
نظامت تربیت کے زیر اہتمام مڈل اور بالخصوص پرائمری سطح کے بچوں کی علمی، فکری، اخلاقی و روحانی اور اعتقادی پختگی اورخصوصا آغوش کے بچوں کی تربیت کے لئے ایک ماہانہ پروگرام کڈز فیسٹول کا تین سال قبل آغاز کیا گیا تھا۔ حسنِ قراء ت، حسنِ نعت، حسنِ سیرت، حسنِ تقریر جیسے علوم و فنون میں مہارت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاقی، روحانی، فکری اور اعتقادی تربیت کو اس فیسٹول کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس پروگرام کا ایک مکمل سلیبس بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ اس میں ویڈیوز، بچوں کے لئے اخلاقی کارٹون، قصص الانبیاء اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا کرنے کے لئے ویڈیوز شامل ہیں۔ گزشتہ سال ماہانہ پروگرام کے ساتھ ساتھ دو سالانہ نوعیت کے پروگرامز بھی کروائے گئے۔ بالخصوص ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے سالانہ کڈ ز میلاد فیسٹول کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اب اس پروگرام کو ویمن لیگ کے سپرد کیا جا چکا ہے۔
7۔ مرکزی تعلیمی ادارہ جات میں تربیتی خدمات
- نظامتِ تربیت نے کالج آف شریعہ میں جاری ELearning ڈیپارٹمنٹ کے جملہ سٹاف کی ٹریننگ کا فریضہ سرانجام دیا۔ اب تربیت پانے والے جملہ سٹاف ممبران پہلے سے بہتر انداز میں کلاسز پڑھا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں کالج آف شریعہ میں الشھادۃ الثانویہ، العالیہ اور العالمیہ لیولز پر ماہانہ بنیادوں پر کم ازکم ایک تربیتی کیمپ کروایا جاتا ہے۔
- ہفتہ وار شب بیداری کا اہتمام اور الشھادۃ الثانویہ، العالیہ اور العالمیہ کی کلاسز میں ہفتہ وار دو دو لیکچرز دیئے جارہے ہیں۔
- اسی طریق پر منہاج کالج فار ویمن میں بھی تمام تربیتی امور کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
8۔ مرکزی شعبہ جات کے لیے مختلف خدمات
تربیتی حوالے سے تمام نظامتوں اور فورمز کے لیے نظامتِ تربیت اپنی خدمات فراہم کرتی رہتی ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی سطح پر موجود فورمز MYL, MSM اور بالخصوص MWL کو تربیتی امور میں نظامت اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔
- قرآن فہمی کے فروغ کے لئے مرکزی ویمن لیگ کے تحت ایک پروگرام ’’الھدایہ‘‘ کے نام سے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرم کے معاشرتی سطح پر فروغ کے لئے معلمات بطور قرآن سکالرز تربیت ضروری تھی۔ اس ذمہ داری کو الحمد للہ مرکزی نظامت تربیت نے سرانجام دیا اور 80 معلمات کوایک ماہ کی مکمل ٹریننگ دی۔ ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد یہ معلمات مختلف علاقہ جات میں کلاسز کا آغاز بھی کر چکی ہیں۔ اسی طرح ویمن لیگ کے شعبہ کورسز کے تحت ہونے والے تمام کورسز کے سلیبس کی فراہمی میں نظامت تربیت نے ہر سطح پر معاونت کی۔
مرکزی نظامت تربیت ایک نئے عزم، ہمت، حوصلے اور ولولے کے ساتھ رواں سال بھی خوب سے خوب تر کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ دعا ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں نظامتِ تربیت اس تحریک اور امت مسلمہ کے ہر فرد کی بہترین خدمت کرسکے۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم