منہاج القرآن ویمن لیگ کا 24 واں یوم تاسیس
مورخہ 5 جنوری 2012ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا 24 واں یوم تاسیس مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت دختر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فضہ حسین قادری نے کی۔ جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء، ارشاد اقبال، ڈاکٹر نوشابہ، عائشہ شبیر، رافعہ علی، ساجدہ صادق، گلشن ارشاد، سدرہ کرامت، افنان بابر، نائلہ جعفر، نبیلہ یوسف و دیگر نے شرکت کی۔ شاکرہ چوہدری اور دیگر مرکزی و ضلعی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پڑھی گئی۔
دختر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فضہ حسین قادری نے کہا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کردار زہرہ رضی اللہ عنہا، جرآت زینب رضی اللہ عنہا اور حکمت عائشہ رضی اللہ عنہا کی امین ہے اور موجودہ دور میں حسینیت کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تجدید و احیائے دین کیلئے اس کی خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ اس کیلئے خواتین کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ علم سے عمل اور عمل سے سلامتی اور امن کی خوشبو پھیلتی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معاشرے میں تبدیلی کیلئے جو ویژن دیا ہے اس میں عورت کو مرکزی کردار حاصل ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پوری دنیا میں حقیقی اسلامی تعلیمات فروغ پا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے 24 ویں یو م تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔
یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا اس موقع پر مرکزی ویمن لیگ، لاہور کی ویمن لیگ کے علاوہ دیگر مرکزی و صوبائی عہدیداران بھی موجود تھیں۔
فضہ حسین قادری نے کہا کہ ماں کی گود تربیت کی اولین درسگاہ ہے۔ ملک اور امت کے مستقبل کو باوقار، باحمیت اور تابناک بنانے کیلئے تربیت اور تعلیم کے دو اداروں پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو سلامتی اور امن دینے کیلئے داخلی امن ناگزیر ہے اوراس کیلئے ماں کی تربیت کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ شیخ الاسلام کے ہاتھوں کا لگایا وہ پودا ہے جو سایہ دار درخت بن کر آئندہ نسلوں کے ایمان کے تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے اندر یوسی سطح تک منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کا وجود اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مستقبل میں آنیوالی تبدیلی میں عورت کا ماں، بہن، بیٹی کے روپ میں مرکزی کردار ہو گا اور وہ وقت دور نہیں جب ملک میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا۔
یوم تاسیس۔ تحصیل کمالیہ (رپورٹ : نورین قادری)
مورخہ 5 جنوری کو منہاج القرآن ویمن لیگ کمالیہ کے زیراہتمام 24 واں یوم تاسیس منایا گیا۔ ڈاکٹر نورین کوثر قادری (صدر) نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے قیام کی ضرورت و اہمیت، اس کے مقاصد و اہداف بیان کر کے خواتین میں اسلامی اقدار کے تحفظ کا شعور بیدار کیا۔ بعد ازاں ناظمہ مالیات محترمہ حبیب فاطمہ نے محترمہ رفعت جبیں قادری (مادر تحریک) کو خراج تحسین پیش کیا۔ ناظمہ دعوت محترمہ رخسانہ اسحاق نے قائد تحریک کا پیغام سنایا۔ بانیان تحریک اور تحریک کی سلامتی و کامیابیوں کے لئے دعائیں کیں اور یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔
24 واں یوم تاسیس۔ تحصیل وزیرآباد
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل وزیرآباد کے زیراہتمام چوبیسواں یوم تاسیس مورخہ 5 جنوری ویمن لیگ کے مرکزی دفتر جامعہ فاطمۃ الزہرہ میں منعقد ہوا۔ جس میں تحصیل وزیرآباد کے ملحقہ علاقوں سے ذمہ داران اور وابستگان نے بھرپور شرکت کی۔ تمام عہدیداران نے اپنے خیالات کا اظہار بہت ہی خوبصورت الفاظ میں کیا۔ آخر پر صدر ویمن لیگ محترمہ راحت آمنہ نے تحریک کے اہداف اور معاشرے میں عورت کے کردار پر روشنی ڈالی۔ تمام تنظیمات نے مل کر کیک کاٹا۔ تقریب کا اختتام خصوصی دعا سے ہوا۔
یوم تاسیس (سرگودھا) (رپورٹ : ریحانہ یاسین)
منہاج القرآن ویمن لیگ شرقی سرگودھا کے زیراہتمام ویمن لیگ کی 24 ویں یوم تاسیس کا انعقاد مورخہ 6 جنوری کو ہوا۔ جس میں تمام ایگزیکٹو کی تنظیم اور UC لیول کی تنظیم اور موثر خواتین کے علاوہ خصوصی شرکت محترمہ انجم شہزادی (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ) نے کی۔ اس پروگرام میں شیخ الاسلام اور خصوص بالخصوص امی حضور کی خدمات میں ہدیہ تبریک پیش کیا گیا۔ راقمہ نے یوم تاسیس کے موقع پر اظہار خیال کیا۔ 3 بہنوں نے رفاقت حاصل کی اور آخر میں کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعاکے ساتھ کیا گیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس
3 دسمبر کو ایک عظیم الشان شہاد ت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کر کے اہل بیت اطہار سے اپنی محبت و احترام کا عملی ثبوت پیش کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز منہاج ایجوکیشن سنٹر کی طالبات شفق پرویز، عائشہ اکرم، سدرہ اکرم اور میمونہ سراج نے آیات ربانی سے کیا۔ منہاج القرآن کوپن ہیگن کی ذیلی تنظیم ویلبی کی ہونہار طالبہ حاجرہ شاہ نے بہت ہی خوبصورت انداز میں حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج القرآن یوتھ لیگ سسٹر ونگ نے پیش کی۔ کوکب اوپل، ثمیلہ قریشی، زاہدہ اسلم، رخسانہ افضل اور یوتھ کی سسٹرز نے شہدائے کربلا کے حضور ہدیہ عقیدت و محبت منقبت کی صورت میں پیش کیا۔ شہدائے کربلا کے حوالے سے خصوصی گفتگو منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی صدر نفیس فاطمہ نے بڑے ہی نفیس انداز میں کی اور خواتین کی بڑی تعداد نے انکی گفتگو کو سراہا۔ شہدائے کربلا کے حوالے سے ڈینش زبان میں خصوصی گفتگو نمرہ جبین نے احسن انداز میں کی۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض فرحین عامر نے نہایت خوبصورت انداز میں سرانجام دئیے۔ کانفرنس میں شہدائے کربلا کے حوالے سے ایک کوئز کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں کانفرنس میں شریک خواتین سے شہدائے کربلا کے حوالے سے مختلف سوالات کیے گئے۔ اس موقع پر لندن ڈیکلریشن کے متعلق خصوصی بریفنگ دی گئی اور سب خواتین نے لندن ڈیکلریشن پر دستخط کیے۔ پروگرام کے آخر میں یوتھ کی سسٹرز نے سلام پیش کیا اور کانفرنس میں شریک خواتین کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی۔
سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (ننکانہ صاحب)
مورخہ 6 دسمبر بروز منگل 10 محرم الحرام کو منہاج القرآن ویمن لیگ ننکانہ صاحب کے زیراہتمام مدرسہ ترتیل القرآن بنات الاسلام میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور حمد باری تعالیٰ سے کیا گیا۔ اس کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا گیا اور امام حسین رضی اللہ عنہ کی خدمت میں نعت کونسل نے اپنے مخصوص انداز میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ نقابت کے فرائض محترمہ سحرش جبین نے ادا کئے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر محترمہ نور صالحہ نے اپنے دلکش انداز میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار پر نمایاں روشنی ڈالی اور اس کانفرنس میں سکول و کالج و مدارس کی پرنسپلز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی 250 سے زیادہ خواتین نے شرکت اختیار کی اور کانفرنس کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ محفل کا اختتام دعا اور درود و سلام پر کیا گیا اور آخر میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
دروس قرآن (سیالکوٹ)
منہاج القرآن ویمن لیگ سیالکوٹ کے زیراہتمام عرفان القرآن کورسز کروائے گئے۔ صدر محترمہ شہناز کوثر، ویمن لیگ کی ناظمہ محترہ رابعہ، محترمہ مہوش، محترمہ ثناء، محترمہ خدیجہ، محترمہ نازیہ، محترمہ عائشہ، محترمہ آمنہ، محترمہ راحیلہ، محترمہ پاکیزہ خانم نے یہ دروس مختلف علاقوں میں کروائے۔ ان میں ماڈل ٹاؤن، لالہ زار کالونی، نواں پنڈ، بونکن، نیکا پورہ، حاجی پورہ، موری گیٹ، کریم پوری، چنوں موم، چرنڈ، بھڑتھ، اگوکی، مراکیوال، چکرالہ، ڈالوالی، کوٹلی لوہاراں شامل ہیں۔ ان دروس قرآن میں تحریک منہاج القرآن کا پیغام دیا جاتا رہا۔ شیخ الاسلام مدظلہ کے خطابات کی Cd's اور کتب کا تعارف کرایا جاتا رہا۔
٭ سیدہ کائنات کانفرنس
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام میرج ہال میں سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس کانفرنس میں تلاوت قرآن اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد صدر شہناز کوثر نے حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے مقام و مرتبہ پر روشنی ڈالی۔ ناظمہ رابعہ اعجاز نے اختتامی کلمات ادا کئے۔ عرفان القرآن کورس کرنے والی طالبات کو مبارکباد اور پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دیئے گئے۔ کامیاب ہونے والی طالبات کو اعزازی اسناد بھی دی گئیں۔
ثانی زہرہ کانفرنس۔ شور کوٹ (رپورٹ: شوقیہ تبسم)
25 دسمبر بروز اتوار کو منہاج القرآن ویمن لیگ شور کوٹ نے حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی یاد میں عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا جس کا عنوان ثانی زہرہ کانفرنس رکھا گیا۔ اس کانفرنس کا مقصد خواتین میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی خدمات اور کربلا میں آپ کے کردار کی یاد تازہ کرنا اور آپ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ اس کانفرنس میں دور و نزدیک کے علاقہ جات سے 2000 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ جس میں نوجوان طالبات، تعلیمی اداروں کے سٹاف ممبرز کے علاوہ کثیر تعداد میں موثر خواتین نے شرکت کی۔ مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے مرکزی ناظمہ تربیت محترم گلشن نے شرکت کی اور اپنے موثر انداز میں خطاب کیا۔ جس میں کہا کہ تاریخ اسلام کو عروج کا تذکرہ سیدہ زینب کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ سیدہ زینب نے اس وقت یزید کے ظالمانہ، غاصبانہ، جبر وبربریت کے نظام کے خاتمہ اور اسلام کے نظام کی بحالی اور تحفظ کے لئے نہ صرف خود مشکلات و مصائب برداشت کیں بلکہ اپنے بچوں اور اہل بیت کے شہزادوں کو بھی قربان کیا۔
کانفرنس کا اختتام پرسوز سلام اور دعا سے ہوا۔ محترمہ شوقیہ تبسم، محترمہ ارم مصطفوی اور محترمہ روبینہ کے ساتھ پوری ٹیم نے انتہائی خوبصورت اور کامیاب انتظامات کئے۔
سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس۔ ہارون آباد (رپورٹ: رضیہ سلطانہ)
25 دسمبر 2011ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ ہارون آباد کے زیر انتظام سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا آغاز کیا گیا نعت، منقبت اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار پر خصوصی لیکچر دیا گیا۔ لنگر کا وسیع انتظام تھا۔ شیخ الاسلام کی درازی عمر کے لئے خصوصی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
سیدہ زینب رضی اللہ عنہا بنت علی رضی اللہ عنہا کانفرنس۔ عبدالحکیم، خانیوال
4 دسمبر 8 محرم الحرام بروز اتوار منہاج القرآن ویمن لیگ عبدالحکیم کے زیراہتمام مارکیٹ کمیٹی نزد مکی مدنی مسجد میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریباً 400 خواتین نے شرکت کی۔ اس کے بعد صدر روبینہ جاوید نے کانفرنس کے انعقاد کے مقاصد بتاتے ہوئے یوم عاشورہ کے دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دنیائے اسلام میں تاریخی اعتبار سے یہ انتہائی عظیم دن ہے۔ اس دن کی یاد تازہ کرتے ہوئے صدر نے منہاج ویمن لیگ شور کوٹ سے آنے والی معزز مہمان روبینہ کوثر کو دعوت دی۔ انہوں نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ثناء خوانی کی اور نہایت عقیدت و احترام سے اپنی پرنم آواز میں امام عالی مقام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔ ’’میں توپنجتن کا غلام ہوں‘‘۔
اس کے بعد صدر روبینہ جاوید عبدالحکیم نے بتایا کہ عورت ایک صنف نازک کی طرح ہے لیکن قربان جائیں نانا کی اس لاڈلی نواسی پر، قربان جائیں باب العلم حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی بیٹی پر، قربان جائیں حسن رضی اللہ عنہا و حسین رضی اللہ عنہا کی بہن پر جس نے اپنے بھائی حسین رضی اللہ عنہ کا جسم بے گورو کفن پڑا دیکھ کر بڑے صبر و تحمل سے کہا۔
اے حسین رضی اللہ عنہا ہم نے جو کیا اللہ اور نانا کے دین کے لئے کیا۔ اگر میں نے معصوم بچے عون و محمد کے جسموں کے ٹکڑے دیکھے تو دین کے لئے۔ اگر بھائی عباس کے ٹکڑے دیکھے تو دین کے لئے۔ اے حسین رضی اللہ عنہ مدینے سے کربلا تک اک فوج تو لایا تھا۔ اب کربلا سے مدینے تک اک فوج میں لے کر جا رہی ہوں۔
ناظمہ شور کوٹ محترمہ ارم ریاض نے خطاب کیا۔ انہوں نے نہایت ہی سعادت سے واقعہ کربلا اور اس میں سیدہ زینب بنت علی رضی اللہ عنہا کے کردار اور جواں مردی کو بیان کیا۔ بیان کے بعد روبینہ کوثر آف شورکوٹ نے دعا کروائی۔
حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس۔ تحصیل کمالیہ (رپورٹ: اقراء اسحاق)
مورخہ 30 دسمبر 2011ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کمالیہ کے زیراہتمام حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں کالج، سکول، مدارس کی سربراہان اور اساتذہ کرام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلقہ کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ مہمانان خصوصی میں سے خصوصی خطاب محترمہ مسز بشریٰ سہیل (پرنسپل کمالیہ پبلک سکول) نے اپنے خصوصی خطاب میں حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی پُر مصائب اور صبر و برداشت پر مبنی زندگی پر بھرپور روشنی ڈالی۔ محترمہ مسز ساجدہ ناہید (وائس پرنسپل گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج برائے خواتین کمالیہ)، محترم مس رشیدہ سیال (پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین کمالیہ) اور نائب ناظمہ نائلہ علی ہاشمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ درود و سلام کے نذرانہ کے بعد کانفرنس کا اختتام صدر ڈاکٹر نورین کوثر قادری کی رقت انگیز دعا سے ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام سیدہ زینب کانفرنس
منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام مورخہ 22 جنوری 2012 کو رضا ہال (ملتان) میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملتان کے تمام ٹاؤنز سے سینکڑوں خواتین شریک ہوئیں۔ اس پروگرام میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب ناظمہ ساجدہ صادق اور نائب ناظمہ دعوت نائلہ جعفر نے خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے حضور منقبت پیش کی گئی۔
مرکزی نائب ناظمہ ساجدہ صادق نے کانفرنس کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار کی امین ہے اور سیدہ کے پیغام کو عام کرنے کے لئے امتِ مسلمہ کی تمام بیٹیوں کو اس پْر فتن دور میں یزیدی نظام کے خلاف آواز حق بلند کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے اسوہ و سیرت کی پیروی ہی متاع حیات ہے۔
اس کے بعد دیگر مقررین نے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے اختتام پر سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے حضور منقبت پیش کی گئی اس کے بعد محترمہ نائلہ جعفر نے دعایہ کلمات ادا کئے۔
رپورٹ قائد ڈے تقریبات
منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ کے زیراہتمام 19 فروری کو تمام حلقہ جات میں دن کا آغاز و دعائیہ کلمات سے ہوا ہر PP حلقہ جات میں قرآن خوانی اور صدقہ خیرات کا اہتمام کیا گیا اور قائد محترم کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیک کاٹنے کی تقریبات کا انعقاد ہوا۔ تحصیل آفس میں بھی قائد ڈے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں تحریک سے تعلق رکھنے والی سینئر ممبران نے خصوصی شرکت کی۔ جس میں محترمہ فریحہ سراج، محترمہ بشریٰ سیف اور محترمہ صفیہ رفیق قابل ذکر ہیں۔ اس تقریب میں محترمہ فریحہ سراج اور صدر محترمہ حریرہ باور نے قائد محترم کو شاندار طریقے سے خراج تحسین پیش کیا اور دعائیہ کلمات کے ساتھ کیک کاٹا گیا۔ آخر میں قائد محترم کی درازی عمر اور مشن کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ضیافت میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
مورخہ 31 جنوری 2012ء بروز سوموار منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام عظیم الشان ضیافت میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنا اور مل کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی کا جشن منانا تھا۔ اس بابرکت اور پْرمسرت تقریب میں دخترانِ شیخ الاسلام محترمہ قرۃ العین فاطمہ قادری صاحبہ، محترمہ فضہ حسین قادری صاحبہ اور مادر تحریک کی ہمشیرہ محترمہ مسرت جبیں قادری صاحبہ نے خصوصی شرکت فرمائی۔
علاوہ ازیں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر ممبران محترمہ ڈاکٹر نوشابہ حمید، محترمہ فریدہ سجاد، محترمہ رافعہ علی قادری، محترمہ عائشہ شبیر، محترمہ نورید فاطمہ، محترمہ ارشاد اقبال، مسز مسکین فیض الرحمان درانی، مسز گل فرید عباسی، مسز راجا جمیل اجمل اور لاہور بھر سے تقریبا 1000 خواتین نے شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد وجہ تخلیقِ کائنات، سرورِ دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ بے کس پناہ میں ہدیہ دورد وسلام اور ثنا خوانی کی گئی اور یہ سعادت منہاج نعت کونسل MCW، منہاج نعت کونسل واہگہ ٹاؤن، منہاج نعت کونسل عزیز بھٹی ٹاؤن، منہاج نعت کونسل نشتر ٹاؤن، منہاج نعت کونسل کینٹ ٹاؤن اور محترمہ شمائلہ عباس کے حصے میں آئی۔ محفل میں نقابت کے فرائض محترمہ گلشن ارشاد (ناظمہ تربیت MWL) نے انجام دئیے۔
رونقِ محفل دخترِ قائد محترمہ قراۃ العین فاطمہ صاحبہ نے انتہائی مدلل، پْر اثر اور علمی انداز میں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تقاضوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کے حسن کا ہر زرہ دہلیز مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادنیٰ سا بھکاری ہے۔ تاجدارِ کائنات سے دلی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق اور اتباع کا عملی نمونہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی اشاعت، احیاء اور غلبہ کے لئے عملی جدوجہد کرنا ہے۔ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عشق ہم سے وفا داری کا تقاضا کرتی ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی زندگیاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی اور وفا داری کا ثبوت دیتے ہوئے گزانی ہوں گی اور نصرت دین کے لئے عملی خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفا داری کا جو درس آپ کو منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے شیخ الاسلام کی علمی، فکری، روحانی اور اخلاقی صحبتوں کے ذریعے نصیب ہوا ہے اس کی جھلک آپ کے ظاہر وباطن میں نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ رب العزت نے ہمیں تحریکِ منہاج القرآن کی صورت میں ایک عظیم پلیٹ فارم عطا کیا ہے جو عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور وفا داریء رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پرچار ا ور عملی نمونہ پیش کر رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نقشِ قدم پر چلیں اور اْن کی رہنمائی میں دینِ حق کی سربلندی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لئے عملی کاوشیں کریں۔ محفل کا اختتام حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام اور محترمہ قراۃ العین فاطمہ صاحبہ کی دعا پر ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال بدوملہی کے زیراہتمام محفل میلاد
منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال بدوملہی کے زیراہتمام مورخہ 12 فروری 2012 کو عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی، جس میں اہم شخصیات کے علاوہ علاقہ بھر سے تقریبا 1500 خواتین نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے ناظمہ دعوت محترمہ سدرہ کرامت، منہاج نعت کونسل نے شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جبکہ منہاج گرلز کالج کی نعت کونسل نے انتہائی خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ پروگرام میں خصوصی خطاب مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ سدرہ کرامت علی نے "آو کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے موضوع پر کیا۔ جس میں انہوں نے خواتین کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے اپنا تعلق محبت، اطاعت واتباع، ادب وتعظیم اور نصرت دین کی صورت میں قائم کرنے کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت تحریک منہاج القرآن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت واطاعت کا پیغام پہنچا رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کے لیے علمی وتجدیدی خدمات آئندہ کئی صدیوں کے لیے سرانجام دے رہے ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر غلبہ دین حق کے لیے کوشاں ہوں۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم کے زیراہتمام محفل میلاد
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ 12 فروری 2012 کو عبداللہ میرج ہال بلال ٹاون میں منعقد ہوئی۔ وہاں پر موجود خواتین کے مطابق یہ جہلم میں خواتین کی سب سے بڑی محفل میلاد تھی، جس میں خواتین کا ایک جم غفیر تھا۔
محفل کا آغاز رب جلیل کے با برکت کلام سے محترمہ سلمی صابر نے کیا، جبکہ تلاوت کی گئی آیات کا ترجمہ منہاج اسلامک سنٹر جہلم کینٹ کی پرنسپل محترمہ آمنہ انجم نے بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ اس کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم کی ناظمہ محترمہ صفیہ رفعت نے استقبالیہ کلمات کہہ کر شرکاء محفل کو خوش آمدید کہا اور اس میں تشریف لانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد نے "آو کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے موضوع پر جامع اور مدلل گفتگو کی، جبکہ محترمہ آمنہ انجم نے شیخ الاسلام کے تاریخی فتوی "دہشت گردی اور فتنہ خوارج" کا بھرپور تعارف کروایا جبکہ ویمبلے کانفرنس لندن کے اعلامیہ پر ہال میں موجود تمام خواتین سے دستخط بھی کروائے۔
محفل کے اختتامی لمحات میں عرفان القرآن کورس کروانے والی معلمات کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب اور سی ڈیز کے گفٹ پیک دیے گئے۔ محفل میں شامل مہمان خواتین کو شیخ الاسلام کی کتاب "عشق رسول استحکام ایمان کا ذریعہ" تحفہ کے طور پر دی گئیں۔ اختتامی دعا کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ شکرگڑھ کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل شکرگڑھ کے زیراہتمام ٹی ایم اے لان میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ 22 جنوری 2012ء کو منعقد ہوئی جس میں خصوصی شرکت ڈاکٹر نصرت زاہد (وینرٹری آفیسر ضلع نارووال)، محترمہ نویدہ چوہدری (ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ ہائی سکول شکرگڑھ)، محترمہ رقیہ رشید (ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرجال) اور حاجن کنیز فاطمہ نے کی۔ انکے علاوہ علاقہ بھر سے ہزاروں کے تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جبکہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج نعت کونسل ویمن لیگ لاہور نے پیش کی۔ محفل میں نقابت محترمہ ثمینہ حیات (نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ شکرگڑھ) نے سرانجام دیئے۔
محفل میں محترمہ افنان بابر (مرکزی ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ) نے ایمان افروز خطاب بھی کیا۔ آخر میں محترمہ تسلیم مصطفوی (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ شکرگڑھ) نے مہمانان گرامی اور شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کا اختتام آقا علیہ صلوٰۃ و سلام کی بارگاہ میں سلام سے ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ بھلوال کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
منہاج القرآن ویمن لیگ بھلوال کے زیراہتمام مورخہ 09 فروری 2012ء بروز جمعرات ایک عظیم الشان میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بھلوال کے دور ونزدیک سے تقریبا 800 خواتین و طالبات نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محترمہ ماریہ عارف نے حاصل کی، بعد ازاں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محترمہ شازیہ جاوید، محترمہ شاہدہ اور محترمہ اقصیٰ فاروق نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل MCW قادری گروپ نے بڑے خوبصورت اور والہانہ انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے جبکہ خصوصی خطاب بعنوان "آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہدِ وفا کریں!" کے لئے مرکز سے محترمہ شاکرہ چوہدری (ناظمہ MSM سسٹرز) نے شرکت کی۔
محترمہ شاکرہ چوہدری نے بڑے خوبصورت انداز میں حضور کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، اتباع اور وفا پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت وفا کی متقاضی ہے اور آج اگر امتِ مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو وفا تک لے کر جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام ہے کہ سال رواں کو میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سال کے طور پر منایا جائے اور آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت کے چراغ گلی گلی سجائے جائیں تاکہ ہمارا ٹوٹا ہوا تعلق گنبدخضرٰی سے جڑ سکے۔ محفل کا اختتام محترمہ شاکرہ چوہدری کی دعا پر ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کنجاہ کے زیراہتمام محفلِ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
منہاج القرآن ویمن لیگ کنجاہ کے زیرِاہتمام عظیم الشان میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام 29 جنوری 2012ء بروز اتوار کو کیا گیا جس میں مرکز سے محترمہ شاکرہ چوہدری (ناظمہ MSM سسٹرز) نے خصوصی شرکت کی جبکہ کنجاہ کی دورونزدیک سے تقریبا 700 خواتین اور طالبات نے شرکت کی۔ اس محفلِ میلاد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اور کنجاہ کی محترمہ ثمینہ (ایم این اے)، منہاج ماڈل سکول کی ٹیچرز اور پرنسپل نے بھی شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز ربِ رحمن کے نام سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل MCW اور قادری گروپ نے بڑے خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مداح سرائی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل میں نقابت کے فرائض محترمہ رحیمہ احسن (ناظمہ نشرواشاعت) اور محترمہ روما عزیز (ناظمہ دعوت) نے سرانجام دئیے۔
محترمہ شاکرہ چوہدری نے "آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہدِ وفا کریں!" کے موضوع پر پْراثر انداز میں پر علمی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عجب تر ایمان کا حامل اور حق دار ہونے کا دعوٰی کرتے ہیں تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اسی وفا کا تقاضا کرتی ہے جو تاریخِ اسلام میں حضرت سمیعہ رضی اللہ عنہا، حضرت خنساء رضی اللہ عنہا، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اور حضرت زینب رضی اللہ عنہا نے کی۔ ان عظیم دخترانِ اسلام کی زندگیاں ہمارے لئے عملی نمونہ ہے اور آج کے دور میں وفا کا تقاضا یہ ہے کہ ہم نہ صرف اپنی زندگیاں اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق گزاریں بلکہ اصلاح معاشرہ میں عملی طور پر اپنی خدمات سرانجام دیں۔ محفل کا اختتام محترمہ شاکرہ چوہدری کی دعا پر ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ دنیاپور کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )
منہاج القرآن ویمن لیگ دنیا پور کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ 29 جنوری 2012ء بروز اتوار کو منعقد ہوئی۔ جس میں دور و نزدیک سے تقریباً 1800 خواتین نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شریک تھیں۔
محفل کا باقاعدہ آغا ز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نقابت کے فرائض محترمہ اسماء رباب (ناظمہ دعوت دنیاپور) نے سرانجام دئیے۔ منہاج نعت کونسل حسینی گروپ نے بھرپور انداز میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ مرکز سے محترمہ نائلہ جعفر (نائب ناظمہ دعوت) نے خصوصی شرکت کی۔
نائب ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ نائلہ جعفر نے شرکاء سے "آؤ! کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے موضوع پر نہایت ہی پْراثر اور مدلل انداز میں خطاب کیا۔ انہوں نے شرکاء محفل کو پیغام دیتے ہوئے کہا اگر ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں تو ہمیں محبت کے ساتھ ساتھ آقا علیہ الصلٰوۃ والسلام سے وفا بھی کرنا ہو گی اور آج کے دور میں وفا یہ ہے کہ ہم صحابہ اور صحابیات کے طریق پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دین مبین کی سربلندی، اشاعت اور اس کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آقا علیہ الصلٰوۃ والسلام کی تعلیمات، اْسوہ اور سیرت کی عملاَ پیروی کرتے ہوئے سیدہ خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا، سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا، سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار کی امین بنیں۔ پروگرام کا اختتام محترمہ نائلہ جعفر کی دعا پر ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ عزیز بھٹی ٹاؤن کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )
منہاج القرآن ویمن لیگ عزیز بھٹی ٹاؤن کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مورخہ 28 جنوری 2012ء کو بمقام الکرم شادی ہال لاہور میں منعقد ہوئی جس کی سرپرستی محترمہ صفیہ صغیر قادری نے کی جبکہ خصوصی خطاب محترمہ نوشابہ ضیاء (مرکزی نا ظمہ ویمن لیگ) نے کیا۔ دیگر مہمانان گرامی میں محترمہ فریدہ سجاد (ریسر چ سکالر فرید ملت ریسرچ انسیٹیوٹ)، محترمہ ارشاد اقبال (صدر ویمن لیگ لاہو ر) اور محترمہ نبیلہ جاوید (ناظمہ عزیز بھٹی ٹاؤن) کے علاوہ تقریباً 2000 خواتین نے شر کت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گیے۔ نعت خوانی کے بعد شیخ الاسلام کے خطابات کے ویڈیو Clips بھی دکھائے گئے۔
پروگرام میں شیخ الاسلام ڈا کٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف موضوعات کی کتب اور سی ڈیز کا سٹال لگایا گیا۔ محفل کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ مریدکے کے زیر اہتمام محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ مریدکے کے زیر اہتمام ماہ جنوری اور فروری میں محفل میلاد مصطفی کا انعقاد کیا جاتا رہا جس میں بہت سے لوگوں تک تحریک کا میسج پہنچایا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف جگہوں پر تنظیم سازی اور آئیے دین سیکھئے کورس بھی کروایا گیا۔ ان دو ماہ میں تقریباً 80 سے زیادہ محافل ہوئی جن میں بہت سی تعداد میں لوگوں کو تحریک سے وابستہ کیا گیا۔ رفاقت کی گئی حلقات درود کا قیام عمل میں لایا گیا۔ نیز فروری میں قائد ڈے کا اہتمام کیا گیا جس میں بہت سی خواتین کو بلایا گیا اور انہیں تحریک اور قائد تحریک کی سوچ سے آگاہ کیا گیا۔ اس دوران مینار پاکستان کے پروگرام مریدکے سے ویمن لیگ کی شکل میں ایک قافلہ گیا۔ بہت سے لوگ اس پروگرام سے متاثر ہوئے اور ان دو ماہ میں تقریباً 10 رفیق نئے بنائے گئے۔
٭ مورخہ یکم فروری کو MWLمریدکے کے زیر اہتمام حسن میرج ہال میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفی منعقد ہوئی جس میں علاقہ بھر سے ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ منہاج نعت کونسل واہگہ ٹاؤن نے انتہائی خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ خصوصی خطاب محترمہ سدرہ کرامت علی (مرکزی ناظمہ دعوت) کا تھا جس میں انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے مختلف جہتوں میں تعلق قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امت مسلمہ اس وقت تک عروج نہیں پا سکتی جب تک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، اطاعت، ادب و تعظیم اور نصرت دین کا تعلق قائم نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے مزید کہا آج کے دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری عشق مصطفی کے فروغ کے لئے ایک تاریخی اور مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔ لہذا ہمیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر ان کاوشوں میں شریک ہونے کی ضرورت ہے۔ سلام اور دعا پر اختتام ہوا۔
استقبال میلاد کانفرنس (گوجرانوالہ) (رپورٹ: نسرین اسلم مغل)
سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام عظیم الشان استقبال میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں گوجرانوالہ بھر سے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی موثر خواتین نے شرکت کی تمام PP حلقہ جات کی ناظمات نے اپنے کارکنان اور عوام الناس کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔ تلاوت قرآن پاک اور حمد باری تعالیٰ کے بعد گوجرانوالہ کی تحصیلی نعت کونسل اور واہگہ ٹائون لاہور کی نعت کونسل نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض ناظمہ دعوت سحر عنبرین نے انجام دیئے۔ صدارتی کلمات صدر محترمہ حریرہ باور نے ادا کئے مہمان خصوصی محترمہ شازیہ اشفاق مٹو (ایم پی اے) نے مشن مصطفوی کے محبت کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا مرکز سے تشریف لانے والی مجلس عاملہ کی ممبر محترمہ عائشہ شبیر نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آشنا کرواتے ہوئے اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بھرپور دعوت دی۔ اس پروگرام میں شرکاء کی تعداد 2000 کے قریب تھی۔ اس پروگرام کی میڈیا کوریج بھی کی گئی اور تمام اخبارات میں رپورٹ شائع ہوئی۔
ہارون آباد
منہاج القرآن ویمن لیگ ہارون آباد کے زیراہتمام مورخہ 26 فروری بروز اتوار سالانہ عظیم الشان محفل میلاد النبی منعقد ہوئی۔ جس میں ڈاکٹر، MNA's، لائرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ مرکز کی جانب سے محترمہ نوشابہ ضیاء مرکزی ناظمہ ویمن لیگ نے خصوصی شرکت کی۔ منہاج نعت کونسل کینٹ ٹاؤن نے بارگاہ رسالت مآب میں نہایت خوبصورت انداز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نقابت کے فرائض محترمہ رضیہ سلطانہ صدر ہارون آباد ویمن لیگ نے انجام دیئے۔ محترمہ نوشابہ ضیاء مرکزی ناظمہ ویمن لیگ نے آؤ کہ سب حضور سے عہد وفا کریں کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا اور پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج اگر ہم اپنے ایمان کی حفاظت چاہتے ہیں تو ہمیں در مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھامنا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنا تعلق محبت، تعلق نسبت، تعلق غلامی مضبوط کرنا ہو گا، عشق و محبت و ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پھر سے دلوں میں بسانا ہو گا۔ تحریک منہاج القرآن کا بھی یہی پیغام ہے۔ کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق عشق و محبت کو وفا تک لے کر جائیں اور آج کے دور میں وفا یہ ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات، اسوہ، سیرت پر عمل پیرا ہوں اور دین مبین کی سربلندی، اشاعت فروغ اور غلبہ کے لئے اپنے مال، اولاد غرض کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
علی پور چٹھہ
مورخہ 26 فروری منہاج القرآن ویمن لیگ علی پور چٹھہ کے زیر اہتمام یونین کونسل ککہ کولہ میں عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد ہوا۔ جس میں گردو نواح سے تقریباً 1200 خواتین نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں علاقہ بھر سے موثر خواتین نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نقابت کے فرائض محترمہ عطیہ سہیل نے ادا کئے۔ استقبالیہ کلمات محترمہ صائمہ اعظم (ناظمہ MWL ککہ کولہ) نے ادا کئے۔ منہاج نعت کونسل MCW نے انتہائی خوبصورت انداز میں مدح سرائی کی۔ محترمہ سدرہ کرامت (مرکزی ناظمہ دعوت) نے آؤ! کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں کے موضوع پر نہایت ہی پراثر اور مدلل انداز میں خطاب کیا۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے چار جہتوں میں تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے وہ محبت، ادب و تعظیم، اتباع اور نصرت دین کا تعلق ہے۔ آج امت مسلمہ کے زوال کی بنیادی وجہ اسی تعلق کی کمزوری ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں اور سیرت الرسول کی پیروی کرتے ہوئے فروغ دین میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ پروگرام کا اختتام محترمہ طلعت جاوید (صدر MWL علی پور چٹھہ) کی دعا پر ہوا۔
نارووال
مورخہ 4 مارچ منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال کے زیر اہتمام عظیم الشان 16 ویں سالانہ محفل میلاد کا انعقاد ہوا۔ جس میں تقریباً 3000 خواتین نے شرکت کی۔ اہل علاقہ کی موثر خواتین کو بھرپور دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں لیکچرز، ٹیچرز، سوشل ورکرز اور دیگر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نقابت کے فرائض محترمہ آسیہ رفاقت نے ادا کئے۔ استقبالیہ کلمات محترمہ مسز غزالہ ضیاء صدر MWL نارووال نے ادا کئے۔ منہاج نعت کونسل کینٹ ٹاؤن لاہور نے انتہائی خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ خصوصی خطاب محترمہ سدرہ کرامت مرکزی ناظمہ دعوت کا تھا جنہوں نے اپنے خطاب میں محبت مصطفی اور اتباع مصطفی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کا مرکز و محور ہے اور محبت مصطفی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم صحابہ اور صحابیات کے طریق پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دین مبین کی سربلندی، اشاعت اور فراغ کے لئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ھمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کرنے کی ضرورت ہے اور تحریک منہاج القرآن اسی پیغام کو عام کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ پروگرام کا اختتام محترمہ سیدہ آمنہ کی دعا پر ہوا۔
مانانوالہ
منہاج القرآن ویمن لیگ مانانوالہ کے زیراہتمام مورخہ 4 مارچ بروز اتوار بمقام منہاج القرآن سکینڈری سکول عظیم الشان محفل میلاد مصطفی(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) منعقد کی گئی جس میں دور و نزدیک سے قریباً 1200 خواتین نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت محترمہ عائشہ نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض محترمہ ثمینہ تابانی (ناظمہ دعوت) نے کئے۔ منہاج نعت کونسل بنات طاہر گروپ نے بارگاہ رسالت مآب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں انتہائی خوبصورت انداز میں عقدیت کے پھول نچھاور کئے۔ مرکز کی جانب سے محترمہ نائلہ جعفر مرکزی نائب ناظمہ دعوت نے خصوصی شرکت کی اور ’’آؤ کہ سب حضور سے عہد وفا کریں‘‘ کے موضوع پر انتہائی مدلل اور جامع انداز میں خطاب کیا اور حضور(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے محبت اور اس کے تقاضے بیان فرماتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) سے محبت ایمان کی کاملیت کے لئے لازم و ملزوم ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفا کا تقاضا یہ ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اسوہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دین کی سربلندی، فروغ، اشاعت اور غلبہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق نسبت، تعلق محبت، تعلق وفا و تعظیم کو مضبوط کریں اور گھر گھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفا کے پیغام کو عام کرتے ہوئے سیدہ خدیجہ، سیدہ عائشہ، سیدہ زینت اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے کردار کی امین بنیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں۔ محفل کا اختتام محترمہ نائلہ جعفر کی دعا سے ہوا۔
سید والا
19 فروری بروز اتوار منہاج القرآن ویمن لیگ سید والا کے زیر اہتمام سالانہ عظیم الشان محفل میلاد النبی کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کا انعقاد گورنمنٹ ہائیر سکینڈی سکول میں کیا گیا۔ علاقہ بھر سے موثر خواتین کو دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں ٹیچرز، ڈاکٹرز اور سوشل ورکرز کے علاوہ 1700 خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ منہاج کالج برائے خواتین کی نعت کونسل نے انتہائی خوبصورت انداز میں درود پاک اور نعت خوانی کی مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ گلشن ارشاد مرکزی ناظمہ تربیت نے شرکت کی اور ’’آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں‘‘ کے موضوع پر مدلل گفتگو فرماتے ہوئے پیغام دیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ حضور شیخ الاسلام کی قیادت میں آقا علیہ الصلوۃ والسلام سے ایسی عملی محبت کا درس دیتی ہے جو ادب، اطاعت و اتباع سے بالآخر وفا تک پہنچادے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ امت کی بیٹیاں سیدہ کانفرنس کے نقش قدم پر چلیں۔ محفل کا اختتام دعا و سلام پر ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ میاں چنوں کے زیراہتمام محفل میلاد
منہاج القرآن ویمن لیگ میاں چنوں کے زیراہتمام مورخہ 19 فروری 2012 کو عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسلامیہ ڈگری کالج میں منعقد ہوئی۔ جس میں علاقہ بھر سے تقریباً 1200 خواتین اور طالبات نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں مرکز سے ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محترمہ شاکرہ چوہدری نے خصوصی نمائندگی کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ اقدس میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز محترمہ شاکرہ چوہدری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت وفا کا تقاضا کرتی ہے اور آج کے دور میں وفا کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ صحابہ رضی اللہ عنہم پر عمل کرتے ہوئے دین مبین کی سربلندی میں عملاً اپنا کردار ادا کریں۔
پروگرام میں موجود خواتین نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز منعقد ہونے چاہیے تاکہ لوگوں کو دنیا کے ساتھ ساتھ دین کے بارے میں بھی آگاہی اور شعور پیدا ہو جس سے دین کے بارے میں علم حاصل ہوتا ہے اور یہ سیکھنا ہم سب پر فرض ہے۔ پروگرام کے اختتام پر تمام امت مسلمہ کی امن وآشتی کے لئے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
سہ روزہ روحانی تربیتی اعتکاف (منہاج کالج برائے خواتین) (رپورٹ: کرن شہزادی)
آج کے اس نفسانی دور نے انسان کو جس قدر آرام دیا اسی قدر قلب و روح کو بے چین اور اضطراب کا شکار کر دیا۔ نفسا نفسی کا دور ہے مادہ پرستی کی اس دوڑ میں ہر کسی کو سبقت لے جانے کی فکر دامن گیر ہے جہاں معاشرہ تقویٰ و طہارت، تصوف، طریقت، روحانیت، معرفت اور اسلامی تعلیمات سے بے بہرہ ہے۔ ہمارا تعلق اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور ہو چکا ہے۔ جبکہ ان زہر آلود اور زنگ آلود دلوں کا علاج صرف ذکر الہٰی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر میں ہے۔
اسی ضرورت کے پیش نظر منہاج کالج برائے خواتین میں سہ روزہ روحانی تربیتی اعتکاف طالبات، اساتذہ اور ایڈمن سٹاف کا مشترکہ طور پر کروایا گیا۔ اعتکاف 14 دسمبر سے 16 دسمبر تک جاری رہا جس میں محافل ذکر و نعت صلوۃ التسبیح، انفرادی ذکر و اذکار اور تین دن خصوصی طور پر نفلی روزے رکھوانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اساتذہ کرام کالج ہذا جن میں محترم محمد افضل کانجو، محترم علامہ نورالزماں نوری، محترم حاجی غلام احمد اور باہر سے تشریف لانے والے معزز مہمانان گرامی جن میں محترم انوار اختر ایڈووکیٹ، محترم علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور محترم علامہ شبیر جامی نے مختلف موضوعات پر لیکچر دیئے۔ علاوہ ازیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لیکچرز تینوں دن سنوائے جاتے رہے۔ دوران اعتکاف آنسوؤں، آہوں اور سسکیوں کے ساتھ بارگاہ الہٰی سے گناہوں کی بخشش طلب کی گئی۔ اعتکاف کا اختتام محفل ذکر و نعت اور خصوصی دعا سے ہوا۔
کرسمس ڈے : اسلام بین المذاہب رواداری کا امین ہے اور اسلام ذمیوں کے حقوق کو اتنی ہی اہمیت دیتا ہے جتنا کہ عام مسلمان شہریوں کے حقوق کو۔ اسلام کی اسی اساس کو مدنظر رکھتے ہوئے مورخہ 24 دسمبر 2011ء کو منہاج کالج برائے خواتین میں خاکروب کمیونٹی میں ان کے مذہبی تہوار ’’کرسمس ڈے‘‘ کے حوالے سے وائس پرنسپل کالج ہذا محترمہ حمیرا ناز نے خصوصی کرسمس کیک اور تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر خاکروب کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا اور کالج انتظامیہ کی اس کاوش کا شکریہ ادا کیا۔
قائداعظم ڈے : مورخہ 24 دسمبر 2011ء کو منہاج کالج برائے خواتین میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بانی پاکستان کی قیام پاکستان کے حوالے سے عظیم خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ طالبات نے ان کے سوانح کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے قول ’’کام کام اور بس کام‘‘ کو آج کے پاکستان کے لئے ناگزیر قرار دیا۔ علاوہ ازیں فرمودات قائد پر مشتمل چارٹس کالج ہذا میں آویزاں کئے گئے۔
ہفتہ عربی سوسائٹی : کالج ہذا میں عربی سوسائٹی پہلی مرتبہ تشکیل پائی۔ اس سوسائٹی کے زیراہتمام ہفتہ عربی سوسائٹی مورخہ 16 دسمبر سے 23 دسمبر 2011ء تک منایا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد زبان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ علاوہ ازیں عربی زبان کے حوالے سے طالبات کو آگاہی دینے اور ان کے شوق کو بڑھانے کے لئے اس ہفتے کو بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ جس میں مختلف نغمے، تقاریر، قصص الانبیاء اور عربی نعتیں ملٹی میڈیا پر طالبات کے سامنے پیش کی گئیں۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی نشست محترم جناب حاجی غلام احمد کے ساتھ ہوئی جس میں آپ نے عربی زبان کی اہمیت کے حوالے سے طالبات کو آگاہ کیا۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز خانقاں ڈوگراں
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز خانقاں ڈوگراں کے زیر اہتمام 8 جنوری 2012ء بروز اتوار بیداری شعور سٹوڈنٹس کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے بھر کے مختلف سکولز اور کالجز نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں Comparing آمنہ نورین ناظمہ MSM سسٹرز خانقاں ڈوگراں نے کی۔ تلاوت کے لئے طیبہ امین اور نعت کے لئے ذوالفقار نے خدمات پیش کیں۔ طالبات کے شعور کو بیدار کرنے اور بحیثیت دختران اسلام اپنے فرائض کو سمجھنے کے لئے خصوصی خطاب مرکزی ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شاکرہ چوھدری نے کیا۔
٭٭٭٭٭