عید ایکٹویٹی (رپورٹ : نبیلہ یوسف)
منہاج القرآن ویمن لیگ 9سال سے یتیم وبے سہارا بچوں اور خواتین کے ساتھ عید کی خوشیاں مناتی ہے جسے عید ایکٹویٹی کا نام دیا جاتا ہے اس سال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ کی ٹیم نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر منہاج ویلفیئر فانڈیشن کے پراجیکٹ "آغوش"میںجہاں یتیم وبے سہارا بچوں کی تعلیم وتربیت اور کفالت کی جاتی ہے۔ ان بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے مختلف گیمز کا اہتمام کیا جس میں میوزیکل چیئر، رسہ کشی، آئس کریم کھانے کا مقابلہ شامل تھا ان گیمز سے بچے بہت زیادہ لطف اندوز ہوئے گیمز میں جیتنے والے بچوں میں گفٹس تقسیم کئے گئے۔ اورعید کے دن دوپہر کا کھانا آغوش کے بچوں کے ساتھ کھایا۔
آغوش کے بچوں کو بھی عید ایکٹویٹی میں شریک کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی ٹیم اور آغوش کے بچوں نے دارالامان جو مظلوم وبے سہارا خواتین کی کفالت کا ادارہ ہے کا وزٹ کیا جہاں خواتین کے لئے مختلف گیمز کا اہتمام کیا گیا جس میں چوڑیاں پہنانے کا مقابلہ، مہندی لگانے کا مقابلہ، پھل کھانے کا مقابلہ اور میوزیکل چیئر وغیرہ شامل تھیں۔خواتین نے ان گیمزمیں بھرپورحصہ لیا اور بہت enjoy بھی کیا۔ خواتین کو خوبصورت گفٹس دئیے گئے جس میں خوبصورت سکارف، چوڑیاں، مہندی اور بچوں کے کھلونے بھی شامل تھے۔ آخر میں سب خواتین میں کھانا تقسیم کیا۔ دارالامان کے بعد دارالشفقت میںیتیم وبے سہارا بچوں میں کھانا تقسیم کیا گیا اور ان بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔
آخرمیں جناح ہسپتال میں مختلف وارڈز جن میں (گائنی، ڈینگی، سرجیکل، میڈیکل، سکن، کینسر اور کارڈیالوجی شامل ہیں) کے مریضوں، سٹاف اور Attendents میں کھانا تقسیم کیا ان کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی اوران کو عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔ ان تمام ایکٹویٹیز میں آغوش کے بچے شامل رہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے ساتھ مختلف اداروں میں گئے اور عید منائی۔
عید الاضحی جس کو عیدِ ایثار بھی کہا جاتا ہے منہاج القرآن ویمن لیگ اور آغوش کے بچوں نے اسی ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے دارالامان، جناح ہسپتال اوردارالشفقت میںگئے اور عید کی حقیقی روح کو اجاگر کیا۔
مقابلہ مثنوی خوانی 2011ء منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ لاہور
(رپورٹ : کرن شہزادی۔ پریس سیکرٹری بزم منہاج)
مورخہ 2 نومبر 2011ء کو منہاج کالج برائے خواتین میں مثنوی مولانا روم ان کی سوانح ان کی علمی خدمات اور فارسی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں مقابلہ مثنوی خوانی کے عنوان سے ایک پروقار تقریب بزم منہاج کے زیر انتظام اور محترم علامہ نورالزماں نوری کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے فرمائی جبکہ مہمان خصوصی شارح مثنوی خواجہ محمد عالم امیری (مصنف انوار العلوم شرح مثنوی شریف) تھے۔ دیگر مہمانان گرامی قدر میں شارح فکر اقبال محترم پروفیسر غلام مصطفی اعوان (جی سی ٹی)، محترم صہیب مرغوب (میگزین ایڈیٹر رونامہ جنگ)، محترم صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری (مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ منہاج القرآن)، سابق پرنسپل کالج ہذا محترم پروفیسر محمد اشرف چوہدری اور محترم حفیظ جاوید (ناظم تحریک لاہور) شامل تھے۔ مصنفین کے فرائض ماہر رومیات پروفیسر ظفرالحق مجید چشتی (صدر شعبہ اردو دیال سنگھ کالج لاہور)، ماہرالسنہ شرقیہ علامہ ڈاکٹر محمد صبا حسن قادری (فاضل علوم اسلامیہ) نے سرانجام دیئے جبکہ ملک کے معروف نعت خواں محترم ارشاد احمد چشتی نے نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز بی ایس سوئم کی طالبہ سعیدہ نسیم نے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں بی ایس سوئم ہی کی طالبات حبیبہ حنا، غوثیہ دستگیر اور سنبل غفار نے فارسی میں نعت رسول مقبول پیش کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم علامہ نورالزماں نوری نے انجام دیئے جن کی معاونت بی ایس ہفتم کی طالبات حمیرا نوشین اور نادیہ شاہین نے کی۔ نادیہ شاہین نے فارسی میں کمپیئرنگ کی جبکہ حمیرا نوشین نے اردو میں کمپیئرنگ کی۔ مقابلہ مثنوی خوانی میں فرسٹ ایئر سے ایم تک کی انیس طالبات نے شرکت کی۔ جن کے نام درج ذیل ہیں :
رفعت جاں، مریم شہزادی، امہ حبیبہ، نیلم مشتاق، مہوش شہزادی، ندا صدیقہ، مصباح ارم، مہ جبیں، حافظہ آمنہ مسعود، فرخندہ جبیں، عروج آغا، زیب النساء اقبال، صبا فاطمہ، سائرہ مقصود، سدرہ قدیر مصری شہزادی، سعدیہ منظور، اقراء لطیف۔
اس موقع پر مقابلے میں شریک طالبات کی طرف سے پڑھے جانے والے مولانا روم کے فارسی کلام کا اردو ترجمہ ملٹی میڈیا پر سلائیڈز کے ذریعے دکھایا گیا جس کے انتظام کے فرائض میڈم ریحانہ طارق (لیکچرار منہاج کالج) اور بی ایس پنجم کی طالبہ میمونہ نذیر نے انجام دیئے۔ دوران مقابلہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کا مختلف خطابات کے دوران پڑھا گیا مولانا روم کا فارسی کلام ملٹی میڈیا پر دکھایا گیا۔ طالبات نے مولانا روم کا کلام ترنم کے ساتھ پڑھا۔ مقابلہ کے اختتام پر محترم نورالزماں نوری نے ہال میں موجود طالبات سے مولانا روم اور ان کی مثنوی سے متعلق سوالات کئے اور درست جواب دینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ بعد ازاں مقابلہ مثنوی میں شرکت کرنے والی طالبات کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔
نیلم مشتاق بی ایس پنجم (فرسٹ پوزیشن)، حافظہ آمنہ مسعود بی ایس رفت جاں ایم اے I (دوئم پوزیشن)، زیب النساء اقبال بی ایس Vi (سوئم پوزیشن) اور مہوش شہزادی فرسٹ ایئر B (ستائشی انعام)
ستائشی انعام کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مجلس واقف اسرارِ مثنوی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اپنے خطبہ صدارت میں طالبات کو پیغام دیتے ہوئے فرمایا کہ وہ اسلاف کے ساتھ اپنے رشتہ کو مضبوط کریں اور مثنوی مولانا روم کے ذریعے دل میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع روشن کریں۔ انہوں نے مثنوی شریف کے چند اشعار بھی پڑھ کر سنائے جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔ مہمان خصوصی شارح مثنوی خواجہ محمد عالم امیری نے اس تقریب کو خوب سراہا اور اپنی عالمانہ اور صوفیانہ باتوں سے طالبات کو مستفید کیا۔ ماہر رومیات پروفیسر ظفرالحق چشتی نے اس پروگرام کو پچھلی 25 سے 30 سالہ تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام قرار دیا اور علامہ نورالزماں نوری، پرنسپل کالج ہذا اور جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔ شارح اقبال پروفیسر غلام مصطفی اعوان نے اس خوبصورت پروگرام اور اس کے ڈسپلن پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ پروفیسر محمد اشرف چوہدری نے بھی طالبات کی اعليٰ کارکردگی کو خوب سراہا اور مبارکباد دی۔
آخر میں تقریب میں شریک ملک کے معروف میگیزین ایڈیٹر روزنامہ جنگ صہیب مرغوب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔ میں نے اسلامی فکر اور اسلاف کے حوالے سے اتنی پروقار خوبصورت اور منفرد تقریب پہلی بار دیکھی ہے۔
اختتام پر پوزیشن لینے والی طالبات میں امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی اور خواجہ عالم امیری نے شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ کالج ہذا کی پرنسپل محترمہ فرح ناز نے اس پروقار کامیاب اور انتہائی خوبصورت تقریب کو بانی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا فیض قرار دیا اور منتظم نورالزماں نوری اور ان کی پوری ٹیم کو اس مقابلہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مقابلہ مثنوی کی تیاری میں معاونت کرنے والی اساتذہ کرام محترمہ عطیہ بتول، محترمہ کلثوم طارق، تشہیر کے فرائض انجام دینے والی طالبہ سدرہ ارشد ملٹی میڈیا کے کنٹرول کے فرائض سرانجام دینے والی طالبہ میمونہ نذیر اور فرخندہ جبیں کو تحائف پیش کئے گئے۔ اس پروقار تقریب کا اختتام خواجہ عالم امیری کی دعا پر ہوا۔
آئیں دین سیکھیں کورسز (فیصل آباد)
(رپورٹ : قمرالنساء خاکی)
منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کی نظامت تربیت نے اپنے PP حلقہ جات میں 19 آئیں دین سیکھیں کورسز کا اہتمام کیا۔ جو عرفان القرآن اسلامک اکیڈمی، ڈجکوٹ، باہمنی والا، ادھوانی، ڈجکوٹ سمندری روڈ، ر۔ب تلیانوالہ، چک نمبر55ج ب، PP-64، حبیب کالونی سمیت 19 مقامات پر منعقد ہوئے۔ ان کورسز میں 328 طالبات نے شرکت کی جن میں سے 275 نے وابستگی اور 8 طالبات نے رفاقت حاصل کی جبکہ ان کورسز کے نتیجے میں 26 حلقات درود و فکر قائم ہوئے۔ ان کورسز میں محترمہ معلمہ آسیہ قادری، صادقہ عباس، سائرہ نذیر، سائرہ شبیر، نسرین بلال، نورین ارشد، شکیلہ اقبال، ثنیہ ارشد، عالیہ توصیف، رخسانہ اسلم، ارم ارشد اور شمائلہ انجم نے بطور معلمہ خدمات سرانجام دیں۔ یہ کورسز طالبات کی علمی، فکری، اخلاقی، روحانی، تنظیمی وانتظامی تربیت کے لئے بہت موثر و مفید ثابت ہوئے۔
تنظیم سازی (تحصیل لیہ)
(رپورٹ : آسیہ حمید)
منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل لیہ میں یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کا آغاز ہوگیا۔ یونین کونسل جمن شاہ میں جس میں محترمہ پروین اختر کو ناظمہ، محترمہ زینت پروین کو ناظمہ تربیت، محترمہ شازیہ فرید کو ناظمہ دعوت اور محترمہ فرزانہ بی بی کو حلقہ درود کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔
٭ 30 اگست، 3، 11 ستمبر کو چک نمبر 368، 251، 252 میں ضلع لیہ میں حلقہ درود کا آغاز کیا گیا۔ جس میں محترمہ عابدہ انور نے درود و سلام کی اہمیت پر خطاب فرمایا۔
عید گفٹ کی تقسیم
مورخہ 21 اگست بمقام بلال پبلک ہائی سکول فتح پور میں منہاج القرآن ویمن لیگ فتح پور کے زیر اہتمام عید گفٹ کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز ہوا۔ صدر ویمن لیگ فتح پور محترمہ عابدہ انور نے غربائ، یتیم اور مسکین کے حقوق کے موضوع پر فکر انگیز اور پر اثر خطاب فرمایا۔ اس کے بعد منہاج ویلفیئر فائونڈیشن فتح پور کی طرف سے ویمن لیگ فتح پور کے زیر اہتمام 17 غریب خواتین اور 5 کارکنان کو عید گفٹ تقسیم کئے گئے۔ جس میں کوکنگ آئل، چاول بھی شامل تھے۔
ہفت روزہ دروس عرفان القرآن (مریدکے) (رپورٹ : حافظہ طیبہ نور)
مورخہ 3 اگست تا 9 اگست تحریک منہاج القرآن مریدکے کے زیر اہتمام ہفت روزہ دروس عرفان القرآن کا حسن میرج لان مریدکے میں انعقاد کیا گیا۔ جس میں تحریک منہاج القرآن کی نظامتِ دعوت کے مختلف مقررین نے مختلف موضوعات پر خطابات کئے جن میں علامہ محمد فیاض بشیر قادری (رمضان اور انفاق)، علامہ رانا محمد ادریس قادری (اقامت دین میں نوجوان نسل کا کردار)، علامہ رانا نفیس حسین قادری (عقیدہ توسل)، علامہ سعید الحسن طاہر (عظمت سیدہ کائنات)، علامہ غضنفر حسین (عظمت قرآن)، علامہ محمد اعجاز ملک (محبت رسول کے عملی تقاضے) اور علامہ محمد افضل قادری نے (مقصود زندگی رضائے الہٰی) کے موضوع پر خطابات کئے۔ پروگرام میں 2 خواتین نے رفاقت ایک نے تاحیات رفاقت اختیار کی۔
سیدہ کائنات کانفرنس مریدکے
مورخہ 10 اگست کو حسن میرج لان مریدکے میں سیدہ کائنات کانفرنس منعقد ہوئی جس میں خواتین کی تعداد 1000 تھی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ محترمہ شمائلہ عباس نے سیدہ کائنات کے نقوش سیرت اور دعوت فکر کے موضوع پر خطاب کیا۔ پروگرام میں 2 خواتین نے رفاقت اور 2 نے تاحیات رفاقت اختیار کی۔
پروگرام صلوۃ التسبیح اور محافل نعت
مورخہ 12 اگست کو مدرسہ کمیٹی بازار مریدکے میں محترمہ سحرش فدا، عاصمہ یاسین، مورخہ 19 اگست منہاج القرآن اسلامک سنٹر محترمہ صوبیہ زمرد، مورخہ 26 اگست شاہد گرائمر سکول ٹائون مریدکے حافظہ طیبہ نور، عاصمہ یاسین نے صلوۃ تسبیح پڑھائی اور محفل نعت کا بھی اہتمام کیا گیا۔
شارٹ کورسز
ننگل سادں، لدھیکے غربی اور جامعہ اسلامیہ للبنات الیسین میں تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام حلقہ عرفان القرآن کورس اورآئیں دین سیکھیں کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء کو کورس کے نصاب کے ساتھ ساتھ تحریک کے تعارف سے آگاہ کیا گیا۔ کورس کی اختتامی تقریب میں بہت سی طالبات نے تحریک منہاج القرآن سے وابستگی اختیار کی۔ وابستہ ہونے والی طالبات کی تعداد 50 ہے۔ معلمات کے فرائض شمائلہ رفیق، آنسہ یسین، عاصمہ یاسین نے سرانجام دیئے۔
سیدہ کائنات کانفرنس
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 11 اگست 2011ء بروز جمعرات بمقام صفہ ہال مرکزی سیکرٹریٹ میں سیدہ کائنات کانفرنس بعنوان ’’سیدہ کائنات کے نقوش سیرت اور دعوت فکر‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں لاہور، مریدکے، کامونکی اور شیخوپورہ کی تنظیمات کے علاوہ خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد خواتین میں سیدہ کائنات کی تعلیمات اور نقوش سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بیداری شعور پیدا کرنا تھا۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والی مہمانان گرامی قدر نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر شبہ طراز مدیرہ ماہنامہ مجلہ ’’تجدید نو‘‘ محترمہ لبنيٰ زیدی (امامیہ آرگنائزیشن)، محترمہ شہناز لغاری (پائلٹ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر)، محترمہ ڈاکٹر شہناز مزمل (مصنفہ، ادیبہ، شاعرہ)، محترمہ علینہ ٹوانہ (سوشل ورکر)، محترمہ سمیرا رفاقت (مرکزی ناظمہ ویمن لیگ) نے سیدہ کائنات کے اسوہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیدہ کی سیرت مسلم خواتین کے لئے مشعل راہ ہے اور آنے والی نسلوں کے لئے عملی نمونہ ہے جن پر چل کر وہ اعليٰ مقام تک پہنچ سکتی ہیں۔ اس کانفرنس کا اختتام دعا و سلام پر ہوا۔
CD پوائنٹ (چشتیاں)
بمقام نور پورہ چشتیاں وارڈ نمبر4 میں لیبر کالونی آدم شوگر مل UC-33 پر CD.Point کا آغاز کیا۔ شیخ الاسلام کے کئی خطابات وہاں سنوائے جاچکے ہیں۔ ہفتہ وار بنیادوں پر یہ پروگرام جاری ہے۔
شب بیداری
رمضان المبارک کی پر نور ساعتوں میں منہاج القرآن ویمن لیگ چشتیاں کی جانب سے W بلاک سٹیلائٹ ٹائون میں صلوۃ التسبیح کا اور نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خواتین کی تعداد تقریباً 40 تھی۔ صلوۃ التسبیح کے بعد انہیں شیخ الاسلام کے خطابات کے کچھ Clips دکھائے گئے اور ساتھ ہی انہیں زکوٰۃ فنڈ کے لئے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی رپورٹ 2011ء بھی دکھائی گئی۔ طاق راتوں میں محفل نعت اور محفل ذکر بھی کروائی گئی اور 27 کی رات شب بیداری بھی ہوئی۔
الصفہ سکول میں حلقہ درود کے ساتھ ساتھ درس قرآن کا بھی آغاز کیا گیا۔ W بلاک میں بھی حلقہ درود کے ساتھ درس قرآن کا بھی آغاز کیا گیا۔ معلمہ کے فرائض مغیثہ فاطمہ انجام دے رہی ہے۔
٭ فاروق کالونی باہو چوک میں صلوۃ التسبیح کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا۔ ایک درس کی صورت میں تحریک منہاج القرآن کے مشن کا پیغام خواتین تک پہنچایا۔
سیدہ فاطمۃ الزہرا کانفرنس
10 اگست بروز بدھ منہاج القرآن ویمن لیگ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام سیدہ کائنات کانفرنس منعقد کی گئی۔ جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور پھر اللہ رب العزت کی حمدو ثناء بیان کی گئی اس کے بعد نعت کونسل نے اپنے مخصوص انداز میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کی اور پھر منقبت بحضور سیدہ کائنات پڑھی گئی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ ننکانہ صاحب کی صدر محترمہ نور صالحہ نے سیدہ کائنات کے سیرت و کردار پر نمایاں روشنی ڈالی اور آج کے دور میں خواتین کا کردار اور عمل پر روشنی ڈالی۔ محفل کی نقابت ناظمہ عصمت بتول نے کی۔ اس کانفرنس میں سکول، مدارس اور کالج کی پرنسپلز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور انہوں نے سیدہ کائنات کی زندگی کو اجاگر کرنے کے لئے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور آخر میں قائد محترم کا پیغام سنایا گیا۔ محفل کا اختتام درود و سلام اور دعا پر ہوا۔
فیصل آباد
منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیرِاہتما م مورخہ 7 اگست 2011 بروز اتوار تاج محل بینکوئیٹ ہال میں بعنوان " سیدہ کائنات کے نقوشِ سیرت "کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مرکز کی طرف سے ناظمہ تربیت محترمہ نوشابہ ضیاء نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس کانفرنس میں فیصل آباد کے مختلف علاقوں سے 800 خواتین نے شرکت کی جس میں شہر کی مشہور ڈاکٹرز، لیکچررز اور سوشل ورکرز بھی شامل تھیں۔ مقررہ مسز روبینہ خاکی نے اپنے خصوصی خطاب میں خواتین کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں سیدہ کائنات کے نقوشِ سیرت کی اتباع کرتے ہوئے دنیاوی اور اخروی کامیابی کی طرف رہنمائی فرمائی۔
محترمہ نوشابہ ضیاء نے اپنی گفتگو میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ ویمن لیگ آج کے دور میں سیدہ کائنات کے نقوشِ سیرت پر عمل کر تے ہوئے خواتین میں بیداری شعور پر کام کر رہی ہے۔ نیز تحریک کے ساتھ وابستگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ تحریکِ منہاج القرآن اس صدی کی تجدیدی تحریک ہے جو معاشرے میں اصلاحِ احوال کا کام کر رہی ہے۔ لہذا خواتین معاشرے کا ایک اہم جزو ہونے کی حیثیت سے اس تحریک کے پلیٹ فارم سے اس عظیم کام میں اپنا کردار ادا کریں۔
صلوۃ التسبیح (دادو سندھ)
ماہ رمضان المبارک سے صلوٰۃ التسبیح کے پروگرام کا آغاز کیا گیا جس کا مستقل بنیادوں پر مختلف جگہوں پر اہتمام کرکے حلقات درود کی بریفنگ دی گئی۔ جس سے گردو نواح کے شہروں سے تشریف لانے والی بہنوں نے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کا عہد کیا۔
محفل میلاد (جھنگ)
منہاج القرآن ویمن لیگ جھنگ کے زیر اہتمام مورخہ 9-10-11 بمقام کھورڑہ عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں گردو نواح سے سینکڑوں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ محترمہ روبینہ اشرف نے شور کوٹ سے خصوصی طور پر محفل میں شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ جھنگ نعت کونسل نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدایات عقیدت پیش کیا اور صدر منہاج القرآن ویمن لیگ جھنگ کے خصوصی خطاب اور پرسوز دعا کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔