صبا سے بھی نہ ملا تجھ کو بوئے گل کا سراغ
ملے گا منزل مقصود کا اسی کو سراغ
اندھیری شب میں ہے چیتے کی آنکھ جس کا چراغ
میسر آتی ہے فرصت فقط غلاموں کو
نہیں ہے بندہ حر کے لیے جہاں میں فراغ
فروغ مغریباں خیرہ کررہا ہے تجھے
تری نظر کا نگہبان ہو صاحب مازاغ
وہ بزم عیش ہے مہمان یک نفس دو نفس
چمک رہے ہیں مثال ستارہ جس کے ایاغ
کیا ہے تجھ کو کتابوں نے کور ذوق اتنا
صبا سے بھی نہ ملا تجھ کو بوئے گل کا سراغ
(کلیات اقبال، ضرب کلیم، ص453)
حکایت شیخ سعدی
شیخ سعدی فرماتے ہیں میں نے ایک نیک شخص کو دریا کے کنارے دیکھا جس کو ایک چیتے نے زخمی کردیا تھا اور اس کا زخم کسی دوا سے اچھا نہ ہوتا تھا وہ عرصہ درازسے اس تکلیف میں مبتلا تھا مگر ہر وقت اللہ کا شکر اداکرتا تھا لوگوں نے اس سے پوچھا کہ شکر کس بات کا ادا کرتے ہو۔ اس نے جواب دیا اس لیے کہ مصیبت میں مبتلا ہوں نہ کہ گناہ میں۔
چار سبق آموز باتیں
حاتم الاصم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب سے مجھے چار باتوں کا علم ہوا ہے میں عالم کے تمام علوم سے بے پرواہ ہوگیا ہوں۔ لوگوں نے دریافت کیا وہ کون سی چار باتیں ہیں۔ انہوں نے فرمایا:
ایک یہ کہ میرا رزق مقدر ہوچکا ہے جس میں نہ کمی ہوسکتی ہے نہ زیادتی۔ لہذا زیادہ کی خواہش سے بے نیاز ہوں۔
دوسری یہ کہ میں نے جان لیا کہ خدا کا مجھ پر حق ہے جسے میرے سوا کوئی دوسرا ادا نہیں کرسکتا لہذا میں اس کی ادائیگی میں مشغول ہوں۔
تیسری یہ کہ میرا کوئی طالب ہے یعنی موت میری خواستگار ہے جس سے میں راہ فرار اختیار نہیں کرسکتا۔ لہذا میں نے اسے پہچان لیا ہے۔
اور چوتھی یہ کہ میں نے جان لیا ہے کہ میرا کوئی مالک ہے جو ہمہ وقت مجھے دیکھ رہا ہے۔ میں اس سے شرم کرتا ہوں اور نافرمانیوں سے باز رہتا ہوں بندہ جب اس سے باخبر ہوجاتا ہے کہ اللہ سے دیکھ رہا ہے تو وہ کوئی ایسا کام نہیں کرتا جس کی وجہ سے قیامت کے دن اسے شرمسار ہونا پڑے۔
(کشف المحجوب، ص54، 55)
اقوال زریں
- سمجھدار کسی چیز میں خوشی نہیں پاتا کیونکہ اس کا ’’حلال‘‘ حساب ہے اور حرام عذاب ہے۔
- شروع کرنا تیرا کام ہے اور تکمیل کرنا خدا کا کام۔
- موت کو یاد رکھنا نفس کی تمام بیماریوں کی دوا ہے۔
مکس سبزیو ں کا سوپ
اجزاء
مرغی کی ہڈیاں دو سو پچاس گرام
پیاز ایک عدد درمیانی چوکور کٹی ہوئی
لہسن تین جوئے
ٹماٹر دو عدد چوکور کٹے ہوئے
آلو ایک عدد چوکور کٹا ہوا
مٹر ایک کپ
گاجر دو عدد
بند گوبھی ایک کپ
پھول گوبھی ایک کپ
نمک ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ پائوڈر آدھا چائے کا چمچ
لیموں کا رس چار چائے کے چمچ
ہرا دھنیا چار کھانے کے چمچ
تیزپات ایک عدد
لونگ ایک عدد
پانی تین لیٹر
ترکیب
مرغی کی ہڈیوں کو پانی والے برتن میں ڈالیں، لونگ، تیزپات اور ثابت کالی مرچ شامل کریں اور 45 منٹ تک ابالیں اس کے بعد اسے چھان لیں اب مٹر اور آلو کو شامل کرکے 5 منٹ تک پکائیں لہسن اور گوبھی کو بھی شامل کریں اور 5 منٹ تک پکائیں اب نمک، لیموں کا رس کالی مرچ پائوڈر، ٹماٹر، پیاز اور بند گوبھی کو مکس کرکے ایک منٹ تک پکائیں۔ ہرا دھنیا ڈال کر اسے پیش کریں۔
جلد کی حفاظت ٹماٹر سے
جلد کی حفاظت میں ٹماٹر اپنی ٹھنڈک اور سکیڑنے والی خوبیوں کی بدولت بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں وٹامن سی بھرپور پایا جاتا ہے جو کیل مہاسوں کے علاوہ بے رونق جلد کو چمکدار اور پرکشش بناتا ہے۔ جلد کو صحت مند رکھنے کے لئے وٹامن اے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ بھی اس میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس میں شامل نمکیات جلد کو بیلنس رکھتے ہیں اور جلد سے چکناہٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ جلد کے خلاف کام کرنے والے جراثیم سے مقابلہ کرتے ہیں جلد کی حفاظت کے لیے تازہ ٹماٹروں کے ایک چمچ جوس میں دو سے چار قطرے تازہ لیموں کے جوش کو شامل کریں اس مکسچر کو کاٹن کی مدد سے چہرے پر لگائیں پندرہ منٹ تک اسے جلد پر اپنا کام کرنے دیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں اور موئسچرائزر کریں۔ تازہ ٹماٹر کو اچھی طرح مسل لیں اور اس کا گودا اپنے چہرے پر لگائیں اپنے چہرے پر لگے ٹماٹر کے ساتھ ایک گھنٹہ گزاریں اس کے بعد نیم گرم پانی سے اپنا چہرہ دھوئیں کم از کم ایک ہفتہ یہ عمل کریں تو یقینا بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
کمر درد سے نجات
خشخاش کے بیج کمر کے درد میں آرام لانے کے لیے حیرت انگیز کام کرتے ہیں، سو گرام خشخاش اور مصری کو ملا کر گرائینڈر میں اچھی طرح پیس لیں اس کو دو چائے کے چمچ روزانہ ایک گلاس دودھ کے ساتھ کھالیں۔