شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب
گذشتہ ماہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار کا سنگ بنیاد پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں رکھا گیا، تقریب میں مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، مرکزی صدر عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مرکزی نائب صدر تحریک بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد، ویمن لیگ کی صدر فرح ناز، ناظم اجتماعات جواد حامد، نائب صدر PAT پنجاب راجہ زاہد محمود، ناظم تحریک لاہور حافظ غلام فرید و دیگر رہنمؤں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ سنگ بنیاد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اہلیہ محترمہ رفعت جبیں قادری نے شہداء ماڈل ٹاؤن کے خاندان کے افراد اور زخمیوں کے ہمراہ رکھا اور شہداء انقلاب کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ اس رقت آمیز دعا سے ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اہلیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمرود اور فرعون نے بھی اپنا اقتدار بچانے کیلئے قتل عام کروایا تھا مگر وہ احتساب اور انجام سے نہ بچ سکے۔ حکمرانوں کے خزانوں میں اتنا پیسہ نہیں کہ وہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے باہمت اور پرعزم کارکنوں کو خرید سکیں۔ سانحہ ماڈل ٹؤن پوری دنیا کیلئے ایک درد ناک اور المناک واقعہ ہے۔ حکمرانوں نے بے گناہوں کا خون بہا کر اپنے چہروں پر جو سیاہی ملی اس کے داغ قیامت تک نہیں دھلیں گے۔ 17 جون کو ریاستی ادارے پولیس نے بے گناہوں کو قتل کیا حالانکہ انہوں نے معصوم لوگوں کو تحفظ دینے کا حلف اٹھا رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عدالتیں قاتل پولیس والوں کی جھوٹی گواہیوں کی وجہ سے عوامی تحریک کے کارکنوں کو سزائیں سنا رہی ہیں جس کا دلی دکھ ہے۔ تقریب میں جن شہداء کے خاندان کے افراد نے شرکت کی ان میں شہید عمر صدیق، تنزیلہ امجد، شازیہ مرتضیٰ، محمد اقبال، عاصم حسین، غلام رسول، حکیم صفدر حسین، محمد رضوان، حافظ خاور محمود، رفیع اللہ، ڈاکٹر محمد الیاس، عبدالمجید، سیف اللہ چٹھہ، رفیع اللہ نیازی، گلفام، شہید محمد آصف شامل ہیں۔
شیخ الاسلام کی طرف سے ماڈل ٹؤن کے شہید اقبال کے اہل خانہ کیلئے پانچ مرلے کا گھر
گذشتہ ماہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے چونگی امر سدھو میں سانحہ ماڈل ٹؤن کے شہید محمداقبال کے اہل خانہ کو نو تعمیر شدہ پانچ مرلے کے گھر کی چابیاں دیں۔ اس موقع پر ناظم لاہور حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی، ڈاکٹر تنویر اعظم، ساجد اصغرو دیگر کارکنان موجود تھے۔ شہید محمد اقبال کے اہل خانہ گھر کی چابیاں وصول کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے بچوں کی طرح سلوک کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہداء ماڈل ٹاؤن کے اہل خانہ کی کفالت کا جو عزم کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ شہدا کے اہل خانہ نے حکمرانوں کی طرف سے کروڑوں روپوں کی پیشکش کو پؤں کی ٹھوکر سے اڑادیا ہے۔ اور شہدا کے اہل خانہ بھی شہیدوں کی طرح پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف لینے کیلئے ہر حد تک جائینگے اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسی ماہ پاکستان آ جائینگے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شہدا کے لواحقین عزم، صبر اور قربانی کی قابل فخر مثال ہیں۔ ہم ان شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ ایک قاتل کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کیلئے حاصل کی گئی۔ اس جے آئی ٹی کی تشکیل کا مقصد اور مینڈیٹ بھی یہی تھا۔ ابھی تک سانحہ ماڈل ٹؤن کی تفتیش کا آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل جتنے بھی با اثر کیوں نہ ہوں قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔شہید اقبال کے اہل خانہ نے کفالت کا وعدہ پورا کرنے اور گھر دینے پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا اور انکی صحت یابی کیلئے دعا کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے ہم سب جانی و مالی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
امریکہ: نیوجرسی میں شبِ برات کا روحانی اجتماع
منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیرِاہتمام 2۔ جون 2015ء کو منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیوجرسی میں شبِ برات کے موقع پر روحانی اجتماع کا انعقاد اور شب بیداری کا اہتمام کیاگیا، جس میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز نمازِمغرب کے بعد شبِ برات کے خصوصی نوافل کی ادائیگی، وظائف و اوراد، سورہ یٰسین اور سورہ الدخان کی تلاوت کے ساتھ کیاگیا۔ نمازِعشاء کے بعد روحانی اجتماع کے دوسرے سیشن میں محفلِ نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کی گئی, جس میں حافظ معاذ احمد اور محسن احمد نے تلاوت قرآن پاک، محمد اصغر، محمد سلیم شیخ، محمد ابراہیم، ساجد سید، محمد اقبال اور ماسٹر منیر احمد نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت حاصل کی۔ منہاج القرآن اسلامک سینٹر نیوجرسی کے ڈائریکٹر علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شبِ برات کو شبِ توبہ اور شبِ مغفرت بنایا ہے تاکہ ہم اس رات اپنے گناہوں پر نادم ہو کر سچی توبہ کر سکیں اور آئندہ گناہوں سے بچنے کا عہد کریں۔ شبِ برات کو توبہ کی قبولیت بڑھ جاتی ہے۔
اس موقع پر منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیوجرسی کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ ہر ہفتہ کو صبح 11 بجے سے 1 بجے تک خواتین اور ہر روز نمازِعشاء کے بعد مردوں کے لیے ترجمہ و تفسیر اور تجوید کی کلاسز ہوتی ہیں، جبکہ بچوں کے لیے سنڈے سکول اور ناظرہ کی کلاسز بھی شروع کی جاری ہیں۔
یوم شہداء کی برسی کے موقع پراحتجاجی اجتماع
مورخہ 16 جون کو بعد از نماز عشاء شہدائے ماڈل ٹؤن کی سالانہ برسی اور احتجاجی اجتماع مرکزی سیکرٹریٹ تحریک کے وسیع پارک میں منعقد کیا گیا۔ اس سالانہ احتجاجی اجتماع میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ احتجاجی جلسہ سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، تحریک وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو، تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کیا۔ جبکہ مرکزی صدر جمعیت علماء پاکستان نیازی گروپ پیر سید معصوم حسین نقوی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ زنجانیہ پیر سید طاہر سجاد کاظمی زنجانی، زیب سجادہ آستانہ عالیہ حق باہو والٹن پیر اختر رسول قادری، شارح ترمذ ی پیر علامہ ارشد القادری نے تقریب میں خصوصی شرکت فرمائی۔ شہداء ماڈل ٹاؤن کے ورثاء خصوصی طور پر الگ سٹیج پر تشریف فرما تھے، جن کے خطابات بھی ہوئے۔
تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے فرمائی جبکہ مرکزی صدر عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، نائب صدر تحریک بریگیڈئیر اقبال احمد، ناظم اجتماعات جواد حامد، مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ، مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، مرکزی صدر ویمن لیگ محترمہ فرح ناز اور دیگر قائدین سٹیج پر موجود تھے۔ اس موقع پر لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکمرانوں سے سوالات کرتے ہوئے کہا کہ حکمران قتل و غارت گری کے باوجود ہمارے ایمان کی دولت سے مالا مال کارکنوں کا حوصلہ نہیں توڑ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹؤن کے قاتل اور منصوبہ ساز شہباز شریف اور نواز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹؤن سے ایک دن قبل آئی جی پنجاب کیوں بدلا گیا؟ صوبہ میں قتل کے ہر ملزم کو پروٹوکول کیوں میسر ہے؟ ڈاکٹر توقیر شاہ کو کس جے آئی ٹی اور کس فورم نے کلین چٹ دی کہ اسے سفیر بنا کر ڈبلیو ٹی او میں بھجوا دیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں شکست ہوئی نہ ہو سکتی ہے، شکست ان کو ہوتی ہے جو حکومتوں اور لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے ضمیر اور مفادات کے سودے کرتے ہیں۔ انصاف کے حصول کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے اور مظلوموں کو انصاف دلوا کر دم لیں گے۔ ہمارے مزدور اور غریب کارکنوں نے حکمرانوں کے خزانے پر لعنت بھیجی۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر شہداء ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی کیلئے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو ظالموں اور مظلوموں کی شناخت ہو چکی ہے۔ اس سے بری خبر کیا ہوگی کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کا قاتل قانون کا قلمدان سنبھالے ہوئے ہے۔ سانحہ ماڈل ٹؤن پر انصاف ہوا ہوتا تو سانحہ ڈسکہ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں ہمارا کارکن حق نواز شہید نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی اور مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ کل بھی تھے اور آج بھی ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دیوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ جے آئی ٹی جھوٹوں کی آرگنائزیشن کے سوا کچھ نہیں۔ اگلے یوم شہداء سے قبل یہ چور ڈاکو اور قاتل ختم ہو چکے ہونگے، بکرا لیٹ گیا تھا قصائی کی چھری کھنڈی نکلی۔ گونوازگو کے نعرے سے ہٹنے والوں کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ 7 خاندان ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ اس ملک پر یہ وقت بھی آنا تھا کہ رانا ثناء اللہ جیسے لوگوں نے بھی کہنا تھا کہ ہم راجپوت ہیں۔
شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصف اعلیٰ نے سپریم کورٹ میں بینر لگانے پر سوموٹو ایکشن لے لیا تھا میری ماں کا کیا قصور تھا اس پر مجھے انصاف کیوں نہیں ملا؟
مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس نے کہا ظلم بڑھ گیا ہے اور مظلوم اکٹھے ہو کر ظالموں سے لڑیں گے۔ شہیدوں کا خون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ بہادر آدمی ظالم نہیں ہوتا۔ حکمران دھاندلی زدہ الیکشن کمیشن کے ذریعے مقرر ہوئے۔ نہ ڈریں گے نہ جھکیں گے نہ بکیں گے، سانحہ ماڈل ٹؤن کا انصاف لیکر رہیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ غاصب حکمرانوں کے خلاف پہلے بھی شریک سفر تھے اور سانحہ ماڈل ٹؤن کے ظلم کے خلاف اب بھی اکٹھے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کے کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں سانحہ ماڈل ٹؤن کے انصاف تک ان کے ساتھ ہیں۔ عدالت عظمیٰ کے معزز ججز 14 شہیدوں پر سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیتے۔ میں بھی وزیراعلیٰ رہا ہوں جانتا ہوں وزیراعلیٰ کے حکم کے بغیر پولیس گولی چلانے کی ہمت نہیں کر سکتی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خوفزدہ کرنے کیلئے ماڈل ٹؤن میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔
سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ حکومت نے بیریئر ہٹانے کی آڑ میں جو خون بہایا اس پر دلی دکھ ہے۔ بیٹوں اور بیٹیوں کو گولیاں لگیں اور قاتل دندناتے پھریں یہ دکھ ناقابل برداشت ہے۔ ایسی پولیس کے ساتھ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آج میٹرو بسیں تو ملتی ہیں پر قاتلوں کو سزائیں نہیں ملتیں۔ شہباز شریف سب سے بڑا ٹارگٹ کلر ہے۔ سب سے پہلے اس کا کیس فوجی عدالت میں چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے نجی محفل میں دھمکیاں دیں۔ مجھے وعدہ معاف گواہ بنایا جائے تو شہباز شریف کے قتل عام کا سارا قصہ بے نقاب کر دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انصاف ملتا نہیں بکتا ہے۔
مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قاتل حکمران دیکھ لیں کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کے لواحقین، ان کے عزیز و اقارب آج بھی پہلی صفوں میں بے خوف اور نڈر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے ظلم کے خاتمے کیلئے جانیں دیں اور اب انصاف کیلئے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طرف سے احتجاجی اجتماع میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
اجتماع سے محترم عامر فرید کوریجہ، محترمہ راضیہ نوید، محترم رفیق نجم، محترم اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، محترمہ عائشہ شبیر، محترم علامہ انوار مصطفی ہمدمی نے بھی خطاب کیا۔ ہزاروں کارکنان نے احتجاجی جلسہ میں شرکت کی۔ شرکائے جلسہ نے گو نواز گو اور قاتل حکومت نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
مجلس وحدت المسلمین کے زیراہتمام ’’چھٹا مرج البحرین جشن‘‘
مجلس وحدت المسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام 26 اپریل کو ایوانِ اقبال لاہور میں ’’چھٹا مرج البحرین جشن‘‘ کا انعقاد ہوا جس میں مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما محترم علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ امین شہیدی، محترمہ خانم سکینہ مہدوی، محترمہ خانم ہما نقوی، الکوثر یونیورسٹی کی پرنسپل محترمہ خانم ذکیہ، سول سوسائٹی سے محترم عبداللہ ملک، چینل 92 کے ہیڈ محترم نذیر احمد غازی اور ملک کے نامور شاعر محترم انوار مسعود کے علاوہ ملک کی ممتاز شخصیات موجودتھیں۔ جشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ سے تین رکنی وفد نے شرکت کی جن میں مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ گلشن ارشاد، صدر ایم ایس ایم سسٹرز محترمہ انعم ریاض اور نائب ناظمہ دعوت محترمہ سعدیہ حفیظ شامل تھیں۔
اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ گلشن ارشاد نے خطاب کیا اور سیدہ کائنات کی شان بیان کرتے ہوئے کہا سیدہ کائنات وہ ہستی ہیں جو تاجدار کائنات کے انوار صحبت سے بلا واسطہ اکتساب کرتی رہی ہیں۔ آپ حرم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فیوضات کی قاسم و مختار ہیں۔ آپ لخت جگر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جنت کی عورتوں کی سردا ر ہیں۔ کائنات کی تمام عورتوں کیلئے بالعموم اور مسلمان خواتین کیلئے بالخصوص حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کی ذات بابرکات اسی طرح کامل اسوہ ہے جس طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کو اللہ تعالیٰ نے اسوہ حسنہ قرار دیا۔ شہزادی کونین اور شمع شبستان حرم نبوی حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کی پاکیزہ سیرت اور حیات طیبہ ہر دور میں خواتین کیلئے نمونہ کمال اور واجب الاتباع ہے۔ آپ قابل فخر بیٹی، بے نظیر زوجہ اور بے مثال ماں ہیں۔ سیدہ کائنات زہدو ورع، تقویٰ و طہارت، صبرورضا، حیاء و پاکدامنی کا پیکر ہیں، آج کے ترقی یافتہ معاشرے میں اگر خواتین اپنا وقار عزت و مرتبہ اور حقیقی مقام حاصل کرنا چاہتی ہیں تو انہیں چادر زہرہ کے سائے میں آنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں خواتین میں اسلامی اقدار اور سیدہ کے نقوش سیرت کے فرو غ و احیاء کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ شب و روز مصروف عمل ہے۔ اس پر وقار تقریب میں ملک بھر سے آئے ہوئے سکالرز اور شخصیات نے بھی خطاب کیا اور سیدہ کائنات کی شان و عظمت کو بیان کیا۔
ایران: انٹرنیشنل قرآن کانفرنس تہران میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ کی شرکت
تہران: انٹرنیشنل قرآن کانفرنس کا ایک منظر
اسلامی جمہوری ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ 25 ویں سالانہ انٹرنیشنل قرآن کانفرنس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز نے شرکت کی، جہاں لبنان، تیونس، عراق، آذربائیجان، عمان اور پاکستان سے مختلف قرآنی موضوعات پر تحقیق کرنے والی خواتین سکالرز شریک تھیں۔ کانفرنس کا مقصد انفرادی و اجتماعی سطح پر قرآن فہمی کی کاوشوں کو فروغ دینا اور خواتین محقیقین کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران لاہور کے ڈائریکٹر جنرل آغائی اکبر برخورداری نے کانفرنس میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ کی شرکت کو یقینی بنانے میں خصوصی کاوش کی۔ فرح ناز نے کانفرنس میں ’شیخ الاسلام کی نظر میں قرآنی فلسفہ انقلاب‘ کے موضوع پر مقالہ پڑھا۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کے تعارف پر مبنی کتابچہ اور دہشت گردی کے خلاف آپ کا جاری کردہ مبسوط تاریخی فتویٰ پیش کیا، جسے شرکاء محفل اور امام خمنائی نے بہت سراہا۔ بعد ازاں محترمہ فرح ناز نے منہاج القرآن ویمن لیگ اور انقلابی جدوجہد کو بھی حاضرین محفل کے سامنے متعارف کروایا۔ اس روز کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے العالم، سحر، الکوثر ٹی وی چینلز پر Live Interview بھی دیئے۔
21 مئی 2015ء کو صدر ویمن لیگ محترمہ فرح ناز نے دیگر احباب کے ہمراہ انقلاب میوزیم کا وزٹ کیا۔ جو روح پرور منظر پیش کررہا تھا۔ وہاں انقلاب ایران کی یاد تازہ رکھنے کے لئے یادگار کے طور پر شہید بچوں کی سائیکلوں، Bedroom, Petrol pump, Building, Shops اسی حالت میں محفوظ کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں وہاں ماحول انقلاب کی روح کو بیدار رکھنے کے لئے آہ و پکار کی آوازیں چلائی جاتی ہیں۔ دوران ایران انقلاب موسم کی شدت کو محسوس کرنے کے لئے Weather room بنایا گیا ہے تاکہ شہداء کی قربانیوں اور تکالیف کو محسوس کیا جاسکے۔ جس کے باعث ایرانی عوام اپنی آزادی کی اہمیت ماضی کی تلخ حقیقتوں اور اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے سبق سیکھ سکیں۔ میوزیم کے وزٹ کے بعد محترمہ فرح ناز نے وفد کے ہمراہ کانفرنس ہال میں واپس آئیں جہاں قرآن کانفرنس کے Competition کا سلسلہ جاری تھا۔
22 مئی 2015ء کو صدر ویمن لیگ محترمہ فرح ناز National Tv Channelsکا وزٹ کیا۔ یہ وزٹ نہایت Informative نوعیت کا تھا۔ ایرانی عوام میں پاکستانی عوام کے ساتھ نہایت محبت کا اظہار نظر آتا ہے جس کی منہ بولتی تصویر سانحہ ماڈل ٹؤن آپریشن پر انتہائی غم و غصہ کا اظہار کرکے پیش کی جبکہ حکومتی سطح پر خارجہ پالیسی کے حوالے سے حکمران وقت کے ساتھ Negativity کا تاثر پایا جاتا ہے۔
23 مئی 2015ء کو محترمہ فرح ناز نے کانفرنس میں موجود مہمان ساتھیوں کے ہمراہ مشہد روانہ ہوئیں وہاں کے نمائندگان نے پرتپاک استقبال کیا۔ وہاں پہنچ کر حرم کی زیارت کی۔ جس کی عمارت نہایت ہی خوبصورت، وسیع و عریض ہونے کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے طرز پر بنی ہوئی ہے۔ جس کو پوری دنیا سے لوگ دیکھنے کے لئے آتے ہیں. مشہد سے رات 1 بجے تہران کے لئے روانہ ہوئیں اور ایک مرتبہ دوبارہ محترمہ فرح ناز کانفرنس ہال میں تشریف لائیں۔ اس روز کانفرنس میں امام خمنائی بھی تشریف لائے۔ وہاں کی انتظامیہ اور کانفرنس کے شرکاء نے نہایت والہانہ انداز سے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران ایرانی عوام شہادت کی پٹیاں سر پر باندھے ہوئی تھے۔ امام خمنائی نے قرات و تلاوت نہایت ذوق و شوق سے سماعت فرمائی۔ بعد ازاں انہوں نے کانفرنس کے اختتام پر مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انتظامیہ کے بھی پرتکلف انتظام کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔
قبل از پاکستان واپسی محترمہ فرح ناز نے امام خمینی کے گھر اور Life Galleryکا وزٹ کیا جو علاقہ جماران میں واقع ہے۔ وہاں پہنچ کر نہایت سادگی کا احساس ہوا۔ ان کے گھر کی اشیاء کو وزٹر کے لئے یادگار کے طور پر (اصلی حالت میں) محفوظ کرلیا گیا۔ بعد ازاں مہمان خانے کا بھی وزٹ کیا جہاں لاکھوں لوگ آکر ان سے ملاقات کیا کرتے تھے۔ آج بھی وہاں حکمران وقت سے ملاقات کرنا عوام الناس کے لئے نہایت سہل ہے۔ امام خمنائی قرآن کانفرنس کی خود براہ راست Supervision کررہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر فرد ان کے ساتھ عقیدت رکھتا ہے بلکہ وہ ان کے حکم پر جان کا نذرانہ دینے کے لئے بھی تیار ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کی خواتین کی طرف سے وزیراعلیٰ اور آئی جی کیلئے چوڑیوں کے تمغوں کا اعلان
گذشتہ ماہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے لبرٹی چوک میں شہدائے ماڈل ٹؤن تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر خواتین رہنمؤں کی طرف سے 17 جون کو ماڈل ٹؤن میں خواتین کے منہ پر گولیاں مار کر انہیں شہید کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر قانون رانا ثناء اللہ، آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشن اور ماڈل ٹؤن آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس نفری کیلئے چوڑیوں کا انعام دیا گیا۔ خواتین نے قاتل حکومت نہ منظور، انصاف دو یا مار دو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ کوئی مرد کا بچہ نہتی خواتین پر ڈنڈا یا بندوق نہیں اٹھاتا، نہتی خواتین پر تشدد کرنے والے اور ان پر گولیاں برسانے والے چوڑیوں کے تمغوں کے مستحق ہیں۔
لبرٹی چوک پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں تحریک انصاف کی طرف سے وفد کی قیادت لاہور کی صدر ڈاکٹر زرقا، ڈاکٹرسیمی بخاری نے کی، ق لیگ کی طرف سے ایم پی اے خدیجہ عمر فاروقی، ماجدہ زیدی، تمکین آفتاب اور ماہ رخ جمشید نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر شہناز لغاری بھی شریک ہوئیں اور 17 جون سانحہ ماڈل ٹؤن میں حکومتی دہشت گردی اور پولیس گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
فرح ناز نے ایک مشترکہ اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی بہنوں تنزیلہ امجد شہید اور شازیہ مرتضیٰ شہید سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہیں اور ان کے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکانے کا مطالبہ کرتی ہیں۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹؤن کے مرکزی کردار اور انصاف کے راستے کی دیوار وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ فی الفور استعفیٰ دیں اور عدالت کی کلین چٹ تک اپنے عہدوں سے علیحدہ رہیں اور سید باقر نجفی کے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کی جائے۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ جعلی جے آئی ٹی کی رپورٹ واپس لی جائے اور اگر حکمرانوں کو اپنی بے گناہی کا دعویٰ ہے تو پھر شہداء کی تائید سے غیر جانبدار جے آئی ٹی قائم کی جائے۔
مرکزی ناظمہ طاہرہ خان، ناظمہ تنظیمات سدرہ کرامت، ناظمہ دعوت گلشن ارشاد، ناظمہ تربیت عائشہ مبشر، صدر ایم ایس ایم سسٹرز انم ریاض، عطیہ بنین، ام کلثوم قمر، نائب ناظمہ دعوت سعدیہ حفیظ اور سکول کوآرڈینیٹر ایمن یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ جو درحقیقت قاتل اعلیٰ ہیں نے 17 جون 2014ء کی شام پوری قوم کے روبرو یہ اعلان کیا تھا کہ اگر جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں میری طرف اشارہ بھی ہوا تو عہدے سے الگ ہو جؤنگا۔ جوڈیشل کمیشن نے اشارہ نہیں بلکہ پورے کا پورا ہاتھ وزیراعلیٰ کی طرف کر دیا لہٰذا ان کا استعفیٰ دینا اخلاقی نہیں قانونی تقاضا بھی ہے۔
شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ق لیگ کی ایم پی اے خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ ایک سال سے ماڈل ٹؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا، یہ ظلم کی حکومت اب مزید نہیں چل سکتی، پاکستان مسلم لیگ کی قیادت اس ظلم کے خلاف عوامی تحریک کے ہر کارکن کے ساتھ ہے۔
تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ جمہوریت کا موجودہ گلو ماڈل زیادہ دیر نہیں چلے گا، سانحہ ماڈل ٹؤن کے شہداء کو انصاف ضرور ملے گا۔ سینکڑوں خواتین نے لبرٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں شہدا کی فیملیز اور بچے بھی شریک تھے۔
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیر اہتمام تین روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ کا انعقاد
رپورٹ: عائشہ شبیر
گذشتہ ماہ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیر اہتمام سہ روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں سو کے قریب لاہور کی کارکنان بھی شامل تھیں۔ کیمپ میں خواتین کارکنان سے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی گفتگو بھی کی۔ پاکستان عوامی تحریک کی کارکنان نے اپنے قائدین کی قیادت میں اس سال بھرپور طریقے سے شہر اعتکاف سجانے کا عہد کیا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امسال شہر اعتکاف میں بنفس نفیس شرکت کریں گے اور حسب سابق خطابات کا سلسلہ بھی ہوگا۔ کیمپ میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خصوصی لیکچرز بھی دیئے۔ اس کیمپ میں مرکزی ناظم اعلیٰ تنظیمات محترم شیخ زاہد فیاض نے بھی کارکنان سے خصوصی گفتگو کی۔ ان کے علاوہ مرکزی ناظم تربیت محترم غلام مرتضیٰ علوی، مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ محترمہ فرح ناز، ناظمہ محترم طاہرہ خان اور دیگر قائدات محترمہ گلشن ارشاد، محترمہ عائشہ مبشر، محترمہ ام کلثوم قمر، محترمہ انعم ریاض نے بھی کارکنان سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ کارکنان سے سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا۔ ملک بھر سے آئی کارکنان نے انقلاب کی منزل کے حصول تک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا۔ اس موقع پر محترمہ فرح ناز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے نعرہ ہے کہ انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور عوام لائیں گے۔ کرپٹ سیاستدانوں نے دھرنے کے دوران جس طرح کارکنان کا کریک ڈاؤن کرکے رکاوٹیں لگا کر عوام الناس کو دھرنے میں شامل ہونے اور سڑکوں پر آنے سے روکا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ میڈیا کی آنکھ نے پوری دنیا کو حقائق دکھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حکمت عملی بدلی ہے، منزل نہیں۔ ہماری جدوجہد انقلاب کے حصول تک جاری رہے گی۔
محدث ہزاروی حویلیاں شریف کے سالانہ عرس میں تحریک کی نمائندگی
گذشتہ ماہ حویلیاں شریف ضلع ایبٹ آباد میں سلسلہ عالیہ قادریہ کے عظیم بزرگ محدثِ ہزاروی کا سالانہ عرس مبارک ہوا۔ جس میں خواتین و حضرات کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آستانہ عالیہ محدث ہزاروی کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت صاحبزادہ محی الدین محبوب قادری کی خصوصی دعوت پر مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ منہاج القرآن صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری نے عرس مبارک میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سجادہ نشین کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی سالانہ برسی کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی اور تحریک کے عظیم مشن کا پیغام پہنچایا۔ سجادہ نشین نے تحریک کی نمائندگی پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے حرمین شریفین جارہے ہیں جہاں سے واپسی پر رمضان المبارک میں لاہور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے۔
سجادہ نشین آستانیہ عالیہ اُچ شریف پیر سید نفیس الحسن بخاری کی اہلیہ محترمہ کا انتقال
گذشتہ ماہ آستانہ عالیہ اُچ شریف کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت صاحبزادہ سید نفیس الحسن بخاری کی اہلیہ محترمہ بقضائے الہٰی انتقال کرگئیں۔ بعد ازاں علم ہونے پر مرکزی امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی کی خصوصی ہدایت پر منہاج القرآن علماء کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد نے مرحومہ کی رسم قل کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور سجادہ نشین اور ان کے صاحبزادگان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ وفد میں مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ اور مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری شامل تھے۔ انہوں نے اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور قائدین تحریک کی طرف سے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے بھی بذریعہ فون موصوف سے اظہار تعزیت کیا۔