ماؤں کے عالمی دن کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی تقریب
ماؤں کے عالمی دن کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر محترمہ فرح ناز نے کی جبکہ سینئر سیاستدان محترمہ مہناز رفیع، محترمہ عروج آصف، ،محترمہ شبنم ناگی ایڈووکیٹ، محترمہ گل فشاں اسلم، محترمہ شاکرہ چودھری، محترمہ ثناء وحید، محترمہ طاہرہ خان، محترمہ عطیہ بنین، محترمہ ملکہ صبا، محترمہ نازیہ عبدالستار و دیگر خواتین نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ماڈل ٹاؤن میں شہید کی جانے والی محترمہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ نے جب اپنی نانی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا تو تقریب میں شریک خواتین آبدیدہ ہو گئیں۔
تقریب میں مقررین نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کی ماؤں کے ساتھ ساتھ شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور، آپریشن ضرب عضب میں شہید ہو جانے والے بیٹوں کی ماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مہناز رفیع نے کہا کہ ظلم کا یہ نظام بیٹوں اور بیٹیوں سے مائیں چھین رہا ہے، اس نظام اور اس کے محافظوں کے خلاف فیصلہ کن سیاسی جدوجہد کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے ماؤں کے عالمی دن کے حوالے سے شاندار تقریب منعقد کرنے پر محترمہ فرح ناز کو مبارکباد پیش کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن محترمہ شازیہ اور تنزیلہ شہید کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لمحہ فکریہ ہے کہ پاکستان میں ہر ایک لاکھ میں سے 276 مائیں دوران زچگی انتقال کر جاتی ہیں۔ بلوچستان میں یہ شرح 700سے زائد ہے ،اس کے ذمہ دار حکمران ہیں،بروقت اور علاج معالجہ کی معیاری سہولتوں کے فقدان کے باعث خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں، یہ محض اتفاق نہیں بلکہ قتل ہے۔ حکمران خوشحالی کے قصے سنا سنا کر قیمتی وقت اور وسائل برباد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں کے علاج معالجہ میں پاکستان سب سے پیچھے اور بری حالت میں ہے۔ تقریب سے محترمہ عروج آصف محترمہ ،شبنم ناگی ایڈووکیٹ، محترمہ عطیہ بنین اور محترمہ طاہرہ خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس
گذشتہ ماہ پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے فرمائی۔ ناظم اعلیٰ تحریک محترم خرم نواز گنڈا پور نے اجلاس کو کنڈکٹ کیا جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے صدر محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ناظم اعلیٰ تنظیمات محترم شیخ زاہد فیاض اور دیگر قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے۔
فیڈرل کونسل کے اجلاس میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے 700 سے زائد ممبر ز نے شرکت کی۔
فیڈرل کونسل کا اجلاس 14گھنٹے مسلسل جاری رہا اور سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بلدیاتی انتخابات، ملک بھر میں عوامی تحریک کی تنظیم نو اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تجاویز لیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پڑھی لکھی با شعور اور پر عزم یوتھ صرف اور صرف عوامی تحریک کے پاس ہے۔ اس یوتھ نے دھرنے میں جعلی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کر کے ثابت کر دیا کہ عوامی تحریک کے یہی نوجوان پاکستان میں تبدیلی لائیں گے اور 20 کروڑ عوام کو انکے آئینی حقوق دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کرپٹ اور جعلی لیڈروں کے لیے سیاسی انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے ملک بھر کی تنظیموں کو ہدایت کی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، بلدیاتی انتخابات اور تنظیم سازی پر توجہ دیں۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عیار اور مکار حکمرانوں کی کوئی مکاری انہیں سزا سے نہیں بچا سکے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ہمارا آج بھی وہی موقف ہے جو 17 جون 2014ء کی شام کو تھا، انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اپنے کارکنوں پر جنہوں نے لوٹ مار کی دولت کے پہاڑ رکھنے والے حکمرانوں کی ہر پیشکش اور دباؤ کو مسترد کر دیا۔ حکومت ہمارے کسی کارکن کو خرید سکی اور نہ ان کے حوصلے توڑ سکی۔ یہ عظیم کارکن صرف پاکستان عوامی تحریک کے پاس ہی ہیں۔ یہی کارکن پاکستان کو ظالم اور قاتل حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت لائیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دھرنا ہماری انقلابی جدوجہد کا فقط ایک باب تھا ابھی پوری کتاب باقی ہے۔ سیاسی قیادت نے لوٹ مار کی کمائی کے بل بوتے پر 20 کروڑ عوام اور جمہوری نظام کو یرغمال بنارکھا ہے۔ یہ کیسی جمہوریت اور انصاف کا نظام ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے پرامن کارکنوں جن میں خواتین بھی شامل تھیں پر ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار کئی گھنٹے سیدھی فائرنگ کرتے رہے۔ 14 شہید اور 90 کو شدید زخمی کر دیا اور تاحال ایک کانسٹیبل بھی گرفتار نہیں ہو سکا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس سے ٹورنٹو کینیڈا سے ویڈیو لنک پر براہ راست خطاب کیا۔
سالانہ تقریب تقسیم انعامات (ناروے)
(رپورٹ: قیصر محمود)
منہاج سکول اوسلو کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور ہدیہ درود و سلام سے ہوا۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے نائب صدر محمد اصغر نے کی، جبکہ شرکاء میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی، محمد اقبال خان، منہاج سکول اوسلو کے پرنسپل علامہ صداقت علی قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر عائشہ اقبال، منہاج سکول میں والدین کمیٹی کے صدر شاہد تنویر، قاری عبدلرحمان، سکول کے طلبہ اور ان کے والدین شامل تھے۔ سکول کے طلبہ نے تقاریر اور قومی و ملی نغمے پیش کیے۔ پرنسپل منہاج سکول اوسلو نے سکول کا رزلٹ اناوئنس کیا اور تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ، سٹودنٹس آف کلاس اور سٹودنٹ آف دی ائیر کا اعلان کیا گیا اور انہیں انعامات اور ٹرافیاں دی گئیں۔ سٹودنٹ آف دی ائیر کو لیپ ٹاپ کا خصوصی انعام دیا گیا۔ علامہ محمد اقبال فانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے سکول کے سسٹم اور مستقبل میں مزید بہتری کے تجاویز پیش کیں۔ شرکاء تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی ایک عد د عمرے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔
پرنسپل منہاج سکول اوسلو علامہ صداقت علی قادری نے ایگزیکٹو اور دیگر فورمز کے تمام ممبران خصوصاً منہاج سکول والدین کمیٹی کو مینا بازار اور تقریب کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مینا بازار اور پرگرام کے بہترین نظم ونسق اور اسے کامیاب بنانے کیلیے شاہد تنویر، عنبر خان، سمینہ اسحاق، خانزادہ طاہر خان، علامہ محمد اِقبال فانی، عائشہ اقبال اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کی تنظیم، منہاج ویلفئیر، منہاج مصالحتی کونسل، منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج سسٹرز کے عہدیداران نے خصوصی کاوشیں کیں۔
قائدین تحریک کی پیر اخوندزادہ سیف الرحمن کے عرس مبارک میں خصوصی شرکت
سلسلہ عالیہ سیفیہ کے بانی پیر طریقت حضرت اخوندزادہ سیف الرحمن مبارک کے سالانہ عرس کے موقع پر حضرت مرحوم و مغفور کے صاحبزادگان کی خصوصی دعوت پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر پیر طریقت حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی اور منہاج القرآن علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے مرکزی ناظم صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری نے عرس مبارک کی تقریب بمقام آستانہ عالیہ فقیر آباد شریف لکھوڈیر رنگ روڈ لاہور میں ایک بھرپور وفد کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ صدر مجلس اور سجادہ نشین حضرت پیر صاحبزادہ محمد سعید حیدری سیفی (سابقہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف افغانستان)، حضرت پیر شیخ الحدیث محمد حمید جان سیفی، صاحبزادہ احمد یار جان سیفی (صدر مدرس جامعہ سیفیہ)، صاحبزادہ قاری محمد حبیب سیفی، صاحبزادہ عاشق اللہ سیفی اور صاحبزادہ حسن بادشاہ سیفی نے قائدین تحریک کا استقبال کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی نمائندگی کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے بعد مرکزی امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی کو خصوصی خطاب کی دعوت دی گئی جنہوں نے صاحب عرس کی تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک کے ساتھ تعلق محبت کو بیان کرتے ہوئے تحریک کے مختلف پروگراموں میں سلسلہ عالیہ سیفیہ کی بھرپور نمائندگی کو سراہا اور صاحب عرس کی دین اسلام کے فروغ کے لئے عملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں سجادہ نشین نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی ہر سطح پر مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اظہار فرمایا۔
ملک بھر میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تنظیمی وزٹس
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی تنظیم نو مکمل ہونے پر مرکزی صدر محترمہ فرح ناز اور مرکزی ناظمہ محترم طاہرہ خان نے مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، سرگودھا سٹی، شرقی، غربی، بھلوال، سیالکوٹ، اے ۔بی، ڈسکہ، سمبڑیال، چکوال، تلہ گنگ، فیصل آباد اور کراچی تنظیمات کے وزٹس کئے۔ ان وزٹس کا مقصد تنظیمات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ، دھرنے کے شرکاء کی قربانیوں کی حوصلہ افزائی، تنظیمات کے مسائل اور ان کا حل اور تنظیم نو تھا۔
محترمہ فرح ناز نے تنظیمات کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دین کے لئے اپنے گھروں سے نکلے تھے اور ان نفسا نفسی اور مادیت پرستی کے دور میں دین کے احیاء کے لئے سنت زینب ادا کرتے ہوئے جو بہنیں دھرنے میں شریک ہوئیں ان کا کردار بے مثال اور تاریخی ہے اور ہم مرتے دم تک غلبہ دین اور احیائے اسلام کے لئے سرگرم عمل رہنے کا عزم رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان کی مثال پھول کی خوشبو کی طرح ہے جس طرح پھول کی خوشبو کو بند نہیں کیا جاسکتا اسی طرح آپ کی دی ہوئی قربانیوں کی مہک ان کے ثمرات ضرور آشکار ہوں گے۔
محترمہ طاہرہ خان مرکزی ناطمہ نے اپنی Briefing میں تنظیمات کو خراج تحسین پیش کیا اور Motivate کیا کہ کسی بھی تحریک یا گروہ کی کامیابی ان کے جہد مسلسل اور اتحاد و اتفاق پر منحصر ہوا کرتی ہے۔ ٹیم کے افراد ایک ہاتھ کی پانچ انگلیوں کی مانند ہیں جو چاہے چھوٹی ہوں یا بڑی مگر کام کی انجام دہی میں برابر شریک ہوتی ہیں۔ اسی طرح ٹیم میں تمام افراد چاہے بڑی یا چھوٹی ذمہ داری پر ہوں سب کی اہمیت و افادیت اپنی جگہ ہے۔
ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ پاک نے دور حاضر میں ہمیں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فروغ، غلبہ دین حق کے نفاذ اور احیائے اسلام کے لئے چن لیا ہے۔ آج پھر ہمیں اپنے فکرو عمل سے لوگوں کی زندگیوں کو بدلنا ہے بھٹکے ہوئے لوگوں کو صراط محمدی پر گامزن کرنا ہے۔ ہمیں اخلاقی و روحانی تربیت کے ذریعے معاشرے میں امن و سلامتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پروگرام کا اختتام تنظیم نو اور دعائیہ کلمات پر ہوا۔
معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 2015
گذشتہ ماہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد عثمان سیالوی، جواد حامد دیگر مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران اور لاہور بھر سے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق کلام اللہ قرآن پاک نے کی ہے۔ معجزہ کی حقیقت سے انکار کرنے والے ابوجہل اور تصدیق کرنے والے صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لقب سے مشہور ہوئے۔ نماز، محبت اور عظمت کے سفر معراج کا تحفہ ہے۔ امت مسلمہ اس عظیم تحفہ کو سینے سے لگا کر رکھے۔ نماز پنجگانہ نجات اور راحت کا راستہ ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں اور معجزات سے اللہ اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے۔ اللہ نے امت کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء علیہم السلام کے دعویٰ نبوت کی صداقت کیلئے انہیں معجزات سے نوازا اور تمام معجزات مل کر بھی معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عالمگیریت اور حقانیت کو نہیں پہنچ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں اور رحمتیں اور برکتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور فرمائے کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔
مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معراج شریف کا ہی مبارک موقع تھا جب رب کریم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی امت کیلئے ’’نماز‘‘ کا تحفہ عطا کیا۔ امت کی خوشی کیلئے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے معراج کے موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تین طرح کے علوم عطا فرمائے۔ ایک وہ علم جو آپ کیلئے خاص ہے۔ آپ کے علاوہ کوئی بھی اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دوسرا علم ایسا عطا کیا گیا جس کے متعلق آپ کو اختیار دیا جسے مستحق سمجھیں جتنا چاہیں عطا فرما دیں۔ تیسرا علم وہ ہے جس کو کائنات کیلئے عام فرما دیا گیا۔ اس حصے کا یہ عالم ہے کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تشنہ تکمیل نہیں چھوڑا۔ کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام کے نذرانے پیش کئے گئے اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم (کوریا)
منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیراہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول مردان علی قادری، وسیم قادری اور محمد نور نے نچھاور کیے، جبکہ نقابت کے فرائض میاں محمد اشرف نے سرانجام دیئے۔
اس موقع پر امیر ایشیئن کونسل محمد جمیل قادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن پاک نے کی۔ انہوں نے کہا تمام معجزات ملکر بھی معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عالمگیریت اور حقانیت کو نہیں پہنچ سکتے۔
پروگرام کو ترتیب دینے کیلیے ظہیر قادری، حافظ آتیب اور قاری عدنان نے اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت کاملہ اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل نیوجرسی کے زیراہتمام معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس (امریکہ)
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 15 مئی 2015ء کو منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیو جرسی امریکہ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیاگیا، پروگرام کا وقت 10 بجے سے لے کر 1 بجے تک کا تھا۔ محفل کا آغاز حافظ تنویر احمد اور عاطف سید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول درودوسلام کی صورت میں نچھاور کیے گئے۔ محفل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
بعدازاں محفل نعت سجائی گئی جس میں محمد اصغر، محمد سلیم شیخ، محمد شوکت، ساجد سید، محمد اقبال، محمد شکیل اورامن خان دل نے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ نقابت کے فرائض ڈائریکٹر منہاج القرآن سنٹر نیوجرسی علامہ محمد شریف کمالوی نے سرانجام دیئے۔ انہوں نیا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس سنٹر پر ہر ہفتہ کو 11 بجے سے 1 بجے تک خواتین کے لیے اور ہر بدھ کو مغرب سے عشاء تک مردوں کے لیے ترجمہ و تفسیر اور تجوید کی کلاسز ہوتی ہیں جبکہ بچوں کے لیے سنڈے سکول اور ناظرہ کی کلاسز بھی جاری ہیں۔
علامہ محمد شریف کمالوی نے معراج کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ غیب ہے، اس کے فرشتے، جنت، دوزخ، سب غیب ہے۔ لوگوں کو بتانا تھا کہ یہ سب کچھ ہے اس لیے اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بلا کر سب کچھ دکھا دیا تا کہ جو لوگ سوال کرتے ہیں انہیں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پوری تسلی کے ساتھ بتائیں۔
ڈاکٹر محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفر معراج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور اس میں جو تحفہ اللہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی امت کو عطا کیا وہ نماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نماز اللہ تعالیٰ سے مناجات ہیں اور تہجد اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا ذریعہ ہے۔ ان کے خطاب کے بعد صلوٰۃ التسبیح باجماعت ادا کی گئی۔ آخر میں درود وسلام پڑھا گیا اور دعائیہ کلمات پر محفل کا اختتام ہوا۔