ملائی مرغ
اجزاء:مرغی ایک کلو (درمیانے سائز کے پیس کروالیں)، پیاز، چار عدد (چاپ کرلیں)، لہسن 6سے 7عدد، ادرک ڈیڑھ انچ کا ٹکڑا، ہری مرچیں چار عدد، دہی آدھا کپ، فریش کریم آدھا کپ، کاجو آدھا کپ (پیس لیں) قصوری میتھی دو کھانے کے چمچ، کٹی کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، دھنیا پائوڈر دو کھانے کے چمچ، سرخ مرچ پائوڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، ہلدی پائوڈر ایک چٹکی، نمک حسب ضرورت، تیل حسب ضرورت، ثابت گرم مصالحہ، شاہی زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہری الائچی 4 عدد، بڑی الائچی 2 عدد، لونگ 4 عدد، دار چینی ایک انچ کا ٹکڑا، تیزپتہ 2سے 3 عدد، جائفل آدھا چائے کا چمچ۔
ترکیب: مرغی دھوکر رکھیں، کسی دیگچی میں تیل گرم کرکے مرغی تل لیں جب وہ سنہری ہوجائے تو نکال لیں پھر اس دیگچی میں تمام گرم مصالے ڈال دیں تھوڑی دیر بعد اس میں پیاز ڈال کر برائون کرلیں پھر اس میں لہسن ادرک چاپ کرکے ڈالیں پھر اس میں تلی ہوئی چکن ڈالیں اور تیز آنچ میں 2سے 3منٹ پکائیں۔ اس میں تازہ دہی اور قصوری میتھی ڈال کر مکس کریں اس موقع پر ملائی مرغ کو ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر 10 منٹ تک پکنے دیں۔ جب مصالحہ تیل سے الگ ہوجائے تو اس میں دھنیا پائوڈر، سرخ مرچ پائوڈر اور چاپ ہری مرچیں ڈال دیں 5سے 6منٹ ہلکی آنچ پر رکھیں پھر اس میں تازہ کریم، کاجو کا پیسٹ ڈال کر سب چیزوں کو مکس کریں نمک ڈال کر تھوڑا سا پانی ڈالیں اور ڈھکن ڈھک کر پکائیں جب مرغی گل جائے تو اس پر کٹی کالی مرچ اور قصوری میتھی ڈال کر چولہا بند کردیں گرما گرم مرغ کو روٹی کے ساتھ تناول فرمائیں۔
قالین پر لگے داغ صاف بھی ہوسکتے ہیں:
اگر قالین پر داغ دھبے لگ چکے ہیں تو اس کو فوراً تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی کچھ چیزوں کا استعمال کرکے ان داغ دھبوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔ وہ چیزیں کیا ہیں۔ آیئے آپ بھی ان کے بارے میں جانئے۔
- سرکہ: داغ دھبے صاف کرنے کے لئے سرکے کو سپر ہیرو مانا جاتا ہے۔ اس سپر ہیرو کا استعمال کرکے داغ کس طرح دور ہوسکتے ہیں؟ اس کی تراکیب مندرجہ ذیل ہیں:
اگر قالین پر لگا ہوا داغ ہلکا ہے توپھر یہ تراکیب آزمائیں ایک پیالے دو کھانے کے چمچے نمک اور آدھا کپ سفید سرکہ ڈالیں۔ ان دونوں چیزوں کو چمچ کی مدد سے اچھی طرح مکس کریں۔ اس مکسچر کو داغ والی جگہ پر لگائیں پھر مکسچر کو سوکھنے دیں۔ جب سوکھ جائے تو ویکیوم کلینز پھیر لیں داغ صاف ہوجائے گا۔
کیچڑ یا مٹی والے داغوں کو صاف کرنے کے لئے پیالے میں ایک کھانے کا چمچہ سرکہ اور ایک کھانے کا چمچہ میدہ ڈال کر پیسٹ سا بنالیں۔ اس پیسٹ کو کسی کپڑے پر لگاکر داغ والی جگہ پر لگائیں۔ دو دن تک اس پیسٹ کو لگا رہنے دیں دو دن بعد تنکے والی جھاڑو یا پھر ویکیوم کلینر کی مدد سے صاف کرلیں اگر رنگ و روغن کرنے کے دوران قالین پر دھبہ لگ گیا ہے تو ڈیڑھ چائے کے چمچے میں ڈنرجنٹ پائوڈر اور دو کپ پانی ڈال کر مکسچر بنالیں۔ اس مکسچر کو اسفنج کی مدد سے دھبے والی جگہ پر لگایں اور اسفنج کو رگڑ کر بعد میں ٹھنڈے پانی سے مکسچر کو صاف صاف کرکے اسے خشک ہونے دیں۔
اگر پھلوں کا رس قالین پر گر گیا ہے تو ایک کھانے کا چمچہ واشنگ پائوڈر اور ڈیڑھ کھانے کا چمچ سفید سرکہ ڈال کر مکس کریں۔ اس مکسچر کو دھبے پر لگائیں جب سوکھ جائے تو برش کی مدد سے صاف کردیں۔ چائے یا کافی کے دھبوں کو صاف کرنے کے لئے برابر مقدار میں سفید سرکہ اور پانی لیں۔ اس داغ پر اچھی طرح لگائیں اسفنج کی مدد سے رگڑیں داغ صاف ہوجائے گا۔
- امونیا: قالین سے داغ دور کرنے کے لئے امونیا بھی موثر پایا گیا ہے۔ ایک کپ کلیئر امونیا میں 2لیٹر کے قریب نیم گرم پانی شامل کریں۔ اس مکسچر کو داغ پر دو سے تین مرتبہ لگائیں۔ جب سوکھ جائے تو پھر سے لگائیں اس عمل کو اس وقت تک دہرائیں جب تک داغ صاف نہ ہوجائے۔
- میدہ: اگر آپ کے بچے نے Ink قالین پر گرادی ہے اور داغ اس پر سے نہیں جارہا تو روئیں نہیں بلکہ تھوڑے سے دودھ میں میدے ملاکر ایک پیسٹ سا بنالیں اس پیسٹ کو انک والے دھبے پر لگائیں۔ کچھ گھنٹوں کے لئے لگاکر چھوڑ دیں پھر اس کو کسی برش کی مدد سے صاف کرلیں۔
- نمک: اگر قالین پر بچوں نے بیٹھ کر کھانا کھالیا اور سالن گراکر قالین کو داغدار کردیا تو پھر ایک حصہ نمک اور 4 حصے الکوحل لے کر اسے داغ کی جگہ پر رگڑیں۔ اسی طرح اگر بچوں نے کیچپ گرادیا ہے تو اس کو سوکھنے سے قبل ہی اس پر نمک چھڑک دیں پھر اس کو ویکیوم کلینر یا اسفنج کی مدد سے رگڑتی رہیں اور نمک چھڑکتی رہیں جب تک داغ صاف نہ ہوجائیں ہائیڈروجن پرآکسائیڈ بعض اوقات آپ کو اندازہ نہیں ہوپاتا کہ قالین پر لگا ہوا داغ کس چیز کا ہے ایسے داغ کو مٹانے کے لئے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کا استعمال کریں۔ ایک پیالے میں ایک چوتھائی چائے کا چمچ ہائیڈروجن پرآکسائیڈ اور تھوڑی سی کریم آف ٹارٹر ملائیں۔ اگر کریم آف ٹارٹر نہ ملے تو کوئی بھی بغیر جیل والا ٹوٹھ پیسٹ ملالیں پھر اس پیسٹ کو نرم کپڑے کی مدد سے قالین پر رگڑیں کیسا بھی داغ ہو اس مکسچر کو لگانے کے بعد صاف ہوجائے گا۔
- بیکنگ سوڈا: اگر بچوں نے قالین پر قے کردی ہے تو بیکنگ سوڈا اس کے داغ کو صاف کرنے کے لئے سب سے بہترین چوائس ہے اس جگہ کو صاف کرنے کے بعد اس پر بیکنگ سوڈا چھڑک دیں پھر اس پر تولیہ سے دبائیں جب سوکھ جائے گا تو بیکنگ سوڈا نہ صرف داغ کو صاف کرے گا بلکہ ناگوار بدبو کو بھی دور کرے گا۔
- آئس کیوبز: اگر قالین پر چیونگم چپک گئی ہے تو اس پر آئس کیوبز پھیریں ساتھ ہی چھری کی مدد سے چیونگم ہٹانے کی کوشش کریں اگر اس کے ساتھ ڈرائی کلینر پائوڈر بھی رگڑیں تو فوراً چیونگم قالین سے صاف ہوجائے گی۔