MSM سسٹرز کے زیر اہتمام بسلسلہ یوم آزادی ملک گیر شجر کاری مہم
نوجوان نسل کسی بھی ملک کے مستقبل کی محافظ اور اس کی روایات کی امین ہوتی ہے۔ ان کے جذبے اور ولولے کے سامنے ساری طاقتیں ہیچ نظر آتی ہیں۔ جس ملک کی نوجوان نسل حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو تو وہ ملک کبھی زوال پذیر نہیں ہوسکتا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز نے پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر نوجوانانِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی کو مزید جلا بخشنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں کی یونیورسٹیز اور کالجز کی طالبات کے اشتراک سے 11تا 14 اگست شجرکاری مہم بعنوان Treedom Movememnt کا انعقاد کیا۔ جس میں لاہور، گوجرانوالہ، مریدکے، گجیانہ نو، خانقاہ ڈوگراں، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا، واہ کینٹ، سمبڑیال، کراچی، ملتان، رحیم یار خان اور کشمیر کی طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ اس تحریک کے تحت ایک فرد 10 پودوں کے نعرہ کے ساتھ ملک بھر میں تقریباً 5000 پودے لگائے گئے۔ اس مہم کا مقصد ارض وطن کو فضائی آلودگی سے بچانے کے لیے درختوں کی تعداد میں اضافہ تھا۔ طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اس مہم کو کامیاب بنایا۔
خدا کرے میری ارض پاک پر اترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو
زونل نگران خیبرپختونخوا کا دس روزہ تنظیمی وزٹ
منہاج القرآن ویمن لیگ مشن کے فروغ کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اس سلسلہ میں وژن 2025ء کے باقاعدہ نفاذ کے لیے مرکزی زونل نگران گاہے بگاہے اپنے زونز کے تنظیمی وزٹس کے ذریعے تحریک منہاج القرآن میں نئے رفقاء کا اضافہ کررہی ہیں گزشتہ ماہ زونل نگران خیبرپختوانخوا محترمہ اُم حبیبہ نے خیبر پختونخوا کا دس روزہ تنظیمی دورہ کیا۔ اس وزٹ میں محترمہ ارشاد اقبال (زونل نگران شمالی پنجاب) بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ خیبر پختونخوا جیسے مشکل علاقے میں جہاں خواتین کے لیے کام کی مشکلات بہت زیادہ ہیں محترمہ ام حبیبہ نے کامیاب میٹنگز کا انعقاد کیا۔ تقریباً 6 اضلاع، 8 تحصیلات اور آٹھ یوسیز میں پہلی مرتبہ ویمن لیگ کی تنظیم سازی کی گئی۔ علاوہ ازیں مختلف علاقہ جات میں تقریباً 37 حلقات درود قائم کئے گئے۔ اس وزٹ کے دوران مردان، کوہاٹ، گھمگول شریف، پشاور، ہری پور، حویلیاں، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، وڈیگہ، نوشہرہ، پسوال میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کے ساتھ تربیتی نشستوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ وزٹ کے اختتام پر مذکورہ علاقوں سے تقریباً 80 لائف ممبرز اور دس نئی رفقاء بھی منہاج القرآن میں شامل ہوئیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم نے اس کامیاب وزٹ پر محترمہ اُم حبیبہ کو مبارکباد پیش کی۔