حمد باری تعالیٰ
ہر ایک غم کے بھنور سے نکالنے والے
ہزار خوف میں مجھ کو سنبھالنے والے
دعائے یونس و ایوب فستجبنا له
ندائے صبر کو رحمت میں ڈھالنے والے
میں تیرا بندہ ہوں، معبودِ لاشریک ہے تو
اے میرے ماتھے میں سجدے سنوارنے والے
اٹھوں میں حشرکو تیری رضا کے سائے میں
مرے وجود میں پھر جان ڈالنے والے
مجھے یہ ڈر ہے میں کیا منہ تجھے دکھاؤں گا
میں ایک بندہِ نادم ہوں پالنے والے
یہ آرزو ہے میں دربارِ مصطفی (ص) میں رہوں
درِ رسول (ص) سے اٹھوں تو تیرے پاس آؤں
{شیخ عبدالعزیز دباغ}
نعت بحضور سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
حاضری کا سلیقہ نہیں ہے مجھے
دل مچلتا ہے پھر بھی تو کیا کیجئے
اب تو زندہ ہوں اس آس پر یانبی
میرے ہجراں کی للہ دوا کیجئے
آپ کے نام سے کارِ ہستی چلے
ہر اذیت مصیبت، خوشی میں ڈھلے
دیکھ لوں آپ کا روضہ میں جیتے جی
نظر رحمت میرے مصطفی کیجئے
جاذبِ نظر ہے لائقِ رشک ہے
لذتِ زندگی جانتا ہوں مگر
رونقِ بزم ہستی رہے نہ رہے
اپنے آقا سے ہر دم وفا کیجئے
وہ گھڑی ہوگا جب روز محشر بپا
سر کو سجدے میں رکھیں گے تب مصطفی
سر اٹھائیں محمد (ص) کہے گا خدا
جس کو جی چاہے جنت عطا کیجئے
جب کبھی اپنی قسمت کرے یاوری
میرے احباب سے التجا ہے میری
پہنچ جاؤں جو آقا کے دربار میں
پھر پلٹ نہ سکوں یہ دعا کیجئے
{رانا محمودالحسن۔ فیصل آباد}