سانحہ ماڈل ٹاؤن، شہداء انقلاب اور ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر امسال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 64 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کارکنان، تنظیمات اور وابستگان نے تقریبات کا اہتمام نہایت سادہ مگر پروقار انداز میں کیا۔ ان تقریبات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت، سلامتی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مقررین نے فروغ امن اور انسداد دہشت گردی میں شیخ الاسلام کے کردار اور پاکستان میں عوام کے بنیادی آئینی حقوق سے آگہی میں شیخ الاسلام کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس سلسلے میں امن سیمینار، دعائیہ تقریبات اور کانفرنسز منعقد کی گئیں۔ اندرون و بیرون ملک منعقدہ ان تمام تقریبات کی تفصیلات کیلئے www.minhaj.org ملاحظہ فرمائیں۔ چند تقاریب کا مختصر احوال نذرِ قارئین ہے:
1۔مرکزی تقریب
19 فروری 2015ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں مرکزی دعائیہ تقریب محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جس میں تلاوت قرآن کی سعادت محترم قاری اللہ بخش نقشبندی اور محترم قاری نور احمد چشتی نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اعزاز امجد بلالی برادران کو حاصل ہوا۔ محترم خرم شہزاد، محترم احمد حسن، محترم شیخ ساجد فیاض، محترم افضل نوشاہی، محترم ظہیر برادران اور بلالی برادران نے اپنے اپنے انداز میں تحریکی ترانے اور نغمے پیش کئے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم وقاص قادری نے انجام دیئے۔ اس پروقار تقریب میں امیر تحریک محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ تحریک محترم خرم نواز گنڈا پور، صدر PAT محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم اعلیٰ تنظیمات محترم شیخ زاہد فیاض، ڈائریکٹر امور خارجہ محترم جی ایم ملک اور جملہ مرکزی قائدین، سٹاف ممبران اور کارکنان کی کثیر تعداد نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ محترم علامہ حسن میر قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی سربلندی، احیائے اسلام اور تجدید دین کی خاطر مانگی گئی دعائے فرید کی عملی تعبیر آج شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام پر عطائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ آج بھی الحمدللہ جاری و ساری ہے۔ آج بھی منہاج القرآن اور شیخ الاسلام سے خیراتِ نورِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی بٹ رہی ہے۔ ایک طرف عالمی سطح پر اسلام پر ہونے والے اعتراضات کا موثر جواب دیا جارہا ہے اور دوسری طرف پاکستان کے اندر بھی علمی، فکری، سیاسی، انقلابی جدوجہد جاری و ساری ہے۔ ان تمام کاوشوں کا مقصود صرف اور صرف آقا علیہ السلام کے دین اور امت کی خدمت ہے۔ان شاء اللہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کی صورت میں ملنے والی عطائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملک پاکستان میں بھی برکت و رحمت کا نزول ہوگا، غربت کا خاتمہ ، باطل کے بت ٹوٹ گریں گے اور باطل سے جنگ میں کامیابی بھی نور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے سے حاصل ہوگی۔ آج شہرت، بلندی، صحتیابی، انصاف، باطل سے ٹکراؤ کی ہمت و جرات کا داعیہ نور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی میسر ہوگا اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عطا شیخ الاسلام ہیں لہذا ان سے اور مصطفوی مشن سے وابستہ ہونے سے کامیابی و فلاح مقدر بنے گی۔
اس موقع پر صدر PAT محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا قائد عطائے مصطفی ہے، ہماری تحریک سپاہِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور ہماری چاہت رضاء مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ ہم یہاں آج شیخ الاسلام کی سالگرہ کے موقع پر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں اجتماعی شکر بجا لانے کے لئے جمع ہیں کہ اُس نے ہمیں ایک ایسے قائد کی سنگت عطا کی کہ جس پر ہم جتنا بھی ناز کریں، کم ہے۔ اس قائد نے ہمیں منزل سے آشنا کیا اور ہم نے اس منزل کے حصول کے لئے ان کے ساتھ عہد و پیماں باندھ لیا۔ ہمارا قائد وہ ہے جس نے ہمیں انقلاب کی فکر دی، خدمت خلق اور دین کاجذبہ دیا۔ جنہوں نے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چراغ ہمارے دلوں میں روشن کیا۔
آج مخالفین ہماری جدوجہد پر تنقید کرتے اور ہمارے قائد پر اعتراضات کرتے نظر آتے ہیں۔ شہداء انقلاب کی دیت کی وصولی اور ڈیلنگ تک کے الزامات لگائے، انکی طبیعت خراب ہونے کو غلط طریقے سے پیش کیا مگر اپنی بات کے ثبوت میں وہ ایک بھی دلیل پیش نہ کرسکے اور ان کے تمام الزامات و اعتراضات اپنی موت آپ مرگئے۔ انہیں معلوم نہیں کہ ہمارا قائد عطائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور جس کا سب کچھ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہو وہ کیسے کسی سے سودا بازی کرسکتا ہے۔ ان شاء اللہ بہت جلد اللہ کی مدد ونصرت سے کامیابی حاصل ہوگی اور مصطفوی انقلاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
اس موقع پر ہم شہدائے انقلاب کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کے قاتل بہت جلد انجام کو پہنچیں گے، ان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، ان سے آئین و قانون کے مطابق قصاص لیا جائے گا۔
مرکزی تقریب میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ
آج اللہ رب العزت کی بارگاہ میں شکر بجالانے کا دن ہے۔ وہ کارکن اور قومیں خوش بخت ہوتے ہیں جو کسی نعمت پر شکر بجالاتے ہیں۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ شکر شخصیت کے لئے ہے جبکہ شخصیت بھی اللہ کی نعمت ہے۔ انسان اگر اصل سے جڑ جائے تو وہ قائم رہتا ہے۔ تحریکی زندگی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت ہمارے لئے ایک شجر (درخت) کی سی ہے۔ لہذا ہمیں اپنی غرض اور امید اسی شجر سے وابستہ رکھنا ہوگی۔ پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ۔
جس کو اصل سے نسبت ہوجائے تو اس کو فیض بھی ملتا رہتا ہے کیونکہ اصل نے فروع کو سنبھال رکھا ہے۔ فیض لینے والے شجر کی فروعات پتوں، تنا، پھل، پھول سے اس لئے فیض لیتے ہیں کہ وہ تمام بھی اس شجر سے جڑے ہیں جس سے وہ جڑا ہوا ہوتا ہے۔ وفادار وہ ہوتا ہے جو درخت سے پھل ختم ہونے کے باوجود بھی درخت کو نہیں چھوڑتا۔ نتیجتاً اس شجر سے جڑے ہونے کی وجہ وہ کامیاب و کامران ٹھہرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ جب کسی کو آزماتا ہے تو اس آزمائش کا مقصد اس کو پختہ کرنا ہوتا ہے۔ وہ الٹ پلٹ کرتا رہتا ہے پھر جب منزل پختہ ہوجاتی ہے تو منزل کا ایک ادراک عطا کردیتا ہے۔ کبھی عطا کرتا ہے اورکبھی قربانی مانگتا ہے۔ عطا کرکے بھی اور لے کر بھی آزماتا ہے، فیض لے کر اور دے کر بھی آزماتا ہے۔ فیض اس شے کو کہتے ہیں جب آئے تو پتا نہیں چلتا اور جب چلا جائے تو سب کو پتا چل جاتا ہے۔ جب تک تم اس کے تھے وہ تمہارا تھا جس دن تم نے ملکیت بدل لی، سب کچھ ختم ہوگیا۔
17 جون کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انقلاب پھولوں کی سیج نہیں ہے، قربانیاں دینے کے بعد ہی منزل نصیب ہوئی ہے۔ اس نظام کو بدلنے کے لئے حقیقی معنوں میں کارکن بننے کی ضرورت ہے۔ قائد کی فکر کو خالص سمجھتے ہیں تو اپنی محنت کو بڑھانا ہے، منزل تک بڑھتے جانا ہے، درخت کے پھل پر نہیں بلکہ ہمیشہ درخت پر نگاہ ہو۔ تمام کارکنان اپنی منزل کی طرف سفر کو ہمت، بلند حوصلہ اور جرات کے ساتھ جاری رکھیں۔ ہماری جدوجہد رنگ لائے گی ان شاء اللہ بہت جلد منزل تک پہنچیں گے۔ اللہ رب العزت ہمارے قائد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔
آخر میں قائد انقلاب کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ امیر تحریک محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے شہدائے انقلاب کے درجات کی بلندی اور قائد انقلاب کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔
2۔ مرکزی تعلیمی ادارہ جات کے زیراہتمام خصوصی تقاریب
٭ منہاج یونیورسٹی ٹاؤن شپ لاہور میں تمام تعلیمی اداروں کا مرکزی پروگرام ہواجس کی صدارت محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ اس تقریب میں منہاج القرآن کے تحت چلنے والے تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ طلبہ نے اپنی تقاریر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، فکری، نظریاتی اور سیاسی خدمات کو اپنے اپنے انداز میں بیان کیا اور تحریکی ترانے بھی پیش کئے۔ مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قائد انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے تمام طلبہ و طالبات کے جذبات کو سراہا۔ آخر پر شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی کے لئے دعا کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔
٭ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ نے اپنے محبوب قائد کی سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا۔ 19 فروری کو کالج آف شریعہ کے طلبہ نے نماز تہجد ادا کرنے کے بعد اپنے محبوب قائد کے لئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ دعائیہ تقریب میں محترم ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محترم صابر حسین نقشبندی اور دیگر اساتذہ کرام نے خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں صدر بزم منہاج محمد حسن عباس نے کالج آف شریعہ کی بزم منہاج کے زیراہتمام خوبصورت اجتماعی تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی طور پر تشریف لائے۔ اس تقریب میں طلبہ نے اردو، انگلش اور عربی زبان میں تقاریر کے ذریعے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس تقریب میں محترم پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی نے شیخ الاسلام کی زندگی کے مختلف خوبصورت پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور نصیحتی کلمات فرمائے۔ پروگرام کا اختتام محترم مفتی عبدالقیوم خاں ہزاروی صاحب کی دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔
٭ تحریک منہاج القرآن کے زیرانتظام دیگر مرکزی تعلیمی ادراہ جات منہاج گرلز کالج لاہور، منہاج ماڈل سکول لاہور اور تحفیظ القرآن لاہور کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی اپنے قائد سے تجدید وفا کرتے ہوئے اپنے اپنے ادارہ جات میں قائد ڈے تقاریب کا پروقار اہتمام کیا۔
3۔ ملک بھر کی تنظیمات کے زیراہتمام تقاریب کا اہتمام
ملک بھر میں موجود تحریک منہاج القرآن ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک کے جملہ فورمز نے ضلعی، صوبائی اور تحصیلی سطح پر قائد ڈے کی پروقار تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ذیل میں چند تقاریب کا احوال درج کیا جارہا ہے:
٭راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک پی پی 11 راولپنڈی کے زیراہتمام سفیرامن سیمینار خیابان سرسید نور بینکویٹ ہال میں محترم علامہ میر محمد زمان قادری کی زیرسرپرستی منعقد ہوا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر محترم ڈاکٹر رحیق عباسی مہمان خصوصی تھے۔ دیگر مہمانوں میں مرکزی رہنما عوامی تحریک محترم احمد نواز انجم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترم سردار منصور خان، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محترم عمر ریاض عباسی شامل تھے۔ علاوہ ازیں دیگر سیاسی، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ سیمینار میں مقررین نے شیخ الاسلام کی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، ملکی و بین الاقوامی سطح پر قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔
محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے مؤثر آواز شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے اٹھائی اور دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل فتوی دے کر پوری دنیا میں ثابت کر دیا کہ دہشت گردی کا اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ کوئی تعلق نہ ہے، نہ تھا اور نہ ہو سکتا ہے۔ شیخ الاسلام کی علمی، فکری، اسلامی خدمات کا دائرہ کار انتہائی وسیع ہے۔ قوم کو علمی، فکری شعور دینے کے ساتھ ساتھ آئین اور حقوق کا شعور دینے میں بھی آپ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ آپ کی جدوجہد خالصتاً غریب عوام کے حقوق کے لئے ہے۔
٭فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک ضلع فیصل آباد کے زیراہتمام عظیم الشان تاریخی عوامی فیملی میلہ فیصل آباد کے مقامی کلب میں انعقاد پذیر ہوا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مردوخواتین، بچے، عام شہری شریک ہوئے۔ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک محترم خرم نواز گنڈا پور نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر محترم چوہدری بشارت عزیز جسپال نے اس تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کرپٹ، فرسودہ سیاسی نظام زمین بوس ہونے کو ہے، پاکستانی قوم گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دینے کے لئے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ساتھ دے۔ قائد انقلاب جلد پاکستان آ رہے ہیں اور انقلابی جدوجہد جہاں سے ختم کی تھی وہیں سے شروع کریں گے۔ انقلابی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک غریب کے چہرے پر مسکراہٹ نہیں آ جاتی اور یہ غریب کش نظام سمندر برد نہیں ہو جاتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم خاموش تماشائی بننے کی بجائے اپنے گھروں سے نکلے اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے اس ظالم نظام سے ٹکر لے۔
تقریب سے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک محترم خرم نواز گنڈاپور، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک پنجاب محترم فیاض احمد وڑائچ، ضلعی صدر محترم رانا طاہر سلیم خاں، محترم سید ہدایت رسول قادری، جبکہ دیگر مرکزی اور مقامی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ان احباب کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا، ہم کسی طرح بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو بھلا نہیں سکتے۔ وہ انقلاب کے پہلے شہید ہیں، ان کا خون ہم پر قرض ہے اور حکمرانوں سے ان کا قصاص لے کر رہیں گے۔
اس میلے میں ایک ہزار سے زائد فیملیوں نے شیخ الاسلام کی سالگرہ کے کیک کاٹے۔ میلے میں مختلف اشیاء خوردو نوش اور جھولے، جھومر، کتابوں اور سی ڈیز کے سٹال بھی لگائے گئے۔ فیصل آباد کے شہریوں نے پاکستان عوامی تحریک کے عوامی فیملی میلے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
٭ تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک صوبائی حلقہ 66، 67 فیصل آباد کے زیراہتمام ’’پاکستان میں عوام کے بنیادی حقوق اور ڈاکٹر طاہرالقادری‘‘ سیمینار منعقد ہوا، جس میں عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت صوبائی صدر محترم سہیل مقصود اور محترم حاجی محمد نصیر نے کی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے برادر محترم انجینئر محمد طارق فرید، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم تنظیمات محترم انجینئر محمد رفیق نجم، پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری محترم میاں عبدالقادر، ناظم محترم میاں کاشف محمود، ضلعی سیکرٹری اطلاعات محترم غلام محمد قادری اور صوبائی حلقہ سے تمام فورمز کے یونین کونسلز تک کے عہدیداران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار سے مرکزی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کر کے اقتدار میں آنے والی خوفزدہ اور دہرے معیار والی حکمران قیادت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی اور یہ حکمران جب تک مسلط رہیں گے ملک اور عوام پستے رہیں گے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان عوامی تحریک اور اس کے کارکنوں کا اہم قومی سیاسی کردار ہو گا۔ کارکن ظالم نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کی تیاری کریں، ظلم کے نظام کو ایوانوں کے اندر بیٹھ کر بدلیں گے۔ غریب پاکستانیوں کو بااختیار، پراعتماد اور آسودہ حال بنانے کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے۔ شیخ الاسلام نے قوم کو آئین کا شعور دیا اور بتایا کہ آئین پاکستان عوام کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے لیکن حکمران مسلسل آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو دعوت فکر دے رہی ہے کہ اٹھو اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کا حصہ بن کر ملک میں حقیقی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرو۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹاگیا اور شیخ الاسلام کی صحت یابی اور درازئ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
٭ لاہور: پاکستان عوامی تحریک واہگہ ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام امن سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت معروف روحانی شخصیت محترم پیر غلام حیدر ضیائی نے کی جبکہ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین، چیئرمین سنی اتحاد کونسل محترم صاحبزادہ حامد رضا، محترم خرم نواز گنڈا پور، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما محترم ناصر عباس شیرازی، رہنما پی ٹی آئی محترم ولید اقبال، مرکزی صدر جے یو پی نیازی محترم پیر معصوم نقوی، مسیحی رہنما محترم فادر جیمز جنن و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
سیمینار سے چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے جو غیرت ملی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔ بدامنی، ظلم، بربریت، لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف عوام کو اٹھنا ہو گا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا دست بازو بن کر ملکی مفادات کی دھجیاں اڑانے والے حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینکنا ہوگا۔ منفی پراپیگنڈا کرنے والے سن لیں کہ 2 ارب تو کیا 200 کھرب کو بھی جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ ہم اپنے شہداء اور زخمیوں کی کفالت خود کریں گے، شہداء ماڈل ٹاؤن کے خون کا سودا نہیں کرینگے بلکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ملوث عناصر سے قصاص لیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی کارکنوں کے جذبے میں رتی برابر بھی کمی نہیں آئی بلکہ ان کے جذبے میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گردوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسطرح ظلم و بربریت کی انتہا کی، عوامی تحریک کے نہتے اور پرامن کارکنوں نے اس سے کئی گنا بڑھ کر جرات بہادی کی سنہری تاریخ رقم کی ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کا وثرن پاکستان اور امت مسلمہ کو وقار و عزت دے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انقلابی لیڈر ہیں جو حالات کی نبض پر ہاتھ رکھ کر آنے والی نسلوں کے مفادات اور ملک کے استحکام کیلئے فیصلے کرتے ہیں۔
محترم صاحبزادہ حامد رضا، محترم ناصر شیرازی اور PTi کے رہنما محترم ولید اقبال نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ وقت کے ہٹلر اور مسولینی کو خون کے ایک ایک قطرے کا قصاص دینا ہو گا۔ معصوم لوگوں کی لاشیں گرا کر یہ اقتدار نہیں بچا سکتے۔ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری موجود ہے مگر نااہل حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے ایک خاص منصوبہ کے تحت قومی ایکشن پلان کو ناکام بنایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف معتبر ترین حوالہ ہیں اور دنیا انکی خدمات کی معترف ہے۔ الیکشن 2013ء سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری کا موقف حرف بہ حرف درست ثابت ہوا اور سیاسی قائدین نے بعد از الیکشن انکے موقف کی تائید کی کہ فرسودہ نظام کو بدلے بغیر عوام کی پارلیمنٹ تشکیل نہیں پا سکتی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری امن کے سفیر ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی۔
مسیحی رہنماء ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا کہ مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مشترکہ اقدار پر اکٹھا ہونا ہی دنیا کو امن دے سکتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری عالم اسلام کے سکالر اور پاکستان کے رہنماء ہیں جو تمام مذاہب کو احترام دیتے ہیں اور دنیا کو امن و سلامتی دین کی فکری، علمی اور عملی رہنمائی دے رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف انکا تاریخی فتویٰ اقوام عالم کے لئے بڑا اثاثہ ہے۔ وہ حقیقی معنوں میں امن کے سفیر ہیں۔
سیمینار سے محترم پیر معصوم حسین نقوی، محترم ارشاد طاہر، محترم حافظ غلام فرید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
٭ یوتھ لیگ کے زیراہتمام قائد انقلاب کی سالگرہ کے موقع پرامن یوتھ کنونشن منعقد ہوا۔ فیڈرل کونسل کے مرکزی صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے امن یوتھ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید انقلابیوں کے سپہ سالار ہیں۔ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب کی منزل تک پہنچنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی۔ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان نے جان و مال کی قربانیاں دے کر خود کو عظیم اور ماڈل کارکن ثابت کیا ہے۔ انقلاب کی جدوجہد پاکستان کے مجبور، مزدور، خواتین، اقلیتوں کو بااختیار بنانے اور کسانوں، ڈاکٹرز، انجینئرز کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق قومی ترقی و خوشحالی میں آزادانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے ہے۔ گزشتہ 7سال میں ہزاروں پڑھے لکھے قابل پاکستانی ملکی خراب سیاسی حالات اور حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ملک چھوڑ کر چلے گئے۔ جب تک باوسائل طبقہ کے مفاد کا تحفظ کرنے والا موجودہ استحصالی نظام برقرار رہے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے بہنے والے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائیگا۔ حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وہ حیلوں، ہتھکنڈوں سے ہمیں انصاف کے راستے سے ہٹادیں گے۔ آج تک حکمرانوں کا کوئی ہتھکنڈا ہمیں ڈرا سکا اور نہ جھکا سکا۔
کنونشن سے مرکزی صدر یوتھ ونگ شعیب طاہر، وقار احمد اور ملک عرفان نے بھی خطاب کیا۔
٭ درج بالا پروگرامز کے علاوہ پاکستان کے تمام صوبوں، تحصیلات اور اضلاع میں تحریک کے رفقائ، کارکنان، وابستگان نے پروقار تقریبات کا اہتمام کیا۔ ان تمام کی تفصیلات جاننے کیلئے www.minhaj.org ملاحظہ فرمائیں۔
4۔ بیرون ملک تنطیمات کے زیراہتمام قائد ڈے تقریبات
اندرون ملک کی طرح بیرون ملک 90 ممالک میں شیخ الاسلام کی 64 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں سے چند کا مختصر احوال ذیل میں درج کیا جارہا ہے:
٭ برطانیہ: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 64 ویں یوم پیدائش کے موقع جہاں دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے تحت مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا وہاں پاکستان عوامی تحریک برطانیہ ویمن ونگ نے اپنے قائد کی سالگرہ کی خوشی کو ایک نئے انداز میں منانے کا عہد کیا۔ جس کے تحت برطانیہ بھر کے 6 بڑے شہروں میں پاکستان عوامی تحریک برطانیہ خواتین ونگ نے شیخ الاسلام کی خدمات پر مبنی پمفلٹ اور تحائف راہگیروں میں تقسیم کیے، جو کہ ان کے لیے بہت زیادہ دلچسپی اور معلومات کے حصول کا باعث بنے۔ ہیلی فیکس، برمنگھم، بریڈفورڈ، لندن، نیلسن اور والسال میں اس دلچسپ مہم کے دوران چھوٹی عمر کے بچوں میں ٹافیاں اور چاکلیٹ بھی تقسیم کی گئیں۔ پاکستان عوامی تحریک یوکے کی مرکزی رہنما محترمہ مسز جبین نوید نے کہا کہ سالگرہ کو اس انداز میں منانے کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، فکری اور تحقیقی کاوشوں سے عوام الناس کو روشناس کروانا اور ان پر خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
٭جرمنی: منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے زیراہتمام آفنباخ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے رفقا اور عہدیداران کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیمات کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ ریٹائرڈ پروفیسر کرسچن ویلیام ٹیرول اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر محترم حافظ عبدالرحمن نے کہا کہ گو میرا تعلق کسی دوسری پارٹی ہے سے مگر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جس طرح سے اسلام کی خدمت کی ہے اگر اس کو سراہا نہ جائے تو یہ سرا سر زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری دْنیا میں پھیلا دیا ہے اور اسلام کا حقیقی چہرہ دْنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔
محترم علامہ شوکت اعوان نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و فلاحی خدمات کے بارے میں گفتگو کی۔
ریٹائرڈ پروفیسر کرسچن محترم ویلیام ٹیرول نے ڈاکٹر طاہرالقادری اور منہاج القرآن کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال میرے دورہ پاکستان کے دوران جب میں منہاج القرآن کے مرکز لاہور گیا تو میری ملاقات ڈاکٹر صاحب کے بڑے بیٹے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ہوئی۔ میں نے دیکھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری صرف مسلمانوں کے حقوق کی بات ہی نہیں کرتے بلکہ وہ تمام اقلیتوں کے حقوق اور آزادی کی بات کرتے ہیں جس سے مجھے انتہائی خوشی ملی، کیونکہ آپ کو اپنے مذہب کا پیغام اپنے لوگوں تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ دوسرے مذاہب کے ساتھ ملکر ہم آہنگی پیدا کرناچاہتے ہیں تاکہ آپ اپنے مذہب کا پیغام دْنیا میں دوسرے مذاہب تک بھی پہنچا سکیں۔
٭آسٹریا: منہاج القرآن سنٹر آسٹریا میں خواجہ محمد نسیم کی زیر سرپرستی ایک خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانان میں تحریک انصاف ویانا سے بابرفہیم خان، معروف صحافی چوہدری اعجاز، مسجد البلال سے سید باوا علی غضنفر، معروف کاروباری شخصیت الطاف جمال، پاکستان کرکٹ کلب کے کپتان عامر نعیم، معروف نعت خوان شہریار خان، پاکستان سکالرز ویانا سے ڈاکٹر وحید، ڈاکٹر حافظ نعمان، ڈاکٹرنورالدین اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر خواجہ محمد نسیم نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قومی و بین الاقوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ محمد نعیم رضا قادری نے خصوصی دعا کی۔
٭ امریکہ: منہاج القرآن سینٹر نیوجرسی میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سینٹر کے طلبہ و طالبات کے علاوہ ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن سینٹر نیوجرسی علامہ محمد شریف کمالوی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کے بارے میں گفتگو کی۔
٭ مانچسٹر: منہاج القرآن انٹرنیشنل مانچسٹر کے زیراہتمام دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے عہدیداران کے علاوہ کارکنان اور وابستگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محترم عتیق الرحمٰن لارڈ مئیر آف اولڈم، محترم نصراللہ مغل راہنما پیپلز پارٹی مانچسٹر نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب سے محترم علامہ غلام مصطفیٰ، محترم علامہ نثار بیگ، محترم علامہ ہارون عباسی امیر منہاج القرآن مانچسٹر، محترم زیغم عباس صدر یوتھ لیگ، محترم حاجی طارق نسیم صدر منہاج القرآن مانچسٹر اور محترمہ آصفہ نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام نے ایک عہد کو متاثر کیا ہے، آپ بلاشبہ عہد ساز شخصیت ہیں۔ ہمیں ڈاکٹرطاہرالقادری کی قیادت اور جدوجہد پر پر فخر ہے۔ تقریب کا اختتام شیخ الاسلام کی صحت یابی اور ردازء عمر کے لیے دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
٭ جنوبی افریقہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے زیراہتمام امتاتا میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تحریکی رفقاء کے علاوہ عوام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کی مہمان خصوصی آنجہانی راہنماء ڈاکٹر نیلسن مینڈیلا کی بہو اور ممبر پارلیمنٹ محترم منڈلا مینڈیلا تھے۔
پروگرام میں محترم علامہ محمد صادق قریشی نے خصوصی خطاب کیا۔ محترم ڈاکٹر منڈلا مینڈیلا نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن کی کاوشوں کو سراہا۔