مسلم اینڈ کرسچیئن ڈائیلاگ فورم کے زیراہتمام "ھیپی کرسمس" کی تقریب مورخہ 27 دسمبر کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ امریکی قونصلیٹ ڈاکٹر برائن ہنٹ نے ھیپی کرسمس تقریب کی صدارت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈوکیٹ، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، پادری مرقس فدا، پادری چمن سردار، مسیحی برادری کے بشپ اور دیگر مذہبی رہنما بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
تحریک منہاج القرآن کے کانفرنس ہال میں پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے قرآن پاک اور بائیبل مقدس کی تلاوت سے ہوا۔ تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ اس کے بعد شاہین مہدی اور منیر بھٹی نے کرسمس کے گیت گائے اور مسیحی برادری کی نظمیں پڑھیں۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اسلام امن و محبت کے ساتھ دوسرے مذاہب کا احترام کرتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات اس بات کا درس دیتی ہیں کہ دنیا میں تمام اقوام کے ساتھ امن و بھائی چارے کا مظاہرہ کیا جائے۔ رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ برداشت اور تحمل کی تعلیمات بھی اسلام میں شامل ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کے لیے اپنے مسحیح بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کا عملی درس دیا ہے۔ منہاج القرآن ہر سال کرسمس کی تقریب منعقد کر کے اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ ہم اس رواداری کے جذبے کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دین امن ہے جو کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔ آج دنیا میں جس جگہ پر بھی دہشت گردی ہو رہی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
امریکی سفیر ڈاکٹر برائن ہنٹ نے کہا کہ آج مجھے یہاں اس تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی ہوئی۔ ہمیں اپنے مذاہب میں باہمی برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآن اور بائیبل دونوں ہی انسانیت سے محبت کا درس دیتے ہیں۔ آج اگر ایک دوسرے کی خوشیوں میں یونہی شریک ہوں تو یہ معاشرہ عالمی امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ ایسے پروگراموں کے انعقاد سے فاصلے کم ہوتے اور غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سربراہی میں منہاج القرآن مذاہب عالم میں اتحاد کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک روشن خیال رہنما ہیں جن کی فکر سے دنیا میں قیام امن میں مدد مل رہی ہے۔ عالمی امن کے قیام کے لیے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ان کاوشوں کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انواراختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ دنیا میں امن مسلم مسیح اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا میں مسلم مسیح اتحاد کے پیغامبر ہیں، انہوں نے 1997ء میں مسلم کرسچین ڈائیلاگ فورم کی مسیحی لیڈرز کے اشتراک عمل سے بنیاد رکھی۔ مسلم کرسچین ڈائیلاگ فورم کے سیکرٹری جی ایم ملک نے اس موقع پر کہا کہ شیخ الاسلام نے اسلام کے خلاف پائی جانیوالی غلط فہمیوں کے ازالے کے ساتھ ساتھ مذاہب کے درمیان خلیج کو بہت کم کیا ہے۔ پوری دنیا میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز امن و سلامتی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے اور محبت بانٹنے والے مراکز ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن کے قیام کیلئے خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے اور انہیں امن کے سفیر کے طور پر جانا جاتا ہے۔
اس موقع پر جاوید ولیم نے بشپ اینڈریو فرانسس کا پیغام پڑھ کر سنایا اس کے علاوہ پادری مرقس فدا اور پادری چمن سردار نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بین المذاہب رواداری کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
پروگرام کے اختتام سے قبل کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور امن کی شمع بھی روشن کی گئی۔ آخر میں عالمی امن کے قیام اور اتحاد بین الامم کے لیے خصوصی دعا محترم مفتی عبدالقیوم خان نے کروائی۔
منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 9 ویں بین المذہبی دعا کی تقریب
( رپورٹ : نوید اصغر)
منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا (سپین) کے زیراہتمام مورخہ 12 دسمبر 2007 نویں بین المذہبی دعا کی تقریب منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں انعقاد پذیر ہوئی جس میں بارسلونا سنٹر میں رہائش پذیر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، اس سالانہ بین المذہبی تقریب کا انعقاد منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین، کیتھولک چرچ Parroquia del Carme، ابنِ بطوطہ ایسوسی ایشن، اسلامک کونسل آف کتالونیا، فلپائنی عیسائی کیمونٹی، بارسلونا پروٹسٹنٹ چرچ اور گھانا عیسائی کیمونٹی نے مشترکہ طور پر کیا جبکہ اسلامک سنٹر القائم کے نمائندوں نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
تقریب کا آغاز نمازِ عشاء کے بعد کیا گیا جس میں فلپائن کی عیسائی کیمونٹی نے Our Lord کے نام سے ایک نغمہ پیش کیا، گھانا کی عیسائی کیمونٹی نے بھی انگریزی زبان میں ایک مذہبی نغمہ پیش کیا، کیتھولک عیسائیوں کی طرف سے زبور کی آیات پڑھی گئیں، پروٹسٹنٹ عیسائیوں کے نمائندے نے انجیلِ مقدس سے اس سال کے موضوع "زمین ہم سب کا مسکن ہے " کے متعلق دعائیہ آیات پڑھیں، منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے امام علامہ عبد الرشید شریفی نے قرآن کریم سے سورۃالانعام اور سورۃ الاعراف کی آیات کی تلاوت کی اور نوید اصغر نے ان آیات کا ہسپانوی زبان میں ترجمہ کیا۔ منہاج القرآن بارسلونا کے طلبہ نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے قلم سے لکھی گئی دعا "لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری" پڑھی اور حاضرین کی طرف سے پر زور تالیاں وصول کیں، نوید اصغر نے اس دعا کا کتالان میں ترجمہ کیا۔
اس تقریب کا موضوع "زمین ہم سب کا مسکن ہے " موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانوں کی طرف سے زمین کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے رکھا گیا تھا، اس تقریب میں سب مذاہب کے نمائندگان نے اپنی اپنی مذہبی کتابوں سے زمین کے ذریعے خدا کی طرف سے دی جانے والی سہولیات پر اس کا شکر ادا کرنے اور ان کے غیر ضروری استعمال سے گریز کرنے کی تلقین کی۔
تقریب کے اختتام سے قبل پروٹسنٹ چرچ کی طرف سے لکڑی اور ایلمونیم کی تاروں سے بنا ہوا ایک خشک درخت رکھا گیا جو کہ زمین کی موجودہ حالت کو ظاہر کر رہا تھا، چرچ کی جانب سے حاضرین میں سبز رنگ کے چھوٹے چھوٹے کاغذات تقسیم کیے گئے جو کہ درخت کے پتے کو ظاہر کرتے تھی، حاضرین نے اپنے نام لکھ کر ان پتوں کو خشک درخت پر لگایا جس سے یہ مراد لی جائے گی کہ انسانوں کو چاہیے کہ وہ درختوں اور زمین کے ماحول کو بچانے کے لیے کام کریں۔
Parroquia del Carme کے عیسائی پادری کی طرف سے ایک نغمہ پیش کیا گیا جسے سب حاضرین نے مل کر پڑھا، نغمے کے الفاظ یہ تھے Lloat sigueu oh Nostre Senyor! یعنی ہمارے خدا کا نام بلند ہو!
اس بین المذہبی تقریب میں نقابت کے فرائض منہاج القرآن بارسلونا کے ناظم تعلقات عامہ محمد اقبال چوہدری نے سرانجام دیے۔