حمد باری تعالیٰ
خدا ہی کو زیبا ہیں سب خوبیاں
جو ہے پاک پروردگارِ جہاں
قیامت کے دن کا ہے مالک وہی
جو دے گا جزا سب کو اعمال کی
فقط ہم تجھے پوجتے ہیں خدا
تجھی سے مدد مانگتے ہیں سدا
دکھا ہم کو یا رب رہِ مستقیم
ہمیں راہِ حق پر چلا اے کریم
تو ان پاک لوگوں کا رستہ دکھا
کہ جن پر سدا فضل تیرا ہوا
نہ ان کا ہوا جن پہ نازل غضب
نہ گمراہوں کی رہ دکھا میرے رب
ہماری دعا کر قبول اے خدا
تیرے بن نہیں کوئی سنتا دعا
{حدید مرزا}
نعتِ رسولِ مقبول ﷺ
وہ آ گئے ہیں تو زندگی کا نظام آسان ہوگیا ہے
انہی کے صدقے میں آدمی آپ اپنی پہچان ہوگیا ہے
نہ کوئی کالا رہا نہ گورا، نہ کوئی ادنیٰ رہا نہ اعلیٰ
اضافتوں سے بلند و بالا وجودِ انسان ہوگیا ہے
جو ان سے منسوب ہو گئی ہے وہ بات ایمان بن گئی ہے
جو ان کے ہونٹوں پہ آ گیا ہے، وہ لفظ قرآن ہوگیا ہے
برس گئے ہیں وہ زندگی پر حقیقتوں کا سحاب بن کر
ہم اپنی ہستی سمجھ گئے ہیں، خدا کا عرفان ہوگیا ہے
ہر آدمی ان کے واسطے سے زمین پر محترم ہوا ہے
وہ ایک بندہ جو لا مکاں میں خدا کا مہمان ہوگیا ہے
وجودِ ہستی کا ذرّہ ذرّہ انہی کا احسان مند ٹھہرا
وہ جن کا آنا فسانۂ دوجہاں کا عنوان ہوگیا ہے
یہ ان کی معجز نمائیاں ہیں! یہ ان کی عقد کشائیاں ہیں
کہ آج قلب و نظر کا ہر زاویہ مسلمان ہوگیا ہے
{حکیم سرو سہارنپوری}