یوں تو ہر انسان کو اَحسن الخالقین نے اَحسنِ تقویم کا آئینہ دار بنایا ہے لیکن اس کائناتِ رنگ و بو میں انبیاء کرام و رُسل عظام علیہم السلام کے علمی و روحانی وارثین میں سے بعض ایسی ہستیاں منصۂ شہود پر جلوہ گر ہوتی رہتی ہیں جو آسمانی ہدایت سے مخلوقِ خدا کو آشنا کرتی رہتی ہیں۔ آج کے پُر فتن دور میں اگر ہم اپنے گرد و پیش نظر دوڑائیں تو ہمیں قحط الرجالی کی دبیز تاریکیوں میں سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ ایسی ہستی نظر آتی ہے جو مینارۂ نور اور چراغِ طور کی حیثیت رکھتی ہے۔ ایسی ہستی کی موجودگی میں روشنی اور اُجالوں کے پرستاروں کو یہ صدا نہیں دینا پڑتی:
چراغِ طور جلاؤ بڑا اندھیرا ہے
ذرا نقاب اُٹھاؤ، بڑا اندھیرا ہے
ابھی تو صبح کے ماتھے کا رنگ کالا ہے
ابھی فریب نہ کھاؤ، بڑا اندھیرا ہے
وہ جن کے ہوتے ہیں خورشید آستینوں میں
انہیں کہیں سے بلاؤ، بڑا اندھیرا ہے
قارئینِ محترم!اللہ رب العزت کا فضل و انعام اور اکرام و احسان ہے کہ ہم آج عہدِ شیخ الاسلام میں زندہ ہیں۔ نہ صرف زندہ ہیں بلکہ ان سے وابستگی کا دم بھی بھرتے ہیں۔ اس وابستگی کا تقاضا اور مطالبہ یہ ہے کہ یہ وابستگی صرف شخصیت تک محدود نہ ہو بلکہ آپ کی شخصیت سے آپ کی فکر تک شناسائی حاصل کی جائے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے دروس و خطابات سنے جائیں اور آپ کی تصانیف و تالیفات کا مطالعہ کیا جائے۔
اِمسال بھی شیخ الاسلام مدظلہ کی متعدد کتب طبع ہوکر منظر عام پر آئی ہیں اور بعض کتب کے نئے ایڈیشن اضافہ جات کے ساتھ شائع ہوئے ہیں۔ ان میں سے بعض کا مختصر تعارف قارئین کی نذر کیا جاتا ہے:
1۔ قرآن مجید کا سہ لسانی لفظی و بامحاورہ ترجمہ مع نحوی ترکیب
قرآن مجید تمام اِلہامی کتب و صحائف کی جامع کتاب ہونے کی بناء پر اِس قدر علوم و معارف کا بے کراں خزینہ ہے کہ ان کا شمار و اِحصاء کسی شخص کے بس کی بات نہیں ہے۔ اِس لیے علماء متقدمین و متوسطین اور متاخرین سب اِسے نہ صرف تشریعی علوم کا منبع و سرچشمہ تصور کرتے رہے ہیں بلکہ تکوینی علوم کے اِستنباط و اِستخراج کے لیے بھی اس کے دامنِ فیض سے اِکتساب کرتے رہے ہیں لیکن اس کے لیے بنیادی شرط قرآن فہمی ہے۔ اسی مقصد کے لیے منہاج القرآن یعنی Pathway to the Qur’an قائم کیا گیا۔ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے قرآن فہمی کے لیے وقتاً فوقتاً مختلف کتب اور پروگرامز لانچ ہوتے رہتے ہیں۔
ان ہی میں سے ایک قرآن مجید کا سہ لسانی پراجیکٹ ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت عربی، اردو اور انگریزی میں لفظی اور با محاورہ ترجمہ قرآن اور اس کے ساتھ ساتھ ہر ہر لفظ و حرفِ قرآن کی نحوی ترکیب درج کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پہلے چار پارہ جات طبع ہوچکے ہیں۔ یہ منہاج القرآن کی طرف سے ایسی بے مثال خدمت ہے جس میں اسے دیگر معاصر تحریکوں پر فوقیت و اِنفرادیت حاصل ہے۔
2۔ شِفَاءُ الْعَلِيْل فِي قَوَاعِدِ التَّصْحِيْحِ وَالتَّضْعِيْفِ وَالْجَرْحِ وَالتَّعْدِيْل
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اصول الحدیث پر عربی زبان میں مرتب کیے گئے موسوعۃ علوم الحدیث کے سلسلۂ کتب میں سے ایک اور کتاب شفاء العلیل فی قواعد التصحیح والتضعیف والجرح والتعدیل زیور طبع سے آراستہ ہوچکی ہے۔ اس کتاب میں حدیث مبارک کو صحیح، حسن یا ضعیف قرار دینے اور حدیث کے رُواۃ پر جرح و تعدیل کے 70 سے زائد قواعد بیان کیے گئے ہیں۔
یہ کتاب اُصول الحدیث کے طلبہ، علماء و اساتذہ، مدرسین اور شیوخ الحدیث کے لیے بے پناہ اہمیت کی حامل ہے۔
3۔ یزید کے کُفر اور اُس پر لعنت کا مسئلہ (اَلْقَوْلُ الْمَتِيْن فِي أَمْرِ يَزِيْدَ اللَّعِيْن)
شیخ الاسلام مدظلہ کا یہ عظیم علمی شہ کار اپنے موضوع پر تاریخ کی ضخیم ترین تصنیف اور لامثال و باکمال علمی تحقیق ہے۔ یہ کتاب لکھ کر آپ نے صدیوں کا قرض اتار دیا ہے۔ اِس کتاب ميں قرآن و حدیث کی نصوصِ قطعیہ کی روشنی میں نفسِ مسئلہ کی تحقیق کرتے ہوئے اَہل السنۃ والجماعۃ کے عقیدۂ صحیحہ کا اِثبات و تحقّق کیا گیا ہے۔ شیخ الاسلام نے اِسلام کی وکالت کا حق ادا کرتے ہوئے سانحۂ کربلا کے اَصل کرداروں اور ذمہ داروں کے بارے میں اِنکشافِ حقائق کے ساتھ ساتھ یزید کے گھناؤنے کردار اور اِمام حسین کے قتل کے براہِ راست حکم دینے کے نا قابلِ تردید شواہد بھی پیش کیے ہیں۔
یہ کتاب ہمارا ایمان بچاتی ہے اور عقیدے کو تحفظ دیتی ہے۔ یہ کتاب نہ صرف کُفر کو واضح کرتی ہے بلکہ کُفر سے دور لے جاتی ہے اور مضرِ ایمان اَفعال کی شناخت کراتی ہے۔ یہ کتاب اپنے مضمون کے حوالے سے پھیلائے گئے شکوک و شبہات کا مکمل اِزالہ کرتے ہوئے فکری واضحیت عطا کرکے کیفیتِ اِیقان سے نوازتی ہے۔ یوں یہ کتاب نہ صرف یزیدی کردار کی پہچان عطا کرتی ہے بلکہ حسینی کردار اپنانے کی ترغیب بھی دلاتی ہے۔
4۔ جنت کی خصوصی بشارت پانے والے 100 صحابہ و صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین (خَيْرُ الْمَآب لِمَنْ بُشِّرَ بِالْجَنَّةِ مِنَ الْأَصْحَاب رضوان الله علیهم اجمعین)
نجومِ ہدایت میں سب سے بلند خلفاء راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام ہے، بعد ازاں عشرہ مبشرہ کے بقیہ چھ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مرتبہ آتا ہے۔ یہ وہ عظیم طبقہ ہے جسے رسولِ اَقدس ﷺ نے اپنی حیاتِ طیبہ میں ہی جنتی ہونے کی بشارت دے دی تھی۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے جنتی ہونے کی بشارات کا یہ سلسلہ صرف عشرہ مبشرہ تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ رسالتِ مآب ﷺ نے مختلف مواقع پر کئی صحابہ کرام یا طبقۂ صحابہ کا نام لے کر انہیں بہشت کی نعمتِ جاوداں کی خوش خبری سے سرفراز فرمایا ہے۔
منفرد اور اچھوتے موضوع کی حامل شیخ الاسلام کی اِس کتاب کے پہلے باب میں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے عمومی فضائل بیان کیے گئے ہیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ جمیع صحابہ کرام آفتابِ رُشد و ہدایت اور مرحوم و مغفور اور جنتی ہیں۔ دوسرے باب میں عشرہ مبشرہ کے درجے پر فائز صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی شان میں وارِد ہونے والی اَحادیث مبارکہ پیش کی گئی ہیں۔ تیسرے باب میں اِن 10 نجومِ ہدایت کے علاوہ دیگر 60 صحابہ کرام اور 30 صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین کے تذکار موجود ہیں، جنہیں رسولِ مکرم ﷺ نے مختلف مواقع پر ان کا نام لے کر جنت کا پروانہ عطا فرمایا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مد ظلہ العالی کی یہ شاہ کار تالیف نہ صرف مبشر صحابہ کرام اور صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین کا تعارف کراتی ہے بلکہ ان کی زندگیوں کے وہ مقدس گوشے بھی ہم پر عیاں کرتی ہے، جو قیامت تک آنے والے اَہلِ حق کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
5۔ مختلف مہینوں اور دنوں کے فضائل و برکات (غَايَةُ الْإِنْعَام فِي بَعْضِ زَمَنِ الشُّهُوْرِ وَاللَّيَالِي وَالْأَيَّام)
اِس کتاب میں مختلف گھڑیوں، ساعات، دنوں اور مہینوں کے فضائل و برکات قرآن و حدیث اور آثارِ صحابہ و اَقوالِ ائمہ کی روشنی میں بیان کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب مستند و معتبر حوالہ جات سے مزیّن ہے اور اِضافہ جات کے ساتھ نئے اُسلوب میں طبع کی گئی ہے۔
6۔ حقوقِ اِنسانی کا اِسلامی تصوّر (بنیادی مباحث)
اسلام نے ہی دنیا کو شرف و تکریمِ اِنسانیت اور اِنسانی حقوق کی بحالی کا ایک مربوط و مستحکم نظام عطا کیا۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے آج سے چودہ صدیاں قبل اِحترامِ اِنسانیت اور اِنسانی حقوق کی ادائیگی کا جامع ترین اور مبسوط تصور عطا کیا۔ اِس کتاب میں شیخ الاسلام نے اِسلام میں اِنسانی حقوق کے بنیادی تصور کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ فرد کے اِنفرادی حقوق بھی بالتفصیل بیان کیے ہیں۔
7۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام:’’اسلام، ایمان اور احسان‘‘ کے موضوع کے تحت تین کتب
سلسلہ تعلیماتِ اسلام کے ضمن میں درج ذیل تین کتب؛ اضافہ جات کے ساتھ دوبارہ طبع ہوئی ہیں:
- سلسلہ تعلیماتِ اسلام 2: اسلام
- سلسلہ تعلیماتِ اسلام 3: ایمان
- سلسلہ تعلیماتِ اسلام 4: احسان
مذکورہ کتب کی نئی اَبواب بندی کی گئی ہے۔ متعدد نئے سوالات اور ان کے جوابات شامل کیے گئے ہیں۔ جدید تحقیقی تقاضوں کے مطابق مواد کو ترتیب دیا گیا اور سوالات کو یکجا اور منظم کیا گیاہے۔
8۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام 15: عقیدۂ توحید
سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی 15ویں کتاب عقیدۂ توحید، یعنی ’’ایمان باللہ‘‘ کے موضوع پر شائع ہوئی ہے۔ اس کتاب کے پانچ ابواب میں 170 سے زائد سوالات اور ان کے جوابات دیے گئے ہيں۔ اِس کتاب میں صرف عقیدۂ توحید اور شرک پر ہی بحث نہیں کی گئی، بلکہ دیگر مذاہب میں پائے جانے والے تصورِ توحید پر بھی سیر حاصل گفت گو کی گئی ہے۔ اس کتاب میں عقیدے کی دقیق اَبحاث کو مختصر مگر جامع اور سہل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
9۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام 16: ايمان بالرسالت
سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی 16ویں کتاب’’ایمان بالرسالت‘‘ یعنی ’’عقیدۂ رسالت‘‘ کے موضوع پر منصۂ شہود پر آئی ہے۔ اس کتاب کے سات ابواب میں 180 سوالات اور ان کے جوابات دیے گئے ہيں۔ اِس کتاب میں عقیدۂ رسالت سے متعلقہ تمام مباحث پر کافی و شافی مواد دیا گیا ہے اور دقیق نکات کو عام فہم، آسان، مختصر مگر جامع پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔
E سلسلۂ تعلیماتِ اسلام کی تمام کتب نہایت سادہ اور عام فہم پیرائے میں سوالاً جواباً مرتب کی گئی ہیں، جو خاص طور پر بچوں اور نسلِ نو کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لیے انتہائی مفید ہیں۔ لہذا یہ کتب ہر گھر کی ضرورت ہیں۔
10. Islamic Economics (Reconstruction)
انسان کے تمام معاشی مسائل کا حل اسلامی نظامِ معیشت میں موجود ہے لیکن عہدِ حاضر میں ایک اَہم مسئلہ اسلامی معیشت کی تشکیلِ جدید ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اِسلامی اِقتصادیات کو نئی مصطلحات کے ساتھ جدید ذہن کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ قدیم و جدید میں پائی جانے والی دوئی اور duality کو ختم کیا جاسکے۔
شیخ الاسلام مدظلہ کی 540 صفحات پر مشتمل اِس کتاب میں ان ہی سوالات کے کافی و شافی جوابات دیئے گئے ہیں۔ اس کتاب کو پڑھنے کے بعد قاری بے ساختہ پکار اُٹھتا ہے:
کسے خبر کہ ہزاروں مقام رکھتا ہے
وہ فقر جس میں ہے بے پردہ روحِ قرآنی
یہ جبر و قہر نہیں ہے، یہ عشق و مستی ہے
کہ جبر و قہر سے ممکن نہیں جہاں بانی
اِس موضوع سے دل چسپی رکھنے والے حضرات ضرور اس کتاب کو اپنے مطالعہ میں لے کر آئیں۔
11. A Practical Guide to Spiritual Wayfaring
یہ کتاب سلوک و تصوف کے عملی دستور پر مشتمل ہے۔ اس میں راہِ سلوک و طریقت کے مختلف مراحل بارے تفصیلات بیان کرنے کے ساتھ ساتھ سالک کے لیے تمام ضروری ہدایات کو نہایت آسان پیرائے میں واضح کیا گیا ہے۔ مغربی دنیا میں بسنے والوں اور انگریزی دان طبقے کے لیے یہ کتاب رُشد و ہدایت کا ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔
12۔ حقیقتِ اِستقامت (قدیم و جدید فکری اَسالیب)
لرزا دینے والے حالات میں ڈٹے رہنا ہی اِستقامت کہلاتا ہے۔ یہ بات بالکل واضح ہے کہ حق کا راستہ بہت کٹھن ہوتا ہے اور قدم قدم پر اَہلِ حق کو دل دہلا دینے والے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اِن حالات میں عزم و اِستقامت سے ڈٹے رہنا اور تسلسل کے ساتھ منزل کی طرف بڑھتے رہنا ہی اَصل جواں مردی ہے۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی اس نئی کتاب میں واضح کیا گیا ہے کہ اَہلِ حق صبر و اِستقامت کے ذریعے اپنی منزلِ مقصود کو پا لیتے ہیں کیوں کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ اس کتاب میں اِستقامت کے قدیم اور جدید فکری پہلو قارئین کے سامنے رکھے گئے ہیں اور ایک نئے پیرائے اور اُسلوب میں اس موضوع پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
13۔ وقت کی اَہمیت (اِسلامی تعلیمات کے تناظر میں)
وقت اِنسانی زندگی کی سب سے زیادہ قیمتی متاع ہے۔ کوئی شے اس کا بدل نہیں ہوسکتی۔ جدید دور میں ہر فرد وقت کی کمی کی شکایت کرتا نظر آتاہے۔ لیکن مسئلہ وقت کی کمی سے زیادہ اس کی management کا ہے۔ وقت کو قابو میں رکھنے اور ضائع ہونے سے بچانے کے لیے تنظیم الاوقات یعنی time management کا موضوع ایک فن کی شکل اِختیار کرچکا ہے۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی اِس مختصر کتاب میں نہ صرف قرآن و حدیث کی روشنی میں وقت کی قدر و قیمت اور اَہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے بلکہ اپنے وقت کو زیادہ سے زیادہ کار آمد اور سود مند بنانے کے لیے اِنتہائی مفید tips بھی دی گئی ہیں۔
14. The Education System in Pakistan
دینی مدارس کے نظام تعلیم اور اس میں اصلاحات کی ضرورت پر Extremist Mindset and Islamic Seminaries (A research-based analysis) کے عنوان سے یہ کتاب ایک جامع تحقیق پیش کرتی ہے۔ کتاب میں بعض دینی مدارس میں پائے جانے والے عمومی تعصب اور تنگ نظری کو موضوعِ بحث بنایا گیا ہے اور اس کا حل پیش کیا گیا ہے۔ یہ مدارس کس طرح حقیقی معنوں میں خدمتِ اسلام کا فریضہ سرانجام دے سکتے ہیں اوراسلام کی نشاۃ ثانیہ میں کس طرح مؤثر اور فعال کردار ادا کر سکتے ہیں؟اس طرح کے کئی فکری سوالات اس کتاب کی زینت ہیں۔
15. The Human Migration to Space & the Reality of Gog and Magog
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی یہ کتاب ایک اچھوتے، نادر اور منفرد موضوع پر ہے۔ اس کتاب میں بتایا گیاہے کہ انسان کی خلائی ہجرت کے مضمرات اور عواقب و نتائج کیا ہوسکتے ہیں؟ کون کون سے عالمی ادارے خلائی تحقیقات کر رہے ہیں؟ اس کتاب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یاجوج ماجوج کی حقیقت کیا ہے؟ ان کا اِس زمین پر کوئی وجود ہے یا نہیں؟ کیا وہ کوئی خلائی مخلوق ہیں؟
سائنسی موضوعات سے دل چسپی رکھنےو الے قارئین کے لیے یہ کتاب اپنے اندر دلچسپی کا بہت ساماں رکھتی ہے۔
16۔ تراجمِ کتب
اس سال درج ذیل کتب دنیا کی مختلف زبانوں میں تراجم ہوکر زیورِ طبع سے آراستہ ہوئیں:
1۔A Real Sketch of the Prophet Muhammad کا آٹھ زبانوں میں ترجمہ شائع ہوا ہے: فرانسیسی، ہسپانوی، اطالوی، ڈینش، نارویجین، جرمن، سویڈش، تیلگو اور کشمیری۔ اِس طرح یہ کتاب دنیا کی 13 زبانوں میں چھپ چکی ہے۔
2۔ Zakat and Charity کا فرانسیسی زبان میں ترجمہ شائع ہوا ہے۔
3۔ یہ اَمر بھی قابلِ ذکر ہے کہ سال 2022ء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 51 کتب ہندی زبان میں ترجمہ کرکے شائع کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش میں متعدد کتب کا بنگالی زبان میں ترجمہ کیا گیا ہے۔