فہم دین پراجیکٹ: تعارف و کارکردگی

حفیظ اللہ جاوید

دینِ اسلام کی دعوت کو ہر فرد بشر تک پہنچانا حضور نبی اکرم ﷺ کے کارِ نبوت میں شامل تھا۔ اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ کے فریضۂ تبلیغ کی احسن ادائیگی کے لیے ارشاد فرمایا:

یٰٓاَیُّهَا الرَّسُوْلُ بَلِّغْ مَآ اُنْزِلَ اِلَیْکَ مِنْ رَّبِّکَ.

(المائدة، 5: 67)

’’ اے (برگزیدہ) رسول! جو کچھ آپ کی طرف آپ کے رب کی جانب سے نازل کیا گیا ہے (وہ سارا لوگوں کو) پہنچا دیجیے۔‘‘

اس ارشاد ربانی کی روشنی میں تعلیماتِ اسلام کو انسانیت تک پہنچانا نہ صرف فریضۂ رسالت بلکہ بحیثیت امتی ہمارے فرائض میں بھی شامل ہے۔ جیسا کہ ارشاد ربانی ہے:

وَلْتَکُنْ مِّنْکُمْ اُمَّةٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ وَیَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَاُولٰٓئِکَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ.

(آل عمران، 3: 104)

’’ اور تم میں سے ایسے لوگوں کی ایک جماعت ضرور ہونی چاہیے جو لوگوں کو نیکی کی طرف بلائیں اور بھلائی کا حکم دیں اور برائی سے روکیں، اور وہی لوگ بامراد ہیں۔‘‘

اس آیتِ مبارکہ کے مطابق امتِ محمدی ﷺ میں درج ذیل تین اوصاف موجود ہیں:

1۔ لوگوں کو خیر کی دعوت دینا۔

2۔لوگوں کو نیکی کی طرف بلانا۔

3۔ برائی سے روکنا۔

ان تین چیزوں کو جمع کرنے سے خدمتِ دین وجود میں آتی ہے اور یہ جدوجہد اقامتِ دین کہلاتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن اقامتِ دین کی عظیم عالمگیر تحریک ہے اور اس تحریک کے وابستگان اقامتِ دین کے عظیم مشن کے کارکنان ہیں۔

اللہ رب العزت نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کو دورِ حاضر میں اسلام کی سب سے بہترین تعبیر و تشریح کی توفیق ارزانی عطا فرمائی ہے۔ دین اسلام کی تعلیمات کو قائد کی آواز میں دنیا بھر میں پہنچانا تحریک منہاج القرآن کے ہر عہدیدار، رفیق اور کارکن پر لازم ہے۔ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ کسی بھی تحریک کے فروغ میں دعوت انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دعوت کی اہمیت کسی بھی تحریک میں ایسے ہی ہے جیسے انسانی جسم میں Circulation of blood۔ خون کی گردش نہ صرف زندگی کی علامت ہے بلکہ یہی زندگی کی حقیقی ضمانت بھی ہے۔ اسی طرح دعوت بھی کسی تحریک کو توانا رکھنے اور اسے فروغ دینے کی قوت فراہم کرتی ہے۔

دعوت کے مختلف ذرائع اور سوشل میڈیا کی اہمیت

تحریک منہاج القرآن نے گزشتہ 42 سالوں میں فروغِ دعوت کے لئے مختلف ذرائع استعمال کیے ہیں اور کر رہی ہے جن میں عوامی تعلیمی مراکز، سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا، دروس قرآن، دروس تصوف، عرفان القرآن کورسز، آئیں دین سیکھیں کورسز، عوامی اجتماعات، سیمینارز، کانفرنسز اور محافل سمیت ہر ذریعۂ دعوت شامل ہے۔

گزشتہ چند سالوں سے سوشل میڈیا اپنی افادیت کے لحاظ سے مؤثر ترین ، سستا اور آسان ذریعۂ دعوت بن چکا ہے۔ دنیا بھر میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی تعداد کروڑوں سے تجاوز کر چکی ہے۔ دورِ حاضر کا تقاضا ہے کہ ہم اس ذریعۂ دعوت کو اپنائیں تاکہ مختصر دورانیے اور کم وسائل میں اپنی دعوت کا وسیع پیمانے پر صحیح ابلاغ کر سکیں۔

فہمِ دین پراجیکٹ: تعارف اور مقاصد

اس مقصد کے حصول کے مارچ 2021ء میں مرکز منہاج القرآن کی طرف سے ’’فہم دین پراجیکٹ‘‘ کا آغاز کیا گیا۔ اس پراجیکٹ کے تحت تجدیدِ دین، احیائے اسلام، فروغِ امن و سلامتی اور اصلاح ِ احوال پر مبنی اسلامی تعلیمات کی دعوت اولاً تحریک منہاج القرآن کے وابستگان اور ثانیاً دنیا بھر کے لوگوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کی صورت میں سوشل میڈیا کے ذریعے دی جاری ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے Vision 2025 کے اہداف کی روشنی میں اس عظیم مصطفوی مشن کے ساتھ 20 لاکھ افراد کو وابستہ کرنے اور 10 لاکھ افراد کو باقاعدہ اس علمی، فکری، اصلاحی، فلاحی تحریک کے رفیق اور کارکنان بنانا ہمارا اولین ہدف ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مصطفوی مشن کے ساتھ باقاعدہ وابستہ ہوکر اپنے اخلاق و اعمال اور سیرت و کردار کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کے مطابق سنوار سکیں اور حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت و عشق کے چراغ سے اپنے قلوب و ارواح کو منور کرسکیں۔

فہمِ دین پراجیکٹ کے مقاصد درج ذیل ہیں:

1۔ اسلام کی تعلیماتِ امن و رحمت کو انسانیت تک پہنچانا۔

2۔ معاشرے سے مٹتی ہوئی علمی، اخلاقی، معاشرتی اور روحانی اقدار کو پھر سے زندہ کرنا۔

3۔ ہزاروں رفقاء و کارکنان کو دعوت و تبلیغِ حق کی جدوجہد میں شریک کرنا۔

4۔ زیرِ دعوت افراد کو مرحلہ وار تربیت کے عمل سے گزار کر بحیثیتِ مصطفوی کارکن جدوجہد میں شریک کرنا۔

فہم دین پراجیکٹ کی تاحال کارکردگی

الحمدللہ تعالیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں عام و خاص کو دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے منور کرنے کے لیے ’’فہمِ دین‘‘ کے عنوان سے یہ خوبصورت پراجیکٹ گزشتہ ایک سال سے انتہائی کامیابی کے ساتھ اصلاحِ معاشرہ میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ مرکز سے لے کر یونٹ لیول تک کے دنیا بھر کے تمام عہدیداران واٹس ایپ گروپس میں شامل ہیں۔ تمام مرکزی قائدین سے لے کر یونین کونسل کے ذمہ داران اپنی تنظیمی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ بحیثیت مصطفوی کارکن اپنی اپنی براڈکاسٹ لسٹوں کے ذریعے دعوتی عمل میں شریک ہیں۔ اب تک اضلاع لیول پر تمام فورمز کے 560 سے زائد ایپ گروپس ہیں اور ان گروپس کے ممبران کی تعداد 24 ہزار سے زائد ہے۔ جبکہ اِن براڈ کاسٹ لسٹوں میں زیر دعوت افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

مرکز کے دیئے گئے لائحہ عمل کے مطابق براڈکاسٹ لسٹوں کے ذریعے کم ازکم سو افراد کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات سنانے کا فریضہ سر انجام دینے والوں کو ’’مصطفوی کارکن‘‘ کے ٹائٹل سے نوازا جاتا ہے۔ یہ ’’مصطفوی کارکن‘‘ تحریک کے اس دعوتی عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہر ’’مصطفوی کارکن‘‘ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ وہ مرکز سے جاری ہونے والے کلپس اپنے زیرِ دعوت افراد کو بھیجتا ہے اور پھر ان سے فیڈ بیک بھی لیتا ہے۔ اِن ’’مصطفوی کارکنان‘‘ کی انتھک محنت کی وجہ سے اصلاحِ احوال اور تعمیرِ سیرت و کردار کا عمل تیزی سے جاری ہے اور کثیر تعداد میں لوگ تحریک کے رفیق اور کارکن بنتے ہوئے تحریک کی جملہ سرگرمیوں میں عملاً شریک ہورہے ہیں۔ ایک سال کی قلیل مدت میں اب تک 21 ہزار سے زائد افراد ’’مصطفوی کارکن‘‘ کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

’’فہمِ دین پراجیکٹ‘‘ کے تحت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے منتخب خطابات سے کلپس کی تیاری کے لئے مارچ 2021ء میں کلپنگ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا جو باقاعدگی سے کلپس تیار کر کے فیلڈ میں بھیج رہا ہے۔ اب تک سیکڑوں کلپس سوشل میڈیا پر مختلف واٹس ایپ گروپس کے ذریعے وائرل ہورہے ہیں۔ اِن کلپس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ساتھ خطاب کا تحریری خلاصہ اور اصل خطا ب کا مکمل لنک بھی ساتھ ارسال کیا جاتا ہے۔

’’فہم دین پراجیکٹ‘‘ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس انداز سے دعوت کے اس عمل کو نہایت منظم انداز میں چلایا جارہا ہے۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو کے تعاون سے تیار کردہ باقاعدہ ایک سافٹ ویئر کے ذریعے تنظیمی ذمہ داران، مصطفوی کارکنان اور زیرِ دعوت افراد ( وابستگان) کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔ مرکز بڑی آسانی سے اس سافٹ ویئر کے ذریعے خطابات سننے والے عہدیداران کا جائزہ لیتا رہتا ہے۔

علاوہ ازیں ’’فہمِ دین پراجیکٹ‘‘ کے کام میں مزید تیزی لانے کے لیے فہمِ دین ایپ بھی ہے۔ اس کے ذریعے کلپس بھیجنا اور سماعت کرنا، خطابات کا ریکارڈ، گروپس کی مانیٹرنگ اور ’’مصطفوی کارکنان‘‘ کی کارکردگی کا بآسانی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ اس ایپ میں helping videos کے ذریعے اس ایپ کے کام کے طریقہ کار کو بھی ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

گوگل پلے سٹور سے Fehm-e-din ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اس پراجیکٹ کے ذریعے تجدید دین، احیائے اسلام، اصلاحِ احوال اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ کے اس مصطفوی مشن کے پیغام سے ہر دل اور ہر گھر کو دینِ اسلام کی تعلیمات کا گہوارہ اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت کا مرکز بنانے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مصطفوی مشن میں استقامت عطا فرمائے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو عمرِ خضر عطا فرمائے جن کی شخصیت اور تعلیمات نے ہمیں حضور نبی اکرم ﷺ کے در کی حقیقی غلامی عطا فرمائی۔

اس پراجیکٹ کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ان نمبرز پر رابطہ کریں:

میاں عبدالقادر (کوآرڈینیٹر فہمِ دین پراجیکٹ)

03008652466

محمد رضا طاہر (ڈپٹی کوآرڈینیٹر فہمِ دین پراجیکٹ)

03325668213