حمد باری تعالیٰ
میرا خدا ہے خالق و معبودِ کائنات
پروردگارِ ہستیِ موجودِ کائنات
مخفی نہیں ہے ذرّہ بھی اُس پاک ذات سے
اُس کے مشاہدے میں ہے مشہودِ کائنات
ہر خیر ہے اُسی کے کرم سے ہمیں نصیب
دستِ کرم سے اُس کے ہے بہبودِ کائنات
اُس نے بنا کے رحمتِ عالم حضورؐ کو
کردی ہے اُنؐ کی دست نگر جودِ کائنات
اُس کے ظہورِ ذات سے ہستی کو ہے فروغ
ممنوں اُسی کے فضل کی ہے بودِ کائنات
مسعودِ کائنات ہے جو اُس کی مان لے
منکر ہے اُس کے حکم کا مردودِ کائنات
محوِ سجود گرچہ رہیں ہم تمام عمر
پھر بھی ہے کم تشکرِ مسجودِ کائنات
ارشدؔ ہے اہتمامِ ثنا اُس کے واسطے
ہر طرح جس کی ذات ہے محمودِ کائنات
{حکیم ارشد محمود ارشد}
نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
ذکرِ جمال جن کا ہے محمودِ کائنات
’’وہ شاہکارِ حسن وہ مقصودِ کائنات‘‘
فائز وہی ہوئے ہیں دنیٰ کے مقام پر
ہوگا نہ اُن سا کوئی بھی مسعودِ کائنات
ہو کیوں نہ ماورائے شعور اُنؐ کی ذاتِ پاک
رافع ہے جن کے ذکر کا مسجودِ کائنات
عظمت نبیؐ کی دیکھئے شام و سحر درود
پڑھتا ہے جن پہ خالق و معبودِ کائنات
سب کچھ اُنہی کے سامنے پیدا کیا گیا
شاہد وہی ہیں اور ہیں مشہودِ کائنات
مختار و مالک و شہِ کونین آپؐ ہیں
سائل ہے اُن کا جو بھی ہے موجودِ کائنات
ہیں کائنات کے لیے رحمت مرے حضورؐ
احسان مند اُن کی ہے بہبودِ کائنات
اُن کی نگاہِ لطف ہے ہمذالیؔ جب نصیب
لاریب مجھ کو مل گئی ہر جودِ کائنات
{اشفاق حسین ہمذالیؔ}