منہاج یوتھ لیگ کے 32 ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب 30 نومبر 2020ء کو مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ یوم تاسیس کی یہ تقریب کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہونا تھی مگر کووڈ 19 کے باعث اور مفادِ عامہ کے وسیع تر مفاد میں اس تقریب کو محدود کردیا گیا۔ تقریب میں بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر سے ذمہ داران شریک ہوئے۔ یوں لگ رہا تھا جیسے پورا پاکستان اپنے تمام تر ثقافتی رنگوں اور خوشبوئوں سمیت منہاج القرآن کے آنگن میں جمع ہوگیا ہو۔
اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نظام بدلنے کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو تعلیم، تربیت اور ہمہ جہتی اصلاحات کا شعور دیا۔ مروجہ سیاسی نظام کو بدلنے کے حوالے سے منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی خدمات اور قربانیاں پاکستان کی سیاسی، سماجی، مذہبی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ منہاج القرآن کلمہ حق بلند کرتی ہے اور حسینی فکر پر ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر صرف کیاہے۔ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کا فوکس کردار سازی رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تربیت کا اثر ہے کہ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے نازک سے نازک مرحلہ پر بھی قلم کو ہاتھ سے گرنے نہیں دیا۔ میں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے اقتدار میں آئے بغیر نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کیا اور انہیں سوسائٹی کاایک انتہائی مفید رکن بنایا۔
منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ آئندہ سال سے نیشنل یوتھ ایوارڈ کااجراء کررہی ہے، یہ ایوارڈ ان باصلاحیت نوجوانوں کو دیا جائیگا جنہوں نے مختلف شعبہ جات میں پاکستان اور انسانیت کی خدمت انجام دی ہوگی۔
یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے منہاج یوتھ لیگ کے آئندہ اہداف کا اعلان بھی کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب میں سندھ سے غلام مصطفی، جنوبی پنجاب سے زاہد مصطفوی، کشمیر سے محسن مشتاق علوی، خیبرپختونخوا سے یاسر ریاض نے تقریب سے خطاب کیا اوراپنی اپنی علاقائی زبانوں میں اظہار خیال کیا۔ اس تقریب سے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن محمد رفیق نجم، صدر MSM عرفان یوسف، ساجد محمود بھٹی، فرح ناز، صدرایم ایس ایم عرفان یوسف، منصور قاسم اعوان، حاجی فرخ، محسن شہزاد، انعام مصطفوی، محسن علوی نے خطاب کیا۔
تقریب میں نمایاں کارکردگی کے حامل ذمہ داران کو شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں منہاج یوتھ لیگ کی بنیادیں رکھنے والوں اور اسے بلند و بالا عمارت میں تبدیل کرنے والے سابقین نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ تقریب سے ہم کلام ہونے کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا۔
تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے خصوصی شرکت کی۔