شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا 72 واں یوم پیدائش پاکستان سمیت منہاج القرآن کے دنیا بھر میں قائم اسلامک سنٹرز میں منایا گیا۔ اس موقع پر کارکنان اور شیخ الاسلام سے محبت رکھنے والے افراد نے کیک کاٹے۔ سیمینارز کا اہتمام کیا اور شیخ الاسلام کی علم و امن کے لئے انجام دی جانے والی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
1۔ یوں تو دنیا بھر میں 19 فروری کو شیخ الاسلام کے یوم پیدائش کو قائد ڈے کے طور پر منایا گیا مگر امسال منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائد ڈے کو منفرد انداز میں منایا گیا۔ اس ضمن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے ’’سفرِ تجدید‘‘ کے نام سے مرکزی سیکرٹریٹ کے صفہ ہال میں ایک گیلری قائم کی گئی جس میں شیخ الاسلام کے بچپن سے لے کر تاحال مصروفیات، دینی و ملی خدمات کو تصاویر کے ذریعے نمایاں کیا گیا اور اس ساری جدوجہد کو دہائیوں میں تقسیم کیا گیا۔ گیلری کے موضوعات کی اہمیت و انفرادیت اپنی جگہ مگر جس نفاست کے ساتھ تکنیکی کام پایہ تکمیل کو پہنچایا گیا وہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے گیلری کے دورہ کے موقع پر اس سارے آئیڈیا اور کام کو بے حد سراہا۔
گیلری کے منفرد اور اچھوتے آئیڈیاز کے خواب میں تعبیر کے رنگ بھرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی تمام ذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے سال 2023ء کو ویمن لیگ کے سال سے تعبیر کیا اور شیخ الاسلام کے حکم پر قائد ڈے کے موقع پر مرکزی تقریب میں شریک ہزاروں افراد نے کھڑے ہو کر منہاج القرآن ویمن لیگ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بلاشبہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے لئے یہ ایک تاریخ ساز خراجِ تحسین ہے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ گیلری کا افتتاح منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کیا۔
اس موقع پر معروف دانشور،کالم نویس اوریا مقبول جان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا بچپن سے لیکر آج تک کا سفر میرے سامنے ہے۔ ان کا سفر اقبال کے اس شعر کی عملی تفسیر ہے ’’ہَوا ہے گو تُند و تیز لیکن چراغ اپنا جلا رہا ہے……وہ مردِ درویش جس کو حق نے دیے ہیں اندازِ خسروانہ‘‘۔
معروف کالم نویس مظہر برلاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بلاشبہ ایک ماڈرن فکر رکھنے والے مذہبی سکالر، روشن خیال سیاستدان اور محب وطن شخصیت ہیں جنہوں نے سیاست کے ساتھ ساتھ تعلیم اور تجدیدِدین کے باب میں نئی تاریخ رقم کی۔
گیلری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈاکٹر اصغر زیدی، فضہ حسین قادری، صوفیہ بیدار، راحیلہ رشید، رانا محمد فاروق، ناصر شیرازی، رابی پیرزادہ، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور،ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، میاں عمران کمیانہ نے بھی اظہار خیال کیا۔
2۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام مرکزی تقریب میں ملک کے ممتاز ثناخوان مصطفی نے گلہائے عقیدت پیش کئے اور معروف قوال شیر میانداد نے صوفی کلام پیش کر کے بے پناہ داد حاصل کی۔ تقریب میں سجادہ نشین کوٹ مٹھن شریف محترم حضرت پیر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور سجادہ نشین دربار فرید الدین گنج شکر پاکپتن شریف محترم حضرت پیر احمد مسعود دیوان نے قائد ڈے کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔
3۔ قائد ڈے کے سلسلہ میں اہم تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی۔ منہاج یونیورسٹی لاہور ہر سال ’’فاؤنڈر ڈے‘‘ مناتی ہے اور اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب احباب کو عمرے کے ٹکٹ بھی دئیے جاتے ہیں۔ منہاج یونیورسٹی کی طرف سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ دینے کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے کے ’’شیخ الاسلام تعلیمی وظائف‘‘ بھی دئیے جاتے ہیں۔ فائونڈر ڈے کی تقریب میں استاد باقر عباس نے بانسری کی مدھر دھن پر صوفی کلام سنا کر زبردست داد وصول کی۔ تقریب میں مجیب الرحمن شامی،معروف آرٹسٹ ہنی البیلا، معروف اینکر پرسن بیرسٹر احتشام امیر الدین نے اظہار خیال کیا۔
تقریب میں مجیب الرحمن شامی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کسی ایک شخص کا نام نہیں ہے بلکہ ان کے کام کو دیکھیں تو لگتا ہے یہ لاکھوں لوگوں کا کام ہے اور ایسا کام اللہ کی خاص توفیق کے بغیر ممکن نہیں ہوتا۔ حکیم الامت نے فرمایا تھا کہ "ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی، شان" جب اس مصرعہ کو دیکھتا ہوں تو اس کا مخاطب شیخ الاسلام کے سوا کوئی اور نظر نہیں آتا۔ میں نے ڈاکٹر طاہر القادری پر تنقید بھی کی ان کے بعض فیصلوں سے اختلاف بھی کیا مگر میری زندگی میں ڈاکٹر طاہر القادری ایک ہی شخص ہیں جنھوں نے تنقید کے باوجود برا نہیں منایا اور جب بھی ان سے ملاقات ہوئی وہ مسکراتے چہرے کے ساتھ ملے۔ اس شخصیت کے افکار اور کام سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری جیسی شخصیت کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ جب دہشت گردی کی وجہ سے زبانیں خاموش تھیں اور اس موضوع پر بات کرتے ہوئے لوگ سہمے ہوئے تھے۔ ان حالات میں ایک ہی آواز دنیا میں اسلام کی پرامن تعلیمات کے لیے بلند ہو رہی تھی اور وہ آواز ڈاکٹر طاہر القادری کی تھی۔
4۔ منہاج انسٹیٹیوٹ آف قرأت و تحفیظ القرآن دارالعلوم فریدیہ قادریہ جھنگ، روالپنڈی، کروڑ لعل عیسن، روجھان، ٹیکسلا، لیاقت پور، اوکاڑہ، ساہیوال، فیصل آباد، جھنگ، جہلم، چکوال، کراچی، حیدر آباد، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، چیچہ وطنی، کوئٹہ، دیپالپور، جعفر آباد سمیت مختلف شہروں، تحصیلوں اور قصبات میں ہزاروں کی تعداد میں کیک کاٹے گئے اور تقاریب منعقد ہوئیں۔
5۔ قائد ڈے کے سلسلے میں آغوش آرفن کیئر ہوم، منہاج ویمن کالج، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ، ایف ایم آر آئی، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، پاکستان عوامی تحریک، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام تقاریب کا انعقاد ہوا اور کیک کاٹے گئے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کے فورم منہاجینز فورم کی طرف سے بھی ایک خصوصی تقریب میں کیک کاٹا گیا اور شیخ الاسلام کو ان کی بے پناہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
6۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 72ویں سالگرہ کی مناسبت سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری،صاحبزادہ شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری نے خصوصی شرکت کی اور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں تلاوت، نعت، عارفانہ کلام اور قوالی پیش کی گئی۔ تقریب میں صدر MQI کینیڈا خواجہ کامران رشید، پاکستانی کمیونٹی کے لوکل فوکل پرسن چودھری جاوید گجر، ڈاکٹر احسان اللہ وڑائچ، بیرسٹر محمد اقبال کھچی، ارشد بھٹی (CEO ٹورنٹو 360)، علی شان (Z9 ٹی وی چینل)، بدر منیر چودھری (CEOکینیڈا ون ٹی، اخبارِ پاکستان کینیڈا )، صوفی محمد طارق، فہیم انور رندھاوا، چوہدری افضل، ظفر ارشد، علامہ احمد اعوان، حسنین حمید، شیخ عبداللہ راجہ، علامہ سہیل صدیقی، شازیہ شفیق، منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے ذمہ داران، کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔آخر میں شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی درازیٔ عمر کی دعا کی گئی۔
7۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ، امریکہ، ہانگ کانگ، ناروے، فرانس، ہالینڈ، ڈنمارک، بلجیم اور یورپ کے ممالک اور مختلف شہروں میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے موقع پر اظہار مسرت کے طور پر کیک کاٹے گئے اور شیخ الاسلام کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔