پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم آزادی کے حوالے سے قومی سیمینار ’’مستقبل کا پاکستان‘‘ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ جس کی صدارت محترم صاحبزادہ فیض الرحمن خان درانی (صدر PAT) نے کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، صدر فوکس پاکستان ڈاکٹر اویس فاروقی، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن سید محمد شاہ، پاکستان عوامی تحریک کے سینئر وائس چیئرمین اقبال احمد خان، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں افضل حیات، صدر شیعہ پولیٹکل پارٹی نو بہار شاہ اور تحریک علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علی غضنفر کراروی شامل ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن خان درانی نے کہا کہ نوجوانوں کو بے مقصدیت سے نجات دلاکر ہم مستقبل کے روشن پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ 60 واں یوم آزادی ہم سے خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے احساس زیاں کو زندہ کرکے عوام کا شعور بیدار کرنا ہوگا جس دن عوام نے حقیقی قیادت کو چننے کا درست فیصلہ کرلیا وہ دن مستقبل کے خوشحال پاکستان کا پہلا دن ہوگا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے خواب کو قائداعظم نے تعبیر دی اور تکمیل پاکستان کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنے نظریات کے عالمگیر فروغ کیلئے جیتی ہیں۔ نیز کوئی ریاستی ادارہ دوسرے کے امور میں مداخلت نہ کرے۔ مستقبل کے بہتر پاکستان کیلئے سیاسی پارٹیوں کو جمہوری رویے اپنانا ہوں گے۔ نظام انتخاب کو بدلے بغیر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا تصور محال ہے۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ قیام پاکستان سے پہلے قوم تھی وطن نہ تھا اب پاکستان ہے مگر 16 کروڑ پاکستانی قوم نہیں رہے۔ پاکستان عوامی تحریک اس ملک کو قوم دینے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ زندہ قوم ہی سیاسی معاشی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط ملک بناسکتی ہے۔ مذہب اور ریاست کو الگ کرنے کا جرم ہماری تباہی کی جڑ ہے۔ اسلام دین ہے مذہب نہیں اور یہ تصور عام کرنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں منظم انداز میں کام کررہی ہیں۔ اسلام کا حقیقی تصور سمجھنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر سے استفادہ کرنا ہوگا۔ پاکستان عوامی تحریک مستقبل کے عظیم پاکستان کے خواب کو زندہ رکھے ہوئے ہے اور خواب زندہ ہوں تو تعبیر مل جایا کرتی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیاسی جدوجہد تکمیل پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔
نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا آج خوشی کا دن ہے اور خوشی کے دن مایوسی کی باتیں کرنا درست نہیں ہے۔ پاکستان ایک موثر طاقت ہے۔ دھرتی کا ادب کرنا ہوگا اور اس کے احترام کا شعور بیدار کرنا ہوگا۔ شعور کی بیداری کا کام پاکستان عوامی تحریک کا مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے عوامی جدوجہد جاری ہے۔
صدر فوکس پاکستان ڈاکٹر اویس فاروقی نے کہا کہ 1954ء میں نظریہ ضرورت کا وائرس ہماری سیاست میں گھسا اور آج ہم نے ملک کے اتنے ٹکڑے کردیئے ہیں کہ گن بھی نہیں سکتے۔ ہم نے قائداعظم کے وژن کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ عدلیہ کو کچھ آزادی میسر آئی ہے جو حبس زدہ موسم میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ عوام الیکشن کو اتنا ہی سنجیدہ لیں جتنا زلزلہ آنے کے بعد قوم جذبے سے نکل کھڑی ہوتی ہے۔ الیکشن نے ملک کے مقدر کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے اس لئے عوام اپنے حق کے درست استعمال کے موقع کو ضائع نہ کیا کریں۔ عوام نے آئندہ درست فیصلہ کیا تو مستقبل کا پاکستان بہتر ہوگا۔
صدر لاہور بار ایسوسی ایشن سید محمد شاہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اسی میں ہے کہ ادارے مضبوط ہوجائیں۔ عدلیہ کی آزادی ملک کی ترقی اور تابناک مستقبل کے لئے ضروری ہے۔ مسلکوں گروہوں اور برادریوں میں بٹے پاکستانی قوم بن گئے تو ملک کا مستقبل تابناک ہوجائے گا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سینئر وائس چیئرمین اقبال احمد خان نے کہا کہ حقیقی پاکستانی بن کر ہی ہم وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرسکتے ہیں۔ پاکستانی کہلانے کے لئے ملک سے والہانہ عشق کرنا ہوگا، محرومیوں کو ختم کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ بلوچستان، بنگلہ دیش نہ بنے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں افضل حیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو اپنے آپ کو خود مضبوط بنانا ہے۔ سب مکاتب فکر اور مختلف الخیال لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اور پاکستان عوامی تحریک سے بہتر کوئی سیاسی جماعت نہیں جو یہ فریضہ انجام دے سکے۔ سب کو ساتھ لے کر چلنے سے ہی مستقبل کا پاکستان مثالی پاکستان بن سکے گا۔
صدر شیعہ پولیٹکل پارٹی نو بہار شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کی خودمختاری خوشحال اور مضبوط پاکستان کی بنیاد ہوگی اور سب سیاسی جماعتوں کو اداروں کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ جمہوریت کو حقیقی معنوں میں فروغ دینا ہوگا۔
تحریک علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علی غضنفر کراروی نے کہا کہ بکھرے ہوئے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پروکر ہی مستقبل کے پاکستان کو عالم اسلام کا لیڈر بنایا جاسکتا ہے اور یہ کام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کرسکتے ہیں کیونکہ ہر مکتبہ فکر ان کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے نفرتوں کو ختم کیا اور محبتوں کو بانٹا ہے اور محبت بانٹنے والا شخص ہی پاکستان کو مصائب کے گرداب سے نکال کر اسے عالم اسلام کا فخر بناسکتا ہے۔
مرکزی ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ راضیہ شاہین نے کہا کہ پاکستان اس لئے بنا تھا کہ یہاں کے لوگ خودکو پاک صاف کرکے دنیا میں اپنے کردار سے وہ روشنی بانٹیں جو دوسری قوموں کے لئے بھی مشعل راہ ہو۔ خود احتسابی کے جذبے کو بیدار کرکے محفوظ اور مستحکم پاکستان کے لئے بحیثیت قوم محنت کرنا ہوگی۔
سمینار سے سیکرٹری اطلاعات سید علی رضا رضوی نائب صدر چوہدری محمد شریف، جی ایم ملک اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سہیل رضا نے بھی خطاب کیا۔