پھل جن کو حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پسند فرمایا طب نبوی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں
دو جہانوں کے تاجدار حضرت محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم جو رحمت للعالمین ہیں اور ان کی بتائے ہوئے ارشادات انسانیت کے لئے بلاشبہ فلاح و نجات ہیں۔ یوں تو اللہ کی دی ہوئی تمام نعمتیں اپنے اندر کوئی نہ کوئی خصوصیت رکھتی ہیں جن میں سے چند ایک جن کو نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خاص پسند فرمایا درج ذیل ہیں:
- جو: حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ’’جو‘‘ کو دل کے تمام رنج و غم کے لئے مفید قرار دیا اور بخار کی صورت میں جو کے سوپ کی صورت میں استعمال کرنے پر زور دیا۔
- کھجور: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ گھر کھجور کے سوا کچھ نہیں اور آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حاملہ عورت کے لئے اس کو مفید قرار دیا کہ رحم میں درد کے لئے استعمال کرنا بھی مفید ہے۔
- انجیر: انجیر جنت کے پھلوں میں سے ایک پھل ہے اور اس شخص کے لئے انتہائی مفید ہے جس شخص کو بواسیر کی شکایت ہو۔
- انگور: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم انگور بہت پسند کرتے تھے اور انگور خون کو صاف کرتا ہے اور تقویت بخشتا ہے اس کے علاوہ گردوں کو طاقت بخشتا ہے اور آنتوں کے ورم کو ختم کرتا ہے۔
- شہد: شہد ہر مرض کی دوا ہے لیکن اگر اسہال اور دست کی صورت میں اگر شہد کو گرم پانی کے ساتھ ملاکر پیا جائے تو بہت کارآمد ہے۔ یہ کھانوں کا کھانا، پانی کا پانی اور دوا کے ساتھ دوا بھی ہے۔ یہ معدہ کو تقویت بخشتا ہے اس کے علاوہ زود ہضم، بالوں کے لئے کنڈیشنر، آنکھوں کی صفائی، منہ کی بو کو دور کرنے کے لئے مفید ہے۔ اس کے علاوہ صبح گرم پانی کے ساتھ استعمال کرنا بہت مفید ہے۔
- تربوز، خربوزہ اور سردا: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے بھی بہت فوائد بتائے ہیں اور ان کو حاملہ عورت کے لئے بہت مفید قرار دیا ہے۔
- دودھ: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ دودھ انسانی دل پر سے گرمائش ختم کرتا ہے جیسے ماتھے پر انگلی پھیر کر پسینہ صاف ہوتا ہے۔ یہ ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط کرتا ہے۔ ذہنی نشوونما میں بہت کارآمد ہے۔ اس کے علاوہ بینائی کے لئے بھی بہت مفید ہے۔
- کھمبی: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ کھمبی آنکھوں کی بینائی کو بہتر کرنے کے لئے انتہائی مفید ہے اس کے علاوہ فالج سے حفاظت کے لئے بھی بہت مفید ہے۔
- زیتون: جلد کے تمام مسائل اور بالوں کے لئے انتہائی مفید ہے اور بڑھانے کو روکتا ہے اس کے علاوہ معدہ کی سوزش کے لئے بھی بہت مفید ہے۔
- انار: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا انار شیطان کے شر سے 20 دن کے لئے محفوظ رکھتا ہے۔
- سرکہ: سرکہ حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کرتے تھے اور آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جس گھر میں سرکہ ہوتا ہے اس گھر میں برکت ہوتی ہے۔
- پانی: حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا دنیا میں سب سے کارآمد پانی ہے جب تم پیاسے ہو تو پانی کو آرام و تسلی سے پیا کرو کیونکہ تمہارا تیز پانی پینا جگر کے لئے نقصان دہ ہے۔
کلام: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ
اے باد صبا! کملی والے سے جاکہو پیغام مرا
قبضے سے امت بیچاری کے دیں بھی گیا، دنیا بھی گئی
یہ موجِ پریشاں خاطر کو پیغام لب ساحل نے دیا
ہے دور وصالِ بحر ابھی، تو دریا بھی گھرا بھی گئی!
عزت ہے محبت کی قائم اے قیس! حجابِ محمل سے
محمل جو گیا عزت بھی گئی، غیرت بھی گئی، لیلا بھی گئی
کی ترک تگ و دو قطرے نے تو آبروئے گوہر بھی ملی
آوارگی فطرت بھی گئی اور کشمکش دریا بھی گئی
نکلی تو لبِ اقبال سے ہے، کیا جانئے کس کی ہے یہ صد
پیغامِ سکوں پہنچا بھی گئی، دل محفل کا تڑپا بھی گئی
(کليات اقبال، بانگ درا، ص492)
پیٹ کم کرنے کے گھریلو ٹوٹکے
دور جدید میں بڑھا ہوا پیٹ ایک المیہ ہے۔ جس نے ہر مردو عورت کو پریشان کر رکھا ہے۔ پیٹ کم کرنے کے لئے بہت سے ٹوٹکے آزمائے جارہے ہیں۔ بڑھتے ہوئے پیٹ کو کم کرنے کے ٹوٹکے درج ذیل ہیں جن پر عمل کرکے آپ کو یقینا فرق محسوس ہوگا۔
ایک پاؤ انگور کے رس کو 3پاؤ روغن زیتون میں شامل کرکے ایک ہفتے کے لئے دھوپ میں رکھ دیں۔ گاہے بگاہے پلاتے رہیں۔ ایک ہفتہ کے بعد ململ کے کپڑے میں چھان کر بوتل میں رکھ لیں اس تیل سے مالش کرنے سے چند دنوں میں فرق محسوس ہوگا صبح سویرے نہار منہ نیم گرم 4 گلاس پانی پئیں پیٹ کم ہونے کے ساتھ ساتھ جلد بھی شفاف ہوجائے گی۔
نہار منہ بھنی ہوئی سونف کھانے سے پیٹ اور وزن دونوں کم ہوجاتے ہیں۔ کھڑے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ سیدھے کھڑے ہوں پیٹ ڈھیلا نہ ہونے پائے زیادہ سے زیادہ پانی پینے سے بھوک نہیں لگتی اس سے وزن اور پیٹ دونوں کم ہوجاتے ہیں۔ سبز چائے کا استعمال پیٹ کم کرنے میں بہت معاون ثابت ہوتا ہے۔ ہر کھانے کے بعد ایک کپ چائے پیٹ کو کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
سیب اور کیلے کا استعمال پیٹ کی چربی کو ختم کرتا ہے۔ صبح بستر سے اٹھنے سے پہلے تکئے کو پیٹ کے نیچے دبا کے الٹا لیٹ جائیں کوشش کریں کہ دو سیکنڈ کے لئے سانس اندر کی جانب کھینچیں پیٹ کم ہوجائے گا۔
کھانے میں نمک کا کم استعمال پیٹ کی زائد چربی کو زائل کرتا ہے۔ کھولتے گرم پانی میں ایک چمچ شہد ملاکر نہار منہ لیں۔ پیٹ چند دنوں میں کم ہوجائے گا۔ کھانے میں دار چینی اور ادرک کا زیادہ استعمال کرنے سے پیٹ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سبزیوں کا کثرت سے استعمال اور چکن کا کم استعمال بھی معاون ہوتا ہے۔ ہر گھنٹے بعد ایک گلاس پانی پینے سے پیٹ نہیں بڑھتا۔
چاول سے زیادہ گندم کا استعمال کریں کیونکہ چاول وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نیم گرم ایک گلاس پانی میں لیموں نچوڑیں اور ایک چمچ شہد ملا کر نہار منہ پی لیں ایک مہینے میں پیٹ کم ہوجائے گا اور چہرے کی رونق بھی بڑھ جائے گی۔