مرتبہ: حافظہ سحر عنبرین

مچھلی کا سالن بنانے کی ترکیب:

مچھلی پروٹین حاصل کرنے کے لئے بہترین ذریعہ ہے۔ اس میں اومیگا 3 جیسے صحت بخش غذائی اجزا کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ دبلے پتلے جسم اور مضبوط پٹھوں کے لیے مچھلی عمدہ ترین غذا ہے۔ یہ نہ صرف پیٹ کم کرنے بلکہ جسم کو فعال بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ جگر، دماغ اور نیند کے لیے بےحد مفید ہے۔

اس لیے اپنی خوراک میں اسکو کو ضرور شامل کرنا چاہیے۔ بہت سے لوگ فرائی یا گرل مچھلی پسند کرتے ہیں لیکن بہت سے اس کا سالن شوق سے کھاتے ہیں۔ سالن کے شوقین افراد کے لیے پیش ہے اسکی آسان ترکیب۔

اجزاء:

مچھلی 1 کلو (سالن والے چھوٹے ٹکڑے کروالیں)، چوپ کیے ٹماٹر 2 عدد، ادرک کا پیسٹ 1 کھانے کا چمچ، لہسن کا پیسٹ 4 کھانے کے چمچ، پسی لال مرچ 2 کھانے کے چمچ، پسی ہلدی 1 کھانے کا چمچ، پسا دھنیا 1 چائے کا چمچ، دہی 1 کپ، پیاز 2 عدد (باریک کٹے ہوئے)، پسا گرم مصالحہ 1 چائے کا چمچ، کوکنگ آئل حسب ضرورت، میتھی دانہ 1-2 چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ثابت گرم مصالحہ 2کھانے کے چمچ، سیاہ مرچ ثابت 6 عدد، بڑی الائچی 2 عدد، سفید زیرہ 1 چائے کا چمچ، چوپ کیا ہرا دھنیا، ہری مرچیں گارنش کے لیے

بنانے کا طریقہ:

مچھلی کو اچھے سے دھو کر لہسن اور ادرک کا پیسٹ لگا کر 10منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد اسے اچھی طرح پانی سے دھولیں تاکہ مچھلی میں سے بسا ند بالکل ختم ہو جائے۔ ایک برتن میں آئل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر ہلکے براون ہونے تک فرائی کرلیں۔ پھر اس میں میتھی دانہ ڈال کر کڑ کڑائیںدہی میں نمک لال مرچ پاؤڈر ہلدی پاؤڈر دھنیا پاؤڈر ثابت گرم مصالحہ ثابت سیاہ مرچیںبڑی الائچی اور سفید زیرہ ڈال کر مکس کرلیں اور اسے برتن میں ڈال کر چمچہ چلاتے رہیں،ٹماٹر بھی ڈال کر اچھی طرح بھون لیں اور تھوڑا سا پانی ڈال کر تھوڑی دیرمزید پکنے دیں۔ جب مصالحہ بالکل تیار ہو جائے تو اس میں مچھلی کے ٹکڑے بچھادیں اور پکنے دیں۔ اب چمچہ بالکل نہ چلائیں۔ برتن کو کپڑے سے پکڑ کر3-2 مرتبہ ہلا دیں اور پانی خشک ہونے دیں۔ جب تھوڑی گریوی سی رہ جائے تو چولہا بند کر دیں۔ اب ہرادھنیا اور ہری مرچیں ڈال دیں۔ تھوڑا سا دم لگا کر چولہے سے اُتار لیں، سرونگ پلیٹ میں نکال کر اوپر گرم مصالحہ چھڑ ک دیں۔ مزیدار مچھلی کا سالن تیار ہے۔

کشمش کے فوائد:

کشمش آئرن سے بھرپور میوہ ہے جو خون کی کمی دور کرنے کے لیے اہم ترین جز ہے، کشمش کو آسانی سے دلیہ، دہی یا کسی بھی میٹھی چیز میں شامل کرکے کھایا جاسکتا ہے بلکہ ویسے کھانا بھی منہ کا ذائقہ ہی بہتر کرتا ہے۔ تاہم ذیابیطس کے شکار افراد کو یہ میوہ زیادہ کھانے سے گریز کرنا چاہیے یا ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔

کشمش بخار سے بھی تحفظ،کشمش میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس وائرل اور بیکٹریا سے ہونے والے انفیکشن کے نتیجے میں بخار کے عارضے کا علاج بھی فراہم کرتے ہیں۔

کشمش معدے کی تیزابیت ختم کریں۔ کشمش میں پوٹاشیم اور میگنیشم ہوتا ہے جو کہ معدے کی تیزابیت میں کمی لاتے ہیں، معدے میں تیزابیت کی شدت بڑھنے سے جلدی امراض، جوڑوں کے امراض، بالوں کے گرنا، امراض قلب اور کینسر تک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کشمش آنکھوں کی صحت بہتر کرے۔کشمش میں موجود اجزاء آنکھوں کو مضر فری ریڈیکلز سے ہونے والے نقصان سے تحفظ دیتے ہیں جبکہ عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھوں کی کمزوری، موتیا اور بینائی کی کمزوری سے تحفظ ملتا ہے۔ اس میوے میں موجود بیٹا کیروٹین، وٹامن اے اور کیروٹین بھی بینائی کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

کشمش جسمانی توانائی بڑھائے۔ کاربوہائیڈریٹس اور قدرتی چینی کی بدولت یہ میوہ جسمانی توانائی کے لیے بھی اچھا ذریعہ ہے، کشمش کا استعمال وٹامنز، پروٹین اور دیگر غذائی اجزاء کو جسم میں موثر طریقے سے جذب ہونے میں بھی مدد دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ باڈی بلڈرز اور ایتھلیٹس کشمش کا استعمال عام کرتے ہیں۔

کشمش بے خوابی سے نجات دلائے۔ اس میوے میں موجود آئرن بے خوابی یا نیند نہ آنے کے عارضے سے نجات دلانے میں مدد دیتا ہے جبکہ نیند کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔

کشمش اوربلڈ پریشر۔آئرن، پوٹاشیم، بی وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مدد دیتے ہیں، خاص طور پر پوٹاشیم خون کی شریانوں کے تنائوکو کم کرتا ہے اور بلڈ پریشر کو قدرتی طور پر کم کرتا ہے۔ اسی طرح قدرتی فائبر شریانوں کی اکڑن کو کم کرتا ہے جس سے بھی بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے۔

کشمش ہڈیوں کی صحت۔ اس میں موجود کیلشیئم ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے جو ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

کشمش گردوں کی صحت کے لیے بہتر۔پوٹاشیم سے بھرپور ہونے کی وجہ سے ان کا استعمال معمول بنانا گردوں میں پتھری کا خطرہ کم کرتا ہے۔

سردی میں آپکی جلد کی حفاظت کیسے؟ گھریلو ٹوٹکے:

سردیوں کے موسم کے آغاز سے ہی جلد خشک ہونا شروع ہو جاتی ہے جو کہ ایک بہت ہی عام سا مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔ سردیوں میں جلد کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے لازمی ہے کہ اسی کی حفاظت سردیوں کے موسم کے آغاز میں ہی کر دی جائے۔

گھریلو مویئسچرائیزر:

ہم گھر میں ہی بہت سارے مویسچرایزرز بنا کر استعمال کرسکتے جو ہماری جلد کو قدرتی نکھار کے ساتھ ساتھ صحت مند بھی بناتے ہیں آپکو گلیسیرین چاہیے اور لیمو ان کے ساتھ عرق گلاب بھی لے لیں ان سب کا چیزوں کو حسب ضرورت لے کر سپرے کی بوتل میں ڈال لیں اور اس میں روغن بادام بھی ڈال لیں جو کہ جلد کی نمی کو برقرار رکھے گا پھر اس سپرے کی بوتل کو روم ٹمپریچر پر رکھ لیں اور چہرہ اچھے سے صاف کر لیں چہرہ صاف کرنے کے بعد اس سپرے کی بوتل سے چہرے پر سپرے کریں اور یہ استعمال کریں جب تک آپکی جلد کی خشکی کم نہ ہو جائے۔

گھر میں تیل بنائیں اور سردیوں میں اس سے فائدہ اٹھائیں:

سردیوں میں خشک جلد سے بچناضروری ہے۔ جلد خشک رہنے کی وجہ سے جلد میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں، جلد پھٹنے لگتی ہے اور اسکی وجہ سے جھریاں اور چھائیاں بھی آنے لگتی ہیں ،اس سے حفاظت کیلیئے روز ایک ایسے تیل کو لگایا جائے جو جلد کو نرم و ملائم بنانے کے ساتھ ساتھ جلد کی نمی کے لیول کو بھی ٹھیک رکھے۔ روغن بادام، ٹی ٹری آئل یا ارنڈی کا تیل بہت فائدہ مند ہے۔ اگر رات کو ہاتھ پاوں اور چہرے کی اچھی طرح تیل سے مالش کی جائے تو یہ رات بھر جلد میں جذب رہے گا اور جلد کی نمی کو پورا کر کے رکھے گا۔