شر نظر و حسد، جادو ٹونہ، آسیب، وسوسہ، خیالات فاسدہ اور دیگر آفات و بلیات سے بچاؤ اور برکات الہٰیہ کے حصول کے لئے معوذ تین کا وظیفہ نہایت مفید اور مؤثر ہے :
اَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمo قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِo مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَo وَمِنْ شَرِّ غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَo وَمِنْ شَرِّ النَّفّٰثٰتِ فِی الْعُقَدِo وَمِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَo
اَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمo قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِo مَلِکِ النَّاسِo اِلٰهِ النَّاسِo مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِo الَّذِيْ يُوَسْوِسُ فِيْ صُدُوْرِ النَّاسِo مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِo
فضیلت : حضرت عبداللہ بن حبیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جو قل هوالله احد اور معوذ تین (آخری دونوں سورتیں) صبح و شام تین تین مرتبہ پڑھے تو یہ اس کے لئے ہر قسم کی آفات و بلیات سے حفاظت اور نجات کے لئے کافی ہے۔ ان تین سورتوں کے مثل کوئی سورت سابقہ کتب سماوی میں کسی اور نبی پر نازل نہیں ہوئی۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر رات سوتے وقت معوذ تین پڑھ کر اپنے ہاتھوں پر پھونک کر جسم مبارک پر مسح فرماتے تھے۔ (ابن ماجه، السنن، 2 : 1275، رقم : 3875)
11 مرتبہ، 40 مرتبہ یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اول و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف اور 11،11 مرتبہ استغفار پڑھیں۔
اس وظیفہ کا بہتر وقت بعد از نماز فجر طلوع آفتاب سے پہلے تک اور بعد نماز عشاء سونے سے پہلے کا ہے۔
اس وظیفہ کو 7 دن، 11دن، 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
نوٹ : ہر رات سونے سے قبل آخری تین سورتوں (تین قل) یا چہار قل کا پڑھنا بھی موجب برکت کثیرہ ہے۔
نیک اولاد اور اعمال حسنہ کا وظیفہ (يَا مُصَوِّرُ)
فوائد و تاثیرات : جو عورت بانجھ ہو وہ سات دن تک مسلسل روزے رکھے اور ہر روز غروب آفتاب کے بعد افطاری سے قبل اکیس (21) مرتبہ اس وظیفہ کو پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئے تو اللہ تعالیٰ اسے اولاد سے نوازے گا۔ اگر کوئی شخص 10بار روزانہ اس کو پڑھے تو صالح اولاد سے نوازا جائے گا علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ اس کے پڑھنے والے کا چہرہ روشن اور حسین کردے گا اور اعمال صالحہ کی بجا آوری میں اس کی مدد کرے گا۔
عام معمول: اول و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس کا ورد سو (100) مرتبہ روزانہ کریں۔
اس وظیفہ کو حسب ضرورت 11 دن، 40 دن یا اس سے بھی زیادہ عرصہ کے لئے جاری رکھ سکتے ہیں۔
(وظائف ماخوذ از الفیوضات المحمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )