چہرے سے دانے اور داغ ختم کرنے کے ٹوٹکے
بہت سے لوگ چہرے سے دانے اور داغ ختم کرنے کے لئے کریمیں استعمال کرتے ہیں اور یہ بات بھول جاتے ہیں کہ ان میں کیمیکل پائے جاتے ہیں جو جلد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس لئے بہتر ہے کہ قدرتی چیزوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔
- شہد: چہرے سے دانے ختم کرنے کے لئے ایک چمچ شہد اور ایک چمچ دہی کا پیسٹ بناکر دانوں پر لگائیں اور ساری رات لگا رہنے دیں۔
- کھیرے کا رس: دانوں سے بچائو کے لئے کھیرے کا رس دس سے بارہ منٹ کے لئے اپنے چہرے پر لگائیں اور پھر دھولیں۔
- ٹوتھ پیسٹ: چہرے پر نکلنے والے دانے اور داغ نہ صرف چہرے کو خراب کرتے ہیں بلکہ یہ کوفت اور ذہنی اذیت کا باعث بھی بنتے ہیں۔ جب آپ کو اپنے چہرے پر کوئی دانہ نظر آئے تو اس پر پیسٹ لگاکر ساری رات چھوڑ دیں اور صبح منہ دھولیں۔ پیسٹ دانوں کو مندمل کرنے میں کافی حد تک مدد دے گا۔
- ایلوویرا جیل: دانے کم کرنے کے لئے دن میں دو مرتبہ صبح اور رات کو ان پر ایلوویرا جیل ایک ہفتہ تک لگائیں اور یہ دانوں کو ختم کرنے میں مدد دے گا۔
- بیسن: اس کے علاوہ بیسن میں دودھ ملاکر اس پیسٹ کو چہرے پر فیس واش کے طور پر استعمال کریں۔
- شہد اور دار چینی: ایک کھانے کے چمچ شہد میں ایک چائے کا چمچ پسی دار چینی ملائیں اور اسے ساری رات چہرے پر لگا رہنے دیں اور صبح منہ دھولیں۔
- آلو: دانے ختم ہونے کے بعد چہرے پر جو نشان چھوڑ جاتے ہیں وہ شخصیت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ ان کو ختم کرنے کے لئے آلو کے تین باریک سلائس کاٹ لیں اور ان کا چہرے پر گولائی میں مساج کریں۔ روزانہ پندرہ منٹ کریں تاکہ آلو کا رس جلد کے اندر جذب ہوجائے۔ یہ عمل تب تک کریں جب تک یہ نشان ختم نہ ہوجائیں۔
- زیتون کا تیل: زیتون کا تیل بھی جلد کے لئے بہترین ہے۔ دانوں کے نشان مدھم کرنے کے لئے زیتون کے تیل کا مساج کریں۔
- کھانے کا سوڈا: جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ جلد سے مردہ خلیات ختم کرنے کے لئے کھانے کا سوڈا استعمال کریں۔ یہ انتہائی کم قیمت میں بہت سا فائدہ دیتا ہے۔ کھانے کا سوڈا پانی میں مکس کرکے اور بیس سیکنڈ تک مساج کریں اور پانی سے دھولیں ہفتہ میں ایک بار مساج کریں۔
- برف: برف چہرے کے دانوں کو کم کرنے میں جادوئی عمل کرتی ہے۔ برف کا ٹکڑا دانے کے اوپر رکھیں یہ دانوں کی سرخی کم کردے گا۔
- سیب کا سرکہ: سیب کا نسخہ داغ دھبے اور دانے ختم کرنے کا مجرب نسخہ ہے۔ آدھا چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ایک کپ پانی میں مکس کریں اور کائن بال اس محلول میں بھگو کر متاثرہ حصہ پر لگائیں اور ساری رات لگائے رکھیں اور صبح دھولیں۔
- انڈے کی سفیدی: انڈے کی سفیدی کو اگر فیشل ماسک کے طور پر استعمال کیا جائے تو یہ داغ دھبے اور دانے ختم کرنے میں بے حد معاون ہے۔ انگلیوں کی مدد سے انڈے کی سفیدی کو چہرے پر لگائیں اور دس منٹ بعد دھولیں۔ انڈے کی سفیدی میں یہ خاصیت ہے کہ یہ جلد پر چکنائی کو کنٹرول کرتی ہے۔
- لہسن: لہسن ہمارے کھانے کا لازمی جز ہے۔ یہ داغ دھبے ختم کرنے میں بھی بہترین ہے۔ ایک لہسن کے ٹکڑے کے باریک سلائس کرکے متاثرہ حصوں پر مساج کریں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ لہسن کا رس اچھی طرح سے جلد پر لگے۔ پندرہ سے تیس منٹ بعد منہ دھولیں۔
- ٹماٹر: داغ دھبے اور دانوں کا خاتمہ کرنے کے لئے ان پر ٹماٹر کا پیسٹ دس پندرہ منٹ کے لئے لگائیں اور پھر دھولیں یہ ٹوٹکہ تب تک جاری رکھیں جب تک چہرہ صاف و شفاف نہیں ہوجاتا۔
- پودینہ: تازہ پودینے کا رس بھی داغ دھبے اور دانوں کے لئے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ متاثرہ حصوں پر کچھ دیر لگاکر دھولیں۔
- میک اپ کا استعمال: ایسا میک اپ استعمال کریں جو آئل فری ہو اور سونے سے پہلے میک اپ ضرور صاف کرلیں۔
- چہرہ صاف رکھیں: اپنا چہرہ صاف رکھیں۔ دن میں کم از کم دوبار منہ دھوئیں تاکہ گرد، چکنائی اور مردہ خلیات صاف ہوجائیں۔
- تکیہ کا کور اورتولیہ بدلنا: تکئے کا کور اور تولیہ اگر گندا ہو تو یہ بھی داغ دھبوں اور دانوں کا باعث بنتے ہیں۔ اس لئے اس کی صفائی بھی بے حد ضروری ہے۔
- غسل کرنا: جیسے ہی کام کاج کے بعد گھر واپس آئیں تو غسل ضرور کریں کیونکہ پسینہ جلد کی چکنائی کے ساتھ مل کر مسامات میں گندگی اور بیکٹریا بنانے کا باعث بنتا ہے۔
- ہم میں سے بہت کم لوگ اس بات سے آگاہ ہوں گے کہ شیمپو بھی دانوں کا باعث بنتے ہیں جس کی وجہ سے پیشانی، گال، گردن اور کمر پر دانے نکل آتے ہیں۔ اس لئے بہتر ہے کہ خوشبو کے بغیر شیمپو کا انتخاب کریں اور اسے اچھی طرح بالوں سے نکالیں۔