رپورٹ: ملکہ صبا
منہاج کالج برائے خواتین کی طالبات کے ساتھ خصوصی تربیتی نشست کے لئے جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کالج پہنچے تو کالج کی پرنسپل محترمہ فرح ناز، اساتذہ، طالبات اور دیگر مہمانان گرامی جن میں ناظم اعلیٰ تحریک محترم شیخ زاہد فیاض کی زوجہ محترمہ اقصیٰ ناز بھی شامل تھیں نے نہایت پرتپاک انداز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا استقبال کیا۔ تلاوت قرآن پاک اور درود و سلام سے آغاز کے بعد پرنسپل محترمہ فرح ناز نے کالج کی گزشتہ سالوں کی رپورٹ پیش کی اور شیخ الاسلام سے تربیتی گفتگو کی درخواست پیش کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ نے تربیتی خطاب کرتے ہوئے نہایت قلیل وقت میں مگر نہایت احسن انداز میں طالبات کو قرب الہٰی کی طرف گامزن ہونے کا طریقہ بتایا اور منہاج القرآن میں حصول تعلیم کا محور و مرکز اتباع صالحین کو قرار دیا۔ شیخ الاسلام مدظلہ کا یہ خطاب خواتین اور طالبات کی تربیت کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے جسے شروع میں الگ شائع کیا گیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کا ملک گیر ورکرز کنونشن
گذشتہ ماہ مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جو بذریعہ ویڈیو کانفرنس بیرونی دنیا اور ملک کے 300 شہروں میں براہ راست دیکھا گیا۔ کنونشن میں تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، پاکستان عوامی تحریک کے صدر محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم اعلیٰ تحریک محترم شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل محترم خرم نواز گنڈا پور، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل PAT محترم انوار اختر ایڈووکیٹ، امیر تحریک لاہور محترم ارشاد احمد طاہر کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے لاکھوں کارکن اور ساری قوم 11 مئی کو پرامن دھرنے دے کر اس استحصالی نظام انتخاب کو یکسر مسترد کریں گے۔ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ کا یہ پہلا واقعہ ہوگا کہ جہاں لوگ ووٹ ڈالیں گے وہاں لاکھوں افراد پولنگ سٹیشنوں سے دور رہ کر اور امن و امان برقرار رکھتے ہوئے اس نظام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ پاکستان کے تمام شہروں میں دھرنے ہونگے۔ دھرنے کے شرکاء کسی کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکے گیں بلکہ صرف اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور قوم کو یہ بتائیں کہ کرپٹ نظام سے لڑنا ہو گا 11 مئی کو دھرنا ہو گا۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے انتخابات قوم سے مذاق اور فراڈ ہونگے۔ ان الیکشن کے نتیجے میں کوئی بھی مستحکم حکومت نہ بن سکے گی۔ مجھے اس ملک و قوم کے مقدر پر دکھ ہے۔ اس ملک کی حالت اور کبھی اس قوم کو دیکھتا ہوں تو یوں لگتا ہے یہ ملک ICU میں پڑا ہوا ہے۔ 11 مئی کے بعد مخلوط پارلیمنٹ وجود میں آئے گی اور پھر ساری قوم کہے گی کہ پاکستان عوامی تحریک کا فیصلہ درست تھا۔ یہ گندی سیاست اور کرپشن والا نظام ہماری منزل نہیں۔ ہمارے مقاصد اور منزل اس ملک کے غریب عوام کو انکے حقوق دلانا اور ملک کو ٹوٹنے سے بچانا ہے۔
پاکستان میں پہلے بھی لوگوں کی اکثریت ووٹ نہ ڈال کر اس کرپٹ نظام کو مسترد کرتی ہے۔ 23 دسمبر کے تاریخی جلسے، 14 جنوری کے فقید المثال لانگ مارچ اور لیاقت باغ کے جلسے تک پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم عوام کے ایجنڈے اور حقوق کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اگر آج قوم نے اس نظام کو مسترد کر دیا تو یہی جدوجہد مستقبل میں حقیقی جمہوریت اور ملک میں خوشحالی کا باعث ہو گی۔ انقلاب عوام اور پاکستان کا مقدر بن چکا اور وہ آ کر رہے گا۔ 11 مئی کو نام نہاد الیکشن کے تماشے کو سب دیکھ لیں گے کہ جمہوریت کے نام پر اس ملک کے عوام کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ اور فراڈ ہو گا۔ اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے ان غریب عوام کو سوائے بھوک، افلاس، بے روز گاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے اور کیا دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور اس ملک کے ہر فرد کو اسکے حقوق دلا کر دم لے گی۔
قائدین تحریک کی تصوف سیمینار ایوان اقبال میں خصوصی شرکت
ایوان اقبال لاہور میں ایک عظیم الشان تصوف سیمینار 24 مارچ 2013ء کو منعقد ہوا۔ جس کی میزبانی پیر طریقت حضرت خواجہ غلام قطب الدین فریدی (سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف و صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان) نے فرمائی۔ یہ سیمینار روزنامہ جنگ مذہبی ونگ کے تعاون سے محبوب الہٰی حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت خواجہ محمد یار فریدی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا۔ سیمینار کی صدارت سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ (انڈیا) پیر طریقت محمد طاہر نظامی نے فرمائی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن پیر طریقت حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں مرکزی ناظم رابطہ علماء ومشائخ منہاج القرآن صاحبزادہ محمد حسین آزاد، تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین صاحبزادہ جاوید اکبر ساقی، اسلام آباد سے محترم پیر محمد سبطین شاہجہانی، محترم پیر صاحبزادہ سعید احمد صابری (سجادہ نشین درگاہ عالیہ منظور المشائخ رحمۃ اللہ علیہ اوکاڑہ)، محترم پیر سید اظہرالحسن گیلانی (سیکرٹری جنرل ینشنل مشائخ کونسل)، محترم دیوان خواجہ احمد مسعود چشتی (زیب سجادہ درگاہ عالیہ حضرت بابا فریدالدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ )، محترم ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری (سابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف و مذہبی امور)، محترم جسٹس (ر) منیر احمد مغل، محترم ڈاکٹر خضر حسین نوشاہی، محترم ڈاکٹر راغب حسین نعیمی (پرنسپل جامعہ نعیمیہ لاہور)، محترم ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی (صدر مرکز تحقیق فیصل آباد)، محترم صاحبزادہ پیر توصیف النبی، محترم ثروت اعجاز قادری (چیئرمین سنی تحریک پاکستان)، محترم محمد اعجاز شیخ (انچارج مذہبی ونگ روزنامہ جنگ) اور پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شہتاز (کراچی) شامل تھے۔ سیمینار میں حضرت پیر علامہ شاہ حسین گردیزی (کراچی)نے کلیدی مکالہ پیش کیا۔ دیگر مقررین کے خطابات اور مقالہ جات کے بعد آخر میں میزبان سیمینار حضرت پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے دیگر مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص مرکزی امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی اور صاحبزادہ محمد حسین آزاد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نمائندگی کرتے ہوئے خصوصی شرکت فرمائی۔
محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم: راولپنڈی
رپورٹ: مسز نسرین اختر
مورخہ 9 مارچ 2013ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ PP-5 راولپنڈی کے زیر اہتمام پانچویں سالانہ محفل میلاد ڈھوک غلام علی میں صوفی محمد بخش کے آستانے پر منعقد ہوئی جس میں PP-5 کی تمام UC سے 1500 خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ محترمہ رفعت جان نے تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ نقابت کے فرائض محترمہ مریم کبیر نے سرانجام دیئے۔ مقامی نعت خواں بہنوں کے علاوہ منہاج نعت کونسل (ویمن لیگ) لاہور نے حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کے تحفے پیش کئے۔ محترمہ مصباح کبیر (ریسرچ سکالر FMRi) نے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات سے عوام الناس کو روشناس کرایا جبکہ موجودہ کرپٹ نظام کے متعلق خصوصی بریفنگ محترمہ ساجدہ صادق (مرکزی راہنما ویمن لیگ) نے دی۔ جس کے بعد محفل کا اختتام درود و سلام پر ہوا۔
میلاد و سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس۔ چکوال
رپورٹ: عظمیٰ عروج ملک
منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کے زیر اہتمام العصر میرج ہال میں عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں پورے چکوال سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ اس محفل کا مقصد منہاج القرآن کی موجودہ حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تحریک سے روشناس کروانا تھا۔ اس محفل میں محترمہ شبینہ ماجدہ اور نعت کونسل نے حضورA کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک پیش کیا اور محترمہ سیدہ نازیہ مظہر نے خطاب کیا۔ اس محفل میں تقریباً 7000 خواتین نے شرکت کی۔ محفل کا اختتام پرسوز درود و سلام و دعا پر ہوا۔